Tag: TV Series

  • لارڈ آف دی رنگز ٹی وی شو کی صورت میں پیش کیا جائے گا

    لارڈ آف دی رنگز ٹی وی شو کی صورت میں پیش کیا جائے گا

    مشہور فلم سیریز لارڈ آف دی رنگز ٹی وی شو کی صورت میں اگلے برس ستمبر میں پیش کیا جائے گا، یہ ٹی وی شو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمیزون پر پیش کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایمیزون کی اربوں ڈالر لاگت سے تیار ہونے وال سیریز دی لارڈ آف دی رنگز کا ٹی وی ورژن ستمبر 2022 میں شروع ہوگا۔

    اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمیزون نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں پہلے سیزن کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور پلیٹ فارم کی جانب سے شو کی کچھ تصاویر بھی ریلیز کی گئی ہیں۔

    ایمیزون اسٹوڈیوز کی سربراہ جینییفر سالک نے ایک بیان میں کہا کہ یہ سفر 2 ستمبر 2022 کو ہماری اصل دی لارڈ آف دی رنگز سیریز کے پریمیئر کے ساتھ شروع ہورہا ہے۔

    نیوزی لینڈ کے سرکاری عہدیداران کے مطابق ایمیزون شو کے پہلے سیزن کی شوٹنگ پر تقریباً 46 کروڑ 50 لاکھ ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ایمیزون شو کے 5 سیزنز بنانے کی توقع کررہا ہے، جس کے بعد یہ اب تک کی سب سے مہنگی ٹی وی سیریز بن جائے گی۔

    ایمیزون کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پہلا سیزن 240 سے زائد ممالک میں دستیاب ہوگا، جس کی نئی اقساط ہفتہ وار ریلیز ہوں گی۔

    اس سیریز کا پلاٹ مصنف جے آر آر کی کتابوں دی ہوبٹ اور دی لارڈ آف دی رنگز میں بیان کردہ ہزاروں سال قدیم واقعات سے متعلق تصوراتی دنیا پر مبنی ہے۔

  • آئن اسٹائن کے نظریات پر مبنی ٹی وی سیریز

    آئن اسٹائن کے نظریات پر مبنی ٹی وی سیریز

    نیویارک: معروف سائنس دان آئن اسٹائن کی زندگی پر مبنی ٹی وی سیریز ’جینیئس‘ بہت جلد نشر کردی جائے گی جس میں آئن اسٹائن کی ذہانت اور ان کے پیش کیے گئے نظریات کو موضوع بنایا گیا ہے۔

    نیویارک میں ٹی وی شو کے پروڈیوسر رون ہاورڈ نے شو کے لانچ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے آئن اسٹائن کی ذہانت سے بے حد متاثر تھے اور یہی وجہ ہے کہ وہ آئن اسٹائن کو اب ایک عام فہم انداز میں پیش کر رہے ہیں۔

    نیشنل جیوگرافک سے نشر کی جانے والی اس سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ جدید سائنس کا رخ تبدیل کردینے والے نظریات کو پیش کرنے کے دوران، اور اس سے قبل آئن اسٹائن کو کیا جدوجہد کرنی پڑی اور کس کس طرح وہ سوچ، فکر اور عقل کے سفر کے مراحل سے گزرے۔

    سیریز میں آئن اسٹائن کی ذاتی اور ازدواجی زندگی کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے کہ دنیا کے ذہین ترین انسانوں میں سے ایک اس شخص نے اپنی ذاتی زندگی اور رشتوں کے معاملات کو کس طرح سے سنبھالا۔

    ٹی وی سیریز کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے، ’آئن اسٹائن صرف ایک سائنس دان ہی نہیں بلکہ وہ ایک فلسفی اور انسان دوست شخص تھا‘۔

    جینیئس دراصل آئن اسٹائن کی سوانح حیات پر مبنی کتاب ہے جو سنہ 2007 میں امریکی مصنف والٹر آئزکسن نے تحریر کی۔ یہ ٹی وی سیریز اسی سوانح حیات سے ماخوذ ہے۔

    یاد رہے کہ آئن اسٹائن کا شہرہ آفاق نظریہ، نظریہ اضافت ہے جس میں انہوں نے کائنات اور زمین کے تعلق کے مختلف پہلوؤں کو واضح کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔