Tag: Tump

  • ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنگی جرائم کے سابق تفتیش کار وکیلِ خصوصی مقرر

    ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنگی جرائم کے سابق تفتیش کار وکیلِ خصوصی مقرر

    واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنگی جرائم کے سابق تفتیش کار کو اسپیشل پراسیکیوٹر مقرر کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کارروائی تیز کر دی، امریکی محکمہ انصاف نے ٹرمپ کے خلاف حساس دستاویزات سمیت 2 کیسز کی پیروی کے لیے ایک آزاد وکیل نامزد کر دیا۔

    جنگی جرائم کے سابق تفتیش کار جیک اسمتھ کو ٹرمپ کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے، جیک اسمتھ نے کہا کہ وہ تحقیقات کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے اور آزادنہ فیصلے کریں گے۔

    اسپیشل پراسیکیوٹر جیک اسمتھ

    ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسپیشل پراسیکیوٹر کی تقرری کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ کسی طور قابل قبول نہیں ہے، میں گزشتہ 6 سال سے تحقیقات بھگت رہا ہوں، مزید نہیں بھگت سکتا۔

    جنگی جرائم کے سابق پراسیکیوٹر جیک اسمتھ کو اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے ایک نیوز کانفرنس میں خصوصی وکیل مقرر کیا، جیک اسمتھ ان تحقیقات کی قیادت کریں گے کہ ٹرمپ نے خفیہ دستاویزات اور کیپیٹل فسادات میں اپنے مبینہ کردار کو کیسے ہینڈل کیا۔

  • امریکی صدر ٹرمپ کس واحد عالمی خاتون رہنما کا احترام کرتے ہیں؟

    امریکی صدر ٹرمپ کس واحد عالمی خاتون رہنما کا احترام کرتے ہیں؟

    واشنگٹن: امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی خاتون رہنماؤں میں صرف ملکہ برطانیہ ہی ہیں جن کی وہ عزت اور احترام کرتے ہیں۔

    ایک رپورٹ میں ڈیلی میل نے لکھا کہ منگل کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، یہ گفتگو اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ہوئی ہے کہ ٹرمپ نے خواتین عالمی رہنماؤں کو ‘توہین آمیز’ فون کالز کی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے دنیا کی طاقت ور خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا، انھوں نے سابق برطانوی وزیر اعظم تھیریسا مے کو ‘کمزور’ اور جرمن چانسلر انگیلا مرکل کو ‘احمق’ کہا۔

    امریکہ کی 25 سے زائد ریاستوں میں کورونا کیسز میں اضافہ

    تاہم امریکی صدر ملکہ برطانیہ کے بے حد مشتاق ہیں، اور کہتے ہیں کہ اُن دونوں کے درمیان ایک خود کار قسم کا قریبی تعلق ہے، گزشتہ روز فون کال پر ٹرمپ نے ملکہ ایلزبتھ کو 94 ویں سال گرہ کی مبارک باد دی، خیال رہے کہ ملکہ اپریل میں پیدا ہوئی ہیں تاہم وہ سرکاری طور پر اپنی سال گرہ جون میں مناتی ہیں۔

    دونوں رہنماؤں نے فون پر کرونا وائرس کی وبا سے درپیش صورت حال پر بھی گفتگو کی، ٹرمپ نے ملکہ برطانیہ سے وبا کے دوران مرنے والے برطانویوں کی ہلاکت پر تعزیت بھی کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ جب روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے بات کرتے ہیں تو ایک طاقت ور آدمی کی توثیق کے حصول کے لیے ان کا لہجہ بہت دھیما ہوتا ہے، لیکن جب وہ عالمی خواتین لیڈرز سے بات کرتے ہیں تو ان کا لہجہ توہین آمیز ہو جاتا ہے۔

  • عالمی ادارہ صحت پر امریکی صدر کا غصہ ختم نہ ہو سکا

    عالمی ادارہ صحت پر امریکی صدر کا غصہ ختم نہ ہو سکا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کرونا کے معاملے پر عالمی ادارہ صحت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے ڈبلیو ایچ او پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے معاملے پر عالمی ادارہ صحت کو شرمندہ ہونا چاہیے، یہ چین کا ترجمان ادارہ بن کر رہ گیا ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا سے ہلاکتوں پر بر وقت درست حقائق نہیں بتائے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ کرونا وبا کا آغاز ووہان انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی سے ہوا۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے لیے بہتر تجارتی معاہدہ کرنے پر بیجنگ میرے خلاف ہو گیا، چین میرے بجائے جوبائیڈن کو آیندہ الیکشن میں صدر دیکھنا چاہتا ہے۔

    دریں اثنا، امریکی صدر ٹرمپ نے مئی کو بزرگ شہریوں کے نام قرار دے دیا، انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بزرگ شہریوں کو بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 2200 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 63,861 ہو گئی ہے، جب کہ 10 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 30 ہزار کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 1 لاکھ 55 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 15 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 23,780 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 10 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

  • ٹرمپ عمران خان رابطہ: ’امریکی تعاون معاشی بحران اور وبا سے نمٹنے میں مدد دے گا‘

    ٹرمپ عمران خان رابطہ: ’امریکی تعاون معاشی بحران اور وبا سے نمٹنے میں مدد دے گا‘

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی تعاون معاشی بحران اور وبا سے نمٹنے میں مدد دے گا،کروناوائرس پاکستان سمیت دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرا عظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران دونوں رہنماؤں نےکرونا وبا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔

    ٹیلی فونک رابطے میں عالمی معیشت اور اس کے اثرات سے بچاؤ کے طریقوں پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں کرونا سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ ٹرمپ کو پاکستان میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں دوہرے چیلنج کا سامنا ہے، ایک طرف کرونا کا پھیلاؤ روکنے کا چیلنج درپیش ہے، دوسری طرف لاک ڈاؤن میں لوگوں کو بھوک سے بچانے کا چیلنج بھی ہے۔

    کروناوائرس: ’امریکا کی پاکستان کیلئے 80 لاکھ ڈالر سے زائد کی نئی امداد‘

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے 8ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے، آئی ایم ایف اور دوسرے فورم پر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں، امریکی تعاون معاشی بحران اور وبا سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

    عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ترقی پذیر ملکوں کے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کے لیے عالمی اقدامات کیےجائیں، خطے میں امن و استحکام افغانستان میں سیاسی عمل کے لیے اہم ہے۔

    اس اہم گفتگو کے دوران افغانستان امن عمل میں پاکستان کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ٹرمپ نے وزیراعظم کے کرونا ٹیسٹ کے لیے ریپڈ ٹیسٹنگ مشین بھیجنے کی پیشکش کی جس پر وزیر اعظم نے شکریہ ادا کیا۔