امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی ہے، دونوں ملک اپنے اپنے تیل کے ذخائر مل کر تلاش کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر ان کا کہنا ہے کہ پاک امریکا پارٹنر شپ کی قیادت کیلئے آئل کمپنی کا چناؤ کریں گے۔
آئل کمپنی تلاش کررہے ہیں جو اس ڈیل کو آگے بڑھائے، امریکہ تیل کے ذخائر کی تلاش میں پاکستان کی مدد کرے گا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ایک دن ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ پاکستان سے بھارت کو تیل برآمد ہو۔
اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا ہے کہ اسی طرح دوسرے ممالک بھی ٹیرف میں کمی کے لیے پیشکشیں کر رہے ہیں۔ یہ سب اقدامات ہمارے تجارتی خسارے کو بڑی حد تک کم کرنے میں مدد دیں گے۔ اس بارے میں مکمل رپورٹ مناسب وقت پر دنیا کے سامنے آجائے گی۔
بعد ازاں امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان ہی باتوں کو دہرایا اور بتایا کہ آج امریکا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری واپس آرہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو شدید معاشی جھٹکا دیتے ہوئے اس پر 25فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا
صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہو گا اگر بھارت نےٹیرف ادا نہ کیا تو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت امریکا سے سب سے زیادہ ٹیرف لیتا تھا اب نہیں لے گا، بھارت نے ہمیشہ روس سےاسلحہ خریدا، روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار بھی ہے اور یوکرین جنگ میں بھارت کھل کر روس کا ساتھ دے رہا ہے۔