Tag: TTP

  • کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈرعمر خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک

    کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈرعمر خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک

    پشاور: کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق عبدالولی عرف عمر خالد خراسانی افغان صوبے پکتیکا میں ہلاک ہوا، کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عمرخالد خراسانی کے تین ساتھی بھی مارے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ساتھیوں میں مفتی حسن اور حافظ دولت بھی شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں امریکا کا ڈرون حملہ، القاعدہ کا لیڈر ایمن الظواہری مارا گیا

    واضح رہے کہ عمر خالد خراسانی کا شمار ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز میں کیا جاتا تھا اور تنظیمی دائروں میں انہیں قابل اعتماد ملٹری کمانڈر کے طور پر جانا جاتا تھا۔

    عمر خالد خراسانی کا ’القاعدہ‘ اور اس کے سربراہ ایمن الظواہری سے بھی قریبی تعلق تھا جو چند روز قبل ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

    عمرخالد خراسانی نے گزشتہ دنوں کابل میں پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات میں حصہ بھی لیا تھا۔

    ادھر امریکا نے عمر خالد خراسانی کے بارے میں اطلاع دینے، زندہ یا مردہ پکڑنے والوں کے لیے تین ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کررکھا تھا۔

  • کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی: شہر قائد سے سیکیورٹی اداروں‌ نے کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پاکستان اور رینجرز نے سائٹ ایریا میں نورس چورنگی کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد الیاس کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق دہشت گرد سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزم قاری شاکر اللہ کا قریبی ساتھی ہے، جو گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

    ریڈ بک میں شامل ملزم سعودی عرب فرار ہوا تھا، ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ ساتھیوں سمیت 2013 میں سائٹ کے علاقے میں اس نے شیر احمد کو قتل کیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے 2012 میں کالعدم ٹی ٹی پی کے خلیفہ عمر منصور گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی، ملزم کے دیگر کیسوں سے متعلق بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کراچی میں پولیس کی کارروائی، تحریک طالبان کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی میں پولیس کی کارروائی، تحریک طالبان کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے، ملزمان نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

    ایس ایس پی ایسٹ قمر جسکانی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 2 دستی بم اور پستول برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزمان کے نام انس خان اور فردوس ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت سائٹ سپر ہائی وے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم انس پہلے افغانستان میں بھی گرفتار ہوچکا ہے، ملزم 2007 سے 2012 تک پل چرخی جیل میں قید تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم کے والد بھی محبوب تحریک طالبان پاکستان وزیرستان کے رکن تھے جو 2020 کو وزیرستان میں مارے گئے، گرفتار ملزمان کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل کچھ گروہ حکومت پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل کچھ گروہ حکومت پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان میں شامل کچھ گروہ امن کے لیے حکومت پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

    پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ترک ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں، ایسے گروہوں کے ساتھ افغانستان میں بات چیت ہو رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے انٹرویو میں بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو غیر مسلح کرنے کے لیے مذاکرات کیے ہیں، جن میں افغان طالبان ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا اگر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے یہ گروپ ہتھیار ڈال کر غیر مسلح ہو جاتے تو انھیں معافی دے دی جائے گی، اور وہ بھی معمول کی زندگی گزار سکیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، اور ہم تحریک طالبان پاکستان کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں، وہ ہتھیار ڈال دیں تو معاف کر دیں گے، وہ عام شہری کی طرح رہ سکتے ہیں۔

    ترک ٹی وی کو انٹریو میں ان کا کہنا تھا کہ کیوں کہ مذاکرات افغانستان میں ہو رہے ہیں اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ وہ بات چیت کے اس عمل میں تعاون کر رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ مسائل کے فوجی حل پر یقین نہیں رکھتے ہیں، اور سمجھتے ہیں کہ بحیثیت سیاست دان معاملات کو سیاسی طور پر لے کر آگے بڑھنا چاہیے۔

  • سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، افغانستان سے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو آگ لگائی جبکہ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ گرفتار ملزمان میں سیف اللہ عرف محسن عرف صدام اور حضرت بلال عرف بلال شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے سنہ 2013 میں ٹی ٹی پی سجناں گروپ میں شمولیت اختیار کی، دونوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں، ملزمان سے شارٹ مشین گن، دستی بم، ایمونیشن اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے منگھو پیر سے بھتہ لے کر کمانڈر فخرالدین عرف ملنگ کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار دہشت گرد سیف اللہ نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو بھی آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے، واردات کے بعد سیف اللہ شوال کے علاقے میں چلا گیا تھا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے، گرفتارملزمان بھتہ خوری سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

  • پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کا بیان اقوام متحدہ رپورٹس اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے، پچھلے کئی سالوں میں تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملے کیے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مقاصد کو تسلیم کیا گیا۔ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان کا بلا امتیاز دہشت گردی کے خلاف ہر طرح کا مقابلہ کرنے کا عزم واضح ہے، پاکستان نے امن کے لیے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان انٹرا افغان امن عمل کو آسان بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، امید ہے افغانستان میں دیرپا امن کے لیے افغان موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

  • کراچی: افغانستان سے تربیت یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: افغانستان سے تربیت یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا، دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے اور باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد عثمان غنی عرف عرفان گرفتار کرلیا گیا، ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق باجوڑی گروپ سے ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے، دہشت گرد سنہ 2019 میں افغانستان گیا تھا۔ دہشت گرد نے طالبان کمانڈر قاری عبید اللہ عرف قاری ثاقب سے ملاقات کی تھی۔

    ملزم نے جدید اقسام کےاسلحے اور بارود چلانے کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

    انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد نے چارمنگ باجوڑ کے مقام پر سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، حملے میں ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق دہشت گرد کا ہجرت اللہ عرف مجلس عرف جٹ کو کراچی میں بھاری رقوم دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ عثمان غنی اپنے ساتھیوں کے ساتھ فیس بک کے ذریعے رابطے میں رہتا تھا، دہشت گرد باجوڑ سے افغانستان کےخفیہ راستوں کی معلومات رکھتا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، دہشت گرد سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

  • جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، سرگرم دہشت گرد ہلاک

    جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، سرگرم دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم دہشت گرد مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں آپریشن کیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد پیر عرف اسد مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر عرف اسد سنہ 2006 سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا، پیر عرف اسد نے بیت اللہ محسود گروپ میں رہ کر دہشت گردی کارروائیاں انجام دیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر 2 آپریشنز کیے گئے تھے جس میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والوں میں عادل، جنید عرف جامد، خالق عرف ریحان شامل تھے، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے سے نئے دہشت گرد بھرتی کرتے تھے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔

  • چشمہ چیک پوسٹ پر حملہ میں ملوث دہشت گرد کراچی سے گرفتار

    چشمہ چیک پوسٹ پر حملہ میں ملوث دہشت گرد کراچی سے گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، محمد زمین سال2015میں نارتھ وزیرستان میں چشمہ چیک پوسٹ پر حملہ میں مطلوب تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگرد کو حراست میں لے لیا، اس حوالے سے ایس ایس پی سی ٹی ڈی غلام سرور ابڑو نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گرد محمد زمین عرف نوراسلام کو خفیہ اطلاع پر سپرہائی وے کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد سابق امیر فقیر محمد اورنائب امیرگل کا قریبی ساتھی ہے۔

    ایس ایس پی غلام سرور کے مطابق ملزم نے نارتھ وزیرستان میں 2015میں چشمہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، دہشت گرد حملے میں میجر فتح یحییٰ سمیت دیگر جوان شہید ہوئے تھے۔

    ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ افغانستان میں ڈرون حملے میں ملزم کی ایک ٹانگ زخمی ہوئی تھی، علاج کے دوران ملزم کی بائیں ٹانگ بھی ضائع ہوگئی تھی۔

    سی ٹی ڈی افسر نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد محمد زمین عرف نوراسلام افغانستان سے تربیت یافتہ اور بم بنانے کا ماہر ہے، دہشت گرد چمن بارڈر کے ذریعے بلوچستان سے کراچی پہنچا تھا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار

    گرفتار ملزم سے دو دستی بم، فنڈنگ کی رسیدیں برآمد ہوئی ہیں، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔

  • ٹی ٹی پی خودکش اسکواڈ کا سربراہ افغانستان میں مارا گیا

    ٹی ٹی پی خودکش اسکواڈ کا سربراہ افغانستان میں مارا گیا

    کابل: کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) خودکش اسکواڈ کا سربراہ سیف اللہ محسود افغانستان میں مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹی پی کا سرغنہ سیف اللہ محسود افغانستان میں ہلاک ہوگیا، نامعلوم افراد نے افغان صوبہ خوست میں سیف اللہ کو قتل کیا، تاہم طالبان کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان خودکش اسکواڈ کا سرغنہ مارا جاچکا ہے۔ سیف اللہ محسود خودکش جیکٹس اور حملہ آوروں کو تیار کرتا تھا، وہ پاکستان میں دہشت گردی اور خودکش حملوں میں ملوث تھا۔

    2015 میں کراچی میں بس حملے میں 59 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے، کراچی میں بس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ سیف اللہ محسود ہی تھا۔ وزیرستان میں آپریشن شروع ہونے پر سیف اللہ افغانستان فرار ہوگیا تھا۔

    امریکی ڈورن حملہ، کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر خالد سید سجنا ہلاک

    سیف اللہ محسود کا شمار طالبان کے اہم کمانڈرز میں ہوتا تھا اور وہ حکیم اللہ محسود گروپ کا ترجمان تھا، اسے 2016 میں افغانستان میں گرفتار کرکے 14 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں افغانستان میں ٹی ٹی پی کا سربراہ ملا فضل اللہ امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھا جس کی افغان حکام نے تصدیق بھی کی۔

    افغان میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے ڈرون حملہ افغان صوبے کنڑ میں کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا سربراہ ملا فضل اللہ ہلاک ہوا تھا۔