Tag: Tribal people

  • قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، عمران خان

    قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، عمران خان

    پشاور : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، قبائلی ضلع کی عمل درآمد کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت فاٹا انضمام سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان اور دیگر صوبائی وزراء نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیرخزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا، وزیر اعظم کے مشیرشہزاد ارباب، معاون خصوصی نعیم الحق، افتخار دررانی، چیف سیکریٹری، آئی جی کے پی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو فاٹا انضمام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی.

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کے پی کے گورنر اور وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ہرقبائلی ضلع کی عمل درآمد کمیٹی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں وزراء اور ضلع سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز بھی شامل کئے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کے پی کی سو روزہ کارکردگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقے کا خیبر پختونخوا میں انضمام کوئی آسان کام نہیں، فاٹا کےعلاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے ایمرجنسی لگا رہے ہیں، فاٹا میں عوام کو سب سے پہلے ہیلتھ کارڈ دیں گے، فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ضم ہونا ایک طویل عمل ہے۔

  • قبائلی عوام کے مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

    قبائلی عوام کے مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

    میران شاہ : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر قربانیاں دیں، عوامی مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے، تمام معاملات مذاکرات سے حل کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاٹا میں جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی ہدایت پر شمالی وزیرستان ایجنسی کےعلاقے میران شاہ میں جرگے کا انعقاد کیا گیا، شمالی وزیرستان میں تاجروں کے مالی نقصانات کے ازالے کے حوالے سے جرگہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے خصوصی شرکت کی۔

    اس موقع پر فاٹا حکام ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا، پولیٹیکل ایجنٹ اور تاجر نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ جرگے میں قبائلی عمائدین نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    جرگے سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ ایسا نہیں جو بات چیت سےحل نہ ہوسکے، قبائلی عوام نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر قربانیاں دیں، ان ہی قربانیوں کے باعث آج فاٹا میں امن قائم ہوا، اب بہتر امن اور روزگار کے مواقع دے کر آگے بڑھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل میں ریاست، حکومت، فورسز سے زیادہ کسی کو فکر نہیں، دہشت گردوں کیخلاف آپریشنز مربوط پلاننگ کے تحت کئے گئے، آپریشنز کے ذریعے علاقوں کو دہشت گردی سے پاک کیا گیا۔

    جلسے، جلوسوں اور نعروں سے بہتر ہے کہ ہم اپنے علاقوں میں امن کو آگے لے کر بڑھیں، ہمیں ان مسائل کےحل کو ملک دشمن کی نذرنہیں ہونے دینا، اپنے علاقوں میں رہ کر حل کرنا ہے۔

    علاوہ ازیں جرگے میں تاجروں کے نقصانات کے تخمینے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، نقصانات کاسروے مکمل ہونے کےبعد انتظامیہ فوری طور پر اس کا ازالہ کرے گی۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق نقصان کے ازالے تک کمیٹی ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے گی، میران شاہ، میرعلی بازاروں کیلئے دو کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، کمیٹیاں مقررہ مدت میں دکانداروں کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں گی، عمائدین اور مشیران کے ساتھ مل کرعلاقے کا امن بحال رکھیں گے۔

    اس موقع پر تاجر رہنما صدر میران شاہ مارکیٹ محمد صدیق اور اجمل بلوچ کا انتظامیہ اورجرگے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسائل کے حل کیلئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے شکر گزار ہیں۔

    ہمارے مسائل مقامی نوعیت کے ہیں جسے حکومت ہی حل کرسکتی ہے، مسائل باہر سے نہیں بلکہ آپس میں مل بیٹھ کر حل ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے پاکستان، پاکستان ہے تو ہم ہیں، علاقے میں قیام امن کی بحالی کے مخالفین کے ہاتھوں میں نہیں کھیلیں گے اور نہ ہی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم میں شریک ہوں گے۔