Tag: tv actor

  • ٹی وی ڈراموں کا نوجوان اداکار ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    ٹی وی ڈراموں کا نوجوان اداکار ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    ممبئی : بھارتی ٹی وی کے 22 سالہ معروف اداکار ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، متوفی امان جیسوال مشہور پروگرام دھرتی پتر نندنی میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔

    مذکورہ بھارتی ٹی وی شو کے مصنف دھیرج مشرا نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی اور بتایا کہ امان جیسوال ایک آڈیشن کے لیے جا رہے تھے کہ جوگیشوری ہائی وے پر ان کی بائیک کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Dhiraj Mishra (@idhirajmisra)

    امان کے دوست ابھینیش مشرا نے میڈیا کو بتایا کہ اندوہناک حادثے کے بعد اداکار کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جان کی بازی ہار گئے۔

    مصنف دھیرج مشرا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں امان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ "تم ہمیشہ ہماری یادوں میں زندہ رہو گے، تمہاری موت سے ہم سب صدمے میں ہیں، الوداع۔

    ٹی وی اداکار جاں بحق

    واضح رہے کہ امان جیسوال کا تعلق اتر پردیش کے علاقے بلیا سے تھا۔ انہوں نے بھارتی ٹی وی شو دھرتی پتر انندنی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، مرحوم نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک ماڈل کے طور پر کیا۔

    مزید پڑھیں : معروف بھارتی اداکار دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی اداکار سدیپ پانڈے بھی 30 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا چھوڑ گئے تھے۔

    سدیپ نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز 2007 میں بھوجپوری فلم بھوجپوریا بھیا سے کیا، انہوں نے بہت سی بھوجپوری فلموں میں کام کیا۔ 2019 میں وہ ہندی فلم وی فار وکٹر میں نظر آئے، انہوں نے حال ہی میں پارو پٹنہ والی کے دوسرے حصے کی شوٹنگ شروع کی تھی۔

  • آڈیشن کے دوران ہونیوالی بے عزتی نہیں بھول سکتا، منیب بٹ

    آڈیشن کے دوران ہونیوالی بے عزتی نہیں بھول سکتا، منیب بٹ

    کسی بھی اداکار یا فنکار کو شہرت اور دولت پلیٹ میں رکھی ہوئی نہیں ملتی اس کیلئے مسلسل محنت لگن اور مستقل مزاجی بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

    اس جدوجہد کے دوران کچھ ناقابل برداشت رویے بھی سامنے آتے ہیں جنہیں ہر صورت جھیلنا پڑتا ہے، کچھ ایسا ہی معروف اداکار منیب بٹ کے ساتھ بھی ہوا، جس کا اظہار انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ کیریئر کے ابتدائی ایام میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جب آڈیشن کے دوران دل برداشتہ ہوکر وہاں سے بھاگ گیا تھا۔

    منیب بٹ نے بتایا کہ میں ایک آڈیشن کے سلسلے میں گیا تھا، جہاں میں ایک کرسی پر براجمان تھا کہ ایک شخص میرے پاس آیا اور کہا کہ یہاں سے اٹھ جائیں اور جگہ خالی کر دیں کیونکہ یہ کرسی اداکاروں کے لیے مختص ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں وہاں سے اٹھ گیا تو مذکورہ شخص نے مجھے فرش پر بیٹھنے کے لیے کہا اور میں نے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں اور میں وہاں فرش پر ہی بیٹھ گیا۔

    منیب بٹ کا کہنا تھا کہ بعد میں انہوں نے ایک ایسے شخص سے پانی کا گلاس مانگا جو غالباً وہاں کا پیون تھا لیکن اس نے بھی انکار کر دیا اور کہا کہ دروازے کے باہر گیٹ کیپر کے پاس رکھے کولر سے پانی پی لو۔

    انہوں نے کہا کہ اُس آڈیشن نے مجھے بہت مایوس اور افسردہ کردیا تھا اپنی اس ذلت میں گھر آکر بہت رویا لیکن میں نے اپنی اُس بےعزتی کو اپنی کمزوری نہیں بنایا بلکہ اپنی طاقت بنایا۔

    اُنہوں نے کہا کہ میں نے اُس دن خود سے عہد کیا کہ میں بھی ایک دن بڑا اداکار بنوں گا، اور الحمدللہ! آج میرے پاس عزت،شہرت، کیریئر سب کچھ ہے۔

  • جہاز میں موت کو قریب دیکھ کر کلمہ پڑھ لیا تھا، سمیع خان

    جہاز میں موت کو قریب دیکھ کر کلمہ پڑھ لیا تھا، سمیع خان

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع خان نے اپنی زندگی کا سب سے خطرناک واقعہ بیان کیا جس میں انہوں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا۔

    ایک نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سمیع خان نے بتایا کہ ایک مرتبہ بذریعہ جہاز کراچی سے لاہور جا رہا تھا کہ اس دوران مجھ سمیت تمام مسافر مرنے سے بال بال بچ گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں کراچی میں تھا اور عید کیلئے میں کراچی سے لاہور بذریعہ جہاز جارہا تھا اور جہاز میں میری ونڈو سیٹ نہیں بلکہ درمیان والی تھی۔

    سمیع خان نے بتایا کہ لاہور کا موسم بے حد خراب تھا وہاں طوفان آیا ہوا تھا، کھڑکی سے دکھائی سے رہا تھا کہ بارش ہو رہی ہے اور بجلی بھی خوب چمک رہی ہے اور ہمارا جہاز لینڈ کرنے کو تھا لیکن اچانک جہاز نے زور سے ہلنا شروع کردیا۔

    سمیع خان نے انکشاف کیا کہ اس ٹربلنس کو محسوس کرتے ہی میرے برابر میں بیٹھے شخص نے کھڑکی سے باہر دیکھا اور مجھے کہا کہ شاید جہاز کے ٹائر نہیں کھل رہے یہ سن کر میں نے کہا کہ تو پھر کلمہ پڑھ لیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ دیکھ کر مجھے اچانک یاد آیا کہ ایک سال قبل کراچی میں بھی ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا اور اس وقت موسم بھی خراب نہیں تھا اور اس وقت تو موسم بھی خراب ہے۔ جہاز جس طرح اوپر جا رہا تھا تمام مسافر کلمہ پڑھ رہے تھے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں وجہ نہیں بتائی گئی بس اعلان ہوا کہ لینڈ کرنا تھوڑا مشکل ہے اس لیے جہاز اسلام آباد لے جارہے ہیں۔

  • میری والدہ نے آخری بار مجھ سے کہا کہ اب ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ عمران عباس رو پڑے

    میری والدہ نے آخری بار مجھ سے کہا کہ اب ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ عمران عباس رو پڑے

    کراچی : پاکستان اور بھارت کی شوبز انڈسٹری میں اپنی شاندار کارکردگی کا لوہا منوالے والے پاکستانی اداکار عمران عباس اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں اداکار عمران عباس نے شرکت کی اور اپنے کیریئر کے ابتدائی ایام اور جدوجہد کے بارے میں ناظرین سے یادیں شیئر کیں۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے عمران عباس جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، فرط جذبات سے ان کی آنکھیں نم اور آواز بھرّا گئی۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار پانچ سالوں میں میرے ساتھ بہت کچھ ہوا ایک بہن چلی گئی والد اور والدہ کا بھی انتقال ہوگیا اور میں گھر میں اکیلا رہ گیا۔ والدہ بار بار شوٹنگ کے دوران فون کرتی تھیں کہ کب گھر آؤ گے؟

    عمران عباس نے بتایا کہ والدہ کی زندگی میں جب آخری بار لندن جارہا تھا تو انہوں نے مجھے بلایا تو بہن نے کہا کہ اسے بار بار تنگ نہ کیا کریں کام میں حرج ہوتا ہے تو انہوں نے مجھے کہا کہ پریشان نہ ہوا کر اب میں تجھے تنگ نہیں کیا کروں گی۔

    انہوں نے کہا کہ والدین کے جانے کے بعد ہی ان کی قدر کا احساس ہوتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ جیسے کچھ بچا ہی نہیں اپنی کامیابی کا کس کو بتائیں کس سے اپنے دل کا حال بیان کریں۔

  • یار آپ میں کچھ ہے !! نامعلوم شخص نے منیب بٹ کو چونکا دیا

    یار آپ میں کچھ ہے !! نامعلوم شخص نے منیب بٹ کو چونکا دیا

    کراچی : پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے بتایا ہے کہ ایک بار فٹبال کھیلتے ہوئے ایک شخص نے مجھ سے ایک بات کہی جسے سن کر میں چونک گیا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں ٹی وی اداکار منیب بٹ نے شرکت کی اور اپنے کیریئر کے ابتدائی ایام اور جدوجہد کے بارے میں ناظرین کو دلچسپ قصے سنائے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے اداکار بننے کیلئے جان توڑ کوششیں کیں، لائنوں میں لگ کر آڈیشنز دیا کرتا تھا، میرے پورے خاندان میں کوئی بھی اس فیلڈ میں نہیں لیکن میں نے باقاعدہ ایکٹنگ کی کلاسز لے کر اس شعبے میں قدم رکھا۔

    انہوں نے ایک قصہ سنایا کہ ہمارے محلے میں ایک شخص تھا ایک دن اس نے مجھے فٹبال کھیلتے ہوئے مخصوص انداز میں کہا کہ یار آپ میں کچھ ہے۔ میں نے پوچھا ایسا کیا ہے تو اس نے کہا کہ کچھ دن بعد ایک ٹی وی ایڈ کی شوٹنگ ہے تم آجانا۔

    جب میں صبح سات بجے اس جگہ پہنچا تو دیکھا چار کوسٹرز میں لڑکے بھرے ہوئے ہیں تو سوچا کہ کیا ان سب میں بھی کچھ بات ہے؟ بہر حال میں بھی سوار ہوگیا اور سیٹ پر جاکر معلوم ہوا کہ وہ شخص جونئیر فنکاروں کا کوآرڈینٹر تھا اس کا کام ہی یہی تھا کہ سب کو کہتا رہے کہ آپ میں کچھ ہے۔

  • اداکار آغا شیراز سے ملنے والا شخص جن تھا؟ زندگی کیسے بدلی

    اداکار آغا شیراز سے ملنے والا شخص جن تھا؟ زندگی کیسے بدلی

    کراچی : پاکستان ٹیلی وژن کے نامور اداکار آغا شیراز کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے سننے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔

    گزشتہ روز ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سال 2019 میں اپنے ساتھ پیش آنے والے عجیب و غریب واقعے کو ناظرین کے ساتھ شیئر کیا جس نے ان کی زندگی ہی بدل ڈالی۔

    انہوں نے بتایا کہ میں کراچی کے علاقے سی ویو کی ایک مسجد میں نماز عصر ادا کرنے گیا، نماز کے بعد سب لوگ جاچکے تھے اور مسجد کے صحن میں بیٹھ کر اللہ پاک سے دعا مانگنے لگا کہ اسی وقت مجھے محسوس ہوا کہ کسی شخص نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ پاس کھڑا ایک شخص مجھ سے کہہ رہا تھا کہ تو جو مانگ رہا ہے وہ تجھے ملے گا نہیں۔ اس نے مزید کہا کہ تم اس وقت دنیا داری کے لیے مسجد میں آئے ہو اللہ کی محبت میں نہیں جب تم اللہ کے لیے آؤ گے تو جو مانگو گے وہ دے گا اور مانگنے سے پہلے دے گا۔

    آغا شیراز نے بتایا کہ اس شخص نے مجھ سے کہا کہ جاؤ اور دوبارہ وضو کرکے نماز پڑھو اور پھر وہی دعا مانگو جس کی تمہیں ضرورت ہے وہ قبول ہوگی اور پھر دوبارہ (گناہوں والی زندگی کی جانب) مڑ کر مت دیکھنا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں اس وقت واقعی ایک خصوصی دعا مانگ رہا تھا جو میری شدید ضروت تھی کیوں کہ اس وقت کورونا وبا کی وجہ سے کام بند اور میں کافی مالی مشکلات کا شکار تھا۔

    میں نے اس شخص سے کہا کہ اچھا مجھے دعا مکمل کرلینے دیں پھر جب صرف درود شریف پڑھ کر برابر میں دیکھا تو وہ شخص غائب تھا حالاںکہ مسجد کا صحن اتنا بڑا تھا کہ وہاں سے کسی کا اتنی جلدی واپس چلے جانا ناممکن تھا۔

    آغا شیراز نے کہا کہ اس وقت کچھ فاصلے پر مسجد کے مؤذن کھڑے تھے میں نے ان سے اس شخص کے بارے میں پوچھا کہ وہ کہاں گیا تو انہوں نے کہا کہ میں خود بھی حیران تھا کہ آپ (اغا شیراز) کس سے باتیں کررہے ہیں۔

    اس کے بعد میں مؤذن کی ہدایت پر امام مسجد کے پاس چلا گیا اور پوری بات بیان کی۔ امام مسجد نے انکشاف کیا کہ جنات عصر کے وقت اس مسجد میں آکر اپنی جماعت کرتے ہیں اور میرا خیال ہے کہ آپ کو ابھی جو ہدایت ملی ہے آپ اس پر ہی عمل کریں۔

    آغا شیراز کے مطابق امام مسجد کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 سال میں آپ دوسرے شخص ہیں جس سے ان جنات میں سے کوئی مخاطب ہوا ہے اس کا مطلب ہے کہ اللہ آپ کے لیے کوئی بھلائی چاہتا ہے لہٰذا آپ بالکل ویسا ہی کریں جیسا آپ سے کہا گیا ہے۔

    آغا شیراز نے کہا کہ پھر انہوں نے دوبارہ وضو کیا اور دعا کی کہ یااللہ میرا مسجد میں آنے کا مقصد اگر پورا ہوجاتا ہے تو پھر میں توبہ کرلوں گا اور اپنی پچھلی زندگی والی بری عادات ترک کردوں گا پھر انہوں نے نماز دہرائی اور پھر دعا کے لیے ہاتھ ابھی اٹھائے ہی تھے کہ موبائل فون کی گھنٹی بج گئی۔

    وہ فون اسی شخص کا تھا جس پر ان کے 15 لاکھ روپے ادھار تھے اور وہ کئی روز سے مسلسل غائب تھا اور اس کا فون بھی بند رہتا تھا اور ان ہی پیسوں کے حصول کے لیے دعا مانگنے وہ اس دن مسجد آئے تھے۔

    آغا شیراز نے اس شخص کا نام لے کر کہا کہ میں نے اس کی کال اٹینڈ کی تو اس نے کہا کہ آپ کہاں ہیں میں نے کہا فلاں مسجد میں ہوں اس نے کہا کہ 15 منٹ رکیں میں آرہا ہوں پھر مقررہ وقت میں آگیا اور مجھ سے معذرت کی کہ وہ مشکلات میں تھا ملک سے باہر تھا اس لیے فون بھی بند تھا یہ کہہ کر اس نے پیسے ان کے حوالے کیے اور چلا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ گھر جاکر انہوں نے اس شخص کو دوبارہ فون کیا تو فون پھر بند تھا، انہوں نے مزید کہا کہ اس پر انہیں تشویش ہوئی اور انہوں نے فون کمپنی میں ایک دوست سے کہہ کر اپنا فون ڈیٹا نکلوایا تو مذکورہ کال سے پہلے اور بعد میں والدہ اور اہلیہ کی کالز کا ریکارڈ تو تھا لیکن درمیان میں اس شخص کی کال کا کوئی ریکارڈ ان کے ڈیٹا میں سرے سے نہیں تھا یعنی اس نمبر سے کوئی کال آئی ہی نہیں تھی اور وہ فون بھی آج تک بند ہے۔

    آغا شیراز نے کہا کہ اس دن کے بعد سے میں نے پھر اپنی کوتاہیاں کبھی نہیں دہرائیں الغرض سچے دل سے گناہوں سے توبہ کرلی۔ ان کے مطابق اس کے بعد سے ان کی زندگی بدل گئی اور اللہ سے ایک روحانی رابطہ بھی استوار ہوگیا۔

  • اداکار بننے کے لیے کیا کچھ کیا؟ منیب بٹ نے دلچسپ آپ بیتی سنا دی

    اداکار بننے کے لیے کیا کچھ کیا؟ منیب بٹ نے دلچسپ آپ بیتی سنا دی

    کراچی : پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں لائنوں میں لگ کر آڈیشنز دیا کرتا تھا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں منیب بٹ نے شرکت کی اور اپنے کیریئر کے ابتدائی ایام اور جدوجہد کے بارے میں ناظرین کو دلچسپ قصے سنائے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے اداکار بننے کیلئے جان توڑ کوششیں کیں میرے پورے خاندان میں کوئی بھی اس فیلڈ میں نہیں لیکن میں نے باقاعدہ ایکٹنگ کی کلاسز لے کر اس شعبے میں قدم رکھا۔

    اداکار منیب بٹ نے بتایا کہ ایک بار اے آر وائی کے ڈرامے ’محمود آباد کی ملکائیں‘ کے نام سے ڈرامے کے آڈیشن ہورہے تھے اور وہاں 40 سے 50 لوگوں کے ساتھ لائن میں لگ کر میں بھی آڈیشن دیا تھا اور اس طرح کے کئی پروڈکشنز ہاؤسز میں جا جا کر کوششیں کیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں نے میڈیا اسٹڈیز میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے اور سال 2012میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

    منیب بٹ نے بتایا کہ کئی سال تک بہت سارے مشہور برانڈز کے لیے کمرشل ماڈل کی حیثیت سے کام کرنے کے بعد پہلی بار 2012 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل باندی سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔

  • اداکار جمال شاہ کی چار سال بعد ٹی وی ڈرامے میں واپسی

    اداکار جمال شاہ کی چار سال بعد ٹی وی ڈرامے میں واپسی

    کراچی : پاکستان ٹیلی وژن کے معروف لیجنڈری اداکار جمال شاہ نے انڈسٹری سے چار سال کے عرصے کے بعد اے آر وائی کے ڈرامے ’تیرے عشق کے نام ‘ میں کردار ادا کرنے کی اہم وجہ بیان کردی۔

    اداکار جمال شاہ نہ صرف ایک بہترین اداکار ہیں بلکہ ڈائریکٹر، پینٹر، مجسمہ ساز اور سوشل ورکر بھی ہیں، گزشتہ برس اداکار جمال شاہ کو ان کی بہترین کارکردگی کی اعتراف میں فرانس کے ممتاز ایوارڈ نائٹ آف دی آرڈر آف آرٹس اینڈ لیٹرز” سے بھی نوازا گیا۔

    اداکار جمال شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں خصوصی شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے شاندار ماضی اور ملک کیلیے اپنی خدمات کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں حادثاتی طور پر اداکار بنا ویسے میں بنیادی طور پر ایک پینٹر ہوں اپنے ماضی کے حوالے سے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹو کے دور میں محکمہ پولیس میں بھرتیاں آئیں تو میں نے اپنے والد سے وہاں نوکری کیلئے مشورہ کیا تو میرے والد جو خود ایک ریٹائرڈ پولیس آفیسر تھے انہوں نے صاف منع کردیا کہ کچھ بھی کرلو لیکن پولیس میں کبھی مت جانا۔

    شوبز انڈسٹری میں واپسی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں جمال شاہ نے کہا کہ چار سال کے طویل وقفے کے بعد دوبارہ ایک ٹی وی ڈرامے’تیرے عشق کے نام ‘میں کام کرنے کی حامی بھری ہے جو اے آر وائی سے آن ایئر ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ تقریباً 35 اسکرپٹس مسترد کرنے کے بعد مجھے اے آر وائی کے اس ڈرامے کا اسکرپٹ بہت اچھا لگا جو میرے مزاج اور میری پسند کے عین مطابق ہے، میں نے جتنے بھی اسکرپٹس پڑھے ان سب میں یہ بات نہیں تھی جو اس میں ہے کیونکہ اس ڈرامے میں معاشرے کی سچائی کی عکاسی کی گئی ہے جو حقیقت سے بہت قریب تر ہے۔

  • معروف ٹی وی اداکارہ خالدہ ریاست کی 19ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    معروف ٹی وی اداکارہ خالدہ ریاست کی 19ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    لاکھوں لوگوں کا دل عمدہ پر فارمنس سے جیتنے والی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کو بچھڑے انیس برس بیت گئے۔

    اپنی دلفریب اداکاری کے باعث مداحوں کو متاثر کرنے والی ماضی کی مشہور اداکارہ خالدہ ریاست نے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری میں مختلف کردار نبھا کر خود کو منوایا، خالدہ ریاست یکم جنوری انیس سو تیرپن میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔

    خا لدہ ریاست نے اپنے کرئیر کا آغاز 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن پر ڈرامہ سیریل "نامدار” سے کیا، جس میں ان کے ہمراہ اداکار شکیل نے اہم کردار ادا کیا لیکن انہیں مقبولیت معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین کی تحریر کردہ ڈرامہ سیریل ‘بندش‘ سے ملی، جس کو پی ٹی وی ڈرامہ پروڈیوسر محسن علی نے پروڈیوس کیا تھا۔

    ان کے مشہور ڈراموں میں کھویا ہوا آدمی، دھوپ دیوار، سلورجوبلی، تعبیر ، پناہ ، بندش ، ہاف پلیٹ اور پڑوسی شامل ہیں۔

    خالدہ ریاست نے نہ صرف سنجیدہ کردار ادا کیے بلکہ مزاحیہ اداکاری میں بھی خود کو منوایا، خالدہ ریاست کي آخری ڈرامہ سيريل پڑوسی تھی جس کے بعد انہوں نے فنی دنيا سے کنارہ کشی اختيار کرلی۔

    http://www.dailymotion.com/video/x23ak1o_khalida-riyasat-late-and-anwar-maqsood-in-ptv-silver-jubilee-program_shortfilms

    لوگوں کو خوشیاں دینے والی یہ باصلاحیت اداکار  کینسر جیسے موذی مرض سے لڑتے لڑتے 26اگست 1996 کو اپنے خالق حقیقی سے جاملی لیکن ٹیلی ویژن کے لیے دی جانے والی انکی خدمات آج بھی انھیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

  • معروف اداکارمانی کے والد ’ثاقب شیخ‘انتقال کرگئے

    معروف اداکارمانی کے والد ’ثاقب شیخ‘انتقال کرگئے

    کراچی: پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف فن کارثاقب شیخ آج کراچی میں انتقال کرگئے۔

    معروف اداکار ثاقب شیخ مقبول ٹی وی اینکرسلمان ثاقب عرف مانی کے والد تھے۔

    ثاقب شیخ کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ مسجد بلال فیز 7، ڈی ایچ اے کراچی میں ادا کی جائے گی۔

    مرحوم نے سوگواروں میں 2 بیٹے اور ایک بیٹی اپنے پیچھے چھوڑے ہیں۔