Tag: turkey

  • ترکی نے موساد کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، 15 اسرائیلی جاسوس گرفتار

    ترکی نے موساد کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، 15 اسرائیلی جاسوس گرفتار

    انقرہ: ترکی نے ایک بڑی کارروائی میں اپنی سرزمین پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا کر اس کے 15 جاسوس گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی نیشنل انٹیلیجنس آرگنائزیشن ( ایم آئی ٹی) نے ایک کارروائی میں موساد کے ایک بڑے حلقے کو توڑ ڈالا ہے، پندرہ ایسے موساد جاسوس گرفتار کیے گئے ہیں جو ترکی کے علاقے میں کام کر رہے تھے اور ایک سال سے خفیہ طور پر ان کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

    جمعرات کو ترک اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مشتبہ جاسوس رواں ماہ قبل گرفتار کیے گئے ہیں، ان جاسوسوں نے ترک شہریوں اور ترکی میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے سلسلے میں معلومات موساد کو فراہم کی تھیں، یہ وہ طلبہ تھے جنھیں امکانی طور پر دفاعی انڈسٹری میں جانا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس 7 اکتوبر کو کیے جانے والے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیے گئے، یہ آپریشن ترکی کے چار مختلف صوبوں میں بیک وقت کیا گیا تھا۔

    ابتدائی طور پر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ موساد کے جاسوسوں کا زیادہ تر ہدف ان ممالک کے طلبہ تھے جو اسرائیل مخالف سمجھے جاتے ہیں، اس حوالے سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ موساد کے فیلڈ آفیسرز سے بیرون ملک ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جاتا تھا۔

    یاد رہے کہ ترکی کا شمار ان مسلم ممالک میں ہوتا ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں، تاہم یروشلم کے ساتھ انقرہ کے تعلقات اردگان کی فلسطینیوں کی حمایت کی وجہ سے حالیہ برسوں میں ناخوش گوار رہے ہیں۔

  • ترک ہدایت کار کی فلم کے لیے عالمی اعزاز

    ترک ہدایت کار کی فلم کے لیے عالمی اعزاز

    انقرہ: ترک ہدایت کار فیصل سوئیسال کی فلم اخروٹ کا پیڑ نے ساتویں بین الاقوامی بالقان پینوراما فیسٹیول میں بہترین اداکار اور بہترین فلم کے ایوارڈ جیت لیے، یہ سوئیسال کی دوسری طویل دورانیے کی فلم ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ترک ہدایت کار فیصل سوئیسال کی حالیہ فلم اخروٹ کا پیڑ نے ساتویں بین الاقوامی بالقان پینوراما فیسٹیول میں بہترین اداکار اور بہترین فلم کے ایوارڈ جیت لیے۔

    مذکورہ فلم سوئیسال کی دوسری طویل دورانیے کی فلم ہے، فلم کو اس سے قبل چھٹے برمین فلم فیسٹیول میں بہترین ادبی فلم اور آٹھویں ٹورینو انڈر گراؤنڈ فلم فیسٹیول میں بہترین فکشن اور بہترین فلم کے ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں۔

    ہدایت کار فیصل سوئیسال نے بہترین فلم کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کا مرکزی خیال سربرنیٹسا نسل کشی اور سربرنیٹسا کی مائیں نامی دستاویزی فلمیں بناتے ہوئے ان کے ذہن میں آیا۔

    فلم کی نمائش اس فیسٹیول میں 11 تا 17 اکتوبر اور 25 تا 30 اکتوبر کو فرینکفرٹ ترک فلم فیسٹیول میں جاری رہے گی۔

  • ترکی کا عالمی صوفی میلہ، سائرہ پیٹر کے نام، شاندار پرفارمنس پر شائقین  جھوم اٹھے

    ترکی کا عالمی صوفی میلہ، سائرہ پیٹر کے نام، شاندار پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے

    پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے مولانا رومی کا صوفیانہ کلام فارسی اور ترکش زبان میں گا کر میلہ لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ صوفی مولانا جلال الدین رومی کے جشن ولادت کے موقع پر ترکی کے شہر قونیا میں اٹھارواں شاندار انٹرنیشنل صوفی میوزک فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔

    صوفی میوزک میلے میں لبنان،اردن، تنزانیہ، کرغستان، آذربائیجان، ایران، انگلینڈ اور دیگر ممالک کے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ اس سال پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر کو لندن سے خصوصی طور پر آواز کا جادو جگانے کے لیے ترکی مدعو کیا گیا۔صوفی میلے میں عالمی شہرت یافتہ فنکار ایک ہفتے تک دنیا بھر کے صوفی شعراء کے کلام کا جادو جگاتے رہے، گلوکارہ زاہدہ وہاب، حنا الحمد، رجب سلیمان، سلامت صدیقہ اور ترکی کے مشہور فنکاروں نے رقص اور موسیقی کے رنگ بکھیر کر میلے کو چار چاند لگائے۔

    تاہم پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے مولانا رومی کا صوفیانہ کلام فارسی اور ترکش زبان میں گا کر صوفی میلہ لوٹ لیا،سائرہ نے بغیر کسی وقفے کے ڈیڑھ گھنٹے تک مختلف زبانوں میں پرفارم کیا، اس موقع پر آڈیٹوریم تالیوں سے گونجتا رہا جبکہ موسیقی کے دیوانوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔

    شاندار پرفارمنس کے بعد ترک حکومت کی جانب سے مولانا رومی کے مزار کے سجادہ نشی نے سائرہ پیٹر کو خصوصی شیلڈ اور مولانا رومی کی باسری کا تحفہ بھی پیش کیا۔

  • استنبول کا وہ مندر جہاں سے کوئی زندہ واپس نہیں آیا، لیکن کیوں؟

    استنبول کا وہ مندر جہاں سے کوئی زندہ واپس نہیں آیا، لیکن کیوں؟

    استنبول : ترکی کے ایک علاقے میں ایک ایسا قدیم ترین مندر بھی قائم ہے جس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہاں جانے والا کوئی بھی شخص زندہ نہیں رہا۔

    اس سلسلے میں مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ترکی کے اس قدیم مندر میں اس قدر اندھیرا ہے کہ کچھ بھی دیکھنا ناممکن ہے، لوگ اس مندر کو دوزخ کا دروازہ بھی کہتے ہیں۔

    حال میں ہی صوفیہ میوزیم کو مسجد میں تبدیل کرنے کی وجہ سے ترکی عالمی کی شہ سرخیوں میں تھا، یہ ملک اکثر دوسری بہت ساری وجوہات کی بناء پر بھی زیر بحث رہتا ہے۔

    ان میں سے ایک ترکی کا ایک مندر ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں جو بھی جاتا ہے فوری طور پر مرجاتا ہے۔ قدیم شہر ہیراپولس میں تعمیر کردہ اس ہیکل کو کا راز صرف دو سال قبل دنیا کے سامنے آیا ہے۔

    Turkey's mysterious 'portal to the underworld' - BBC Travel

    ایک زمانے میں ترکی کا ہیراپولیس شہر ان لوگوں کی توجہ کا مرکز تھا جو ایڈونچر پسند تھے، غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کا ایک گروپ وہاں آتا اور ایک خاص مندر میں جانے کی ہمت اور کوشش کرتا۔ جس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ جو بھی اس کے سائے کو چھوتا ہے اسے موت آ جاتی ہے۔

    کہا جاتا تھا کہ اس پراسرار مندر کے قریب جانے والے انسان ہی نہیں بلکہ جانور اور پرندے بھی مرجاتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس مندر کا معمہ مزید گہرا ہوتا چلا گیا۔

    بعد ازاں اسے پلوٹو کا مندر یعنی موت کے دیوتا کا مندر کہا جانے لگا، کئی صدیوں سے یہ خیال کیا جاتا تھا کہ موت کے خدا کی زہریلی سانس کی وجہ سے جو لوگ ہیکل میں جاتے ہیں یا اس کے آس پاس جاتے ہیں لقمہ ء اجل بن جاتے ہیں۔

    مسلسل اموات کی وجہ سے آس پاس کے لوگوں نے وہاں جانا چھوڑ دیا۔ اگرچہ سیاحوں نے وہاں جانے کی اکثر کوشش کی ہے لیکن انہیں مقامی لوگوں نے روک لیا۔

    یہاں تک کہ اگر کچھ سیاح یا ریسرچر مندر کے اسرار کا پتہ کرنے کے لئے اندر جانے کی کوشش کرتے تو مقامی لوگ انہیں ایک پنجرے میں قید پرندہ دیتے تاکہ وہ اس کی موت اپنی آنکھوں سے مندر کے احاطے میں دیکھ سکیں اور ایسا ہی ہوتا مندر کے صحن میں قدم رکھتے ہی پرندہ چند ہی منٹوں میں دم توڑ دیتا۔

    یہ خوفناک منظر دیکھتے ہی اندر جانے کی خواہش رکھنے والے بھی اپنا تجسس ختم کرکے واپس چلے جاتے، وقت کے ساتھ ساتھ مندر کی پراسراریت اور خوف بڑھتا چلا گیا۔

    ہیراپولیس شہر ایک قدیم رومن شہر ہے جو مرکز میں واقع ہے۔ اس چھوٹی سی جگہ میں بہت تنوع دیکھنے کو ملتا ہے، یہاں بنائے گئے گرم پانی کے چشمے بھی خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔

    یہ چشمے کیلشیئم سے بھر پور ہوتے ہیں جن سے ہر وقت پانی کے بلبلے اٹھتے رہتے ہیں، اسی سبب یہ شہر دوسری صدی میں ہی تھرمل اسپا کے طور پر مشہور تھا۔

    ہسٹری ڈاٹ کام کی ایک رپورٹ کے مطابق دور دراز سے لوگ اپنی بیماریوں کے علاج کے لئے اس شہر میں آتے تھے۔ خاص طور پر جوڑ اور جلد سے متعلق بیماریوں کو دور کرنے میں یہ چشمے بہت مشہور تھے۔

    رپورٹ کے مطابق اس دور میں اس شہر میں ایک تھیٹر بنایا گیا تھا جس میں لگ بھگ پندرہ ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ اس شہر کی شہرت کی ایک اور وجہ بھی تھی کہ یہاں پلوٹو مندر قائم تھا۔

    رومن داستانوں کے مطابق پلوٹو زمین کا بادشاہ تھا اس مندر کی تعمیر کس نے کی اس کے بارے میں ابھی تک کوئی خاص معلومات نہیں ہیں لیکن یہ بات یقینی ہے کہ یہ مندر لوگوں کے لئے مہلک تھا۔

    پہلی صدی قبل مسیح میں یونانی اسکالر اسٹربو نے اس ہیکل کے قریب جانے کی کوشش کی لیکن وہ دور ہی سے لوٹ آئے، انہوں نے لکھا ہے کہ ہیکل کے اندر اتنا دھواں ہے کہ اسے اندر سے نہیں دیکھا جاسکتا۔

    فروری2018 میں محققین پر یہ انکشاف ہوا کہ پراسرار مندر میں دھواں کیوں ہے؟ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ مندر کے نیچے غار میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کی ایک بڑی مقدار موجود ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہر کے قریب گرم پانی کے چشمے کے اندر سے دوسری مختلف قسم کی زہریلی گیسیں نکل رہی ہیں۔

    عام طور پر کاربن ڈائی آکسائیڈ اتنی خطرناک نہیں ہے لیکن جب تک اس کی فیصد متوازن ہے۔ صرف 10 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس ہی 30 منٹ کے اندر کسی شخص کو موت کے گھاٹ اتار سکتی ہے۔

    ہماری فضا میں یہ گیس 0.039 فیصد تک ہے، ہیکل کے احاطے میں اس کی مقدار91 فیصد ہے جو کہ بے حد مہلک ہے، یہ گیس آکسیجن سے ڈیڑھ گنا زیادہ بھاری ہے۔

    اس کی وجہ سے یہ زمین پہ نیچے رہتی ہے اور مندر کے اندر دھواں کا گہرا سایہ ہے، اس زہریلی گیس کی وجہ سے ہی یہاں آنے والے لوگ دم توڑ جاتے تھے۔

  • کابل ایئرپورٹ، ترکی نے شرط لگا دی

    کابل ایئرپورٹ، ترکی نے شرط لگا دی

    انقرہ: ترکی نے کابل ایئرپورٹ کو آپریٹ کرنے کے حوالے سے اہم شرط پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل طالبان کو ایک جامع حکومت تشکیل دینی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا افغانستان میں تمام عناصر کو شامل نہیں کیا گیا ہے، جب تک ایسا رہے گا ترکی کابل ہوائی اڈے کو آپریٹ نہیں کرے گا۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان حکومت زیادہ کشادہ اور جامع ہوئی تو ترکی اس وقت اپنا مؤقف بدل سکتا ہے۔ انٹرویو میں اردوان نے امید ظاہر کی کہ خواتین افغانستان میں عام زندگی کے ہر گوشے میں فعال طریقے سے شریک ہوں گی۔

    بیرونی دباؤ مسترد، رجب طیب اردوان کا فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان

    دوسری طرف افغانستان میں طالبان حکومت نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے، طالبان نے ان کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کا وعدہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پر تمام مسائل حل ہو چکے ہیں۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقاہر بلخی نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کی معطلی سے بہت سے افغان بیرون ملک پھنس کر رہ گئے ہیں اور لوگوں کو کام یا تعلیم کے لیے بیرون ملک سفر پر روانہ ہونے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

  • طالبان کی مدد کی درخواست ،  ترک صدر کا اہم بیان آگیا

    طالبان کی مدد کی درخواست ، ترک صدر کا اہم بیان آگیا

    انقرہ : ترک صدررجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے کابل ائیرپورٹ پرٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی درخواست سے متعلق فیصلہ نہیں کیا۔

    ‌تفصیلات کے مطابق ترک صدررجب طیب اردوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پرتکنیکی سپورٹ فراہم کرنےکاحتمی فیصلہ نہیں کیا، طالبان نےکابل ائیرپورٹ پرٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنےکی درخواست کی ہے اور کہاہم سیکیورٹی فراہم کریں گے آپ آپریٹ کریں۔

    ترک صدر نے کابل ائیرپورٹ پر مزید حملوں کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہم نے طالبان کی درخواست سے متعلق فیصلہ نہیں کیا۔

    یاد رہےطالبان نےترکی سے کابل ائیرپورٹ پر تیکنیکی مدد فراہم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترک فوج کو بھی 31 اگست کی ڈیڈلائن پر انخلا کرنا ہوگا ، جس پر ترک حکام نے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج کے انخلا کیلئے تیار ہیں تاہم طالبان کی درخواست پرحتمی فیصلہ 31 اگست کی ڈیڈلائن کے بعد کریں گے۔

    خیال رہے افغان دارالحکومت میں قائم ایئرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے، مارے جانے والوں میں 12 امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔

  • طالبان نے ترکی سے  مدد مانگ لی

    طالبان نے ترکی سے مدد مانگ لی

    کابل : طالبان نے ترکی سے کابل ایئرپورٹ کو کنٹرول کرنے میں مدد مانگ لی تاہم ترک حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کی درخواست پرحتمی فیصلہ 31 اگست کی ڈیڈلائن کے بعد کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان نےترکی سےکابل ائیرپورٹ چلانے کیلئے مدد مانگ لی اور غیر ملکی فوج کےانخلا کے بعدبھی ائیرپورٹ پر تیکنیکی مدد فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔

    افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ترک فوج کو بھی 31 اگست کی ڈیڈلائن پر انخلا کرنا ہوگا ، جس پر ترک حکام نے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے انخلا کیلئے تیار ہیں تاہم طالبان کی درخواست پرحتمی فیصلہ 31 اگست کی ڈیڈلائن کے بعد کریں گے۔

    دوسری جانب ترک وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ترکی نے کابل ائیرپورٹ سے اپنی فوج کا انخلا شروع کردیا ہے، طالبان کی پیشکش کے کچھ دیر بعد ہی ترکی نے اپنی فوج کا انخلا شروع کیا ہے ، آج 345 فوجی انقرہ پہنچ گئے ہیں۔

    ترک وزیر دفاع نے تعاون پر پاکستان اور تاجکستان کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے کابل ایئر پورٹ پر دہشت گردانہ حملے کے “شدید خطرے” کی وارننگ دیتے ہوئے شہریوں کو فی الحال کابل ہوائی اڈے کا رخ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    نیٹو کے ایک رکن ملک کے سفار ت کار نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبان نے ہوائی اڈے کے باہر سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم داعش کی جانب سے حملے کے خطرے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

  • ترکی کی مدد کو آنے والا روسی طیارہ حادثے کا شکار

    ترکی کی مدد کو آنے والا روسی طیارہ حادثے کا شکار

    انقرہ: ترکی میں آگ بجھانےکیلئےآنے والا روسی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی میں آگ بجھانے کیلئے آیا روسی فائر فائٹنگ طیارہ بی ای ٹو ہنڈرڈکریش کرگیا، طیارے میں آٹھ رکنی عملہ سوار تھا، جس میں پانچ روسی اور تین ترکش شہری شامل تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی طیارہ ترکی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کیلئے پانی بھر کر اُڑا لیکن مطلوبہ اونچائی تک پہنچنے سے پہلے ہی گرگیا، طیارے کی کریشن ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ نے جنگل میں پانی پھینکا پھر چٹانوں پرگرگیا ،اسی دوران مذکورہ علاقے سے کالے دھواں اٹھنے لگا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق عملے کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات نہیں حاصل ہوسکی ہیں۔

    یاد رہے کہ ترکی کے ایجیئن اور بحیرہ روم کے ساحل پر موجود سترہ صوبوں کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے، آگ کے لپیٹ میں آنے کے خدشے پر انطالیہ کے اٹھارہ گاؤں اور اضلاع خالی کرائے جاچکے ہیں جبکہ آدانا اور مرسین میں سولہ علاقوں سے لوگوں نے انخلا کردیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: خوفناک آتشزدگی کے پیچھے سازش؟ ترک صدر کا بڑا دعویٰ

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک میں آگ لگنے کے واقعات میں ممکنہ سازش پر برہمی کا اظہار کیا تھا، رجب طیب اردوان نے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اشارے ملے ہیں کہ آگ لگنے کے واقعات کے پیچھے کوئی سازش ہے۔

    ترک صدر نے کہا کہ اگر یہ ثابت ہوا کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے تو سازشی عناصر کا سینہ چیر دیں گے، چاہے اس کی کچھ بھی قیمت دینا پڑے۔

  • ترک حکومت کا  پاکستان سے آنے والے مسافروں  کیلیے بڑے ریلیف کا اعلان

    ترک حکومت کا پاکستان سے آنے والے مسافروں کیلیے بڑے ریلیف کا اعلان

    اسلام آباد : ترکی نے پاکستان سے ترکی آنے والے طلباء کے لیے ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی ختم کردی، طلباء کو نجی ہوٹلوں کے بجائے ہاسٹلوں میں قرنطینہ کرنے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں کورونا پابندیوں میں نرمی کیساتھ نئی سفری ہدایات جاری کردی، جس میں پاکستان سے آنے والے طلبا کیلیے قرنطینہ کی پابندی ختم کردی ہے۔

    نئے قوانین کا اطلاق 6 اگست سے یکم ستمبر تک ہوگا، جس میں طلباء کو 10 دن کے لیے نجی ہوٹلوں کے بجائے ہاسٹلوں میں قرنطینہ کرنے کی اجازت ہوگی۔

    طالب علموں کے قرنطینہ کیلئے استنبول اور انقرہ میں یونیورسٹی کے ہاسٹلز مختص کردیے گئے ہیں، طالبعلموں کو دستاویزات دکھانا ہوں گی کہ وہ ترکی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں، جس کے بعد ہی انھیں نجی ہوٹل میں قرنطینہ کی لازمی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    استنبول یا انقرہ کے علاوہ دیگر صوبوں کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلباء بھی استنبول یا انقرہ کے ہاسٹلوں میں قرنطینہ کے اختتام کے بعد ہی صوبوں کا سفر کرسکیں گے۔

    طلباء کے علاوہ پاکستانی جن کے پاس مستقل رہائش اور ورک پرمٹ ہے، انہیں اپنی رہائش گاہ پر خود کو قرنطینہ کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ پاکستان سے دورے یا سیاحت کے مقاصد کے لیے آنے والوں کو نامزد نجی ہوٹلوں میں قرنطینہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ترکی نے پاکستانیوں کیلئے نئی ہدایات جاری کی تھیں ، جس کے تحت غمسافروں کو 14 کے بجائے 10دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا جبکہ بنگلہ دیش ، برازیل ، ہندوستان ، نیپال ، جنوبی افریقہ ، اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں کیلئے قرنطینہ کی شرط 14روز ہی برقرار رکھا تھا۔

  • ترکی کے آسمان پر جلتا ہوا گولہ، کیا کسی میزائل اور سیٹلائٹ میں تصادم ہوا؟

    ترکی کے آسمان پر جلتا ہوا گولہ، کیا کسی میزائل اور سیٹلائٹ میں تصادم ہوا؟

    ترکی کے آسمان پر جلتے بھڑکتے سبز رنگ کے شہاب ثاقب نے خوف کی لہر دوڑا دی اور لوگ اسے اڑن طشتری سمجھ بیٹھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر ازمیر میں گزشتہ رات 2 بجے آسمان پر سبز رنگ کا جلتا ہوا گولہ دیکھا گیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آسمان سے ایک گولہ تیزی سے زمین کی طرف بڑھ رہا لیکن اچانک اس میں سبز رنگ کی آگ بھڑک اٹھتی ہے اور آسمان پر سبز رنگ چھا جاتا ہے۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ یہ شاید کوئی اڑن طشتری تھی جو بے قابو ہوگئی، کچھ افراد نے تبصرہ کیا کہ یہ کوئی میزائل تھا جو کسی سیٹلائٹ سے جا ٹکرایا ہے۔

    تاہم سوشل میڈیا پر ہی آسٹرو فزکس کے ایک پروفیسر نے اس کی وضاحت کردی۔

    پروفیسر کا کہنا تھا کہ خلا سے برسنے والے ٹکڑے اکثر زمین کی فضا میں داخل ہونے سے پہلے ہی جل جاتے ہیں اور یہ بھی انہی میں سے ایک تھا، جو ٹکڑا صحیح سلامت زمین پر گر جائے اسے شہاب ثاقب کہا جاتا ہے۔

    پروفیسر کے مطابق ہر سال جولائی اور اگست میں خلا سے پتھروں کی بارش ہوتی ہے اور فی گھنٹہ 50 شہاب ثاقب کے ٹکڑے زمین کی طرف گرتے ہیں لیکن زیادہ تر زمین کی فضا میں داخل ہونے سے پہلے ہی جل کر بھسم ہوجاتے ہیں۔

    پروفیسر کی اس وضاحت کے بعد خوفزدہ شہریوں کی کچھ تسلی ہوئی اور وہ پرسکون ہوئے۔