Tag: turkey

  • ترکیہ میں شدید زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم

    ترکیہ میں شدید زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم

    استنبول : ترکیہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ہے، متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

    ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلہ استنبول کے قریب واقع بالی سیر صوبے میں آیا، ترکیہ میں شدید زلزلے کی وجہ سے متعدد عمارتیں گر گئیں جبکہ بچ جانے والی عمارتوں کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں۔

    earthquake

    زلزلے کی شدت محسوس کرکے لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے، استنبول، ازمیر سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں سے زلزلے کے مرکز سندرگی میں تقریباً 10عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

    ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق سندرگی کے مرکز میں 3منزلہ عمارت بھی گرگئی، گولک کے قریبی گاؤں میں بھی کئی مکانات منہدم ہوگئے، زلزلے کے بعد 3سے4.6شدت کے آفٹر شاکس بھی آئے۔

     وزیر صحت ترکیہ نے بتایا کہ عمارتیں گرنے سے زخمی ہونے والے 4افراد کو طبی امداد کیلیے اسپتال لایا گیا ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے، امید ہے کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو۔

    مزید پڑھیں : ترکیہ جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلیے نئی ویزا فیس

    واضح رہے کہ ترکیہ جانے کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کیلیے نئی سنگل اور ملٹیپل انٹری ویزا فیس جاری کر دی گئی۔

    ترک ویزا ایپلیکیشن سینٹر نے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلیے مختلف ویزا کیٹیگری کیلیے فیس کا خاکہ جاری کیا جس میں قیام کی قسم اور مدت کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

  • ہیئر ٹرانسپلانٹ کرانا جان لیوا ہے؟ برطانوی شہری کی ہلاکت نے سوالات کھڑے کردیے

    ہیئر ٹرانسپلانٹ کرانا جان لیوا ہے؟ برطانوی شہری کی ہلاکت نے سوالات کھڑے کردیے

    بڑھتی عمر یا کسی سنگین بیماری کے سبب گنج پن کی شکایت اکثر ہوجاتی ہے جس کیلیے ہیئر ٹرانسپلانٹ یعنی بالوں کی پیوند کاری کرانا عام ہوچکا ہے۔

    ترکی ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے ایک مقبول ملک بن گیا ہے جہاں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں گنج پن کے شکار افراد علاج کی غرض سے آتے ہیں۔

    اگر بالوں کی پیوند کاری صحیح طریقے یا معیاری انداز سے نہ ہو تو یہ علاج جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔ گزشتہ دنوں ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے ترکی جانے والے ایک برطانوی شہری کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق 38 سالہ برطانوی شہری مارٹن لیچمن ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے ترکی گیا جہاں بالوں کی پیوند کاری کے عمل کے دوران اس کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور اسپتال میں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی۔

    دوسری جانب جس کلینک میں وہ زیر علاج تھا اس کی جانب سے جاری ایک بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ مارٹن لیچمن کا علاج ابھی شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ اس کی طبیعت اچانک بگڑی جس کے سبب اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    دوسری جانب ہیئر ٹرانسپلانٹ کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے علاج کیلیے غیر ملکی خصوصاً برطانوی شہری واپس ترکی جانے کے بجائے مقامی کلینکس سے علاج کرواتے ہیں۔

    برطانوی این ایچ ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال کے دوران ملک سے باہر کرائی جانے والی بالوں کی پیوند کاری کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں میں 94 فیصد اضافہ ہوا ہے جو تشویشناک ہے اس کے علاج پر فی کس 15 ہزار پاؤنڈ کے اخراجات آتے ہیں۔

    ترک ٹریول کاؤنسل کی رپورٹ کے مطابق ہر سال دنیا بھر سے 11 لاکھ افراد بالوں کی پیوند کاری کیلیے ترکی آتے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے آنے وجہ یہ ہے کہ یہاں ہیئر ٹرانسپلانٹ پر آنے والے اخراجات دیگر ممالک کی نسبت بہت کم ہیں۔

  • انقرہ کے بلند و بالا عمارت میں آتشزدگی، نومولود سمیت 3 افراد جاں بحق

    انقرہ کے بلند و بالا عمارت میں آتشزدگی، نومولود سمیت 3 افراد جاں بحق

    انقرہ(14 جولائی 2025) ترکیہ کے دارالحکومت کے بلندوبالا عمارت میں آگ لگ گئی جس کی زد میں آکر نومولود سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ترکیہ کی مقامی میڈیا کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں 26 منزلہ اپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ گل گئی، آگ ہفتہ کی رات 10:00 بجے کے قریب چوتھی منزل پر لگی اور تیزی سے عمارت کے باقی حصوں میں پھیل گئی۔

    حکام نے بتایا کہ رہائشیوں کو اسنارکل کے ذریعے نکالا گیا، انتالیس افراد دھوئیں سے متاثر ہوئے جس میں 7 فائر فائٹرز بھی شامل ہیں جبکہ ایک کی حالت کی حالت تشویشناک ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس آتش زدگی سے ساڑھے تین ماہ کے بچے سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ہیں، حکومتی انتظامیہ کا کہان ہے کہ امدادی کارکنان کو آگ بجھانے میں چار گھنٹے لگے تاہم آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے لیکن واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی۔

    اس سے قبل ترکیہ کے شہر ازمیر میں 8 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی جس کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا تھا، آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور حکام کے مطابق آگ سے پوری عمارت جل گئی تھی۔

    حکام کا اس حوالے سے بتانا تھا کہ آتشزدگی سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے لیکن آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/russian-ammunition-depot-explosions/

  • ترکیے میں گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر صدر اردوان کا سخت مؤقف آ گیا

    ترکیے میں گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر صدر اردوان کا سخت مؤقف آ گیا

    انقرہ: ترکی میں گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر صدر رجب طیب اردوان نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیے کے ایک ہفت روزہ میگزین میں گستاخانہ خاکہ شائع ہونے پر منگل کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ جو افراد حضرت محمد ﷺ اور دیگر انبیائے کرام کی شان میں گستاخی کریں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    گزشتہ روز وزیر داخلہ علی یرلی قایا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں گستاخانہ کارٹون بنانے والے کارٹونسٹ کو حراست میں لیا جا رہا ہے، انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ گستاخانہ خاکہ بنانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں کارٹونسٹ کے علاوہ میگزین کے دو ایڈیٹر ان چیف اور ایک منیجنگ ایڈیٹر بھی شامل ہیں۔


    ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار


    روئٹرز کے مطابق ترکی کے صدر نے طنزیہ میگزین کے کارٹون کو ’’گھناؤنی اشتعال انگیزی‘‘ قرار دیا، اور اس کی سخت مذمت کی۔ روئٹرز کے مطابق یہ کارٹون اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ کے خاتمے کے چند دن بعد شائع کیا گیا۔ اردوان کی حکمران پارٹی نے اسے ’’اسلاموفوبک نفرت انگیز جرم‘‘ قرار دیا۔

    خاکہ شائع کرنے والے میگزین لیمن نے اپنے قارئین سے معذرت کی ہے کہ ان کا توہین کا کوئی ارادہ نہیں تھا وہ اسرائیلی حملوں میں مارے گئے مسلمانوں کی تکلیف کو ظاہر کرنا چاہتے تھے، اردوان نے ٹی وی نشر ہونے بیان میں کہا ’’ہم کسی کو بھی اپنی مقدس اقدار کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے نبی اور دیگر انبیا کی توہین کرنے والوں کو قانون کے سامنے جواب دہ بنایا جائے گا۔

  • ترکیہ میں زہریلی شراب سے چند ہفتوں میں بہت زیادہ ہلاکتوں کی وجہ کیا ہے؟

    ترکیہ میں زہریلی شراب سے چند ہفتوں میں بہت زیادہ ہلاکتوں کی وجہ کیا ہے؟

    انقرہ: ترکیہ کے دو بڑے شہروں انقرہ اور استنبول میں زہریلی شراب مرنے والے افراد کی تعداد 100 سے بڑھ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں چند ہفتوں کے دوران (14 جنوری سے اب تک) غیر قانونی شراب کے باعث بہت زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، جن میں سے 70 افراد تاریخی شہر استنبول میں ہلاک ہوئے۔

    ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں بھی 33 افراد زہریلی شراب کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں، جہاں جنوری سے زہریلی شراب کی وجہ سے ہلاکتیں ہو رہی ہیں، انقرہ کے گورنر نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جب کہ دوسری طرف گورنر استنبول نے ہلاکتوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں بڑے شہروں میں 230 شہری زہریلی شراب پینے سے حالت بگڑنے پر اسپتالوں میں داخل کرائے گئے، جہاں ان کا علاج جاری ہے، تاہم 40 افراد کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

    گوتم اڈانی کا بیٹے کی شادی پر کروڑوں روپے عطیہ کرنے کا اعلان

    رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں شراب نوشی میں کمی لانے کے لیے شراب پر عائد کیے گئے بھاری ٹیکسوں کی وجہ سے لوگ سستی شراب خریدنے لگے ہیں، جس کی وجہ مہلک واقعات رونما ہونے لگے ہیں۔

    دوسری طرف حکام کی جانب سے استنبول میں زہریلی شراب کی فروخت روکنے کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

  • ترکیہ نے دمشق کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا

    ترکیہ نے دمشق کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا

    ترکیہ نے دمشق کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا، برہان کورگلو کو شام میں ترک سفارتخانے کا ناظم الامور نامزد کی گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کے روز انقرہ میں ترک سفارت کاروں کی بیٹھک میں وزیر خارجہ سے پوچھا گیا تھا  ترکی دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کب کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے؟

    ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدن نے کہا کہ انقرہ شام کے صدر بشار الاسد کی برطرفی کے بعد دمشق میں اپنا سفارت خانہ اس وقت دوبارہ کھولے گا جب حالات اس کی اجازت دیں گے۔

    تاہم اب ترکیہ نے دمشق میں اپنے طویل عرصے سے بند سفارت خانے کے لیے ایک نئے چیف آف مشن کا نام سامنے آیا ہے، برہان کوروگلو کو ترکی کے سفارت خانے میں عارضی چارج ڈی افیئرز کے طور پر نامزد کیا گیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کب اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

    واضح رہے کہ شام میں 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے ایک سال بعد 2012 میں 26 مارچ کو ترک سفارتخانے نے ہر طرح کی سرگرمیاں معطل کردی تھیں اور تمام سفارتی عملہ وہاں سے واپس چلا گیا تھا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوعان نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ دمشق میں جلد اپنا سفارتخانہ کھول دیں گے۔

  • ترکیہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے ہر ممکنہ تعاون کیلیے تیار ہے: ترک صدر

    ترکیہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے ہر ممکنہ تعاون کیلیے تیار ہے: ترک صدر

    ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ غزہ میں قتل عام کے خاتمے اور مستقل جنگ بندی کے قیام میں کوئی بھی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے صدر ایردوان نے یہ بات پارلیمان میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے گروپ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ کہ وہ خطے کے تمام بحرانوں کو حل کرنے کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں، بشمول روس یوکرین جنگ، جو اپنا ہزار واں دن پیچھے چھوڑ چکی ہے، اور غزہ کی نسل کشی، جو اپنے 14 ویں مہینے میں پہنچ چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے مابین جنگ بندی معاہدے سے خوش ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ تمام فریق، خاص طور پر اسرائیل زمین پر امن برقرار رکھنے کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔

    واضح رہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہونے کے بعد لبنان کے عوام نے سکون کا سانس لیا ہے، جنگ بندی کے نافذ ہونے کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کی جانب سے گھروں پر واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

    جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیلی جارحیت کے باعث لبنان کے بیشتر علاقے کھنڈر میں تبدیل ہوگئے۔ جبکہ اسرائیل نے لبنان پر واضح کردیا ہے کہ اگر حزب اللہ جنگ بندی معاہدے کو توڑتی ہے تو وہ دوبارہ حملے شروع کردے گا۔

    ٹرمپ انتظامیہ میں شامل افراد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

    اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے بعد خالی کیے گئے علاقوں سے انخلاء کرنے والے ہزاروں افراد اب جنوبی لبنان میں واپس پہنچ رہے ہیں۔

  • اسرائیلی صدر کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت سے انکار سے متعلق اردوان کا بیان

    اسرائیلی صدر کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت سے انکار سے متعلق اردوان کا بیان

    انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی صدر کو ترکیہ کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت سے انکار کیا گیا۔

    روئٹرز کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انھوں نے اسرائیلی صدر کو آذربائیجان میں منعقدہ کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

    ترکیہ کے صدر نے برازیل میں جی 20 سمٹ کے دوران صحافیوں کو بتایا ’ہم نے اسرائیلی صدر کو کوپ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، ہم نے متبادل راستے اور دیگر آپشنز تجویز کیے تھے۔‘

    ترکی کے انکار کے بعد اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے اپنا آذربائیجان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا، اسرائیلی ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا کہ ’صورت حال کے جائزے اور سیکیورٹی وجوہ پر صدر نے آذربائیجان میں کلائمیٹ کانفرنس کے لیے اپنا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

    غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ٹرک لوٹے جانے کا انکشاف

    واضح رہے کہ اسرائیل نے ایک سال قبل حماس کے حملے کے بعد غزہ میں فلسطینی گروپ کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کر دی تھی، ترکیہ نے غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیل سے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا تھا تاہم سرکاری طور پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع نہیں کیے گئے۔

    اردوان نے کہا ’کچھ معاملات پر بطور ترکیہ، ہم ایک مؤقف اختیار کرنے پر مجبور ہیں، اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔‘

  • ترکی حماس قیادت کی میزبانی سے باز رہے، امریکا کا سخت انتباہ

    ترکی حماس قیادت کی میزبانی سے باز رہے، امریکا کا سخت انتباہ

    واشنگٹن: میتھیو ملر نے ترکی حکومت کو سختی سے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حماس قیادت کی میزبانی سے باز رہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے پیر کو ترکی کو حماس کی قیادت کی میزبانی کرنے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن یہ تسلیم نہیں کرتا کہ حماس کے رہنما آرام سے رہ رہے ہوں۔

    پریس بریفنگ کے دوران جب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ان اطلاعات کے بارے میں پوچھا گیا کہ حماس کے کچھ رہنما قطر سے ترکی چلے گئے ہیں، تو انھوں نے ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی تاہم انھیں جھٹلایا بھی نہیں، اور کہا کہ واشنگٹن ترکی کی حکومت پر واضح کر دے گا کہ حماس کے ساتھ معمول کے مطابق مزید کوئی تعلقات نہیں ہو سکتے۔

    میتھیو ملر نے مزید کہا کہ حماس کے کچھ رہنما امریکی فرد جرم کی زد میں ہیں، اور واشنگٹن کا خیال ہے کہ انھیں امریکا کے حوالے کیا جانا چاہیے۔

    دوسری طرف ترکی کے ایک سفارتی ذریعے نے پیر کے روز ان خبروں کی تردید کی کہ حماس نے اپنا سیاسی دفتر ترکی منتقل کر دیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے ارکان ہی وقتاً فوقتاً ترکی کا دورہ کرتے ہیں۔

    امریکا نے تشدد میں ملوث اسرائیلی تنظیم ’امانا‘ پر پابندیاں لگا دیں

    یاد رہے کہ قطر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس نے حماس اور اسرائیل کو بتایا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے میں ثالثی کی کوششوں کو اس وقت تک معطل رکھے گا جب تک کہ دونوں مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کریں۔ دوحہ نے یہ بھی کہا تھا کہ اس نے حماس کو قطر چھوڑنے کے لیے نہیں کہا ہے، میڈیا رپورٹس درست نہیں ہیں۔

  • ترکیہ میں اسرائیلی شہری گرفتار

    ترکیہ میں اسرائیلی شہری گرفتار

    ترک حکام کی جانب سے انسانی اعضا کی سمگلنگ کا الزام سامنے آنے کے بعد 7 سال سے مقیم اسرائیلی شہری کوگرفتار کرنے کا حکم دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی شہری بورس وولف مین کو اس سے قبل 2015 میں بھی اس الزام کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم 2016 میں عدم ثبوت کے باعث اسے رہائی مل گئی تھی۔

    خبر رساں ادارے نے گرفتار اسرائیلی شہری کے بارے میں انکشاف کیا ہے کہ وہ انسانی اعضا کی سمگلنگ کے لیے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کا رکن ہے، اس نے قانونی آڑ میں شامی پناہ گزینوں کے اعضا خریدنے کے لئے ان کا استحصال کیا ہے۔

    ترکیہ جو صحت کی سیاحت اور زرعی مصنوعات کی تجارت کو فروغ دیتا ہے میں اس نے پناہ گزینوں کے اعضا کی سمگلنگ کے لیے کئی کمپنیاں قائم کیں۔

    اسرائیلی شہری ترک حکام کو مطلوب تھا۔ اس پر شامی پناہ گزینوں کے اعضا کم از کم چھ دیگر افراد کے ساتھ آذربائیجان، سری لنکا اور کوسوو جیسے کئی ممالک میں سمگل کرنے کا الزام تھا۔

    گرفتار کیا گیا اسرائیلی شہری اس نیٹ ورک کا حصہ ہے جو غریب لوگوں کے اعضاء خرید کر انہیں فروخت کرتا تھا۔ یہ اعضا اسرائیل، بھارت اور یورپی ملکوں کے امیر لوگوں کو بیچ دیئے جاتے تھے۔

    دوسری جانب ترکیہ میں صدر رجب طیب اردوان کی 2016 میں حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کروانے کے ملزم فتح اللہ گولن امریکا میں انتقال کر گئے۔

    ترک میڈیا اور گولن سے وابستہ ایک ویب سائٹ نے بتایا کہ ترک مسلم رہنما فتح اللہ گولن جن کے بارے میں انقرہ کا کہنا ہے کہ 2016 کی ناکام بغاوت کے پیچھے ان کا ہاتھ تھا امریکہ میں انتقال کر گئے ہیں۔

    ان کی عمر 83 سال تھی اور وہ امریکا میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔

    گولن کے خطبات شائع کرنے والی ویب سائٹ ہرکول نے پیر کے روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ گولن اتوار کی شام اسپتال میں انتقال کر گئے تھے جب وہ زیر علاج تھے۔