Tag: TV Reporter

  • مناسب کوریج نہ ملنے پر ڈرگ مافیا کی ٹی وی اینکر کو قتل کی دھمکی

    مناسب کوریج نہ ملنے پر ڈرگ مافیا کی ٹی وی اینکر کو قتل کی دھمکی

    میکسیکو سٹی: میکسیکو میں ڈرگ مافیا نے مناسب کوریج نہ ملنے پر ایک مقامی چینل سے شکایت کرتے ہوئے اس کی خاتون اینکر کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو میں طاقتور ڈرگ مافیا نے ایک غیر معمولی اقدام میں ٹی وی کی نیوز اینکر کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    وائرل کی گئی ایک ویڈیو میں اپنے چہروں کو چھپائے افراد بھاری اسلحہ اٹھائے ایک شخص کے گرد کھڑے ہیں جو ایک کرسی پر بیٹھا پیغام پڑھ رہا ہے۔

    ویڈیو میں وہ شخص دعویٰ کر رہا ہے کہ پیغام روبن اوسگیورا سروانتز المعروف ال منچو کی طرف سے ہے جو ڈرگ مافیا کے بڑے کارٹل جالسکو نیو جنریشن کے لیڈر ہیں۔ یہ بات واضح نہیں ہے کہ پیغام پڑھنے والا خود روبن اوسگیورا ہے۔

    پیغام میں ملک کے ایک بڑے ٹی وی چینل میلینیو سے شکایت کی جا رہی ہے کہ وہ میچواکان ریاست میں جالسکو کارٹل کے خلاف لڑنے والے گروپ کی حمایت کررہا ہے۔

    اسلحہ بردار مافیا کی ویڈیو میں ٹی وی چینل کی خاتون اینکر میلینو اورستی کا نام لے کر کہا جا رہا ہے کہ ان کو قتل کر کے اپنے ہی کہے الفاظ چبانے پر مجبور کیا جائے گا۔

    ویڈیو میں پیغام پڑھنے والا شخص الزام عائد کر رہا ہے کہ ان کے خلاف لڑنے والا گروپ دراصل ڈرگ ٹریفکنگ میں ملوث ہے جن کے پاس ایسا اسلحہ ہے جو صرف فوج کے زیر استعمال ہے، ویڈیو میں ریاست میچواکان میں ایک دہائی قبل سیلف ڈیفنس فورس قائم کرنے والے ہیپولیٹو مورا کا نام بھی لیا گیا۔

    ویڈیو میں خود کو جالسکو گروپ کا نمائندہ ظاہر کرنے والا شخص کہتا ہے کہ ان کے پیغام کا مقصد اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنا نہیں بلکہ برابری کی بنیاد پر میڈیا کوریج کو یقینی بنانا ہے۔

    میلینیو ٹی وی چینل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی خاتون صحافی کے ساتھ کھڑا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے میلینو اورستی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

    چینل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی گروپ کی حمایت نہیں کی۔

    دوسری جانب صدارتی ترجمان جیسس رامریز کیواس نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران اکثر اوقات رپورٹرز اور نیوز اینکرز کے ساتھ عجیب و غریب واقعات پیش آجاتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک رپورٹر اپنے موبائل فون سے محروم ہوگیا۔

    یہ واقعہ ارجنٹینا میں پیش آیا جہاں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کے رپورٹر ڈیاگو ڈمکرو براہ راست جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

    ٹی وی پر براہ راست جانے سے چند سیکنڈز قبل رپورٹر اپنا فیس ماسک اور مائیک ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نے اس کے ہاتھ پر جھپٹا مار کر موبائل فون چھینا اور رفو چکر ہوگیا۔

    رپورٹر مائیک سمیت اس شخص کے پیچھے دوڑ پڑتا ہے، اس کے ساتھ سڑک پر موجود اور بھی کئی راہ گیر چور کے پیچھے بھاگتے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ان میں سے ایک شخص نے چور کو جا لیا اور رپورٹر کو اس کا موبائل واپس مل گیا۔ واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بھی اپ لوڈ کردی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر کو گھونسا پڑ گیا

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر کو گھونسا پڑ گیا

    ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک رپورٹر کو ٹی وی پر براہ راست نشریات کے دوران ایک شخص نے گھونسا دے مارا جسے لاکھوں لوگوں نے ٹی وی پر دیکھا۔

    روس میں سالانہ ایئربورن ٹروپس ڈے کے موقع پر ایک ٹی وی چینل کا رپورٹر ایک پارک سے براہ راست رپورٹنگ کر رہا تھا جہاں کئی سابق پیراٹروپرز اپنی فرصت کے لمحات گزار رہے تھے۔

    اسی دوران ایک فربہ شخص رپورٹر کے قریب آیا۔ رپورٹر نے اس شخص کو دور رہنے کا کہا تاکہ وہ کیمرے کے فریم سے باہر نکل جائے۔

    لیکن اس شخص نے رپورٹر کی بات ماننے کے بجائے اس کے منہ پر گھونسا دے مارا جو ٹی وی پر بھی براہ راست نشر ہوگیا۔

    روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے تھوڑی دیر بعد ہی حملہ آور کو گرفتار کرلیا جو نشے میں تھا اور اپنے حواسوں میں نہیں تھا۔

    گھونسے کی ویڈیو نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان پیراٹروپرز کو مورد الزام ٹھہرایا جو سر عام شراب پی کر وہاں سے گزرنے والے افراد کو ہراساں کر رہے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔