Tag: TWEET

  • بلوچستان میں 3 گنا زیادہ سڑکیں بن رہی ہیں: مراد سعید

    بلوچستان میں 3 گنا زیادہ سڑکیں بن رہی ہیں: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 15 سالوں سے 3 گنا زیادہ سڑکیں بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں 33 سو کلو میٹر سڑکیں بنا رہی ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ سڑکوں کا کام گزشتہ 15 سالوں سے 3 گنا زیادہ بنتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قومی خزانے سے اہم ترین شاہراہ کراچی کوئٹہ چمن کچلاک خضدار کے پہلے سیکشن پر اس ماہ کام ک آغاز ہو جائے گا، دوسرا سیکشن پروکیورمنٹ اور مزید 2 سیکشنز فزیبلٹی اسٹیج پر ہیں۔

  • 3 سال میں ہائی وے اتھارٹی کو 99 ارب روپے کی آمدن ہوئی: مراد سعید

    3 سال میں ہائی وے اتھارٹی کو 99 ارب روپے کی آمدن ہوئی: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی کل آمدن میں 3 سالوں میں 124.50 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 99 ارب روپے ہے۔ موجودہ حکومت نے کسی ٹول پلازہ کے اوپر کوئی ٹیکس نہیں بڑھایا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی کل آمدن میں 3 سالوں میں 124.50 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 99 ارب روپے ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ احتساب سے کل 24.2 ارب روپے ریکوری اور سادگی سے 100 کروڑ روپے کی بچت ہوئی جبکہ 5 ارب روپے مالیت کی زمین واگزار کروائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ 200 کلو میٹر سڑکوں پر کام مکمل ہوا جبکہ 6 ہزار 118 کلو میٹر کی منصوبہ بندی ہوئی۔ شفافیت کے لیے ای پروکیورمنٹ کا آغاز اور تمام سڑکوں کا جی آئی ایس فیلڈ سروے مکمل کیا گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آمدن میں یہ اضافہ گورننس کو بہتر کر کے حاصل کیا گیا ۔ جن 3 موٹر ویز پر ٹیکس بڑھتا ہے اس کا معاہدہ پچھلی حکومت 20 سال کے لیے کر کے گئی تھی یعنی سنہ 2034 تک۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 117 ٹول پلازوں میں سے کسی کے اوپر بھی کوئی ٹیکس نہیں بڑھایا۔

  • سوچ کو ٹویٹ میں تبدیل کرنے کا تجربہ کامیاب

    سوچ کو ٹویٹ میں تبدیل کرنے کا تجربہ کامیاب

    کینبرا: دماغی عارضے میں مبتلا شخص کے خیالات کو براہ راست ٹویٹس میں تبدیل کرنے کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی برین کمپیوٹر انٹر فیس کمپنی سنکرون نے دماغی عارضے میں مبتلا شخص کے خیالات کو براہ راست ٹویٹس میں تبدیل کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

    مذکورہ شخص نے ٹویٹ میں لکھا، ہیلو ورلڈ، اس مقصد کے لیے 62 سالہ شہری کے دماغ میں ایک خاص چپ ڈالی گئی۔

    یہ بی سی آئی ٹیکنالوجی کا علامتی طور پر ایک اہم لمحہ ہے جو فالج کا شکار لوگوں کے لیے دنیا کے ساتھ رابطے میں رہنے کا دروازہ کھول سکتا ہے۔

  • پناہ گاہوں کے انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا: ثانیہ نشتر

    پناہ گاہوں کے انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا: ثانیہ نشتر

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج پناہ گاہوں کی از سر نو تعمیر کے نئے منصوبے کا افتتاح کریں گے، نئے ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے انسداد غربت ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آج پناہ گاہوں کی از سر نو تعمیر کے نئے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

    ثانیہ نشٹر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ریاست مدینہ کے تصور کے عین مطابق پناہ گاہوں میں دیہاڑی دار افراد کو موسم کی سختیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مفت قیام و طعام کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان سہولیات میں اب مزید بہتری لائی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں 4 ماڈل پناہ گاہیں تعمیر ہوں گی۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ نئے ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا، پناہ گاہوں کی نئی تعمیرات میں ون ونڈو احساس مراکز بھی قائم ہوں گے۔

  • او آئی سی کا اجلاس بار آور ثابت ہوا اور اہم نتائج سامنے آئے: امریکی نمائندہ خصوصی

    او آئی سی کا اجلاس بار آور ثابت ہوا اور اہم نتائج سامنے آئے: امریکی نمائندہ خصوصی

    واشنگٹن: افغانستان کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ کا کہنا ہے کہ او آئی سی کا اجلاس بار آور ثابت ہوا اور اہم نتائج سامنے آئے، امریکا او آئی سی کے کردار اور تعاون کو سراہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ او آئی سی کا اجلاس بار آور ثابت ہوا اور اہم نتائج سامنے آئے۔

    تھامس ویسٹ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ہیومینٹرین ٹرسٹ فنڈ کا قیام عمل میں آیا، اجلاس میں او آئی سی کے ایک خصوصی ایلچی کی نامزدگی بھی اہم ہے۔

    نمائندہ خصوصی نے مزید کہا کہ امریکا او آئی سی کے کردار اور تعاون کو سراہتا ہے۔

    یاد رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کا سترہواں غیر معمولی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس سعودی عرب کی جانب سے طلب کیا گیا ہے جبکہ میزبانی کے فرائض پاکستان نے انجام دیے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ افغانستان کی مدد کرنا ہماری مذہبی ذمے داری ہے، دنیا میں افغانستان سے زیادہ کسی ملک نے مسائل کا سامنا نہیں کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغان آبادی غربت کی سطح سے نیچے آتی جا رہی ہے، قابل افسوس ہے افغان مسئلے پر دنیا خاموش ہے، بروقت اقدام نہ کیا تو انسانی بحران بن سکتا ہے۔

  • جولائی سے اکتوبر تک ترسیلات زر 10.6 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی: فرخ حبیب

    جولائی سے اکتوبر تک ترسیلات زر 10.6 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی: فرخ حبیب

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ رواں برس جولائی سے اکتوبر تک ترسیلات زر 10.6 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ترسیلات زر 10.6 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر بیرون ملک پاکستانیوں نے جولائی سے اکتوبر تک بجھوائیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ترسیلات زرگزشتہ سال کے پہلے 4 ماہ سے 12 فیصد زائد ہے جبکہ سنہ 2018 کے پہلے 4 ماہ جولائی تا اکتوبر سے 63 فیصد زیادہ ہے۔

    دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ میں ترسیلات زر میں 11.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق 4 ماہ میں سعودی عرب سے 2.7 ارب اور متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر موصول ہوئے، برطانیہ سے ڈیڑھ ارب اور امریکا سے 1.1 ارب ڈالر موصول ہوئے۔

  • فواد خان کا ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ

    فواد خان کا ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ

    کراچی: معروف پاکستانی اداکار فواد خان نے ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ کر کے مداحوں کو حیران کردیا، فواد خان ٹویٹر پر زیادہ فعال دکھائی نہیں دیتے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار فواد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ کر کے مداحوں کو حیران کردیا۔

    فواد خان نے اپنا آخری ٹویٹ گزشتہ برس 22 فروری کو کیا تھا جس میں انہوں نے فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ سے اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی۔

    اس سے پہلے والا ٹویٹ انہوں نے 21 دسمبر 2018 کو کیا تھا۔

    فواد خان کی ٹویٹر پر واپسی نے ان کے مداحوں کو حیران اور خوش کردیا، ایک صارف نے کمنٹ میں لکھا کہ آپ ٹھیک ہیں؟ سردی تو نہیں لگ رہی۔

    ایک اور صارف نے لکھا، جانے کتنے دنوں کے بعد گلی میں چاند نکلا۔

    ایک صارف نے حیران ہو کر کمنٹ میں پوچھا کہ کیا کسی نے یہ اکاؤنٹ ہیک کرلیا ہے۔

    فواد خان کی ٹویٹر ٹائم لائن دیکھی جائے تو وہ ٹویٹر پر زیادہ فعال نظر نہیں آتے، ستمبر 2016 کے بعد سے انہوں نے گنے چنے ہی ٹویٹ کیے جن کے درمیان ڈیڑھ سے 2 سال کا وقفہ ہے۔

  • ناظم جوکھیو کا قتل: ’بلاول صاحب یہ کیا ہورہا ہے؟‘

    ناظم جوکھیو کا قتل: ’بلاول صاحب یہ کیا ہورہا ہے؟‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل ناحق پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ کے قریبی لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، اس طرح انسانیت کو مت روندیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اندرون سندھ سے سوشل میڈیا پر واقعات جس تواتر سے آرہے ہیں لگتا ہے سندھ میں قانون کی کوئی اہمیت نہیں رہ گئی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل ہو، طاقتور لوگوں کے شکار کی ویڈیو اور اب لاچار عورت کا قتل، بلاول صاحب یہ کیا ہو رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ آپ کے قریبی لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، اس طرح انسانیت کو مت روندیں۔

    یاد رہے کہ جامشورو کارو جبل کے علاقے میں مقامی شہری ناظم جوکھیو نے غیر ملکی افراد کی گاڑی کی ویڈیو بنائی تھی جو شکار کرنے وہاں آئے تھے۔ بعد ازاں صوبائی رکن اسمبلی جام اویس نے ناظم جوکھیو کو اپنے ڈیرے پر بلا کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت ہوگئی۔

    نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل کے خلاف لواحقین نے گزشتہ روز گھگھر پھاٹک کے قریب دھرنا دیا تھا، دھرنے کے باعث نیشنل ہائی وے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوگیا تھا۔

    آج صبح رکن سندھ اسمبلی جام اویس نے خود کو گرفتاری کے لیے پیش کردیا ہے۔

  • عمران خان نے چرایا پیسہ امیر ممالک میں چھپانے کی حوصلہ شکنی پر زور دیا: فواد چوہدری

    عمران خان نے چرایا پیسہ امیر ممالک میں چھپانے کی حوصلہ شکنی پر زور دیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے غریب ملکوں سے چرایا ہوا پیسہ امیر ممالک میں چھپانے کی حوصلہ شکنی پر زور دیا، اب پنڈورا لیکس سے عمران خان کے مؤقف کو مزید تقویت ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاناما پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، اب کہا جارہا ہے کہ آئی سی آئی جے کی ایک اور تحقیق سامنے آرہی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے امیر ممالک پر زور دیا ہے کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے، پاناما کی طرح پنڈورا لیکس میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے وزیر اعظم عمران خان کے مؤقف کو مزید تقویت ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور سبب بنیں گی۔

  • کیوی کرکٹ ٹیم کی واپسی: شنیرا اکرم بھی بول اٹھیں

    کیوی کرکٹ ٹیم کی واپسی: شنیرا اکرم بھی بول اٹھیں

    کراچی: سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ ادھورا چھوڑ کر جانے پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو پاکستان میں بے حد محفوظ محسوس کرتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ ادھورا چھوڑ کر جانے پر اپنے تاثرات کا اظہار کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے شنیرا نے کہا کہ دنیا میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں وہ خود کو پاکستان سے زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہوں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں پہلا ون ڈے میچ ہونا تھا تاہم میچ شروع ہونے سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اعلان کیے جانے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے سے پاکستان کو ایک سے ڈیڑھ ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔