Tag: TTP

  • رینجرز نے گینگ وار کے 5، پولیس نے ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گرد مار گرائے

    رینجرز نے گینگ وار کے 5، پولیس نے ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گرد مار گرائے

    کراچی: شہر کے نواحی علاقے ملیرمیں رینجرز سے مقابلے میں لیاری گینگ وار کے نامی گرامی ملزم شیرازکامریڈ اوریوسف پٹھان سمیت پانچ ملزمان ہلاک جبکہ منگھو پیرمیں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے چاردہشت گرد مارے گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق علی الصبح ملیرندی کے قریب رینجرز نے گینگ وار کے ٹھکانے پرکاروائی کی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پرملزمان کے گرد گھیرا ڈالا تو گینگ وار کارندوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی کاروائی میں لیاری گینگ وارکے پانچ انتہائی مطلوب کارندے مارے گئے۔

    کاروائی میں گینگ وار کے دو اہم کمانڈرشیرازعرف کامریڈاوریوسف پٹھان بھی نشانہ بنےجبکہ دیگرتین کارندوں میں اکبرملیری، خالدلاشاری اورگلاب حسن عرف پیرو شامل ہیں، ہلاک ہو نے والے افراد دہشتگردی، قتل و غارت گری، بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے اورملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    اس سے قبل رات گئے منگھو پیر میں کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد سی آئی ڈی پولیس کی شکنجے میں پھنس گئے۔پولیس کے مطابق منگھو پیر کے علاقے غازی ٹاوٴن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرکارروائی کی گئی۔

    کاروائی کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پرفائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان کے چاردہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان شیرزمان گروپ سے بتایا جاتا ہے۔

  • دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کاروائی ہوگی، چوہدری نثار

    دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کاروائی ہوگی، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکاکہناہےکہ جن مدرسوں کےخلاف ثبوت ملےصرف ان کےخلاف کاروائی ہوگی،تمام مدرسوں نےیقین دہانی کرادی کہ کالی بھیڑوں کی نشاندھی کریں گے۔

    اسلام آباد میں مدارس اصلاحات اور میڈیا ضابطہ اخلاق کے حوالے سے دو اجلاسوں کی صدارت کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا اس مرتبہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ایک غیرت مند اور خودمختار ملک کی حیثیت سے دوٹوک انداز میں بات کی گئی ہے اور بھارت کی جانب امریکا کی واضح جھکاوٴ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جان کیری سے سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ پر بات چیت ہوئی۔

     انہوں نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن پر مکمل اتفاق پایا گیا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کچھ مدارس جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں یا ہوں گے تو ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

    چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ میڈیا مالکان کے شکر گزار ہیں، میڈیا نے واضح کردیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف جانبدار ہے اور ملک کے مفاد میں کام کرے گا۔

     انہوں نے میڈیا سے رابطے کے لیے ایک حکومتی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا،وزیرداخلہ نے فرانسیسی میگزین میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کی اور حکومت پاکستان کی جانب سے پاپ فرانسس کے بیان کا خیرمقدم کیا۔

  • حساس اداروں کا سندھ حکومت سے دہشتگردی میں ملوث افراد کی تفصیلات طلب

    حساس اداروں کا سندھ حکومت سے دہشتگردی میں ملوث افراد کی تفصیلات طلب

    اسلام آباد: حساس اداروں نے محکمہ داخلہ سندھ سے دہشت گردی کے مقدمات، اور اس میں ملوث شدت پسندوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے دہشتگردی کے مقدمات میں سزا پانے اور بری کئے جانےو الے افراد کی تفصیلات مانگی ہیں۔

    حساس اداروں کی جانب سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ ملزمان کو بری کیوں کیاگیا، ملزمان کے خلاف ثبوت کمزور تھے یا ان کامقدمہ درست طور پر نہیں چلایا گیا۔

     حساس اداروں نے دہشتگردی میں ملوث افراد کے مکمل کوائف، اہل خانہ اور تنظیموں سے تعلق کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں، جبکہ عدالتوں سے بری کئے گئے افراد کی نگرانی کے حوالےسے بھی سوالات کئے گئے ہیں۔

  • امریکہ نے ’ملافضل اللہ‘کوعالمی دہشت گرد قراردے دیا

    امریکہ نے ’ملافضل اللہ‘کوعالمی دہشت گرد قراردے دیا

    واشنگٹن: امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے طالبان کے سربراہ مولانا فضل المعروف ملا فضل اللہ کو عالمی دہشت گرد قراردے دیا۔

    امریکہ نے دہشت گردوں اورایک خصوصی آرڈر کے ذریعے تحت کیا گیا جس میںامریکی اسٹیٹ ڈیپارمنٹ کے ترجمان کے مطابق ملا فضل اللہ کے امریکہ میں موجود تمام اکاؤنٹ اورپراپرٹی منجمد کردی گئی ہے۔

    تحریکِ طالبان پاکستان کے سابق سربراہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد نومبر 2013 میں ملا فضل اللہ کو ٹی ٹی پی کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔

    اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے تحریکِ طالبان پاکستان کو بھی دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

    ملا فضل اللہ نے ٹی ٹی پی کا سربراہ بننے سے قبل ستمبر 2013 میں پاکستانی فوج کے میجر جنرل ثناء اللہ نیازی کو ایک حملے میں قتل کیا تھا۔ اس سے قبل جون 2012 میں 17 فوجیوں کے سرقلم کردیے گئے تھے۔

  • ملا فضل اللہ، منگل باغ سمیت 615 دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر

    ملا فضل اللہ، منگل باغ سمیت 615 دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے ملا فضل اللہ اور منگل باغ سمیت چھ سو پندرہ دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر کردی ہے۔

    حکمرانوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کمر کس لی ۔خیبر پختونخواہ حکومت نے ملا فضل اللہ اور منگل باغ سمیت چھ سو پندرہ دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر کردی ۔

     سرکاری ذرائع کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی سروں کی قیمت ستتر کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے ، ان دہشتگردوں میں تحریک طالبان کے فضل اللہ ،لشکر اسلام کے منگل باغ اور قاری بشیر کی سر کی قیمت ایک ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے،ان میں انتہائی مطلوب پندرہ ملزمان کے سروں کی قیمت پچاس لاکھ سے ایک کروڑ تک مقرر کی گئی ہے۔

     سرکاری ذرائع کے مطابق تمام دہشت گردوں پہلے ہی اشتہاری قرار دے دیا گیا تھا،خیبر پختونخواہ پولیس نے اس سے پہلے آٹھ سو اکیس دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کیلئے خیبر پختونخواہ حکومت کو متعدد بار مراسلے ارسال کیے تھے تاہم محکمہ خزانہ کی جانب سے سروں کی قیمت کا معاملہ التوا کا شکار تھا۔

  • حالت جنگ میں فوجی عدالتیں بنا کرتی ہیں، چوہدری نثار

    حالت جنگ میں فوجی عدالتیں بنا کرتی ہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ کسی کے ذہن میں بھی نہیں ہوگا کہ فوجی عدالتوں پرقانون سازی ہوگی۔

    اسلام آباد میں اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کےاجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان  کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، بچے بچے کو جنگ کی صورتحال کا سامنا ہے، حالت جنگ میں فوجی عدالتیں بنتی ہیں، قوم اس وقت حالت جنگ میں ہے ۔

    ان کا کہناتھا کہ فوجی عدالتوں کا مطلب یہ نہیں کہ  ہم ہر کسی لٹکانا چاہتے ہیں، فوجی عدالتیں محدود وقت اور غیر معمولی حالات کے لئے ہیں، عدالت میں آنے والے ہر شخص کو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا، فوجی عدالتیں آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والوں کے لئے ہیں ۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان کے گلی محلوں ، بازار ، مساجد میں اعلانیہ حملے ہوئے، چالیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کا خون ہوا، 2009 پشاور میں خواتین اور بچوں کا نشانہ بنایا گیا، کوئٹہ میں ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا گیا، شہید افراد کے جنازوں پر بھی حملے کئے گئے ۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج سے بہادر دنیا کی کوئی فوج نہیں ہے، فوج آئینی حقوق کی جنگ لڑھ رہی ہے، شفقت حسین کا کیس فی الحال معطل کردیا گیا ہے، عام شہریوں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نہیں ہوگا، فوجی عدالتیں اس لڑائی اور جدوجہد کا ایک عنصر ہیں، کوئی عالم دین دہشتگردوں کے نکتہ اسلام سے اتفاق نہیں کرتا، ہم فساد برپا کرنے والوں کے خلاف ہیں ۔

    چوہدری نثار کاکہنا تھا کہ مدارس کوبطور مدارس ٹارگٹ ناانصافی ہوگا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قوم فوج کے پیچھےکھڑی ہے،انتہاپسندوں کیخلاف سب کومتحرک ہوناپڑے گا۔

  • جن  قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں انہیں فوری سزا دی جائے، چوہدری نثار

    جن قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں انہیں فوری سزا دی جائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: حکومت نے سزائےموت کےتمام قیدیوں کوفوری پھانسی دینے کی ہدایت کردی۔ وزیرداخلہ چوہدری نثارنےچاروں صوبوں سےکہا ہے کہ جن قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں ان کی سزائےموت پرعمل درآمد کیا جائے۔

    اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت نیکٹا کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا۔۔اجلاس میں ڈی جی ایم آئی، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت نیکٹا کے دیگرارکان شریک ہوئے اور دہشتگردی کی خاتمے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار نے چاروں صوبوں میں قید سزائے موت کے وہ قیدی جن کی اپیلیں مسترد ہوئی ہیں ان کو فوری پھانسی دینے کی ہدایت کی، انہوں نے دہشتگری کی روک تھام کیلئے چاروں صوبوں میں انٹیلی جنس شئیرنگ کے نظام کو مزید مربوط بنانے کا اعلان کیا ۔

     وزیرداخلہ کا کہناتھا کہ نیکٹا کو موثر بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیکٹا فعال ہونا ناگزیر ہے۔

  • سال 2014 کے سفاک ترین واقعات

    سال 2014 کے سفاک ترین واقعات

    دہشت گردی کے خلاف جنگ جو کہ گزشتہ 14 سال سے جاری ہے لاکھوں قیمتی جانوں کا نذرانہ لے کر بھی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اوراس جنگ میں بعض اوقات ایسے واقعات بھی ہوتے ہیں کہ پوری دنیا ان کی مذمت کرتے ہے لیکن ان جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

    ایسے ہی کچھ سانحے سال 2014 میں ہوئے جنہیں انسانی المیہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔

    اپریل 14 – بوکو حرام نامی جہادی تنظیم نے نائجیریا کے ایک اسکول سے 250 سے زائد طالبات کو اغوا کرلیا۔

    جولائی 7 – اسرائیل نے ’ آپریشن پروٹیکٹو ایج‘ کے نام سے نہتے فلسطینیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں حماس کے لوگوں کے ساتھ ہزاروں معصوم افراد مارے گئے۔ 15 جولائی کو اسرائیل نے جنگ بندی کا اعلان کیا جسے مصر نے قبول کرلیا لیکن حماس نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔

    اکتوبر 01 – شام میں ایک اسکول میں ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں 41 معصوم طلبہ کی زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے۔

    نومبر 23 – میکسیکو میں لاپتہ ہوئے 43 طلبہ کے رشتے دار احتجاجاً سڑکوں پر آگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ کو ڈرگ مافیا نے قتل کردیا ہے۔

    دسمبر 16 – تحریک طالبان پاکستان نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر ایک خون آشام حملہ کیا جس کے نتیجے میں لگ بھگ ڈیڑھ سو افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے 132 بچے تھے ۔ بعد ازاں مزید دو بچے اسپتال میں جاں بحق ہوئے۔

  • دہشت گردی پر قابو کیلئے سخت قوانین کی ضرورت ہے، آرمی چیف

    دہشت گردی پر قابو کیلئے سخت قوانین کی ضرورت ہے، آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےکہا ہے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے خلاف افغان انٹیلیجنس کا آپریشن کامیابی سےجاری ہے، دہشتگردوں کے خلاف سخت قوانین بنانا ہوں گے۔

    آل پارٹیز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے سخت قوانین اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

    وزیرِاعظم کی زیرِصدارت آل پارٹیز کانفرنس میں آرمی چیف نے بریفنگ میں بتایا کہ افغان آرمی چیف اور ایساف کمانڈر کے ساتھ ملاقات بہت کامیاب رہی، دونوں کمانڈرز نے دہشتگردی کے خلاف تعاون کا یقین دلایا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ تحریکِ طالبان پاکستان کے خلاف ایساف اور افغان انٹیلیجنس کا آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، افغان سرحد کے قریب آپریشن میں ڈیڑھ سو دہشتگرد ہلاک کئے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ فوج نےدہشتگردوں کے خلاف مختلف آپریشنز شروع کر رکھے ہیں، آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ون کامیابی سے جاری ہے، آپریشن ضربِ عضب کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔

  • لال مسجد کے باہر احتجاج: آرگنائزرکوطالبان کی دھمکی

    لال مسجد کے باہر احتجاج: آرگنائزرکوطالبان کی دھمکی

    لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے مرکزی آرگنائزر معروف وکیل اور سماجی رہنماء جبران ناصرکو مبینہ طور پرتحریکِ طالبان (احرار گروپ) کے ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں ہیں۔

    جبران ناصر کے مطابق انہیں دھمکی دی گئی ہے کہ وہ احتجاج ختم کردیں ورنہ نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہیں۔

    انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرکہا ہے کہ ’’ ہم نے ان سے کہہ دیا ہے کہ ہم اپنے موقف پر قائم رہیں گے۔

    جبران ناصر نے اپنی اور مبینہ طور پر احسان اللہ احسان کے درمیان ہونے والی گفتگو کی ریکارڈنگ بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہے۔

     


    Jibran Nasir allegedly receives threat from TTP by arynews