Tag: TWEET

  • احساس ایمرجنسی پروگرام: سوموار سے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی

    احساس ایمرجنسی پروگرام: سوموار سے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ سوموار سے احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت بینکوں کے ذریعے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم احساس ایمرجنسی پروگرام جاری ہے، پیر سے بینکوں کے ذریعے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ جن کی بائیو میٹرک تصدیق کے مسائل تھے اب انہیں ادائیگیاں شروع ہوں گی، جنہیں اب تک صرف اہلیت کا میسج آیا تھا انہیں بھی حتمی میسج بھیج دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے تناظر میں سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، ہجوم نہ ہو اس لیے پیغامات مرحلہ وار بھیجے جا رہے ہیں۔

    ثانیہ نشتر کا مزید کہنا تھا کہ وہ افراد جن کے اہل خانہ وفات پا چکے ہیں اور ان کے نام اہلیت کے پیغامات موصول ہوئے تھے، ایسے افراد اور خاندانوں کو ادائیگیوں میں آسانی کے لیے اگلے ہفتے کے آغاز میں طریقہ کار وضع کر دیا جائے گا۔

  • گورنر سندھ کا سیلف آئسولیشن سے ٹویٹ، دوبارہ ٹیسٹ کروانے کا عندیہ

    گورنر سندھ کا سیلف آئسولیشن سے ٹویٹ، دوبارہ ٹیسٹ کروانے کا عندیہ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ 9 روز کے قرنطینہ کے بعد خود کو بہتر محسوس کر رہا ہوں، کل دوبارہ اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرواؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج قرنطینہ میں 9 دن ہوگئے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ طبیعت بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں، وائرس کی کچھ علامات تھیں جیسے کھانیس، بخار اور سانس لینے میں تکلیف جو آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہا کل دوبارہ اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرواؤں گا، آپ سب کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔

    خیال رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل میں 27 اپریل کو کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، بعد ازاں کرونا وائرس ٹیسٹ کروانے پر وہ مثبت نکلا تھا جس کے بعد گورنر سندھ نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری والدہ آئی تھیں اور ہم نے مل کر افطار کیا، والدہ کے جانے کے بعد بخار ہوا جس کے بعد ٹیسٹ کروانے کا سوچا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ ان کی صحتیابی کی دعا بھی کی۔

  • پارلیمنٹ کا ورچوئل سیشن وقت کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    پارلیمنٹ کا ورچوئل سیشن وقت کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پارلیمان کا ورچوئل سیشن وقت کی ضرورت ہے، حالات معمول پر آنے کے بعد عمارت میں بھی سیشن ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاسی جماعتیں ٹیکنالوجی کے استعمال کی مخالفت کر کے اپنا اور عوام کا نقصان کر رہی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا ورچوئل سیشن وقت کی ضرورت ہے، عوامی نمائندوں کو اس مشکل وقت میں فیصلہ سازی کے عمل میں لازماً شریک ہونا چاہیئے، حالات معمول پر آنے کے بعد عمارت میں بھی سیشن ہوسکتا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ماسک، سینی ٹائزر، واک تھرو گیٹس خود بنائیں گے اور کرونا ٹیسٹنگ کٹ تیاری کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 26 فروری کو پاکستان میں پہلے 2 کیس سامنے آئے تھے اور مارچ کے پہلے ہفتے میں ہم نے حفاظتی سامان بنانے کا پلان ترتیب دیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ وائرس کے آنے کے 10 روز میں ہی سینی ٹائزر کی قلت کا سامنا تھا لیکن سینی ٹائزر ملک بھر میں آج وافر مقدار میں موجود ہیں۔

  • احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے: ثانیہ نشتر

    احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے: ثانیہ نشتر

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں سیاسی مداخلت اور اقربا پروری کا کوئی راستہ نہیں ہے، سماجی تحفظ کے اس پروگرام میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے اسکرین شاٹس پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شفافیت کے پیش نظر شائع کی جارہی ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 8171 اسکیم میں کیٹگری 1 اور 2 کی امداد 2010 کے سروے پر دی جا رہی ہے، 2010 میں شمالی اور جنوبی وزیرستان میں امن عامہ نہ ہونے کی وجہ سے سروے نہیں ہوا تھا۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی کیٹگری 3 میں وزیرستان کا حصہ آبادی کے لحاظ سے ہے، 8171 اسکیم کے تحت شمالی وزیرستان سے 61 ہزار 164 اور جنوبی وزیرستان سے 62 ہزار 499 ایس ایم ایس موصول ہوئے ہیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کیٹگری 3 میں تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشیر کا حصہ آبادی کے لحاظ سے رکھا گیا ہے اور مستحقین کی نشاندہی نادرا کے ڈیٹا اینالٹکس کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کیٹگری 3 میں رقم کی ترسیل اگلے ہفتے شروع ہوگی، احساس ایمرجنسی کیش میں سیاسی مداخلت اور اقربا پروری کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ سماجی تحفظ کے اس پروگرام میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • ٹیکسٹائل کی صنعت کے لیے اچھی خبر

    ٹیکسٹائل کی صنعت کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک رفتہ رفتہ نئے تجارتی آرڈرز دے رہے ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مغربی ممالک رفتہ رفتہ کھل رہے ہیں، مغربی ممالک نئے تجارتی آرڈرز دے رہے ہیں۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ اکثریتی آرڈرز کرونا وائرس سے پھیلاؤ کے پہلے کے ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے، حکومت اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر مشیر تجارت نے کہا تھا کہ کرونا کی وجہ سے ملک کے معاشی حالات کافی نازک ہیں، عالمی بینک اور آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کے حوالے سے پیشگوئی کردی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کرونا کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات میں 3 ارب ڈالر تک کمی کا امکان ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں ماہ برآمدات 70 فیصد کم ریکارڈ کی گئیں۔

    انہوں نے کہ تھا کہ کاروباری طبقے کو قرضوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کے معاملے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رابطے میں ہیں اور جلد ہی اس مسئلے کو حل کریں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے 175 کرونا وائرس کے مریضوں سمیت 755 زائرین صحت یابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے، ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان میں سے 175 کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم انہوں نے بھی کرونا وائرس کو شکست دے دی۔ ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے ہیں جن کی بہترین نگہداشت کی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور طبی عملہ تعریف کا مستحق ہے جو اس مشکل وقت میں زائرین کی بہترین نگہداشت کر رہا ہے اور ان کا خیال رکھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متحد ہو کر اس وبا کو شکست دیں گے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک 5 ہزار 38 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث 86 اموات ہو چکی ہیں۔

  • اب کوئی طاقتور گروہ عوامی مفادات کا خون کرنے کے قابل نہیں رہے گا: وزیر اعظم

    اب کوئی طاقتور گروہ عوامی مفادات کا خون کرنے کے قابل نہیں رہے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح کے کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کے نتائج کے بعد کوئی بھی طاقتور لابی عوامی مفادات کا خون کر کے منافع سمیٹنے کے قابل نہیں رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں کسی بھی کارروائی سے پہلے اعلیٰ سطح کے کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کے نتائج کا منتظر ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نتائج 25 اپریل تک مرتب کر لیے جائیں گے، ان نتائج کے سامنے آنے کے بعد کوئی بھی طاقتور گروہ (لابی) عوامی مفادات کا خون کر کے منافع سمیٹنے کے قابل نہیں رہے گا انشا اللہ۔

    انہوں نے کہا کہ گندم اور چینی کی قیمتوں میں یک لخت اضافے کی ابتدائی تحقیقات وعدے کے مطابق فوراً بلا کم و کاست جاری کردی گئی ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تاریخ میں اس کی نظیر نایاب ہے، ذاتی مفادات کی آبیاری اور سمجھوتوں کی رسم نے ماضی کی سیاسی قیادت کو اس اخلاقی جرات سے محروم رکھا جس کی بنیاد پر وہ ایسی رپورٹس کے اجرا کی ہمت کر پاتیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے کہا تھا کہ چیلنج ہے کہ کرونا وائرس بھی نہ پھیلے اور ساتھ غریب طبقے کی بھی مدد کی جائے، ملک کو ایسے چلانا ہے کہ غریب طبقہ متاثر نہ ہو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے تعمیراتی شعبہ کھول دیا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار ملے، دیہات میں زراعت مکمل طور پرکھول رکھی ہے تاکہ کسانوں کو مسئلہ نہ ہو۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ جہاں بھی کرونا وائرس پھیلے گا وہاں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے، ٹائیگر فورس کا مقصد ہوگا مکمل لاک ڈاؤن میں لوگوں کے گھر کھانا پہنچائیں گے۔

  • پنجاب میں مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے منتقل کردیے گئے

    پنجاب میں مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے منتقل کردیے گئے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ معاشی پیکج کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے کی منتقلی کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو زکوٰۃ کی رقم فوری منتقلی کی ہدایت کی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ باقی ڈیٹا بھی جلد از جلد حاصل کر کے اس کی تصدیق کی تاکید کی ہے، انشا اللہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ان تمام افراد کو 24 گھنٹے کے اندر شفاف طریقے سے ڈیڑھ ارب روپے ان کے موبائل فون نمبرز اور شناختی کارڈ نمبرز پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بائیو میٹرک ویری فکیشن کے بعد یہ رقم کسی بھی موبائل فون شاپ سے نکلوائی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں میں 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا تھا، پیکج میں کرونا وائرس سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے کی ادائیگی بھی شامل تھی۔

  • مریضوں کو زبردستی تنہائی اور رسیوں سے باندھنے جیسے تماشوں سے باز رہا جائے: فواد چوہدری

    مریضوں کو زبردستی تنہائی اور رسیوں سے باندھنے جیسے تماشوں سے باز رہا جائے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں کو زبردستی تنہائی، رسیوں سے باندھنے، مرضی کے اسپتال اور ڈاکٹر سے علاج کی سہولت نہ دینے کا تماشہ نہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کابینہ نے واضح ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس کے مریض ویسے ہی علاج صحت اور امید کی توقع رکھتے ہیں جیسے کوئی دوسرا مریض۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات ہوئے ہیں جیسے کرونا کا مریض کوئی مجرم ہے، زبردستی تنہائی، رسیوں سے باندھنا، مرضی کے اسپتال اور ڈاکٹر سے علاج کی سہولت نہ دینا یہ کیا تماشہ ہے؟

    گزشتہ روز وفاقی وزیر نے بتایا تھا کہ پی ای سی کو وینٹی لیٹرز کے 48 ڈیزائن موصول ہوئے تھے جس میں سے 3 منظور ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ حتمی منظوری کے لیے تینوں ڈیزائن ڈریپ کو بھجوا دیے ہیں، منظوری کے بعد وینٹی لیٹرز کی آزمائش 4 اسپتالوں میں کی جائے گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ منظوری کے بعد کمرشل بنیادوں پر وینٹی لیٹرز کی تیاری شروع کردی جائے گی، مقامی طور پر تیار کیے گئے وینٹی لیٹرز کی قیمت کئی گنا کم ہوگی۔

  • ماہرہ خان کا اپنے مداحوں کے لیے پیغام

    ماہرہ خان کا اپنے مداحوں کے لیے پیغام

    کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ وہ ان افراد کا خیال رکھیں جو اس لاک ڈاؤن میں مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں اور ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگر آپ اس قابل ہیں کہ ایک ماہ اپنے کام کے بغیر (یا تنخواہ حاصل کیے بغیر) گزارہ کرسکتے ہیں یا آپ کے پاس طاقت یا سہولیات ہیں تو یہ جنگ کسی اور سے زیادہ آپ کی ہے۔

    ماہرہ نے کہا کہ ہمیں ان افراد کا خیال رکھنا ہے جو ہماری پوزیشن پر نہیں ہیں۔ ہمیں ایسے لوگوں کو شعور دینا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں اور ان کی زندگی آسان بنائیں۔

    ماہرہ خان کا اشارہ گھروں میں کام کرنے والے ملازمین، ڈرائیورز، اور روزانہ اجرت کمانے والے ان افراد کی طرف ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

    ایسے افراد کی مدد کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ ملک بھر میں فلاحی اداروں و مخیر حضرات کی بڑی تعداد غریب گھروں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچا رہی ہے۔