Tag: Turk Health Minister

  • وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت کی ملاقات

    انقرہ: وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ وفد میں شعبہ صحت سے متعلقہ کاروباری اداروں کے نمائندے شامل تھے۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ شعبہ صحت میں تجربے اور ٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت سرمایہ کاری پر بھی گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم کی کمال اتا ترک کے مزار پر حاضری

    وزیر اعظم عمران خان نے غازی مصطفیٰ کمال اتا ترک کے مزار پر بھی حاضری دی۔ وزیر اعظم نے مزار پر رکھی سنہری کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

    وزیر اعظم نے لکھا کہ آج اس مزار پر آنا میرے لیے باعث عزت ہے، مصطفیٰ کمال اتا ترک 20 ویں صدی کے عظیم سیاستدان تھے۔ اتا ترک نے مشکل حالات میں ترک قوم کی رہنمائی کی اور نہ صرف ترکی بلکہ دنیا کی تاریخ کو بھی بدلا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ترکی میں موجود ہیں۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، خسرو بختیار اور مشیر تجارت رزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    ترکی میں وزیر اعظم نے تاجروں اور صنعت کاروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان اور ترقی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، ترکی کی تحریک آزادی میں بھی پاکستان کے لوگوں کا بڑا کردار ہے۔

    پاکستان ترک بزنس کاؤنسل سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ملائشیا اور جنوبی کوریا کے لیے رول ماڈل تھا۔ 60 کی دہائیکے بعد منافع کمانے کو برا سمجھا جانے لگا، معیشت کو نقصان پہنچا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ 80 کی دہائی میں کچھ سیاستدان اور بیورو کریٹ کاروبار میں منافع کے خلاف تھے۔ ہم سمجھتے ہیں کاروبار سے منافع کمانا کوئی بری بات نہیں، منافع سے لوگوں کو غربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے۔

    وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری بھی دی جہاں انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم ترک صدر رجب طیب اردغان سے ملاقات بھی کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔