Tag: turkey police

  • زم زم کے نام سے جعلی پانی فروخت کرنے والے ملزم کی ڈھٹائی

    زم زم کے نام سے جعلی پانی فروخت کرنے والے ملزم کی ڈھٹائی

    استنبول : ترکیہ میں عام نلکے کے پانی کو زم زم کے مقدس نام سے مہنگے داموں فروخت کرنے والا دھوکہ باز قانون کی گرفت میں آگیا۔

    ملزم نے پکڑے جانے پر انتہائی ڈھٹائی سے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میرے گاہکوں کو ملاوٹ شدہ پانی پینے سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو عام نلکے کے پانی کو زم زم کے نام سے لوگوں کو فروخت کرکے ان سے پیسے بٹورنے کا دھندہ چلا رہا تھا۔

    اس دھوکہ باز اور فراڈیے شخص کی گرفتاری کی خبر پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر بھی بہت سے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

    یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اضنہ شہر کی پولیس کو ایک ایک خفیہ اطلاع پر واٹر فیکٹری میں کی جانے والی دھوکہ دہی کا علم ہوا۔

    ملزم علاقے میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد کو نلکے کے پانی کی بوتلیں زمزم کے پانی کے طور پر بیچ رہا تھا اور یہ دعویٰ کررہا تھا کہ اس پانی کو مکہ مکرمہ سے درآمد کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس نے روزانہ تقریباً 6لاکھ لیرے (64,000 ریال کے برابر) "ملاوٹ شدہ” پانی فروخت کرکے کمائے۔

    پولیس نے جب فیکٹری مالک سے اس بارے میں باز پرس کی تو اس نے جرم کا اعتراف کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کی بلکہ ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پانی سے میرے گاہک بہت مطمئن ہیں۔

    ملزم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسے ان لوگوں کی طرف سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جنہوں نے اس کا "ملاوٹ شدہ” پانی خریدا تھا۔

  • استنبول:نائٹ کلب پر فائرنگ میں ملوث مشتبہ حملہ آورگرفتار

    استنبول:نائٹ کلب پر فائرنگ میں ملوث مشتبہ حملہ آورگرفتار

    استنبول : ترکی میں سال نو کے آغاز پر نائٹ کلب پر دھاوا بولنے والے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق استنبول میں نائٹ کلب پر فائرنگ کرکے انتالیس افراد کو ہلاک کرنے والے مشتبہ حملہ آور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی جسے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق حملہ کرنے کا ملزم عبد القادر مشا ریپوف ازبک شہری ہے اور داعش سے تعلق رکھتا ہے، تمام ملزمان کو پولیس نے استنبول کے ایک پرتعیش علاقے یورت میں فلیٹ سے گرفتار کیا ، چھاپے میں مشاری پوف کے ساتھ تین خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق صومالیہ، سینیگال اور مصر سے ہے۔

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور کرغزستان کے شہری کے فلیٹ میں اپنے 4سال کے بیٹے کے ساتھ مقیم تھا۔

    یاد رہے کہ  استنبول میں نائٹ کلب پر فائرنگ  کرکے 39 افراد کو ہلاک کرنے والے مبینہ حملہ آور کی ‘سیلفی ویڈیو’ سامنے آئی تھی، ترک ٹیلیویژن پر نشر کی گئی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا  کہ مبینہ حملہ آور استنبول کے تقسیم اسکوائر پر موبائل فون کی مدد سے اپنی ویڈیو بنا رہا ہے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ ویڈیو رینا نائٹ کلب پر حملے سے قبل بنائی گئی یا اس نے بعد میں اسے ریکارڈ کیا۔


    مزید پڑھیں : استنبول میں نائٹ کلب پرحملہ،39افرادہلاک


    یاد رہے کہ ترکی کے اہم ترین شہر استنبول میں سال نو کی تقریبات کے موقع پر ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص نے گھس کر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

    حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔