Tag: Turkiye

  • ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    انقرہ: ترکیہ میں زلزلے میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کردیا گیا، 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق ترکیہ نے رواں ماہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے، دوسری جانب ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ترکیہ میں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ جمعے کی رات تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 218 ہوگئی جبکہ شام کے تازہ ترین اعلان کردہ اعداد وشمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 914 ہے۔

    ترک صدر رجب طیب اردوگان نے ایک سال کے اندر متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا وعدہ کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکام کو تعمیرات میں حفاظتی معیار کو رفتار سے پہلے رکھنا چاہیئے۔

    ترکیہ حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کئی پراجیکٹس کے لیے ٹینڈرز اور کنٹریکٹس کیے گئے ہیں، یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے اضافی خیمے بھیجے گئے ہیں، لیکن متاثرین نے شکایت کی ہے کہ ان کو ٹینٹس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ہاسا قصبے میں ایک اسکول کے باہر امداد حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے 67 برس کے میلک نے بتایا کہ ان کے 8 بچے ہیں اور وہ ایک خیمے میں رہ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بارشیں بھی جاری ہیں اور زمین بھی نم ہوچکی ہے۔

    ترکیہ حکومت کے ابتدائی منصوبے کے مطابق 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار مکانات تعمیر کیے جانے ہیں جن پر 15 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

    امریکا کے جے پی مورگن بینک کے تخمینے کے مطابق ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی رہائش گاہوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے 25 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

  • ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    اسلام آباد / انقرہ: ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے 21 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ امدادی سامان لے کر سب سے متاثرہ شہر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ترک زلزلہ متاثرین کے لیے ٹرکوں کا قافلہ امدادی سامان لے کر ملاتیا پہنچ گیا، قافلہ 21 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں 275 ٹن امدادی سامان موجود ہے۔

    پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ملاتیا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں سے ایک ہے، پاکستانی امدادی سامانِ ایران کے راستے ترکی پہنچا۔

    اب تک 20 پروازیں امدادی سامان ترکی لے کر پہنچی ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں۔

  • پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    اسلام آباد: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اب تک 4 ہزار خیمے اور 8 ہزار کمبل فضائی راستے سے جبکہ 3 ہزار خیمے اور 25 ہزار کمبل براستہ سڑک ترکیہ بھجوائے ہیں۔

    سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ریل، فضا، سمندر اور سڑک سے بھرپور امداد ترکیہ بھیج رہا ہے، آئندہ ہفتے مزید 4 ہزار کمبل لے کر خصوصی کارگو جہاز پاکستان سے ترکیہ پہنچے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کا جہاز جلد ہی کراچی سے 3 ہزار 500 خیمے لے کر ترکیہ روانہ ہوگا۔

    سفیر کے مطابق پاکستان دنیا میں خیمے بنانے والا بڑا ملک ہے اور ترکیہ کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ریسکیو ٹیموں نے 28 قیمتی جانیں بچائیں، ایک ٹیم نے 137 گھنٹے بعد ایک 10 سالہ بچے کو زندہ نکالا۔

  • رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے شہریوں نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے 2 کروڑ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا، امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان سے 2 کروڑ مالیت کا امدادی سامان شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

    تاجر برادری اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے 2 مال بردار ٹریلر پہلی امدادی کھیپ لے کر روانہ ہوگئے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے، دکھ کی گھڑی میں ترک اور شامی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

  • شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد اور فضائی پل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم جاری کیا ہے۔

    دونوں ممالک کے لیے دوائیں، طبی سامان اور انسانی ضروریات کی اشیا فضائی راستے سے ہنگامی بنیادوں پر بھیجی جائیں گی جبکہ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے ترکیہ، شام اور دونوں ملکوں کے برادر عوام سے رنج و ملال اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔

    سعودی عرب نے انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ممالک کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب، اس کے قائدین اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    علاوہ ازیں شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی پل کے ذریعے دوائیں، طبی ساز و سامان، خیمے، کھانے پینے کی اشیا اور لاجسٹک مدد ہنگامی بنیادوں پر روانہ کی جائیں۔

    شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے بتایا کہ فضائی پل قائم کرنے کا حکم سعودی قیادت نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے جذبے سے جاری کیا ہے۔

    سعودی قائدین چاہتے ہیں کہ شام اور ترکیہ میں ہولناک جانی و مالی نقصانات کے اثرات کم کرنے میں حصہ لیا جائے، تباہ کن زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے کھانے پینے کی اشیا، طبی سامان اور خیمے وغیرہ بھیجے جارہے ہیں۔

  • وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان

    وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فنڈ سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کی جائے گی، کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مخیر حضرات سے برادر ملک ترکیہ کی فراخدلانہ مدد کی اپیل بھی کی ہے۔

    خیال رہے کہ پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ پاکستان آرمی کی یو ایس اے آر ٹیم لے کر ترکیہ کے ادانہ ایئرپورٹ پر پہنچ چکا ہے، طیارہ نور خان بیس سے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم اور کمبل لے کر ترکیہ پہنچا ہے۔

    اسی پرواز میں حکومت پاکستان کی جانب سے کارگو ایڈ بھی بھیجی گئی ہے۔

    ایک اور سی 130 طیارہ خیمے اور کمبل کی پیکنگ مکمل ہوتے ہی آج ہی لاہور سے روانہ کیا جائے گا۔