Tag: TRIBUNAL

  • این اے95میانوالی سے عمران خان الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار

    این اے95میانوالی سے عمران خان الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار

    اسلام آباد : لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیلٹ ٹربیونل میں عمران خان کی اپیل پر سماعت جسٹس فیصل زمان نے کی، عمران خان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔

    عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیے کہ ریٹرننگ افسر نے تکنیکی بنیادوں پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تکنیکی بنیادوں پر کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا لہذا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔

    درخواست گزار جہانداد خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کا بیان حلفی قانون کے مطابق نہیں انھوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اہلیہ اور بچوں کے اثاثے ظاہر نہیں کیے، جس کی وجہ سے ریٹرننگ افسر نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔


    مزید پڑھیں : این اے 243، عمران خان کے کاغذات منظوری کے خلاف اپیل مسترد


    جہانداد خان نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے لہذا ٹریبونل اپیل مسترد کرے ۔

    جسٹس فیصل زمان خان نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ بروقت بیان حلفی جمع نہ کرانے کا الزام عائد کرکے کاغذات مسترد کیے گئے تھے، عمران خان نے استدعا کی تھی کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اسپاٹ فکسنگ: شاہ زیب نے الزامات کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا

    اسپاٹ فکسنگ: شاہ زیب نے الزامات کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا

    لاہور : اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل ہونے والے کرکٹر شاہ زیب حسن نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو چیلنج کرنے اور ٹربیونل میں جانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاہ زیب حسن نے خود پر لگنے والے الزامات چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، انہوں نے پی سی بی کی جانب سے دی جانے والی چارج شیٹ میں لگائے گئے تین الزامات کا قانونی جواب بھی تیار کرلیا۔

    شاہ زیب حسن کا کہنا ہے انہوں نے کسی کو نہیں اکسایا،جوجانتے تھے وہ بتادیا، یاد رہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے گزشتہ روز شاہ زیب کا مؤقف سننے کے بعد ان کو معطل کردیا اورچارج شیٹ بھی جاری کر دی تھی۔ جبکہ شاہ زیب حسن کو جواب دینے کے لئے 14روز کی مہلت دی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق شاہ زیب نے اب ٹربیونل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ زیب نے اس حوالے سے تحریری جواب بھی تیارکرلیا ہے، تحریری جواب میں شاہ زیب نے کرکٹ بورڈ کو ہرممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    ادھر ٹربیونل نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ٹربیونل آئندہ ہفتے سے کیس کی کارروائی کاآغازکرے گا۔

    خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی، جس کھلاڑی نے کرپشن کی وہ اپنا کیرئیر ختم سمجھے۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن، پولیس افسران کے بیانات پرجرح مکمل

    سانحہ ماڈل ٹاؤن، پولیس افسران کے بیانات پرجرح مکمل

    لاہور: سانحہ ماڈل ٹاون کی عدالتی تحقیقات کے لیے قائم ٹریبونل کے روبرو ڈی آئی جی رانا عبدالجبار، ایس پی ماڈل ٹاون اور ایس پی سی آئی اے سمیت دس پولیس افسران کے بیانات پر جرح مکمل کرلی گئی۔

    جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں ٹریبونل نے کارروائی کا آغاز کیا تو ڈی آئی جی رانا عبدالجبار، ایس پی ماڈل ٹاون طارق عزیز اور ایس پی سی آئی اے عمر ورک سمیت دس پولیس افسران کے بیانات پر فاضل ٹریبونل نے بند کمرے میں جر ح کی۔

    اس موقع پر ٹریبونل کے معاونین نے بند کمرے میں سماعت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ٹریبونل کے رجسٹرار کے پاس اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ۔ معاونین کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے تمام تر حقائق سے قوم کو آگاہ ہونا چاہیے اس لیے بند کمرے میں کارروائی قابل قبول نہیں۔

    پولیس افسران کی جانب سے بیانا ت پر جرح کے بعد ٹریبونل نے کارروائی پچیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کے تبادلے کے حوالے سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے رپورٹ طلب کر لی ۔