Tag: Turkiye

  • ترکیہ کی بڑی کامیابی، فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کرلیا

    ترکیہ کی بڑی کامیابی، فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کرلیا

    ترکیہ نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی ساختہ فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کر لیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی دفاعی نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ترک صدر اردوان نے کہا کہ اسٹیل ڈوم ترکیے کی طاقت کا مظہر ہے۔

    ترکیہ کے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ڈوم ترک مسلح افواج کی طاقت بڑھانے اور ملکی دفاعی صنعت کی بلندی کی طرف قدم ہے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ جس ملک کے پاس اپنا ریڈار، فضائی دفاع اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نہ ہو، وہ مستقبل میں اپنے وجود کو محفوظ نہیں رکھ پائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 47 گاڑیاں شامل ہیں جن کی مالیت 460 ملین ڈالر ہے، جو ترکیے کے دوستوں کے لیے اعتماد اور دشمنوں کے لیے خوف کا سبب ہیں۔

    عالمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کار ایران واپس آگئے

    واضح رہے کہ ترک صدر اردوان کی حکومت نے گزشتہ سال اگست میں اسٹیل ڈوم کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد سمندری اور زمینی فضائی دفاعی پلیٹ فارمز اور سینسرز کو ایک نیٹ ورک میں ضم کرکے ترکیے کے فضائی حدود کا تحفظ کیا جاسکے۔

    ترکیے نے روس سے 2019 میں ایس400 میزائل سسٹم حاصل کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسے امریکی ایف-35 جیٹ پروگرام سے نکال دیا گیا تھا۔

  • ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا

    ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا

    انقرہ (02 اگست 2025): ترکیہ نے لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ایک جدید خود کار روبو ڈاگ متعارف کروا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک دفاعی کمپنی راکٹسان نے جدید آٹونومس روبو ڈاگ ’کوز‘ (Koz) متعارف کرایا ہے جو منی میزائلوں سے لیس ہے، اور یہ روبوٹ نہ صرف ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے بلکہ خودکار طور پر بھی کام کر سکتا ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کا پہلا روبوٹک کتا ہے جو گائیڈڈ میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے، جسے ترکی کی معروف دفاعی صنعت کار Roketsan نے تیار کیا ہے۔ استنبول میں حال ہی میں ہونے والے ایک بین الاقوامی دفاعی نمائش میں اسے پیش کیا گیا تھا۔

    روبو ڈاگ کو خاص طور پر مشکل اور ناہموار علاقوں میں مؤثر انداز میں کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کوز میں راکٹسان کے تیار کردہ 4 عدد لیزر گائیڈڈ میٹے میزائل نصب ہیں، جب کہ اس پر ایک الیکٹرو آپٹیکل نظام بھی موجود ہے، جو اسے جاسوسی اور حملے، دونوں قسم کے مشنز کے لیے مؤثر بناتا ہے۔


    چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں


    مشکل راستوں پر بہ آسانی چلنے کی صلاحیت، خودکار اور ریموٹ کنٹرول موڈ کے درمیان تبدیلی کی سہولت اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہونے کی وجہ سے ’کوز‘ کو جدید جنگی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    ترکی کی یہ دفاعی اختراع جدید جنگ کے معیارات میں ایک انقلابی تبدیلی کا اشارہ کر رہی ہے، جو بغیر پائلٹ چلتی ہے اور انسانی جانیں بچانے کے لیے ہدف پر بالکل درست حملے کرتی ہے۔

    استنبول کی توپ کاپی یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل Cihat Yayci نے کوز کو جدید جنگی کارروائیوں کے لیے ’’گیم چینجر‘‘ قرار دیا، اور کہا یہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے انقلابی ایجاد نہیں ہے بلکہ اس لیے ہے کہ اس سے انسانی زندگی پر بڑا اثر پڑے گا۔

    انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا روبوٹس کا مقصد خطرناک کاموں میں انسانوں کی جگہ لینا ہے، اور کوز کی وجہ سے ہم کسی ایک فوجی کی بھی جان کو خطرے میں ڈالے بغیر غاروں، عمارتوں اور اسنائپر سے متاثرہ شہری علاقوں کو صاف کر سکتے ہیں۔

  • تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے سے 16 افراد ہلاک

    تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے سے 16 افراد ہلاک

    ترکیہ اور یونان میں تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے سے دو خواتین سمیت 16 افراد جان سے گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ تارکین وطن کی کشتی چناق قلعہ کے شہر کے سمندری حدود میں ڈوبی ہیں۔

    دوسری کشتی یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، ڈوبنے والے 48 افراد کوبچا لیا گیا، حادثے کے شکار افراد کی شناخت کے بارے میں ابھی تک معلوم نہ ہوسکا۔

    خیال رہے کہ دسمبر 2024 میں جزیرے کریٹ کے قریب کشتی الٹنے سے 35 پاکستانیوں سمیت 40 افراد ڈوب گئے تھے۔

    نومبر 2024 کے اواخر میں ساموس اور لیسبوس جزیروں کے قریب دو کشتیاں ڈوبنے سے 6 بچوں اور 2 خواتین سمیت 9 تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال تقریباً 54,000 افراد یونان پہنچے، جن میں سے زیادہ تر افراد کشتیوں کے ذریعے پہنچ تھے۔

    امریکی ٹیرف کے جواب میں کینیڈا کا سخت ردِ عمل سامنے آگیا

    ریفیوجی سپورٹ ایجین (آر ایس اے) کی ایک رپورٹ کے مطابق 2024 میں بحیرہ ایجیئن میں کم از کم 171 افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے ہیں۔

  • پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یمامہ کا ترکیہ کی بندرگاہوں کا دورہ

    پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یمامہ کا ترکیہ کی بندرگاہوں کا دورہ

    پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یمامہ نے ترکیہ کی بندرگاہوں گلوچک اور اکساز کا دورہ کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفارت خانے کے عملے اور ترک بحریہ کے اعلیٰ حکام نے جہاز اور عملے کا استقبال کیا۔

    گلوچک میں کمانڈنگ آفیسر کی ترک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر اور گلوچک نیول بیس کے کمانڈر سے ملاقاتیں ہوئیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق قیام کے دوران ترکش نیوی فلیٹ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل نے پی این ایس یمامہ کا دورہ کیا، ترکش نیوی فلیٹ کے ڈپٹی کمانڈر کو جہاز کی صلاحیتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    اس موقعے پر پی این ایس یمامہ اور ترک بحریہ کے جہازوں کے درمیان بحری مشق ماوی وطن کا انعقاد کیا گیا، مشق کا مقصد دونوں بحری افواج میں باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت بڑھانا تھا۔

     پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی این ایس یمامہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور بحری تعلقات کو فروغ دیگا۔

  • اردوان زیلنسکی ملاقات، روس کا رد عمل

    اردوان زیلنسکی ملاقات، روس کا رد عمل

    ماسکو: کریملن نے اردوان اور زیلنسکی ملاقات پر کہا ہے کہ اسے بہ غور دیکھا جا رہا ہے، ادھر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نیٹو ممبر شپ کے لیے یوکرین کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر طیب اردوان کی استنبول میں یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں انھوں نے نیٹو ممبر شپ کے لیے یوکرین کی حمایت کی۔

    روس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ زیلنسکی اور ترکی کے اردوان کے درمیان ملاقات کا بہ غور جائزہ لیا جا رہا ہے، نیز روس اس ملاقات کو اہم سمجھتا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ  مذاکرات کے نتائج پر گہری نظر رکھی جائے گی۔

    دوسری طرف اردوان زیلنسکی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا، بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ترک صدر نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

    صدر اردوان نے کہا کہ یوکرین نیٹو میں شمولیت کا حق دار ہے، یوکرین اور روس کو امن مذاکرات کرنا چاہیے، انھوں نے مزید کہا کہ ترکیہ روس اور یوکرین میں جنگ ختم کرانے کے لیے کو ششیں جاری رکھے گا۔

  • اردوان مسلمانوں کیلئے طاقت کا ستون ہیں، وزیر اعظم کی مبارکباد

    اردوان مسلمانوں کیلئے طاقت کا ستون ہیں، وزیر اعظم کی مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اردوان مظلوم مسلمانوں کے لیے طاقت کا ستون ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے صدر اردوان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ پیارے بھائی رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر جمہوریہ ترکیہ کے صدر کا تاریخی انتخاب جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اردوان ترکیہ کے دوبارہ صدر منتخب ہوئے ہیں جو ایک بڑی تاریخی کامیابی ہے، صدر اردوان کی سیاست عوامی خدمت میں جڑی رہی ہے، وہ مظلوم مسلمانوں کے لیے طاقت کا ستون ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدراردوان مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے پرجوش آواز رہے ہیں، اردوان کی جیت ترک عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات بلندی کی جانب گامزن رہیں گے، صدر اردوان کے ساتھ کام کرنے کا شدت سے منتظر ہوں۔

  • ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے عام انتخابات میں‌اپنی جیت کا اعلان کر دیا۔

    ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ صدارتی الیکشن میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے، رجب طیب اردوان 49.49 فی صد ووٹ لے کر آگے ہیں، جب کہ اپوزیشن رہنما کمال قلیچ دار اوغلو 44.79 فی صد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ صدارتی اور پارلیمانی الیکشن میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 88 فی صد سے زائد رہا ہے۔

    گزشتہ دو دہائیوں سے حکمرانی برقرار رکھنے والے رہنما رجب طیب اردوان نے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنی جیت کا اعلان کیا، انھوں نے کہا ’’ترکیہ کے عوام نے ہمیں منتخب کر لیا ہے، ترکیہ اور اس کے عوام الیکشن جیت گئے، ترک عوام کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘‘

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ قوم کا فیصلہ سرکاری نتائج کے ساتھ ہی سامنے آ جائے گا، جس میں میں 50 فی صد سے زائد ووٹ لے کر انتخابات جیت جاؤں گا، ہم قومی رائے عامہ کا احترام کرتے رہیں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر کے حامیوں نے انقرہ میں آق پارٹی کے صدر دفتر کے باہر ایک پرجوش ریلی نکالی، اور وہ جیت کا جشن منا رہے ہیں۔ تاہم جس طرح ترکیہ میں دہائیوں بعد اتنے سخت مقابلے والے انتخابات لڑے گئے ہیں، صدر رجب طیب اردوان اور ان کے اہم حریف کے درمیان ’رن آف‘ کا امکان بڑھتا جا رہا ہے، یعنی دونوں کے درمیان اگر واضح فیصلہ نہ ہو سکا تو ایک بار پھر مقابلہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ اگر دونوں میں سے کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر پاتا تو دو ہفتوں کے اندر دوسری رائے شماری ہوگی۔

  • داعش کا مرکزی رہنما ابو حسین القریشی شام میں ہلاک، ترک صدر نے تصدیق کر دی

    داعش کا مرکزی رہنما ابو حسین القریشی شام میں ہلاک، ترک صدر نے تصدیق کر دی

    انقرہ: داعش کا مرکزی رہنما ابو حسین القریشی شام میں مارا گیا، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے تصدیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ ترک افواج نے ایک آپریشن کے دوران داعش رہنما کو ہلاک کر دیا۔

    انھوں نے کہا ’’ہماری انٹیلیجنس ایجنیساں طویل عرسے سے داعش رہنما کی تلاش میں تھیں، اب سے ہم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑائی بلا امتیاز جاری رکھیں گے۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ترکی کی جنگ یورپ کی سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، یورپ یا تو اس سے آگاہ نہیں ہے یا اس سے آگاہ ہونا ہی نہیں چاہتا ہے۔

    واضح رہے القریشی کو ابو الحسن الہاشمی القریشی کی موت کے بعد داعش کا سربراہ نامزد کیا گیا تھا، ابوالحسن الہاشمی القریشی گزشتہ سال اکتوبر میں شامی حر فوج کے ہاتھوں صوبہ دار میں ہلاک ہو گیا تھا۔

  • طیب اردوان یا کمال کوچ داروو، اوورسیز ووٹنگ جاری

    طیب اردوان یا کمال کوچ داروو، اوورسیز ووٹنگ جاری

    انقرہ: ترکیہ کے نئے حکمران کے انتخاب کے لیے اوورسیز ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جب کہ ترکیہ میں 14 مئی کو عام انتخابات کا دنگل سجے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں عام انتخابات کا دنگل سجنے کو ہے، جس کے لیے اوورسیز ووٹنگ کا عمل جاری ہے، صدارت کے لیے طیب اردوان اور کمال کوچ داروو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    لندن، برسلز اور برلن کے ترک سفارت خانوں میں ووٹ ڈالنے کے لیے قطاریں لگ گئی ہیں، اوورسیز ووٹنگ 9 مئی کو مکمل ہوگی، جس کے بعد بیلٹ باکس ترکیہ جائیں گے۔

    ترکیہ میڈیا کے مطابق الیکشن کے دن ترکیہ میں ووٹنگ کے ساتھ اوورسیز ووٹوں کی بھی گنتی کی جائے گی۔

  • وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترکیہ کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔

    حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے 47 کروڑ روپے ترک زلزلہ متاثرین کے لیے دیے گئے ہیں جبکہ 1 کروڑ روپے تنویر الیاس نے اپنی طرف سے عطیہ کیے۔

    تر ک سفیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ترک سفارت خانے میں شہدائے زلزلہ کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، مشکل کی گھڑی میں کشمیری عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے میں ترکیہ نے فراخدلی سے کشمیری عوام کی مدد کی تھی، حالات بہت مشکل ہیں لیکن ترک قوم کا عزم مضبوط ہے۔