Tag: TTP

  • پروین رحمان قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار

    پروین رحمان قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار

    کراچی : پروین رحمان قتل کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع غربی میں پولیس نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے مبینہ دہشت گرد رحیم سواتی کو گرفتارکرلیا۔

    ذرائع کے مطابق گرفتاردہشت گرد مبینہ طور پراورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل میں ملوث ہے، پروین رحمان کو تیرہ فروری دوہزراتیرہ میں بنارس کے قریب فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

    ملزم رحیم سواتی کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سوات سے ہے، ذرائع کے مطابق سماجی کارکن کے قتل کی واردات کے  یہ بعد مبینہ دہشت گرد کراچی سے فرار ہو گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق رحیم سواتی خیبرپختونخواہ میں بھی سیاست دانوں کے قتل میں ملوث رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کافی عرصے سے اس کی تلاش میں تھے۔

    ذرائع کے مطابق پروین رحمان قتل کیس میں دو مبینہ دہشت گرد پہلے ہی مارے جاچکے ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی غربی اظفر مہیسر کل ایک اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

     

  • افغانستان نے پاکستان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا

    افغانستان نے پاکستان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا

    کابل : افغانستان نے پاکستان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔

    افغان نیوز چینل کے مطابق افغان صدارتی ترجمان سید ظفر ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے پشاور بیس پر حملے کا الزام بے بنیاد ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آرعاصم سلیم باجوہ نے انکشاف کیا تھا کہ بڈھ بیرایئربیس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی ہے اورحملہ آوروں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے ہی علیحدہ گروہ سے ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آرعاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، وہیں سے حملہ آور پاکستان میں داخل ہوئے اورافغانستان سے ہی اس حملے مانیٹرنگ کی جارہی تھی۔

  • بڈھ بیرایئربیس پرحملہ آور دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    بڈھ بیرایئربیس پرحملہ آور دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    پشاور: ڈی جی آئی ایس پی آرعاصم سلیم باجوہ نے انکشاف کیا ہے کہ بڈھ بیرایئربیس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی ہے اورحملہ آوروں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے ہی علیحدہ گروہ سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ پشاور کے علاقے بڈھ بیرایئربیس پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں 29 افراد شہید ہوئے جبکہ پاک فوج کے انتہائی تیزردعمل میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حملہ آور اپنے مقاصد میں ناکام رہے ہیں انہیں بیس کے ابتدائی 50 میٹر کے علاقے میں محدود کردیا گیا تھا۔

    حملے کی شروعات


     انہوں نے بڈھ بیر بیس ح،لے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بیس کوشاہراہ انقلاب دو حصوں میں تقسیم کرتی ہے ایک جانب تکنیکی علاقہ ہے اوردوسری جانب انتظامی علاقہ ہے۔

    دہشت گرد مرکزی دروازے سے اندر داخل ہوئے اور دو گروہوں میں تقسیم ہوگئے ایک حصہ انتظامی علاقے کی جانب گیا جہاں مسجد واقع تھی جبکہ دوسرا گروہ تکینیکی حصے میں پارکنگ ایریا کی جانب گیا۔

    مسجد کی جانب جانے والے گروہ نے عین نماز سے چند لمحے قبل جبکہ نمازی وضو کررہے تھے اور سنتیں ادا کررہے تھے دہشت گردوں نے فائرنگ اور گرنیڈ سے حملہ کیا جس میں 16 افراد شہید ہوئے جبکہ مسجد کے ساتھ والی بیرک میں 7 افراد کو شہید کیا گیا۔

    اس تمام کاروائی میں پاک فوج کے ایک افسر اور دو جوان بھی شہید ہوئے جبکہ پی اے ایف کے چار تکنیکی اہلکار بھی اس حملے کے دوران شہید ہوئے۔

    پی اے ایف گارڈزاورپاک فوج کا رعمل


    حملہ شروع ہوتے ہی پی اے ایف کے گارڈز نے دہشت گردوں کو ردعمل دینا شروع کیا اور 10 منٹ میں پاک فوج کا کوئیک رسپونس دستہ پہنچ گیا جس نے دہشت گردوں کو بیس کے ابتدائی 50 میٹر کے دائرے میں محدود کردیا مقابلے میں مارگرایا جس کے سبب دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

    دوسرا گروہ جو کہ پارکنگ کی جانب گیا اسے بھی وہیں گھیرکر مار گرایا گیا۔

    انہوں نے اس موقع پر پولیس کی کاوشوں کو بھی سراہا جس نے انتہائی مستعدی اور پھرتی سے مرکزی دروازے اور بیس کی دیوار کے ساتھ گھیرا ڈال کر حملہ آوروں کے فرار کی راہ مسدود کی۔

    حملہ آورافغانستان سے آئے


    ڈی جی آئی ایس پی آرعاصم سلیم باجوہ نے انکشاف کیا کہ حملہ آور تحریک طالبان پاکستان کے ایک گروہ کا حصہ تھے، حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، وہیں سے حملہ آورپاکستان میں داخل ہوئے اورافغانستان سے ہی اس حملے مانیٹرنگ کی جارہی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے رابطوں کا ریکارڈ پکڑا گیا ہے اورجلد ہی اس تمام نیٹ ورک کی جڑ تک پہنچ جائیں گے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں آپریشن ضربِ عضب جاری ہے اوریہ حملہ بھی اسی کے ردعمل کا حصہ ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کے یقیناً ہمدرد موجود ہیں جو کہ انہیں پناہ دیتے ہیں اسلحہ اورگاڑیاں فراہم کرتے ہیں اور ان کی مہمان نوازی کرتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوسری جانب وہ افراد بھی ہی جو کہ رضاکارانہ طورپر مشتبہ حرکات کی اطلاعات دیتے ہیں، انہوں نے قوم سے درخواست کی کہ دہشت گردوں کی چین ختم کردیں‘‘۔

    عاصم سلیم باجوہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ افغانستان کی حکومت اس معاملے میں براہ راست ملوث ہے اورافغان  حکومت سے اس معاملے پر بات ہورہی ہے۔

    انہوں نے پریس کانفرنس کے اختتام پر ملک میں پھیلے تمام دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور قوم نے دیکھ لیا ہے کہکس طر ح دشمن کومنہ توڑ جواب دیا ہے۔

  • کراچی میں یومِ آزادی پردہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

    کراچی میں یومِ آزادی پردہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے یوم ِآزادی کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اہم کاروائی کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر سے متعدد غیر ملکی دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔

    گرفتار شدگان میں تحریک طالبان سوات کا نائب امیر بخت زمان شامل ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا یہ گروہ کسی بڑی واردات کی تیاریوں میں مصروف تھا اور ان کی کئی ہفتوں سے نگرانی کی جارہی تھی ، تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کالعدم تحریک طالبان سوات کا امیر خود کش بمباروں کا بندوبست کرنے کیلئے افغانستان میں موجود تھا ، جہاں سے خود کش بمبار کراچی لاکر یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کی بڑے پیمانے پر وارداتیں کی جانا تھیں ،ان دہشت گردوں کو غیر ملکی مدد بھی حاصل تھی۔

    گرفتار شدہ دہشت گردوں کے پاس سے بارود سے بھری ہوئی ہائی روف کار اور موٹر سائیکل کے ساتھ ساتھ خود کش جیکٹیں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

    گرفتار شدہ ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں کراچی اور حیدر آباد میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا جارہا ہے اور دہشت گردوں کا بڑا نیکسز پکڑے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان 14 اگست پر بڑے پیمانے پر دہشت گردی کرکے ملک میں قائم امن وامان کی فضا کو تہہ و بالا کرنا چاہتے تھے۔

    ترجمان کے مطابق کئی ہفتوں کی نگرانی کے بعد سکیورٹی فورسز نے 9اگست کو کراچی اور حیدر آباد میں بیک وقت کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کا گرفتار کر لیا گیا ، دوران تفتیش اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے ۔

  • طالبان نے ایڈیشنل جج طاہرنیازی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی

    طالبان نے ایڈیشنل جج طاہرنیازی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی

    ڈیرہ اسماعیل خان: تحریک ِ طالبان پاکستان نے گزشتہ روز راولپنڈی میں مقامی عدالت کے جج کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی۔

    گزشتہ روزراولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن میں نامعلوم افراد نے ایڈیشنل سیشن جج طاہرنیازی پراندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔

    ایڈیشنل سیشن جج طاہرنیازی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔


    نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایڈیشنل سیشن جج طاہرنیازی ہلاک


    حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد جائے واقعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کے مطابق ان کی تلاش جاری ہے۔

    تحریکِ طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے اپنے ایک حالیہ ای میل بیان میں ایڈیشنل جج کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

    تحریک طالبان نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ طاہرنیازی کو کن وجوہاات کی بنا پر قتل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک کے طول وعرض میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے آپریشن ضربِ عضب جاری ہے۔

  • کراچی میں پولیس متحرک، 3 ٹارگٹ کلرزگرفتار

    کراچی میں پولیس متحرک، 3 ٹارگٹ کلرزگرفتار

    کراچی: سعید آبادمیں مبینہ پولیس مقابلےمیں کالعدم تنظیم کےتین مبینہ دہشتگردزخمی حالت میں گرفتار،اسلحہ، اوربم بنانے کاسامان برآمد کرلیا جبکہ ملیر سے گرفتار ٹارگٹ کلر نے فرقہ وارانہ بنیاد پرٹارگٹ کلنگ کرنے کااعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعید آباد میں دہشتگردوں کی موجودگی اطلاع پرپولیس نے چھاپہ ماراتو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پر دستی بموں سے حملہ کردیا۔

    پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بم بنانے کا سامان، ڈیٹونیٹر، بیٹریاں اوردستی بم برآمد کرلیے ہیں۔ ملزمان کی شناخت ذکریا عرف بھائی جان، محمد عمران عرف ہمایوں اور یونس عرف بابا کے نام سے ہوئی ہے۔

    دوسری جانب ملیر سے گرفتار ٹارگٹ کلر نے فرقہ ورانہ بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرلیا ہے۔ اپنے اعترافی بیان میں ٹارگٹ کلر نے نمائش ،شاہ فیصل ،غازی ٹاؤن سمیت دومنٹ کی چورنگی پر فرقہ ورانہ بنیادپرقتل کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

  • پنجاب سے تحریک طالبان کے تین دہشت گرد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

    پنجاب سے تحریک طالبان کے تین دہشت گرد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

    لاہور : پنجاب پولیس اور حساس اداروں نے تحریک طالبان پاکستان کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے اور حساس داروں کی معاونت سے گرفتار کیا گیا۔

    دوران تفتیش دہشت گردوں نے بتایا کہ اُن کا تعلق تحریک طالبان پاکستان الفاروق گروپ سے ہے ، دہشت گردوں کے قبضہ سے دہشت گردی کے لیے مواد کی تیاری اور خودکش جیکٹس بنانے کے فارمولےاور ایک کمپیوٹر بھی برآمد ہوا ہے۔

    گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر پولیس اور حساس ادارے دوسرے دہشت گردوں تک پہنچنے میں بھی کامیاب ہوئے۔

    پولیس کے مطابق دوسرےدہشت گردوں کا تعلق استاد اسلم گروپ پنجابی طالبان سے ہے، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے ڈی پی او ڈی جی خان اور اُن کی ٹیم کی کامیابی کو سراہا ہے۔

  • ماڑی پور سے ٹی ٹی پی کا مقامی کمانڈر7ساتھیوں سمیت گرفتار

    ماڑی پور سے ٹی ٹی پی کا مقامی کمانڈر7ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی : شہر قائد کے علاقے ماڑی پور سے  تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کےمقامی کمانڈر سمیت سات دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ماڑی پورمیں سی ٹی ڈی نے کارروائی کی جس میں کالعدم تنظیم کے سات کارندے گرفتار ہوئے۔

    گرفتاردہشت گردوں میں ٹی ٹی پی کامقامی کمانڈرحاجی شیرمحمدشامل ہے سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق  مذکورہ د ہشت گردبھتہ خوری اور اغوابرائےتاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد ممکنہ طورپرتخریب کاری کی پلاننگ کررہےتھے۔

  • تحریک طالبان کا سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد ڈرون حملے میں ہلاک

    تحریک طالبان کا سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد ڈرون حملے میں ہلاک

    کابل: کالعدم تنظیم داعش کا رہنما شاہد اللہ شاہد افغانستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا۔

    افغان ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیکیورٹی کے مطابق امریکی ڈرون طیارے نے شاہد اللہ شاہد کو متعدد ساتھیوں سمیت افغان صوبے ننگرہارمیں نشانہ بنایا۔

    افغان میڈیا ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں کل 52 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

    شاہد اللہ شاہد نے اکتوبر2015 میں پانچ دیگراہم رہنماوٗں سمیت دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیارکی تھی۔

    داعش میں شمولیت سے قبل شاہد اللہ شاہد تحریکِ طالبان پاکستان میں ترجمان کے فرائض انجام دے رہاتھا۔

    شاہد اللہ شاہ کا اصول نام شیخ مقبول تھا البتہ طالبان کی جانب سے ان کو شاہد اللہ شاہد کا نام دیا گیا تھا۔

    شاہد اللہ شاہد سمیت خرم مسعود، مفتی حسن، امیر فتح گل زمان خیبر، امیر دولت کرم ایجنسی اور امیر اورکزئی ایجنسی شیخ مقبول شامل تھے۔

  • حکومتِ پاکستان 212 تنظیموں کو کالعدم قراردےدیا

    حکومتِ پاکستان 212 تنظیموں کو کالعدم قراردےدیا

    اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے 212 تنظیموں پرپابندی عائد کرتے ہوئے دستاویزات سپریم کورٹ آف پاکستان کو ارسال کردیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ خارجہ نے کالعدم تنظیموں سے متعلق دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گئیں۔

    وزارتِ خارجہ نے 171 تنظیموں کو کالعدم قراردیا ہے جبکہ وزارت داخلہ نے بھی 60 گروہوں کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ کو بھی وفاقی حکومت نے ان تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے جن کی باقاعدگی سے نگرانی کی جاتی ہے۔

    پاکستان نے ملک کی سیکیورٹی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے جماعت الدعوۃ، حقانی نیٹ ورک اوردس اورجماعتوں پر پابندی عائد کی ہے۔

    کالعدم تنظیموں میں لشکرِ جھنگوی، سپاہِ محمد، جیشِ محمد، لشکرطیبہ، سپاہ صحابہ پاکستان،تحریک جعفریہ ، تحریکِ نفاذ شریعت محمدی، القائدہ، تحریک اسلامی،ملت اسلامیہ، خدام الاسلام، اسلامی تحریک پاکستان، جمعیت الانصار، جمعیت الفرقان، حزب التحریر، خیرالناس انٹرنیشل ٹرسٹ، بی ایل اے، اسلامک اسٹوڈنٹ موومنٹ آف پاکستان، لشکر اسلام، انصارالسلام، تحریک طالبان پاکستان اوراہل سنت والجماعت شامل ہیں۔،

    حکومت نے افغان ایکسپورٹ بینک اور آریانہ افغان ایئرلائن بھی حکومتی فہرست میں شامل ہیں۔