Tag: TWEET

  • ملک میں اس وقت تاریخ کا سب سے بلند بجٹ خسارہ ہے: مفتاح اسماعیل

    ملک میں اس وقت تاریخ کا سب سے بلند بجٹ خسارہ ہے: مفتاح اسماعیل

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ خسارہ اور سب سے زیادہ تجارتی خسارہ اور بلند ترین مہنگائی ہے اور اسد عمر صاحب کہہ رہے ہیں کہ معیشت اچھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ خسارہ اور سب سے زیادہ تجارتی خسارہ، بلند ترین مہنگائی، گندم اور چینی جو ہم برآمد کرتے تھے درآمد کرنے پر مجبور ہیں۔

    مفتاح اسماعیل نے کہا کہ روپے کی قیمت میں تاریخی کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ کمی اور اسد عمر صاحب کہہ رہے ہیں کہ معیشت اچھی ہے؟

    انہوں نے مزید کہا کہ غلط بیانی کی بھی حد ہوتی ہے۔

    دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے بعد 4 ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر 5 ارب ڈالر سے کم ہوگئے، زرمبادلہ ذخائر کا تقریباً ایک چوتھائی صرف 4 ہفتے میں چلا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ مصنوعی حکومت جتنی دیر رہے گی اتنا ہی معاشی بحران شدید ہوگا۔

  • ’ضمانت پر رہا افراد کابینہ میں شامل، پرانے پاکستان میں خوش آمدید‘

    ’ضمانت پر رہا افراد کابینہ میں شامل، پرانے پاکستان میں خوش آمدید‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کابینہ میں 100 فیصد اراکین ضمانت پر ہیں، پرانے پاکستان میں خوش آمدید۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے نئی کابینہ کے ارکان پر سخت تنقید کی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہماری نئی کابینہ کےحالات دیکھیں، شازیہ مری پر جعلی ڈگری کا کیس ہے، قادر پٹیل پر ہاکس بے اراضی کا کیس ہے اور خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف ضمانت پر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حنا ربانی پر بجلی چوری کا کیس ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 100 فیصد اراکین ضمانت پر ہیں، پرانے پاکستان میں خوش آمدید۔

    خیال رہے کہ نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی 34 رکنی وفاقی کابینہ آج حلف اٹھانے جارہی ہے، کابینہ میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، جاوید لطیف اور دیگر شامل ہیں۔

  • ‘پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا’

    ‘پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا’

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کے اعلان کو واپس لیے جانے کے فیصلے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں عثمان بزدار نے وزیراعظم شہباز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ پچھلےسال پی ٹی آئی حکومت نے تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا، 10 فیصد بنیادی تنخواہ میں اضافے کے ساتھ 25 فیصدالاؤنس شامل تھے جبکہ اس سال وفاق میں مزید 15 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن ہوچکا تھا۔

    عثمان بزدار نے اپنے ٹوئٹ میں ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے کیا گیا ٹوئٹ بھی شامل کیا ہے جس میں ن لیگی رہنما نے کہا تھا کہ کوئی یو ٹرن نہیں ہے۔

    مفتاح اسماعیل نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کے فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے لکھا تھا کہ فیڈرل گورنمنٹ ملازمین کی تنخواہیں چند ماہ قبل ہی بڑھائی گئی تھیں، اس لیے فیڈرل گورنمنٹ کی تنخواہیں دوبارہ نہیں بڑھا رہے۔

  • اب تبدیلی نہیں انقلاب آرہا ہے، پی ٹی آئی سینیٹر

    اب تبدیلی نہیں انقلاب آرہا ہے، پی ٹی آئی سینیٹر

    پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اب تبدیلی نہیں آرہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، عمران خان کی زیر قیادت اس مہم کا آغاز انشا اللہ کل پشاور سے ہوگا۔

    پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ اب تبدیلی نہیں آرہی بلکہ انقلاب آرہا ہے۔

    فیصل جاوید نے مزید لکھا ہے کہ عمران خان کی زیرقیادت اس مہم کا آغاز انشااللہ کل پشاور سے ہوگا جبکہ پشاور کے بعد تحریک انصاف کے گرینڈ جلسے کراچی اور لاہور میں ہونگے۔

     

    انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آئیے نئے انتخابات کیلئے مہم کا حصہ بنیں اور امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیں۔

  • عمران کو مقدم قوم کی خودداری: مراد سعید کا شاعرانہ ٹویٹ

    عمران کو مقدم قوم کی خودداری: مراد سعید کا شاعرانہ ٹویٹ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے شاعرانہ ٹویٹ کردیا جس میں انہوں نے اپوزیشن کو امریکا کی یاری کی صدا لگانے والا قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شاعرانہ ٹویٹ کردیا۔

    انہوں نے موجود صورتحال پر اپوزیشن کو نسانہ بناتے ہوئے لکھا، عمران کو مقدم قوم کی خودداری، وہ بضد ہیں کہ قوم ہے بھکاری، عمران خان کا نعرہ لاالہ الاللہ، ان کی صدا امریکا کی یاری۔

    اس سے قبل انہوں نے سنہ 2018 میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کے حلف اٹھانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شعر لکھا، خون دل دے کر نکھاریں گے رخ برگ گلاب، ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے۔

  • بغاوت ختم کرنے میں بھی 30 سیکنڈ لگیں گے، بلاول بھٹو

    بغاوت ختم کرنے میں بھی 30 سیکنڈ لگیں گے، بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بغاوت کرنے میں 30 سیکنڈ لگتے ہیں تو اسے ختم کرنے میں بھی 30 سیکنڈ لگیں گے۔

    چیئرمین پی پی پی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر عوامی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کچھ اس طرح کیا ہے۔

    بلاول بھٹو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ بغاوت کرنے میں 30 سیکنڈ لگتے ہیں تو اسے ختم کرنے میں بھی 30 سیکنڈ لگیں گے، انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے برابر ہے۔

     

    بلاول بھٹو نے مزید لکھا ہے کہ گزشتہ ہفتےاسلام آباد میں آئین شکنی کی گئی، انتخاب کےدن ڈپٹی اسپیکرپرپنجاب اسمبلی کے دروازے بند کردیے گئے اور عوامی ایوان کے گرد خاردار تار لگا دیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں بلاول بھٹو نے ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کا کوئی بھی اقدام اب ان کو بچا نہیں پائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت گئی ، سلیکٹڈ راج ختم، لوگ دیکھ رہے ہیں تاریخ میں لکھا جائے گا کہ کیسےغیر جمہوری طریقے سے عمران خان کولایا گیا اور جاتے جاتے انہوں نے آئین کو آگ لگا دی۔

  • پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں ہوتا ہے: وزارت خزانہ

    پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں ہوتا ہے: وزارت خزانہ

    اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 3 سالہ دور حکومت میں بہترین معاشی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سنہ 2018 سے 2022 کے دوران 9 ہزار 500 ارب سود کی مد میں ادا کیے گئے، اس میں 6 ہزار ارب کا اضافہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے ہوا، اضافی طور پر کوئی قرضہ نہیں لیا گیا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس 1200 ارب روپے کا ڈپازٹ موجود ہے، زرمبادلہ میں 1 ہزار ارب روپے اضافہ ہوا، قرض کی شرح نمو سنہ 2018 میں 71 فیصد تھی جو سنہ 2022 تک 65 فیصد ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 3 سالہ دور میں 55 لاکھ نوکریاں دی گئیں یعنی سالانہ 18.4 لاکھ کی اوسط، مسلم لیگ ن کے دور میں یہ سالانہ شرح 11 لاکھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں 14 لاکھ تھی۔

    مزمل اسلم کے مطابق ملک میں 4 فیصد بے روزگاری کی شرح ہے جو پڑوسی ممالک میں سب سے کم ہے، صرف 4.8 فیصد افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں اور یہ شرح بھی پڑوسی ممالک میں سب سے کم ہے، پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں فی فرد اوسط آمدنی 16 سو 50 ڈالر رہی جو کہ تاریخی شرح آمدن ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ درحقیقت حکومت نے سود اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ کے علاوہ صرف 3 ہزار 900 ارب روپے کا قرض لیا اور اپنے تقریباً 4 سالہ دور حکومت میں اس میں سے 17 سو 50 ارب روپے صوبوں کو اضافی دیے۔

  • پارلیمنٹ اجلاس سے قبل بلاول کا سرپرائز

    پارلیمنٹ اجلاس سے قبل بلاول کا سرپرائز

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کاپی ٹویٹ کرتے ہوئے اسے سرپرائز قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کاپی ٹویٹ کی۔

    انہوں نے مسکرانے کا سمبل ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا، سرپرائز۔

    اس سے قبل بلاول نے ایک اور ٹویٹ میں شعر لکھا، لشکر حسین کا ہے سپاہی یزید کے، کوفے کے لوگ بن گئے وارث شہید کے۔

    خیال رہے کہ پارلیمنٹ کے اہم ترین اجلاس میں آج وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونے جارہی ہے۔

    اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کی گئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر عمارتوں کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے سپرد کردی گئی ہے۔

  • ’تمام عمل آئین کے مطابق ہوگا، کسی تشدد کی گنجائش نہیں‘

    ’تمام عمل آئین کے مطابق ہوگا، کسی تشدد کی گنجائش نہیں‘

    وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تمام عمل آئین کے مطابق ہوگا کسی تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    وفاقی وزیراطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مڈل کلاس پارٹی ہے تمام عمل آئین کے مطابق ہوگا۔

    فواد چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ ایک مہذب قوم کا احتجاج بھی مہذب ہوگا اور کسی تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

    وزیر اطلاعات نے یہ بھی لکھا کہ مخالف میڈیا ہاؤسز کی کمپین کہ کارکن خون ریزی کرینگے حیران کن ہے اور پرتشدد احتجاج کی یہ خبر بھی درجنوں خبروں کی طرح فیک نیوز ہے۔

     

    اس سے کچھ دیر قبل انہوں نے ایک اور ٹوئٹ پیغام میں کہا تھا کہ ہمارے ہاں یہ کہنے کا رواج ہے کہ پاکستان میں میڈیا آزاد نہیں ہے۔

    اپنے اس ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے مزید لکھا تھا کہ یہاں ہتک عزت کا قانون موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے ہر کوئی جو مرضی بات کرنا چاہے کرلیتا ہے۔

     

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارے ہاں ٹی وی چینلز کو پاکستان میں ایک روپے کا جرمانہ نہیں ہوا لیکن برطانیہ میں انہیں لاکھوں ڈالر جرمانے ہوچکے ہیں۔

  • پی ٹی وی نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے: فواد چوہدری

    پی ٹی وی نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے، پی ٹی وی جب ہمیں ملا تھا مکمل دیوالیہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ سرکاری ٹی وی کی تاریخ کا سب سے بڑا ریونیو ہے۔ پی ٹی وی جب ہمیں ملا تھا مکمل دیوالیہ تھا، اس مختصر عرصے میں دو چینلز ڈیجیٹل کیے اور پی ٹی وی کا بزنس ماڈل دیا۔

    انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی وی ان اداروں میں شامل ہے جو منافع میں ہیں۔