Tag: Tree plantation drive

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت ایوی ایشن سیکٹر میں فی ملازم ایک درخت کے عنوان سے موسم بہار کی شجر کاری مہم پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام پر ایوی ایشن سیکٹر میں عمل درآمد کے لیے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی ہدایات پر تمام ائیر پورٹس ہمہ گیر شجرکاری کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

    مہم کا آغاز سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے آج جناح ٹرمینل شارع فیصل انٹرسیکشن پر پودا لگا کر کیا۔

    اس موقع پر شجرکاری کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے واک بھی کی گئی جس میں ائیرپورٹ سے متعلقہ اداروں کے عملے کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔

    اے ڈی جی سی اے اے نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پودا لگا دینا ہی کافی نہیں ہوتا ہے بلکہ اس کی آبیاری کرتے ہوئے تن آور درخت بنانا بھی ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سیکریٹری ایوی ایشن، ڈائریکٹر جنرل سی اے اے شاہ رخ نصرت نے گزشتہ ماہ جناح ٹرمینل کراچی پر پودا لگا کر شجرکاری پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔

    موسم بہار کی اس شجر کاری مہم میں سی اے اے کے ساتھ ائیرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلرز اور فوڈ وینڈرز کے ملازمین، اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ بھی حصہ لے رہے ہیں۔

    مذکورہ شجرکاری مہم کے تحت جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر نیم، کنار، بوگن ولا، مورینگا وغیرہ اورمختلف پھولوں کے ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

  • کراچی میں طلبہ وطالبات کی جانب سے شجر کاری مہم

    کراچی میں طلبہ وطالبات کی جانب سے شجر کاری مہم

    کراچی: شہرقائد میں نجی اسکول اور اپوا گورنمنٹ گرلز کالج کے اشتراک سے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم میں دونوں اداروں کے طالب علموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اس شجرکاری مہم میں اپوا گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبا ت اور نجی اسکول کے طالب علم شریک تھے ، اس موقع پر 500 پودے لگائے گئے ۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مہم میں صرف طلبہ و طالبات ہی نہیں بلکہ دونوں اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے والدین بھی شریک ہوئے اور درخت لگانے میں بچوں کے ہمراہ پیش پیش رہے ۔

    اس موقع پر طلبہ وطالبات کے والدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ کو سراہا کہ ان کے بچوں کی سماجی تربیت کے لیے یہ ایک بہتر اقدام ہے اور انہیں خوشی ہے کہ مذکورہ بالا تعلیمی اداروں کی انتظامیہ ان کے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی سماجی تربیت کا بھی خیال کررہی ہے۔

    اس موقع پر طلبہ وطالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا اور پودے نصب کرنے کے بعد انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حتی الامکان اپنے لگائے ہوئے پودوں کی نگہداشت کریں گے اور ان کی حفاظت بھی کریں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے ماہرین کی جانب سے شجر کاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے ۔

    اس حوالے سے موجودہ وزیراعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ ’بلین ٹری سونامی‘ مہم کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔

    یہاں یہ بات بھی قابل ِ ذکر ہے کہ پاکستان سنہ 2015 میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے کیے گئے عالمی معاہدے ’ پیرس ایگریمنٹ‘ کا دستخط کنندہ بھی ہے، جس کے تحت پاکستان نے اپنی سرزمین پر گلوبل وارمنگ کو روکنے کے لیے متعدد اقدامات کرنے ہیں جن میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ سرفہرست ہے۔