Tag: TWEET

  • پچھلے 35 سال سے 2 خاندان ملک پر حکمرانی کر رہے تھے: حماد اظہر

    پچھلے 35 سال سے 2 خاندان ملک پر حکمرانی کر رہے تھے: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ 2 خاندان پچھلے 35 سال سے زائد ملک پر حکمرانی کر رہے تھے، 2 سال قبل آج کے دن عوام نے ان دونوں کو مسترد کر کے تبدیلی کو ووٹ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 2 خاندان پچھلے 35 سال سے زائد ملک پر حکمرانی کر رہے تھے۔

    حماد اظہر نے کہا کہ 35 سال میں دونوں خاندانوں کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں، دونوں خاندانوں نے ذاتی محل، آف شور دولت اور کرپشن اسکینڈل بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 سال پہلے آج کے دن عوام نے ان دونوں کو مسترد کر کے تبدیلی کو ووٹ دیا۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو 2 سال مکمل ہونے پر وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2 سال پہلے عوام نے عمران خان کی 22 سالہ بہتری کی جدوجہد کو نئے مرحلے میں داخل کیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ انشا اللہ نئے پاکستان کا سفر نہ صرف جاری رہے گا بلکہ مزید تیز ہوگا، اسی عزم سے کام کرنا ہے کہ: تیز ہو تیز ہو، جدوجہد تیز ہو۔

  • ملک میں پہلا کار چارجنگ اسٹیشن جلد فعال ہونے کے قریب

    ملک میں پہلا کار چارجنگ اسٹیشن جلد فعال ہونے کے قریب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جناح ایونیو پر پہلا کار چارجنگ اسٹیشن جلد کھلنے جارہا ہے، الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ قدم وزارت سائنس کا ہدف تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پہلا کار چارجنگ اسٹیشن دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جناح ایونیو اسلام آباد میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ کی سہولت کھولی جارہی ہے، مذکورہ اقدام الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے وزارت سائنس کا ہدف تھا۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی منظور کی جاچکی ہے، پالیسی کے تحت موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو بیٹریز پر منتقل کیا جا سکے گا۔ پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز مینو فیکچرر یونٹس بھی قائم ہوں گے۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مطابق پاکستان میں الیکٹرک وہیکل مینو فیکچرنگ یونٹس لگانے والوں پر صرف 1 فیصد ڈیوٹی ہوگی، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مستقبل میں بیٹریز کے استعمال پر کام کر رہی ہے۔

  • صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے: شبلی فراز

    صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے: شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ محدود وسائل اور صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے، این سی او سی اور احساس پروگرام وبا کے خلاف کامیابی کے 2 بڑے ذریعے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کرونا وائرس کی وبا سے عزم اور احسن طریقے سے نمٹا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے، این سی او سی اور احساس پروگرام وبا کے خلاف کامیابی کے 2 بڑے ذریعے ہیں۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے زندگی اور روزگار میں توازن برقرار رکھنے پر زور دیا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 ہزار 579 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 496 ہوگئی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 46 افراد کی موت ہوئی جس کے بعد مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 568 ہوگئی۔

    کیسز کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان 213 ممالک میں 12 واں ملک بن چکا ہے، 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 11 سو 92 ہوگئی ہے جبکہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح بھی 24 سے بڑھ کر 25 فیصد ہو گئی ہے۔

  • کرونا وائرس کیسز میں کمی کی وجہ ٹیسٹ میں کمی نہیں بلکہ عوام کا بہتر رویہ ہے: اسد عمر

    کرونا وائرس کیسز میں کمی کی وجہ ٹیسٹ میں کمی نہیں بلکہ عوام کا بہتر رویہ ہے: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے جون اور جولائی میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ اور کیسز کا تخمینہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں میں کمی کی وجہ ٹیسٹ میں کمی نہیں بلکہ عوام کا بہتر رویہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کرونا کیسز میں کمی کو ٹیسٹنگ میں کمی قرار دے رہے ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ مریضوں میں کمی کی وجہ ٹیسٹ میں کمی نہیں بلکہ عوام کا بہتر رویہ ہے، احتیاط میں کمی کرنے سے وبا کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یکم جون سے 15 جون تک اوسطاً 23 ہزار 403 ٹیسٹ ہوئے، جن میں سے 5 ہزار 56 ٹیسٹ مثبت آئے، جبکہ یکم جولائی سے 15 جولائی تک 22 ہزار 969 ٹیسٹ جن میں 3 ہزار 97 مصدقہ کیسز کی تصدیق ہوئی۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 145 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 914 ہوچکی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 40 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 426 ہوگئی ہے۔

  • ترسیلات زر میں بلند ترین اضافہ، پاکستان بدل رہا ہے: شہباز گل

    ترسیلات زر میں بلند ترین اضافہ، پاکستان بدل رہا ہے: شہباز گل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے گزشتہ ایک برس کے دوران انجام دیے جانے والے وفاقی حکومت کے متعدد کارنامے بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بدل رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جون 2020 میں 2.46 بلین ڈالرز کی ترسیلات زر ہوئیں، یہ ترسیلات زر میں ایک ماہ میں اب تک کا بلند ترین اضافہ ہے۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ سرکاری درسگاہوں میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھانے کی تعلیم لازمی قرار دی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ احساس پروگرام سے 1 کروڑ 26 لاکھ 40 ہزار افراد میں 153 ارب سے زائد تقسیم کیے گئے۔ پاکستان بدل رہا ہے۔

    خیال رہے کہ جون 2020 میں ترسیلات زر میں 50.7 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 2019 سے 2020 ترسیلات زر 23 ارب کی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گئی، گزشتہ سال ترسیلات زر 21 ارب 70 کروڑ تھی جس میں 6.4 فیصد اضافہ ہوا۔

  • جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے: شاہ محمود قریشی

    جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہفتے میں 3 دن موجود رہیں گے، جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے انتظامی معاملات میں ملتان نظر انداز نہیں کیا جائے گا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں بھی مکمل فعال ہوگا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہفتے میں 3 دن موجود رہیں گے، تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب سے متعلق وعدے اور منشور پر عمل کر کے دکھا دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور آئی جی کی تعیناتی ہو چکی، جنوبی پنجاب والوں کو اب اپنے کاموں کے لیے لاہور نہیں جانا پڑے گا، پولیس اور انتظامی معاملات اب ملتان اور بہاولپور میں ہی حل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اب ماضی کی طرح جنوبی پنجاب کے فنڈز دوسری مد میں خرچ نہیں ہوں گے، اب جنوبی پنجاب کا پیسہ صرف جنوبی پنجاب پر خرچ ہوگا اور جنوبی پنجاب والوں کو ان کے گھروں کے قریب انصاف میسر آئے گا۔

  • ایم 8 منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا: چیئرمین سی پیک اتھارٹی

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ ہوشاب سے آواران تک شاہراہ کے منصوبے پر 26 ارب لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایم 8 منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا۔

    عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے 146 کلو میٹر شاہراہ کی تعمیر کی منظوری لی گئی، ہوشاب سے آواران تک شاہراہ کے منصوبے پر 26 ارب لاگت آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جنوبی بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی لائے گا، علاقے کے لوگوں کو روزگار اور ترقی مل سکے گی۔

    اس سے قبل عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ سی پیک منصوبے کو سست روی کا شکار کرنے کا تاثر غلط ہے، سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایم ایل ون 7.2 ارب ڈالر منصوبہ، زرعی اور اقتصادی زونز سامنے ہیں۔ توانائی شعبے میں 3.5 ارب ڈالر کے 2 ہائیڈل پاور پراجیکٹس شامل ہیں، سی پیک کے منصوبوں پر رفتار میں تیزی نظر آرہی ہے۔

  • نانا کی لاش پر بیٹھے نواسے کی تصویر عالمی ضمیر پر دھبہ ہے: شہزاد اکبر

    نانا کی لاش پر بیٹھے نواسے کی تصویر عالمی ضمیر پر دھبہ ہے: شہزاد اکبر

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ نانا کی لاش پر بیٹھے نواسے کی تصویر عالمی ضمیر اور سلامتی کونسل پر دھبہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے خلاف بھارت کی جارحیت جاری ہے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ عالمی رہنما بھارتی جارحیت کے خلاف ایک لفظ نہیں بول رہے، نانا کی لاش پر بیٹھے نواسے کی تصویر عالمی ضمیر اور سلامتی کونسل پر دھبہ ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے 3 سالہ عیاد کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے نانا کے مردہ جسم کے قریب بیٹھا تھا۔

    کشمیری بزرگ بھارتی فورسز کے بارہ مولا میں نام نہاد آپریشن کی آڑ میں اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے جو اپنے 3 سالہ نواسے کے ساتھ جارہے تھے۔

    قابض بھارتی فورسز 2 ہفتے میں 37 سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکی ہیں جبکہ بھارتی فورسز گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین کو ہراساں کرنے اور نوجوانوں کو بلا جواز گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار

    پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار ہوگئی ہے جو رواں ہفتے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کر دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار ہوگئی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹر رواں ہفتے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کر دیے جائیں گے، اس پیش رفت پر این آر ٹی سی کو بہت مبارک ہو۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 ڈیزائن بھی آخری مراحل میں ہیں جس کے بعد ہم دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوں گے جو پیچیدہ میڈیکل مشینیں بناتے ہیں، تمام مشینیں یورپی معیار کے مطابق ہیں۔

    دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کرونا مریضوں کے لیے مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 15 سو 39 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تاحال صرف 549 وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں، جس کا مطلب ہے کہ کرونا کے وہ مریض جن کی حالت تشویش ناک ہے اور جنہیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا ہے، ان کے لیے 990 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔

    این سی او سی نے یہ خوش خبری بھی دی تھی کہ آئندہ ماہ کے اختتام تک ملک بھر میں مزید 1895 وینٹی لیٹرز دستیاب ہوں گے۔

  • بھارت کی جانب سے پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کا خطرہ ہے: وزیر اعظم

    بھارت کی جانب سے پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کا خطرہ ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کا پاکستان، چین اور نیپال کے ساتھ سرحدی تنازعہ ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی ہندو توا اور شدت پسند حکومت پڑوسی ممالک کے لیے بھی خطرہ بنتی جا رہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کو شہریت کے متنازعہ قانون کے باعث خطرہ لاحق ہے، بھارت کا پاکستان، چین اور نیپال کے ساتھ سرحدی تنازعہ ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کا خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی تسلط جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، مودی کی فاشسٹ حکومت خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ ہےم نازیوں سے مماثلت رکھنے والی انتہا پسند مودی سرکار پڑوسیوں کے لیے خطرہ ہے۔

    خیال رہے کہ لداخ میں بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت وادی گالوان کے قریب دفاع سے متعلق غیر قانونی تعمیرات کر رہا تھا تو اس دوران چينی فوج نے بھارتی فوج کے ایک دستے کو گرفتار بھی کیا جسے مذاکرات کے بعد رہا کیا گیا۔