Tag: Trimmu barage

  • بڑا سیلابی ریلا تریموں بیراج کے بعد ملتان کی جانب بڑھ رہا ہے

    بڑا سیلابی ریلا تریموں بیراج کے بعد ملتان کی جانب بڑھ رہا ہے

    پنجاب: سیلابی ریلا پنجاب کے جنوبی علاقوں میں تباہی مچاتا ہوا ملتان کے نواحی علاقوں تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب، فیش فارم اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں۔

    سیلابی ریلوں نے پنجاب میں تباہی مچادی ہے، جنوبی پنجاب کے شہر جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام سے نکلنے والے سیلابی ریلے نے ستانوے کلومیٹردور تحصیل احمد پور سیال کے نواحی علاقوں کی کئی بستیاں اجاڑدی جبکہ کھڑی فصلیں تباہ کردی ہے دوسری جانب سیلابی ریلے سے دس یہات ڈوب گئے ہیں۔

    سیلابی ریلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دیہات میں رشید پور،درگاہ شاہ، اورجمبو وانہ شامل ہیں، اِسوقت چھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ احمد پور سیال سے گزررہا ہے جبکہ جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام پرسیلابی ریلےمیں بتدریج کمی آرہی ہیں۔

    دریائے چناب کا منہ زور سیلابی ریلا ملتان کے نواحی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث بستی منڈ سندیلہ،گھرے والا سمیت دیگر دیہات ڈوب گئے ہیں۔

     ملتان اور مظفر گڑھ سے ہوتا ہوا ہیڈ پنجند سے گزرنے والا یہ سات لاکھ کیوسک کاسیلابی ریلا ہفتہ کے روز کوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ میں گرے گا ، دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے کشمور ، سکھر اور گڈو بیراج سے ملحق علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • جھنگ: تریموں بیراج پر پانی کی سطح میں اضافے،شہری علاقوں کو خطرہ

    جھنگ: تریموں بیراج پر پانی کی سطح میں اضافے،شہری علاقوں کو خطرہ

    جھنگ : دریائے چناب پر تریموں بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور بیراج کو بچانے کے لیے بند توڑنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    سیلاب کی صورت حال کے پیشِ نظر اٹھارہ ہزاری بند کو توڑنے کیلئے بارود نصب کردیا گیا ہے تاہم بند توڑنے کے درست وقت کا تعین کیا جارہا ہے۔

    تریموں بیراج پر پانی کی سطح ساڑھے تین لاکھ کیوسک تک جا پہنچی ہے، پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے اور بند نہ توڑنے کے باعث شہری علاقوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، اونچے درجے کے سیلابی ریلا کے باعث جھنگ کے علاقے پکے والا کے قریب موجود ریلوے ٹریک بھی بہہ گیا۔

    سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اٹھارہ ہزاری بند کی سیکورٹی کو فوج کے حوالے کردیا گیا ہے، تریموں بیراج پر دریائے چناب کا آٹھ لاکھ کیوسک اور دریائے جہلم کا چار لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا گزرے گا۔

    محکمہ انہار پنجاب کے مطابق تریموں بیراج کی زیادہ سے زیادہ پانی گزرنے کی صلاحیت چھ لاکھ پینتالیس ہزار کیوسک ہے لیکن ریت کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے یہ گنجائش کم ہو کر چار لاکھ کیوسک رہ گئی ہے، جہاں سے سات لاکھ کیوسک پانی گزرنے کا خدشہ ہے۔

    سیلابی ریلہ تریموں بیراج کی قوت برداشت کا آج امتحان لے گا، اٹھارہ ہزاری کا بند نہ توڑنے کے باعث اب تک کئی علاقے پانی کی نذر ہوگئے ہیں، جن میں موضع چیلا ، رجانہ ، پیر کوٹ اور مسن شامل ہیں۔