Tag: TWEET

  • کرونا وائرس کے باوجود شادیوں کے انعقاد پر معروف اداکارہ پریشان

    کرونا وائرس کے باوجود شادیوں کے انعقاد پر معروف اداکارہ پریشان

    لاہور: معروف اداکارہ منشا پاشا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود لوگوں کے اجتماع اور شادیوں کے انعقاد پر پریشان ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ منشا پاشا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ میں لاہور میں ہونے والی شادیوں کی ویڈیوز دیکھ رہی ہوں جن میں رقص کیا جارہا ہے اور شادی ہال لوگوں سے بھرے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یار اب اس طرح تو نہ کرو۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ سنیما، شادی ہالز اور پارکس بھی بند کردیے گئے ہیں۔

    اس کے باوجود اکثر مقامات پر پابندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور تقریبات کا انعقاد معمول کے مطابق کیا جارہا ہے، پولیس نے کچھ مقامات پر شادی ہالز پر چھاپے مار کر مالکان کو گرفتار بھی کیا ہے۔

  • مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے: فواد چوہدری

    مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی کی توقع ہے، حکومتی اقدامات اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ماہ کمی آئی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی کی توقع ہے، حکومتی اقدامات اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

    خیال رہے کہ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2020 کے آخری ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.16 فیصد کمی آئی۔ کم آمدنی والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 1.34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • مشیر تجارت نے خوشخبری سنا دی: ’یہ صرف آغاز ہے‘

    مشیر تجارت نے خوشخبری سنا دی: ’یہ صرف آغاز ہے‘

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال اب تک برآمدات میں 3.62 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، یہ صرف آغاز ہے، مستقبل میں مزید بہتری متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فروری میں برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 13.61 فیصد اضافہ ہوا۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال اب تک برآمدات میں 3.62 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے حریفوں سے مقابلہ کریں تو یہ اضافہ قابل تعریف ہے، یہ صرف آغاز ہے، مستقبل میں مزید بہتری متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ افراط زر کی حالیہ اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ کے مطابق فروری میں افراط زر کی شرح کم ہو کر 12.4 فیصد پر آگئی ہے جبکہ جنوری میں افراط زر کی شرح 14.6 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔

    اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی 13.4 فیصد سے کم ہو کر 11.2 فیصد اور دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 14.2 فیصد تک آگئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی معاشی ٹیم کو مہنگائی میں ہر ممکن حد تک مزید کمی لانے کی ہدایت کردی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سونے کے حرف سے لکھا جانا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ افغان امن معاہدہ وزیر اعظم عمران خان کے مؤقف کی توثیق ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں، افغان شہری جنگ سے متاثر ہوئے ہیں، اب وہ استحکام چاہتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن خطے میں استحکام کا باعث بنے گا، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سونے کے حرف سے لکھا جانا چاہیئے۔

    گزشتہ روز افغان امن معاہدے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ امریکا طالبان تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، افغانستان میں طویل جنگ کے بعد معاہدہ امن و استحکام کا آغاز ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کسی بھی پیچیدہ مسئلے کا آخری حل مذاکرات ہیں، ہمیشہ کہا امن کا راستہ مذاکرات میں پنہاں ہے، دعائیں افغان عوام کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں سے خونریزی کا شکار ہیں۔

  • کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 5 کے گانے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختلف آرا کا اظہار جاری ہے، ایک مداح نے علی ظفر کے دوبارہ گانا گانے کو بے عزتی قرار دیا تو عاصم اظہر نے اسے کرارا جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر مداحوں کی خواہش پر پاکستان سپر لیگ 5 کا نیا گانا تیار کرنے جارہے ہیں اور خود علی ظفر اور مداح اس حوالے سے خاصے پرجوش ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں مختلف آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایسے ہی ایک ٹویٹ میں ایک مداح نے عاصم اظہر سے، جنہوں نے پی ایس ایل کا موجودہ گانا گایا ہے، سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ علی ظفر کا گانا آنا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ کیونکہ پی ایس ایل کا ترانہ جیسا بھی ہے تیار ہوچکا ہے اور اب علی ظفر اپنا نیا گانا بنانے جارہے ہیں۔

    مداح کے اس سوال پر عاصم اظہر نے انہیں کرارا جواب دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے، علی ظفر میرے سینیئر ہیں اور میں ان کے کام کی وجہ سے ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں بہت خوشی سے ہر اس چیز کی حمایت کروں گا جو پاکستان کی بہتری کے لیے ہوگی۔

    عاصم نے مزید کہا کہ ہم آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ عاصم کے اس جواب پر علی ظفر نے بھی پسندیدگی اور محبت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ یہ سارا قصہ اس وقت شروع ہوا جب وسیم بادامی نے اپنے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں علی ظفر سے پوچھا کہ عوام ان کا بنایا گانا سننا چاہتی ہے تو کیا وہ لوگوں کی خواہش پر نیا گانا تیار کریں گے؟

    علی ظفر نے کہا کہ لیگ کا آفیشل گانا تیار ہوچکا ہے جس پر وسیم بادامی نے کہا کہ وہ ایسے ہی سوشل میڈیا پر چلانے کے لیے نیا گانا بنالیں، جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں۔

    علی ظفر نے ترانہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے اسٹوڈیو کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ گانے کی تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • بھارتی جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھنے والی کشمیری خواتین کو سلام: فردوس عاشق اعوان

    بھارتی جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھنے والی کشمیری خواتین کو سلام: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے، بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 23 فروری، یوم مزاحمت نسواں کشمیر کا دن مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا سیاہ ترین دن ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض افواج نے نہتی، بے گناہ اور بے یار و مدد گار خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کی بھیانک مثال قائم کی۔ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کو آزادی کشمیر پر قربان کردیا، ان ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر وار دیے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے، کوئی جبر و استبداد انہیں حق خود ارادیت کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے۔ انڈیا میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جارہا ہے، بھارتی مرد و خواتین سڑکوں پر احتجاجاً موجود ہیں۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ شاہین باغ کا احتجاج 60 ویں دن میں داخل ہوچکا ہے جہاں ہزاروں خواتین مودی کے کالے امتیازی قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

  • احساس پروگرام وزیر اعظم کی محروم طبقات سے محبت کا اظہار ہے: فردوس عاشق اعوان

    احساس پروگرام وزیر اعظم کی محروم طبقات سے محبت کا اظہار ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے عوامی ’احساس‘ کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ احساس پروگرام اب لیہ میں شروع کیا جا رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احساس آمدن پروگرام سے پسماندہ علاقوں کے غریب اور مستحق لوگوں کی مدد ہوگی، ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں احساس ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احساس صحت مند اور روشن معاشرے کا بنیادی عنصر ہوتا ہے۔ یہ پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ غریبوں کے روزگار کے لیے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب عملی قدم ہے، 15 بلین روپے بجٹ کے اس پروگرام سے 1.45 ملین افراد مستفید ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 23 اضلاع کی 375 دیہی یونین کونسلوں میں اس پروگرام کا آغاز، گراس روٹ سطح پر عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور خوشحالی منتقل کرنے کے عمران خان کے وژن کا آئینہ دار ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے تحت زرعی آلات، مویشی چنگچی رکشہ باڈی اور چھوٹے کاروبار کرنے کے آلات شامل ہیں۔

  • وفاقی کابینہ میں  قیمتوں میں کمی کی خاطر اقدامات کا اعلان  کیا جائیگا

    وفاقی کابینہ میں قیمتوں میں کمی کی خاطر اقدامات کا اعلان کیا جائیگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کہ منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس دوران تمام متعلقہ حکومتی ادارے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے اسباب کی جامع تحقیقات کا آغاز کر چکے ہیں۔

    وزیر اعظم نے قوم کو مزید خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ قوم اطمینان رکھے ذمہ داروں کا بھرپور محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا تھا اور ملک بھر میں آٹا نایاب ہوگیا تھا۔ بعد ازاں چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

  • ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، ترقی کا نیا دروازہ ثابت ہوگی: فردوس عاشق اعوان

    ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، ترقی کا نیا دروازہ ثابت ہوگی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، اعتماد اور محبت دونوں کے درمیان ترقی اور خوشحالی کا نیا دروازہ ثابت ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوالالمپور کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مہاتیر محمد اور وزیر اعظم عمران خان مل کر دونوں ممالک میں دوستی، اعتماد، محبت، تعاون اور اشتراک عمل کا نیا باب لکھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دوستی، اعتماد اور محبت پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ترقی اور خوشحالی کا نیا دروازہ ثابت ہوں گے۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے اعظم امت مسلمہ اور اسلام کے ترجمان بن کر دنیا میں ابھرے ہیں، امت سمیت پاکستان اور ملائیشیا کے عوام کے لیے یہ دو طرفہ اشتراک عمل خوشخبری کے مترادف ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا میں ہیں جہاں ان کی ملاقات ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ہوئی۔

    اس دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، مذاکرات میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔

  • مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند ہونے کا ثبوت ہے: فردوس عاشق اعوان

    مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند ہونے کا ثبوت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا میں قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کی بنیاد مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی گزشتہ سال یوم پاکستان پر آمد اور پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت دونوں ممالک کی دوستی کا مظہر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا، منصب سنبھالنے کے بعد ملائیشیا کا دوسرا دورہ دونوں ممالک کے مابین فروغ پاتے دو طرفہ مظبوط تعلقات کا آئینہ دار ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید تقویت ملے گی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں قائدین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنا وژن دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ملائیشیا کی قیادت کو آگاہ کریں گے اور تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا کا مظلوم کشمیریوں کے منصفانہ حق استصواب رائے کے لیے آواز بلند کرنا لائق تحسین ہے۔ وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے ایک انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر ملائیشیا روانہ ہوگئے ہیں، دورے کے دوران وزیر اعظم کی مہاتیر محمد سے بالمشافہ ملاقات ہوگی اور دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    دونوں وزرائے اعظم وفد کی سطح پر بھی ملاقات کریں گے، اس دوران دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے جبکہ عمران خان مسئلہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے۔