Tag: Tripple Talaq

  • بھارت میں تین طلاق یکمشت دینے پرپابندی کا بل منظور

    بھارت میں تین طلاق یکمشت دینے پرپابندی کا بل منظور

    نئی دہلی: بھارتی اسمبلی نے مسلم خواتین کی شادی سے متعلق حقوق کے تحفظ کا بل 2017منظور کرلیا ہے، بل کے تحت یک مشت تین طلاقیں نہیں دی جاسکتیں۔

    تفصیلات کے مطابق بی جے پی نے ایوانِ زیریں (لوک سبھا) میں اپنی اکثریت کے سبب طلاقِ ثلاثہ ( تین طلاق یکمشت ) پر پابندی کا بل منظور کرلیا ہے، تاہم سینیٹ ( راجیہ سبھا) سے اسے منظور کرانے میں دیگر پارٹیوں کی مدد درکار ہوگی۔ اس موقع پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔

    اس موقع پر مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ او رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بل سے متعلق پانچ ترامیم پیش کیں، جو خارج کردی گئیں۔ اپوزیشن لیڈر ملکا ارجن نے تین طلاق بل کی مخالفت کی اور کہا کہ اس پر15 دنوں کے اندرر پور ٹ طلب کی جائے۔مرکزی وزیرقانون روی شنکرپرساد نے کہا کہ یہ بل ووٹ بینک کے لئے نہیں ۔ یہ مسئلہ قوم کو نشانہ بنانے کے لئے نہیں، 22 اسلامی ممالک نے تین طلاق پرقانون بنایا پھر بھارت جیسے سیکولرملک میں یہ قانون کیوں نہیں بننا چاہئے۔

    بھارتی پارلیمنٹ میں کہا گیا طلاق ثلاثہ پردنیا کے 20 ممالک میں پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آرکا غلط استعمال نہ ہو، اس لئے اس میں ترمیم کی گئی۔ مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اورممبرپارلیمنٹ اسد الدین نے کہا کہ حکومت کے قانون اورجبرودباؤ سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم اپنے مذہب پرعمل کریں گے اوررہتی دنیا تک اسلام پرعمل کرتے رہیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مسلم خواتین سے محبت نہیں ہے، بلکہ ان کا مقصد انہیں جیل بھیجنا ہے۔ کمیونسٹ ممبرپارلیمنٹ محمد سلیم نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈراب قرآن وحدیث کی بات کرتے ہیں۔

  • بھارت میں بیک وقت 3 طلاقیں دینا غیر قانونی قرار

    بھارت میں بیک وقت 3 طلاقیں دینا غیر قانونی قرار

    نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے شوہر کی جانب سے بیوی کو بیک وقت 3 طلاقیں دینے کا عمل غیر قانونی قرار دے دیا جس کے بعد بھارتی قانون کے تحت طلاق دینے کا یہ عمل غیر مؤثر قرار پا جائے گا۔

    اپنے تاریخی فیصلے میں بھارتی اعلیٰ عدلیہ کا کہنا تھا کہ بیک وقت 3 طلاق دینا عورت کے بنیادی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے کیونکہ یہ خطرناک عمل ایک لمحے میں شادی کا خاتمہ کردیتا ہے۔

    یاد رہے کہ بیوی کو بیک وقت 3 طلاقیں دینے کا عمل مسلمانوں میں عام ہے اور بظاہر بنیادی قوانین کے تحت اس سے طلاق واقع ہوجاتی ہے، تاہم بعض فقہوں نے طویل غور و حوض کے بعد اس میں تبدیلی کر کے گنجائش پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

    مزید پڑھیں: 3 طلاقیں ایک ساتھ دینا خلاف سنت ہے، مولانا محمد خان شیرانی

    بھارتی سپریم کورٹ میں 5 رکنی بینچ کے 3 ججز نے 3 طلاقوں کو غیر مؤثر قرار دینے کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ 2 ججز نے اسے برقرار رکھنے کی اختلافی رائے دی جس کے بعد 2-3 کی اکثریت سے حتمی فیصلہ جاری کردیا گیا۔

    فیصلے میں چیف جسٹس آف انڈیا جے ایس کھیہر نے مسلمانوں کے لیے شادی اور طلاق کے بارے میں 6 ماہ کے اندر مؤثر قانون سازی کا حکم بھی دیا۔

    یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ میں مسلمانوں میں رائج اس عام طرز عمل کے خلاف یہ درخواست ایک 35 سالہ مسلمان خاتون نے دائر کی جن کے شوہر نے انہیں 15 سالہ شادی کے بعد بیک وقت 3 طلاقیں دے کر شادی کا اختتام کردیا۔

    مذکورہ خاتون کی درخواست کے ساتھ 4 مزید خواتین کی درخواستیں بھی منسلک کی گئیں جو اسی سے متعلق تھیں۔

    درخواست دائر ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے ایک آئینی بینچ بنانے کا حکم دیا تھا جسے مسلمانوں کے عام طرز عمل زبانی 3 طلاقوں کے بارے میں غور و حوض کرنے کی ہدایت کی گئی کہ آیا اسے آئینی طور پر درست تسلیم کیا جائے یا نہیں۔

    مئی کی 18 تاریخ کو 6 دن تک لگاتار سماعتوں کے بعد اس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔

    بینچ نے آل انڈیا مسلم لا بورڈ سے بھی اس بارے میں مشاورت کی جس کے دوران مسلم لا بورڈ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ یہ عمل بدترین ضرور ہے تاہم مذہبی اور شرعی طور پر درست ہے۔

    عدالتی ارکان نے سوال اٹھایا کہ ’بظاہر ایک بدترین اور ناپسندیدہ ترین عمل اس قدر عام اور مؤثر کیوں ہے؟‘ جس کا لا بورڈ کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران اس عمل کی مخالفت میں یہ دلائل بھی دیے گئے کہ کئی مسلم ممالک نے بیک وقت 3 زبانی طلاقوں کو غیر قانونی قرار دے رکھا ہے۔

    یہ بھی کہا گیا کہ عدالت اس بدترین فعل کو نہ صرف غیر قانونی قرار دے بلکہ یہ بھی واضح کرے کہ یہ دین اسلام کا لازمی اور بنیادی حصہ نہیں ہے۔

    سپریم کورٹ کے اس حتمی فیصلے کے بعد بال اب پارلیمنٹ کی کورٹ میں ہے کہ اسے باقاعدہ آئین اور قانون کا حصہ بنا دیا جائے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت کے یوم آزادی کے موقع وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اپنے خطاب میں بیک وقت 3 طلاقوں کو عورت کے بنیادی حقوق کی سنگین اور بدترین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے اقدامات کرنے کا عندیہ دیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔