Tag: turkey

  • یورپ ایک کے بعد ایک مصیبت کی زد پر، یونان، ترکیہ اور بلغاریہ میں سیلاب

    یورپ ایک کے بعد ایک مصیبت کی زد پر، یونان، ترکیہ اور بلغاریہ میں سیلاب

    یونان: یورپ ایک کے بعد ایک مصیبت کی زد پر ہے، جنگلاتی آگ کے بعد یورپ میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب سے یونان، ترکیہ اور بلغاریہ میں 8 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے ہیں، جنگلات میں آگ لگنے کے بعد یونان تباہ کن سمندری طوفان کی زد میں آ گیا ہے۔

    طوفان ڈینیئل نے مغربی اور وسطی یونان میں تباہی مچا دی، سیلابی پانی راستے میں آنے والی ہر شے کو بہا لے گیا، مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے ہیں۔

    سیلاب کے سبب مختلف حادثات میں ترکیہ میں 4 افراد جان سے گئے، استبول میں گلی محلے ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، لوگ تیرنے پر مجبور ہو گئے، شہریوں کی مدد کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔

    بلغاریہ میں 311 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، موسلادھار بارش سے سرحد ی صوبہ سیلاب کی زد میں آ گیا ہے، جس کی وجہ سے حکام نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ بارش کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، اور سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں، کاروبارِ زندگی ٹھپ ہو گیا، اسکول بھی بند ہو گئے ہیں۔

  • ترکیہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ

    ترکیہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ

    انقرہ: ترکیہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے، درجہ حرارت 49.5 سینٹی گریڈ رہا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ روم کے طاس میں گرمی کی شدت تقریباً دو دہائیوں تک برقرار رہے گی۔

    رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے وزیر ماحولیات نے بتایا کہ وسطی اناطولیہ کے ایسکی گورنری میں ریکارڈ درجہ حرارت 49.5 سینٹی گریڈ رہا اس سے قبل سب سے زیادہ درجہ حرارت 2021 میں 49.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    ترکیہ کی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر معمول کے موسمی درجہ حرارت سے 11 ڈگری تک بڑھے گی، استنبول ٹیکنیکل یونیورسٹی میں موسمیات کے پروفیسر باریش اونول نے کہا کہ درجہ حرارت بڑھنے کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔

    پروفیسر باریش اونول نے مزید کہا کہ ترکیہ کو اگلے 30 سے 40 سالوں کے دوران بہت زیادہ درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑے گا، بحیرہ روم کے باقی علاقوں میں بھی ایسا ہی ہوگا۔

    پروفیسر باریش اونول نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ روم کے علاقے میں سیاحت کے لیے سب سے موزوں موسم ستمبر اور اکتوبر 2040 میں ہوگا۔

     انہوں نے آنے والے برسوں میں گرمیوں کے مہینوں میں خشک سالی کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

    وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

    انقرہ: وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ترکیہ پہنچ گئے ہیں، انقرہ ایئرپورٹ پر پاکستان کے سفیر اور ترکیہ کے اعلیٰ سفارتی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم ترکیہ میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ واضح رہے کہ رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری آج سہ پہر کو ہوگی۔

  • ترکیہ صدارتی انتخابات، فیصلہ رن آف الیکشن میں ہوگا

    ترکیہ صدارتی انتخابات، فیصلہ رن آف الیکشن میں ہوگا

    انقرہ: ترکیہ صدارتی انتخابات میں اب فیصلہ رن آف الیکشن میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیے میں صدارتی انتخابات کے لیے بیرونِ ملک ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، 28 مئی کو دیگر بیلٹ باکسز کے ساتھ یہ ووٹ بھی کھولے جائیں گے، 30 لاکھ رجسٹرڈ ووٹر ز میں سے 10 لاکھ ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے۔

    ترک صدارتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں 5 فی صد ووٹ لینے والے سنان اوغان اردوان کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں، جس کی وجہ سے کمال اوغلو کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

    پہلے مرحلے میں صدر اردوان سمیت کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ نہیں لے سکا تھا، اٹھائیس مئی کو دونوں امیدواروں میں رن آف الیکشن ہوگا، ترکیے کی سو سال کی تاریخ میں پہلی بار صدارتی انتخابات کا فیصلہ رن آف الیکشن میں ہوگا۔

  • ترکیہ کی فوج کو شام سے نکلنا ہوگا، شامی وزیر خارجہ

    ترکیہ کی فوج کو شام سے نکلنا ہوگا، شامی وزیر خارجہ

    ماسکو: شامی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکیہ کی فوج کو شام سے نکلنا ہوگا، یہ مطالبہ شام اور ترکیہ کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے مشن پر ماسکو میں روس، شام، ترکیہ اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بڑی بیٹھک کے موقع پر سامنے آیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق روس، شام، ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ نے شام کی جنگ کے دوران برسوں کی دشمنی کے بعد انقرہ اور دمشق کے درمیان تعلقات کی بحالی پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے ماسکو میں ملاقات کی ہے۔

    یہ بات چیت اس وقت ہو رہی ہے جب شام کے صدر بشار الاسد نے ایک دہائی سے زیادہ تنہائی کے بعد علاقائی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کی ہے۔

    شامی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ تعلقات میں بہتری کے لیے ترکیہ کی فوج کو شام سے نکلنا ہوگا، جب کہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ نے مذاکرات کے دوران دہشت گردی کی جنگ میں تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ شام میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہے۔

    روسی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ شام ترکیہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔

    دوسری جانب شام اور عرب دنیا میں تعلقات میں آئے روز نیا اضافہ ہو رہا ہے، سعودی عرب نے شام کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

    سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شام کے صدر بشارالاسد کو دعوت دی، عرب لیگ کا اجلاس 19 مئی کو جدہ میں شیڈول ہے۔

    روس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ملاقات کے ماحول کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان ممالک کے نائب وزرائے خارجہ کو شام اور ترکی کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کا کام سونپا جائے گا۔

  • اردوان نے پاکستان آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا

    اردوان نے پاکستان آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد ایوارڈز دینے کی خصوصی تقریب میں صدر اردوان نے پاکستان اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔

    یہ خصوصی ایوارڈ ترکیہ میں زلزلے میں پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، جسے پاکستان آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے لیڈر نے وصول کیا۔

    ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے پیش نظر33 رکنی پاک آرمی ٹیم 7 فروری کو ترکیہ گئی تھی، یہ ٹیم 22 فروری 2023 تک ترکیہ کے متاثرہ علاقے میں موجود رہی، اور اس دوران ریسکیو ٹیم نے 91 سائٹس کو سرچ کیا۔

    پاک فوج کی ٹیم نے 8 افراد کو زندہ، 7 کی شناخت، 138 میتوں کو ملبے تلے نکال کر ورثا کے حوالے کیا تھا، کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو مشن کے بعد پاکستان آرمی کی ٹیم 24،23 فروری کو پاکستان واپس پہنچی تھی۔

    استنبول ایئرپورٹ پر ٹیم کی رخصتی کے وقت ترکیہ کے اعلیٰ فوجی و سول حکام بھی موجود تھے، وطن واپسی پر بھی پاک آرمی کی ٹیم کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔

  • بھابھی کو بلیک میل کرنے والے دیور کا عبرتناک انجام

    بھابھی کو بلیک میل کرنے والے دیور کا عبرتناک انجام

    ترکیہ میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ترک خاتون نے اپنے شوہر کے بھائی (دیور) سے ایسا انتقام لیا کہ دیکھنے والے کانپ کر رہ گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک شہری "فردی بی” کا اپنے بھائی کی 33 سالہ بیوی "ہولیا بی” سے ناجائز تعلق تھا، تاہم خاتون نے جب یہ تعلق ختم کرنا چاہا تو دیورنے اسے بلیک میل کرنا شروع کردیا۔

    خاتون نے تنگ آکر اپنے دیور سے انتقام لیتے ہوئے اسے گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعہ ترکی کے جنوب مشرقی صوبے کے شہر اورفہ سٹی کی شاہراہ پر پیش آیا۔ فردی کا قتل دو مراحل میں کیا گیا، پہلے ہولیا نے اسے گاڑی سے ٹکر ماری اور پھر نیچے اتر کر بے ہوش پڑے فردی کے سر میں گولی اتار دی جس سے فردی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    دیور کو قتل کرنے کے بعد ہولیا نے چیخنا شروع کردیا اور کہا میں نے اپنی عزت پر لگے دھبے کودھو دیا ہے، خاتون نے موقع پر جمع ہونے والے افراد سے کہا کہ وہ پولیس کو بلائیں۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کی جانب سے ویڈیو کو عربی ترجمہ کے ساتھ شائع کیا گیا، بعد میں تفتیش کاروں نے بتایا کہ مقتول کی عمر 41 سال تھی۔ وہ ہولیا کے ساتھ اپنے تعلقات کی ویڈیو بنانے میں ملوث تھا۔ اس ویڈیو کا ہولیا کو علم نہیں تھا۔

    ہولیا کے شوہر کو ضرورت پیش آئی تو وہ ہولیا اور اپنے تین بچوں کے ساتھ صوبہ اناطولیہ کے شہر دیار بکر منتقل ہوگیا۔ اس دوران دیور نے ملنے کے لیے ہولیا کو اورفہ شہر آنے اور خفیہ تعلق جاری رکھنے کا کہا جس پر ہولیا نے انکار کیا تو دیور نے اسے ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرنا شروع کردیا اور ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلانے کی دھمکی بھی دی۔

    ہولیا بی نے فردی بی سے مکمل چھٹکارا پانے کے لیے اس سے ملنے پر رضامندی ظاہر کی اور اورفہ کی گلیوں میں بلا کر اسے سر عام قتل کردیا۔ گرفتاری کے بعد ہولیا نے عدالت کو بتایا کہ اس نے اپنی عزت بچانے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔

  • سرکاری حجام کا انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

    سرکاری حجام کا انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

    استنبول : اراکین پارلیمنٹ کے بال کاٹتے کاٹتے نائی نے خود بھی رکن اسمبلی بننے کا فیصلہ کرلیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں سیاست کے دل میں رہتا ہوں کیونکہ میں پارلیمنٹ کا حجام ہوں۔

    ترکی میں حجام کے پیشے سے وابستہ شخص نے خود بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، ترک پارلیمنٹ کے حجام ممتاز ارسلان نے 20 سال حجامت کے پیشے سے وابستہ رہنے کے بعد جمعہ کو جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ کی رکنیت کے لیے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔

    ترکیہ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ممتاز ارسلان جو کہ ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی میں حجاموں کے سربراہ ہیں نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 12 سال کی عمر میں کیا اور 23 سال کی عمر میں 2003 میں پارلیمنٹ میں حجام بنا۔

    ممتاز ارسلان مختلف ادوار میں چیف حجام کے عہدے پر بھی فائز رہے جہاں انہوں نے سلیمان ڈیمیرل، بلنٹ ایکویٹ، نیکمٹن ایرباکان اور بہت سی مشہور ترک سیاسی شخصیات کا شیو کیا۔

    انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1984 میں "ویلفیئر” پارٹی سے علاقائی سیاست کا آغاز کیا تھا، ہم نے محلے کی تنظیموں سے سفر کا آغاز کیا اور گلیوں میں فلاحی کام کیے، میرے استاد اربکان نے جو بھی کام دیا میں نے بہترین طریقے سے اسے انجام دیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سیاست میں آئے اور ہم قومی رائے کے ساتھ پروان چڑھے ہیں، میری سیاست اور سیاسی زندگی جاری ہے، میں حجام ہوں تو اس سے میری سیاست ختم نہیں ہوجاتی، اس کا مطلب ہے کہ میں اب بھی سیاست میں ہوں۔ میری خواہش ہے کہ اگر میں پارلیمنٹ کا رکن بنوں گا تو لوگوں کے مسائل سے نمٹ سکتا ہوں۔

    ممتاز ارسلان نے مزید کہا کہ میں نے اپنا فیصلہ کیا ہے، اس کے لیے مجھے اپنے بزرگوں کی منظوری ملی ہے۔ اپنے لوگوں سے میری ایک درخواست ہے کہ کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ میں اپنی پارٹی اور اپنے صدر رجب طیب ایردوان کی بہترین طریقے سے نمائندگی کروں گا۔ میں مددگار ثابت ہوں گا۔

    ممتاز ارسلان نے نشاندہی کی کہ حجام کی دکانوں کے مالکان کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چاہے وہ تربیت یافتہ ہوں، کارکن ہوں یا دکان کے مالکان ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب میں ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی میں آؤں گا تو میں ان کے تمام مسائل کو بہترین طریقے سے حل کروں گا اور ان کی مدد کروں گا۔ میں پارلیمان میں حجاموں کی بھی بہترین طریقے سے نمائندگی کروں گا۔

  • متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا

    متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا

    انقرہ: متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا جہاں زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ترکی کے علاقے غازیانتپ میں قائم ہونے والے اماراتی ریلیف فیلڈ اسپتال نے طبی، تکنیکی اور انتظامی ٹیموں کی آمد کے فوراً بعد ہی زلزلہ متاثرین کی دیکھ بھال شروع کردی ہے۔

    یہ اسپتال 40 ہزار مربع میٹر کے علاقے پر واقع ہے اور اس میں 50 بستر اور 4 آئی سی یو بستر ہیں۔

    یہ ترکی کا پہلا لیول 3 فیلڈ ہسپتال ہے جو مقامی لوگوں کو طبی امداد کی فراہمی میں کردار ادا کررہا ہے۔

    ترکی میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سعید ثانی الظہری نے کئی ترک حکام کے ہمراہ اسپتال کے افتتاح میں شرکت کی، یہ اقدام گیلنٹ نائٹ 2 مہم کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

    سعید ثانی الظہری نے کہا کہ فیلڈ اسپتال متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر قائم کیا گیا ہے اور یہ 50 کے اصولوں کے نویں اصول کے تحت متحدہ عرب امارات کے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

    فیلڈ اسپتال کی انچارج اماراتی ٹیم نے متاثرین کی بنیادی اور فوری ضروریات کی نشاندہی کرنے کے لیے ترکی میں سرکاری حکام کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس نے ریکارڈ وقت میں اسپتال کے قیام اور طبی عملے کو تعینات کرنے کے لیے کافی کوششیں کی ہیں، انہوں نے ترک حکام کا فیلڈ اسپتال کی ٹیم کو ضروری مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    ایمریٹس ریلیف فیلڈ اسپتال کے کمانڈر اسٹاف بریگیڈیئر ڈاکٹر عبد اللہ خادم الغیثی نے بتایا کہ اسپتال میں ریسپشن، اسکریننگ، ایمرجنسی، سرجری، انتہائی نگہداشت، دندان سازی، ایکسرے، لیبارٹری، فارمیسی اور آؤٹ پیشنٹ سیکشن سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتال کے طبی عملے میں ماہرین نفسیات بھی شامل ہیں جو ملک میں آنے والی آفت کی وجہ سے بے چینی، ڈپریشن اور پوسٹ ٹرامیٹک ڈس آرڈر کے عوارض میں مبتلا افراد کی مدد کر رہے ہیں۔

  • ترکیہ کی پاکستان سے خیمے، ڈرائی فروٹس اور سرجیکل آلات بھجوانے کی درخواست

    ترکیہ کی پاکستان سے خیمے، ڈرائی فروٹس اور سرجیکل آلات بھجوانے کی درخواست

    اسلام آباد: ترکیہ حکومت نے پاکستان سے میڈیکل ٹیمیں اور ادویات نہ بھجوانے جب کہ سرجیکل آلات ، خیمے، کمبل اور ڈرائی فروٹس بھجوانے کی درخواست کر دی۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ترک سفیر کے ذریعے ترکیہ حکومت سے رابطے میں ہے، ترکیہ نے پاکستان سے فی الحال میڈیکل ٹیمیں اور ادویات نہ بھجوانے کی اپیل کی ہے۔

    ترکیہ حکومت کا مؤقف ہے کہ دنیا بھر سے میڈیکل ٹیمیں ادویات کے ہمراہ پہنچ رہی ہیں، اس لیے فی الحال شدید سردی کے باعث متاثرین کے یئے فیملی خیمے، کمبل اور خشک خوراک کی ضرورت ہے۔

    ترکیہ حکومت نے پاکستان سے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز بھجوانے کی اپیل کی ہے، ترکیہ حکومت کے مطابق زلزلہ متاثرین کو چھوٹی بڑی سرجریز کی ضرورت ہے، سرجریز کی تعداد بڑھنے پر سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز کی کمی کا سامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز بھجوانے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے، ترکیہ کے لیے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز کی پہلی کھیپ رواں ہفتے بھجوانے کا امکان ہے۔

    سرجیکل آلات کی کھیپ بہ ذریعہ ہوائی جہاز بھجوائی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد براستہ سڑک بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    این ایل سی کے ذریعے امدادی سامان پر مشتمل 20 ٹرک روزانہ ترکیہ کے لیے روانہ ہوں گے، پاکستانی امدادی سامان کے ٹرک براستہ ایران ترکیہ داخل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹرکوں کو ترکیہ پہنچنے میں 7 روز لگیں گے۔