Tag: Turkey’s President Erdogan

  • ترک صدر نے برطانیہ کی پہلی ماحول دوست  مسجد کا افتتاح کردیا

    ترک صدر نے برطانیہ کی پہلی ماحول دوست مسجد کا افتتاح کردیا

    لندن : ترک صدر رجب طیب اردگان نے برطانیہ میں پہلی ماحول دوست مسجد کو باقاعدہ طور پر کھول دیا ، 23 ملین پاونڈز کی لاگت سے بننے والی اس ماحول دوست خوبصورت مسجد میں بیک وقت 1000 نمازی نماز پڑھ سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر کیمبرج میں پہلی ماحول دوست مسجد باقاعدہ طور پر کھول دی گئی ہے، جس کا افتتاح ترک صدر رجب طیب اردگان نے کیا۔23ملین پاونڈز کی لاگت سے بننے والی اس ماحول دوست خوبصورت مسجد میں بیک وقت 1000 نمازی نماز پڑھ سکیں گے۔

    اس کے زیرِ زمین کار پارک میں 82 گاڑیاں اور 300 سائیکلیں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔

    برطانیہ کی پہلی ماحول دوست مسجد کو مارکس بارفیلڈ آرکیٹیکٹس کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے اور مسجد کو ماحول دوست بنانے کیلئے ایسی لکڑی استعمال کی گئی ہے، جو ان جنگلات سے لی گئی ہے، جن میں درخت کاٹنے سے ماحول پر اتنا اثر نہیں پڑتا ہے۔

    مسجد کی چھت ایسے بنائی گئی ہے کہ سارا سال روشنی اندر آتی رہے، اس کی تعمیر میں کیمبرج شہر کے فنِ تعمیر، اسلامی آرکیٹیکٹ اور علاقے کی ضرورتوں کا خاص خیال رکھا ہے، جس کے باعث مسجد کو برطانیہ کی سب سے خوبصورت مسجد کہا جا رہا ہے۔

    خیال رہے برطانیہ میں رہائش پذیرمسلمانوں کیلئے وسیع مسجد کی ضرورت کیمبرج سینٹرل مسجد کی بنیاد بنی، اس مسجد کی تعمیر کے روح رواں ماضی کے عظیم گلوکار کیٹ اسٹیونز ہیں، جو اسلام قبول کر کے یوسف اسلام کہلائے۔

  • ترک صدر کا مشرقی بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

    ترک صدر کا مشرقی بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

    انقرہ : ترک صدر نے مشرقی بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کردیا۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکی جلد ہی مشرقی بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولے گا اور ساتھ ہی تمام مسلم ممالک سے بیت المقدس کو فلسطینی دارالحکومت تسلیم کرنے کی اپیل بھی کر دی ہے۔

    فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کئے جانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے ترکی سیکیورٹی کونسل میں تحریک پیش کرے گا اور اگر امریکا رکاوٹ بنا تو قرارداد جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔


    مزید پڑھیں : اسرائیل دہشتگرد ریاست ہے جو بچوں کو قتل کرتی ہے، رجب طیب اردوگان


    یاد رہے اس سے قبل استنبول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوگان نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جو بچوں کو قتل کرتی ہے۔

    دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے کیخلاف سلامتی کونسل میں رائے شماری آج متوقع ہے، قرارداد مصر کی جانب سے پیش کی گئی ہے، قرارداد کے مسودے میں بیت المقدس سے متعلق حالیہ فیصلوں پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متنازعہ معاملے پرواشنگٹن کے یک طرفہ فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

    مجوزہ قرارداد میں اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفارت خانے یروشلم منتقل کرنے سے گریز کریں، قرارداد پر امریکہ کی جانب سے ویٹو کئے جانے کا خدشہ ہے۔


    مزید پڑھیں : امریکا نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا


    واضح رہے کہ امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا، ٹرمپ کے فیصلے پر مسلمان ملکوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ مختلف شہروں میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔

    امریکا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کئی امریکی صدور نے اس اقدام کا سوچا تھا لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے اس لیے یہ معاملہ کافی برسوں سے التواء کا شکار تھا، جس پر میں آج سخت فیصلہ کرتے ہوئے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور اس مشکل کام کو انجام تک پہنچانے  پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔