Tag: turkey

  • ترک صدر کا بڑا قدم، ایک اور اہم عہدے دار فارغ

    ترک صدر کا بڑا قدم، ایک اور اہم عہدے دار فارغ

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے محض 10 دس بعد مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی عہدے سے فارغ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 20 مارچ کو ترک صدر نے مرکزی بینک کے سربراہ ناصی اگبل کو اچانک عہدے سے برطرف کر دیا تھا، آج انھوں نے نائب گورنر مراٹ جینتاکایا کو بھی ہٹا دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نائب گورنر کو منگل کو آدھی رات کے بعد ملازمت سے برخاست کیا گیا۔

    مراٹ جینتاکایا استنبول اسٹاک ایکس چینج میں تجربہ کار بینکر تھے، جنھوں نے مرکزی بینک میں 2019 میں ملازمت کا آغاز کیا تھا، ان کی جگہ مصطفیٰ دمن کو مرکزی بینک کا نائب گورنر مقرر کیا گیا ہے۔

    مصطفیٰ دمن امریکی ملٹی نیشنل انویسٹمنٹ بینکنگ کمپنی کے سابق رکن رہ چکے ہیں۔

    بینک سربراہ کی برطرفی : ترک کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی

    خیال رہے کہ مرکزی بینک کے اصلاح پسند گورنر ناصی اگبل کو برطرف کرنے پر عالمی منڈی میں حیرت کی لہر دوڑ گئی تھی، اور ترک کرنسی لیرا کی قدر میں 15 فی صد گراوٹ بھی دیکھی گئی، تاہم ترک صدر نے انھیں افراط زر کی شرح 16 تک پہنچنے پر ان کے عہدے سے ہٹایا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک صدر نے سال 2019 کے وسط سے لے کر اب تک مرکزی بینک کے 3 سربراہان کو ان کے عہدوں سے اچانک برطرف کیا ہے۔

  • ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ازمیر: ترکی کے شہر ازمیر میں ایک بلی ممتا کی تڑپ لیے اپنے بیمار بچوں کو خود اسپتال لے آئی، اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کرنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق ازمیر کے ضلع کارابگلر کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے آنے والی ایک بلی نے لوگوں کے دلوں کو پگھلا دیا، بلی نے منہ میں اپنا بچہ پکڑا ہوا تھا اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کر رہی تھی۔

    اسپتال کے کیمرے سے لی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی اپنے بچے کو منہ میں اٹھا کر اسپتال کے دروازے سے اندر آتی ہے، اور دروازے پر کھڑے لوگ بلی کو راستہ دینے کے لیے ایک طرف ہو جاتے ہیں جب کہ کچھ لوگ دوسروں کو بلی کے لیے راستہ بنانے کا کہتے ہیں۔

    جب بلی کےبچوں کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کی آنکھوں میں انفیکشن ہو گیا ہے، جس پر جانوروں کے ڈاکٹر سے علاج کے لیے مدد طلب کی گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرس بلی کے بچوں کی آنکھوں میں دوا کے قطرے ڈال رہی ہے۔ ایک منظر میں بلی کے دونوں بچوں سے ڈاکٹر باتیں کر رہے ہیں۔

    مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپتال کے اسٹاف نے بتایا کہ وہ اکثر اس بلی کو کھانا اور دودھ دیتے رہتے تھے، جو پاس ہی سڑک پر کہیں رہتی ہے۔

    اسٹاف کا کہنا تھا کہ وہ صبح کے وقت مریض دیکھ رہے تھے جب یہ بلی اپنے بچے کو منہ میں دبائے آ گئی، اور وہ دیر تک میاؤں میاؤں کرتے ہوئے مدد مانگتی رہی، جسے دیکھ کر ہم دنگ رہ گئے، جب ہم نے احتیاط سے معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ انفیکشن کی وجہ سے بلونگڑا آنکھیں نہیں کھول پا رہا تھا۔

    بلی بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل ہوگئیں

    آئی ڈراپس ڈالنے کے بعد جب بلونگڑوں نے آنکھیں کھولیں تو ہم سب بہت خوش ہوئے۔ بعد ازاں ہم نے بلی کو اس کے بچوں سمیت مزید علاج کے لیے دوسرے شہر بھیج دیا۔

  • پی آئی اے نے ترکی کی سیر و سیاحت کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

    پی آئی اے نے ترکی کی سیر و سیاحت کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

    اسلام باد : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ترکی کے لیےبراہ راست فضائی سفر شروع کر نے کا اعلان کردیا ، مئی کے وسط سے ہفتہ وار 3 پروازیں استنبول کے لیے چلائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ترکی کے لیے براہ راست فضائی سفر شروع کر نے کا فیصلہ کرلیا ، پی آئی اےلاہور اور اسلام آباد سے استنبول پروازیں آپریٹ کر ے گی ، مئی کے وسط سے ہفتہ وار 3پروازیں استنبول کے لیے چلائے گی۔

    فضائی سفرکی بحالی سے پی آئی اے کو زرمبادلہ کے حصول میں پیش رفت ہوگی، پی آئی اے کا ترکی سیکٹر کئی سال قبل بند کیا گیا تھا۔

    خیال رہے گزشتہ دنوں وفاقی وزیر غلام سرور نے ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ سے ملاقات کی تھی ، جس میں ہوا بازی سمیت مختکف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکی کے مابین طویل المدت بھائی چارے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    گذشتہ روز (پی آئی اے) نے سیدوشریف ایئرپورٹ کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا ، پی آئی اے رواں ماہ کے آخری ہفتے اے ٹی آر طیارے کی ٹیسٹ فلائٹ کرے گا۔

    قومی ایئرلائن نے ٹیسٹ فلائٹ کے لیے سیدوشریف ایئرپورٹ پر انتظامات کی ہدایت کردی ، وفاقی حکومت سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ایئر پورٹ کو کھول دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ امن وامان کی صورتحال کے باعث سیدوشریف ایئرپورٹ کو2004میں بند کیا گیا تھا۔

  • ترکی میں روسی سفیر کا قتل : 5 ملزمان کوعمر قید

    ترکی میں روسی سفیر کا قتل : 5 ملزمان کوعمر قید

    استنبول : انقرہ کی ایک عدالت نے ترکی میں روسی سفیر آندرے کارلوف کے قتل کے الزام میں پانچ افراد کو عمر قید کی سزا سنادی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے صالح یلماز کو مجرم تسلیم کرلیا کیونکہ انہوں نے میلوت میرٹ الٹینتاس کو کارلوف کے قتل کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے دلائل اور ثبوتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یلماز کو دو بارعمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے علاوہ ساہین سوگٹ کو بھی اسی نوعیت کی سزا سنائی گئی ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق اس قتل میں ملوث ہونے پر عدالت کی جانب سے مزید تین ملزمان کو بھی عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ آندرے کارلوف کو سال 2016 میں انقرہ میں ہونے والی تصویری نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایک آف ڈیوٹی پولیس اہلکار نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ انقرہ پراسیکیوٹر کے دفتر نے ان ملزمان پر نومبر 2018میں فرد جرم عائد کی تھی۔

  • ترکی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیراٹھا دیا، بھارت سے بڑا مطالبہ

    ترکی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیراٹھا دیا، بھارت سے بڑا مطالبہ

    نیویارک : ترکی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیراٹھا دیا اور بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف عالمی سطح پر آوازیں اٹھنے لگیں، ترک وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کشمیرکا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر کا حل اقوم متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئیے۔

    ترک وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں میں نرمی کرے۔

    دوسری جانب سابق وزیراعلی مقبوضہ کشمیرفاروق عبد اللہ نے بھارت سے پاکستان کیساتھ مذاکرات کرنےکامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لداخ کی طرح کشمیر سے بھی فوج ہٹانے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں : مسئلہ کشمیر پر ترک وزیر خارجہ کا دو ٹوک مؤقف

    یاد رہے رواں سال جنوری میں کراچی میں ترکی کے نئے قونصل خانے کی عمارت کے افتتاح کے موقع پر ترک کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہکشمیر کاز پر ہمارا وہی مؤقف ہے جو پاکستان کا ہے اور پاکستان سے ہمارے تعلقات کسی تعارف کے محتاج نہیں۔

    خیال رہے مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسزکی درندگی عروج پرہے، ’’کنان‘‘ اور ’’پوشپورہ‘‘ گاوں میں تیس سال پہلے آج ہی کے دن قابض بھارتی فوج نے سو سے زیادہ خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

  • فوج کی واپسی : ترکی نے امریکہ کو بڑا جھٹکا دے دیا

    فوج کی واپسی : ترکی نے امریکہ کو بڑا جھٹکا دے دیا

    استنبول : ترکی نے امریکہ کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبیا کی حکومت کی منظوری تک ترک فوج لیبیا میں ہی رہے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدارتی ترجمان ابراہیم کالن نے  میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ترک حکومت کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔

    اس حوالے سے سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر لیبیا سے تمام غیر ملکی افواج کی واپسی پر زور دیا گیا ہے اور ترکی لیبیا میں نئے شامی مرسینریز بھیجنے کی تیاری کررہا ہے۔

    لبیا میں ترکی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں فوجیوں کی موجودگی نے لیبیا میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ہونے والے عبوری عمل کے دوران ملک کی عبوری حکومت کی کامیابی سے متعلق بحث کو جنم دیا ہے۔

    ماہرین نے تنبیہ کی ہے کہ غیر ملکی مداخلت سے لیبیا میں اقوام متحدہ کے سپورٹ مشن کے ملک میں لڑائی کرنے والے حلقوں کو روکنے کے کام میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔

    مڈل ایسٹ سینٹر فار رپورٹنگ اینڈ اینالیسز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سیتھ فرینٹزمن کا کہنا ہے کہ ترکی کو لیبیا میں اپنے کردار سے فائدہ ہے کہ وہ ملک میں کشیدگی اور ممکنہ سیاسی تصفیے کے نتائج پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔

    عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ، ‘ترکی نے لیبیا میں ڈرونز اور اسلحہ بھیج کر اسلحے پر پابندی کی خلاف ورزی کی۔ اب سوال یہ ہے کہ ترکی کی وجہ سے سیاسی حل نکلتا ہے یا نہیں۔’

    گذشتہ سال 23 اکتوبر کو طے پانے والی لیبین جنگ بندی کے معاہدے کے تحت لیبیا میں موجود مرسینریز اور غیر ملکی افواج کو تین مہینوں کے اندر واپس چلے جانا چاہیے تھا۔

    تاہم ترکی کا کہنا ہے کہ ترک فوج لیبیا کی عبوری حکومت، گورنمنٹ آف نیشنل اکارڈ، کے حمایتی حلقوں کو ملٹری ٹریننگ دے رہی ہے۔

    اس لیے ترکی نے ڈیڈلائن ختم ہونے کے باوجود اپنے فوج واپس بلانے سے انکار کردیا ہے۔ حال ہی میں تقریباً 1300لیبین افواج نے ترکی کی جانب سے کی جانے والی ٹریننگ مکمل کی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ ترکی پر دباوٗ ڈالا جا رہا ہے کہ نیگورنو کاراباخ اور لیبیا سے اپنی فوج واپس بلائے۔ آذربائیجان نے آرمینیا سے 30 سال بعد اپنے مقبوضہ علاقوں میں فتح حاصل کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ترکی چاہتا ہے کہ آذربائیجان ان علاقوں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے اور جب تک آذربائیجان ان علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل نہیں کر لیتا ترک فوج کاراباخ سے واپس نہیں آئے گی۔

  • پُر اسرار دھاتی ستون چار دن بعد غائب ہو گیا (ویڈیو)

    پُر اسرار دھاتی ستون چار دن بعد غائب ہو گیا (ویڈیو)

    انقرہ: ترکی میں چار دن قبل نمودار ہونے والا پُر اسرار دھاتی ستون اچانک غائب ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے قدیم ترین مقام پر پُر اسرار دھاتی ستون نمودار ہونے کے چار روز بعد غائب ہو گیا ہے، جس نے ماہرین کو پریشان کر دیا۔

    دنیا کے مختلف علاقوں میں نمودار ہونے والے پُر اسرار دھاتی ستونوں کا معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا ہے، یہ ایک عالمی پہیلی بن چکی ہے، پر اسرار دھاتی ستون کہاں سے آتے ہیں اور کہاں چلے جاتے ہیں، کچھ معلوم نہیں کیا جا سکا ہے۔

    جمعے کو ترکی کے جنوب مشرقی صوبے سنیلورفا میں قائم دنیا کے قدیم ترین مندر کے قریب بھی پُر اسرار دھاتی ستون نمودار ہوا تھا جس کی لمبائی 10 فٹ کے قریب جب کہ چوڑائی تین فٹ 2 انچ تھی۔

    دھاتی پلر پر گوک ترک کے الفاظ کندہ تھے جس کا مطلب ہے کہ اگر چاند کو دیکھنا ہے تو آسمان کی جانب دیکھنا ہوگا۔

    اطلاع ملنے پر مقامی لوگ بڑی تعداد میں دھاتی پلر کو دیکھنے کے لیے آئے، کئی افراد اسے دیکھ کر خوف زدہ بھی ہوئے، مقامی لوگوں نے سرکاری محکمے سے رابطہ کر کے دھاتی پلر سے متعلق اطلاع دی، جس پر حکام نے وہاں سیکورٹی اہل کار بھی تعینات کیے۔

    ترکی میں نمودار ہونے والے اس دھاتی ستون کی تحقیق کے لیے ماہرین نے اس کے نمونے بھی لے لیے تھے، تاہم اب یہ ستون اچانک غائب ہو گیا ہے۔

  • ترکی کے چاند پر جانے کے اعلان نے دنیا کو متاثر کر دیا

    ترکی کے چاند پر جانے کے اعلان نے دنیا کو متاثر کر دیا

    انقرہ: عالمی ذرائع ابلاغ میں ترکی کے خلائی پروگرام کے چرچے ہونے لگے ہیں کہ ترکی چاند پر جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی نے 2023 میں چاند پر لینڈنگ پر مبنی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے اعلان کردہ ’قومی خلائی پروگرام‘ کو ایسوسی ایٹڈ پریس اور روئٹرز سمیت امریکی و روسی ذرائع ابلاغ میں وسیع جگہ دی گئی ہے۔

    امریکی نیوز ایجنسی اے پی نے سرخی دی کہ ترکی نے 2023 میں چاند پر لینڈنگ پر مبنی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا، خبر میں کہا گیا کہ ترکی کا قومی خلائی پروگرام صدر اردوان کے وژن کا ایک حصہ دکھائی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ اردوان کا وژن ہے کہ ترکی جلد وسیع علاقائی و عالمی کردار ادا کرے گا۔

    2018 میں ترکی نے خلائی ایجنسی قائم کی تھی، اے پی نے کہا کہ قومی خلائی پروگرام سائنس دانوں کے لیے تحقیق کے نئے امکانات پیدا کرے گا، اور ملک سے باصلاحیت افراد کی دیگر ممالک کی طرف نقل مکانی میں کمی آئے گی۔

    برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ترکی کے قومی خلائی پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے سرخی جمائی کہ اردوان نے کہا ہے کہ ترکی 2023 میں چاند پر پہنچنے کا ہدف رکھتا ہے، خبر میں بتایا گیا کہ ترکی نے 8 جنوری کو امریکا کی ریاست فلوریڈا میں واقع کیپ کنیویرال بیس سے ترک سیٹ 5A نامی نئے سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا۔

    روسی ذرائع ابلاغ نے بھی ترک صدر رجب طیب اردوان کے متعارف کردہ قومی خلائی پروگرام کا جائزہ لیا، ریا نووستی نے سرخی جمائی کہ ترکی 2023 میں چاند پر خلائی گاڑی بھیجنے کا پروگرام رکھتا ہے۔ خبر ایجنسی نے لکھا کہ اردوان نے منصوبے کی تکمیل کے لیے ترک انجینئرز پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    تاس نیوز ایجنسی نے لکھا کہ ترکی خلا میں رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک خلائی بیس قائم کرنے کا پروگرام رکھتا ہے۔

  • ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    انقرہ: ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دوسری جانب ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹے کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر پہلے جھٹکے کی شدت 4.8 محسوس کی گئی جبکہ بعد میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 5.1 تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بحیرہ احمر میں یونان کے جزیرے میں 10 میل کی گہرائی میں تھا اور جھٹکے ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کے زلزلے نے ازمیر اور یونانی جزیرے ساموس کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ زلزلے سے ازمیر میں خوفناک تباہی ہوئی تھی جہاں زلزلے سے 117 افراد جاں بحق جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترک ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    حال ہی میں مقامی میڈیا میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آرہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہوگا اور خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔

  • ترکی نے چار ممالک سے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی

    ترکی نے چار ممالک سے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی

    استنبول : ترکی حکومت نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ترکی نے چار ممالک سے پروازوں کی آمد ورفت عبوری طور پر معطل کردی ہیں۔

    اس حوالے سے ترکی کے وزیر صحت فخرالدین قوجا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کی ساخت میں نئی تبدیلی آنے کے ساتھ ہی برطانیہ میں پھیلاؤ کی رفتار میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کی ہدایت اور وزارت انفرااسٹرکچر و مواصلات کی تدابیر کے تحت برطانیہ، ڈنمارک، ہالینڈ اور جنوبی افریقہ سے ہمارے ملک کو پروازوں کو عبوری طور پر معطل کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر صحت فخرالدین قوج نے کہا کہ ان تدابیر کے دائرہ کار میں اس وقت سفر میں ہونے والے تمام تر مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا اور قرنطینہ اصولوں پر عمل درآمد کیا جائیگا۔

    خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے برطانیہ میں تعین کردہ کورونا وائرس کی نئی تغیر شدہ ساخت کا ہالینڈ ، ڈنمارک اور آسڑیلیا میں بھی مشاہدہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔

    برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی دریافت نے پوری دنیا کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، کورونا کے اس نئے اسٹرین کو سپر اسپریڈر قرار دیا جا رہا ہے اس کی وجہ سے برطانیہ میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

    دوسری جانب بھارت نے بھی برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی اور خطرناک قسم کی دریافت کے بعد وہاں سے آنے والی سبھی پروازوں پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔