Tag: Trum

  • امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرکے موجودہ حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے، ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے نفسیاتی اور اقتصادی حربے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد ایرانی پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی دشمنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ خیال رہے کہ ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی چار نومبر کو عائد کی جا رہی ہے۔

    ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    گذشتہ ہفتے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرط یہ کہ مذاکرات جامع اور مربوط ہوں جس پر امریکا خود بھی عمل کرے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • تجارتی جنگ: امریکی اقدامات کے ردعمل میں چین نے بھی اضافی ٹیکس عائد کردیے

    تجارتی جنگ: امریکی اقدامات کے ردعمل میں چین نے بھی اضافی ٹیکس عائد کردیے

    بیجنگ: امریکا کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے ردعمل میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے امریکی اقدامات کا بھرپور جواب دیا، امریکی مصنوعات پر 60 بلین ڈالر کے اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ حکومت نے امریکا کی طرف سے چینی برآمدات پر عائد کردہ 200 بلین ڈالر کے محصولات کے جواب میں یہ قدم اٹھایا ہے۔

    چین کی اس پیشترفت سے پانچ ہزار سے زائد امریکی مصنوعات متاثر ہوں گی، دونوں ممالک کے مابین اس تجارتی جنگ کی وجہ سے عالمی تجارت میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

    تجارتی جنگ میں شدت: امریکا نے چین پر200 ارب ڈالر کے ٹیکس عائد کردیے

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ چین کی ناانصافی پرمبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا نے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے محصولات نافذ کیے، یہ نئے ٹیکس پانچ ہزار سے زیادہ اشیا پرنافذ کیے گئے ہیں۔

    امریکا کی جانب سے چین پرلگائے گئے یہ نئے ٹیکس رواں ماہ 24 ستمبر سے لاگو ہوں گے، اگلے سال یہ 10 فیصد سے شروع ہو کر 25 فیصد تک پہنچ جائیں گے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے مذاکرات کے لیے آمادگی کا بھی اظہار کیا ہے۔