Tag: TWEET

  • تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں: فردوس عاشق اعوان

    تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا۔ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور قومی ترقی کا عمل ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ہر محاذ پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر حکومتی اقدامات کے اثرات مختلف کامیابیوں کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور قومی ترقی کا عمل انہیں اعتماد میں لے کر ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نقطہ نظر کے اختلاف پر اپوزیشن میں خوش ہونے والوں کی امیدوں پر ایک بار پھر اوس پڑنے والی ہے، ان کی حسرتیں ایک حسرت بن کر رہ جائیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ایران اور سعودی عرب کے دورے نہایت مثبت اثرات کے حامل ہیں۔ پاکستان نے خاموش تماشائی بننے کے بجائے امت مسلمہ اور امن کے مفاد میں تعمیری کردار ادا کیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے اقدام پر وزیر خارجہ کے رابطوں اور دوروں کو مسلم ممالک اور دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، یہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی علامت ہے۔

  • عمران خان نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی: فردوس عاشق اعوان

    عمران خان نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کو مخاطب کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعید غنی صاحب آپ کی لاعلمی پر افسوس ہے، قوم کا مال لوٹنے اور جھوٹے اعداد و شمار پر معیشت چلانے والوں کو یہ بھی علم نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی ششماہی میں حاصل کردہ ٹیکس 2085 ارب ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4 فیصد زیادہ ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ درآمدات کی تعداد 21 فیصد کم ہوئی جبکہ داخلی ٹیکسوں یعنی انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 21.2 فیصد، 34 فیصد اور 25.6 فیصد اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونز کے ذریعے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے ٹیکس آسان ایپ متعارف کروایا گیا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے پورٹل پر لوگوں کے سفر، زمین کے لین دین، ود ہولڈنگ اور گاڑیوں سے متعلق تفصیلات میسر ہیں۔ اس سال 105 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے، پچھلے سال 36 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے تھے۔

  • جہاز سے کراچی کی تصویر کھینچنے پر رضا ہارون نے اسد عمر کی کھنچائی کیوں کی؟

    جہاز سے کراچی کی تصویر کھینچنے پر رضا ہارون نے اسد عمر کی کھنچائی کیوں کی؟

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی ہوائی جہاز سے کھینچی گئی تصویر پر ان کی کھنچائی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو کب تک اوپر سے یا اسلام آباد سے بیٹھ کر دیکھیں گے؟

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی ہوائی جہاز سے کھینچی گئی تصویر پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ رات کو جہاز سے کراچی کی تصویر کھینچی، اسی لیے کراچی کو روشنیوں کا شہر کہتے ہیں۔

    رضا ہارون نے ٹویٹر پر انہیں جواب دیا کہ کراچی کو کب تک اوپر سے یا اسلام آباد سے بیٹھ کر دیکھیں گے؟

    اپنے ٹویٹ میں رضا ہارون نے لکھا کہ نیچے اتریں اور اس بدحال شہر کو ترقیاتی اسکیموں و وفاقی بجٹ میں جائز حق دیں یعنی 10 فیصد لازمی ہر سال، اور ہنگامی بنیادوں پر کم از کم وہ 162 ارب روپے جو وزیر اعظم کا اعلان ہے۔

    جواب میں اسد عمر نے انہیں کہا کہ رضا بھائی زمین پر ہی کر رہے ہیں، آپ بھی آجائیں مل کر کام کرتے ہیں۔ شہر کی ترقی میں سیاست آڑے نہیں آنے دیں گے۔

    اسد عمر نے کہا کہ یکم جنوری کو کراچی کے وفاقی منصوبوں کا جائزہ لیا تھا جو وزیر اعظم کے 162 ارب پیکج کا حصہ ہیں اور رفتار تیز کرنے کے فیصلے کیے تھے۔ کل ان فیصلوں کی فالو اپ میٹنگ ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے تاہم حکومت سے تعاون مسلسل جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، حکومت کے مطابق کراچی نے 89 فیصد ٹیکس دیا ہے، تمام ناانصافیوں کے باوجود کراچی 65 فیصد ریونیو دے رہا ہے۔ کراچی 89 فیصد ٹیکس دے رہا ہے تو پورا پاکستان کیا کر رہا ہے؟

  • دسمبر 2019 میں مہنگائی میں کمی، 2020 میں مزید کمی متوقع

    دسمبر 2019 میں مہنگائی میں کمی، 2020 میں مزید کمی متوقع

    اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ دسمبر 2019 میں مہنگائی کے بیشتر اشاریوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، سنہ 2020 میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ عمر حامد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر 2019 میں مہنگائی کے بیشتر اشاریوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) اور ہول سیل پرائس انڈیکس (ڈبلیو پی آئی) میں 0.3 فیصد کمی ہوئی، کمی نومبر 2019 کے مقابلے میں کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہروں کے لیے فوڈ انفلیشن گزشتہ ماہ کی نسبت منفی 1.7 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں کے لیے گزشتہ ماہ کی نسبت منفی 1.1 فیصد رہی۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ ایک ماہ میں پیاز ساڑھے 12، ٹماٹر ساڑھے 36، مرغی 11.2 فیصد، آٹا 1.1، آلو 2 اور مرچیں 17.6 فیصد سستی ہوئیں۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے اقدامات جاری ہیں، سنہ 2020 میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ دسمبر کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ دسمبر 2018 کی نسبت نومبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.63 فیصد رہی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران خشک میوہ جات کی قیمت میں 6.35 فیصد اضافہ ہوا۔ گندم 5.62، انڈے 4.61 اور دالیں 3.80 فیصد مہنگی ہوئیں۔

    اسی طرح ٹماٹر 36، پیاز 12، چکن 11 اور تازہ سبزیاں 4.62 فیصد سستی ہوئیں۔ مجموعی طور پر ایک سال میں ٹماٹر 321، پیاز 170 اور تازہ سبزیاں 84 فیصد مہنگی ہوئی تھیں۔

  • خلائی مشنز کے لیے سخت فریم ورک کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    خلائی مشنز کے لیے سخت فریم ورک کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خلا سے ہر انسان کا تعلق ہے، خلائی مشنز کے لیے سخت عالمی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خلا سے ہر انسان کا تعلق ہے، یہ اتنا ہی اہم ہے جتنا ماحول کا تحفظ کرنا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ خلائی مشنز کے لیے سخت عالمی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے بھارت کے ناکام خلائی مشن کو خلائی ماحول کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ خلائی مشن ماحول کے لیے خطرناک ہیں، بھارت خلا میں ملبہ پھیلانے کے باعث خلائی آلودگی کا بڑا سبب بنتا جا رہا ہے۔

    وزیر سائنس نے ناسا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ خلائی مشن پورے ایکو سسٹم کے لیے خطرناک ہیں، ناسا سمیت دیگر عالمی تنظیموں کو بھارتی اقدام کا سخت نوٹس لینا چاہیئے۔

    فواد چوہدری نے وزارت سائنس کا منصب سنبھالتے ہی اعلان کیا تھا کہ سنہ 2020 میں پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا اور یہ اقدام پاکستان کے اسپیس پروگرام کے لیے تاریخ ساز ہوگا۔

    پاکستان اور چین کے درمیان خلائی ٹیکنالوجی منتقلی کا معاہدہ ہوا تھا جس سے پاکستانی خلا نورد کے خلا میں جانے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ پاکستانی اور چینی خلانوردوں کو مشترکہ طور پر خلائی مشن پر بھیجا جائے گا اور چین پاکستان کو خلائی تحقیق میں مدد و تعاون فراہم کرے گا۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پہلے پاکستانی خلا باز کے لیے انتخاب اگلے سال (سنہ 2020 میں) ہوگا، پہلے مرحلے میں 50 خلا نورد شارٹ لسٹ کریں گے اور 50 میں سے 25 حتمی مرحلے میں جائیں گے۔

  • اپوزیشن سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے، ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت اور دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2020 عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کا سال ہوگا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپنے گھر لاڑکانہ سے شکست کھانے والوں کے منہ سے نئے سال میں نئے الیکشن کی بات مضحکہ خیز اور بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے۔ لاڑکانہ کی حالیہ شکست کرپشن کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب! پاکستان کے عوام نے 2 خاندانوں کے دہائیوں سے مسلط اقتدار کو زمین بوس کر کے عمران خان کی قیادت میں حقیقی عوامی راج قائم کر دیا ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اپوزیشن قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے۔ ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت اور دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خود اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے، عوام اقتدار عمران خان کو دیں تو ان کی طبیعت ناگوار کیوں؟

  • ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: فردوس عاشق

    ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: فردوس عاشق

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں، ان بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کیا کہ ایل اوسی پر بسنے والوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی سفاکی ظاہر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم کے احساس کا مظاہرہ ہے، کابینہ نے ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے خصوصی پیکج منظور کیا، خصوصی پیکیج خاندانوں کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت راشن اسکیم کے ذریعے معاونت کی جائے گی، 33 ہزار498 خاندانوں میں ہر شادی شدہ خاتون کی سہ ماہی مدد کی جائے گی، جبکہ ہرسہ ماہی خاتون کو 5ہزار روپے دیے جائیں گے، رقم کی ادائیگی 4 سہ ماہی تک جاری رہے گی۔

    ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مار دیے۔

    واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

  • تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا: فردوس عاشق اعوان

    تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کرسمس کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے مسیحیوں خصوصاً پاکستان میں رہنے والے مسیحی بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

    انہو نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم کے وژن کی پاسداری کرتے ہوئے نئے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ جاری رکھیں گے۔

  • بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے: فردوس عاشق اعوان

    بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔ مودی فسطائی ذہنیت کے ساتھ بھارت میں ہندتوا کے نظریے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں بھارت میں اقلیتوں کے حوالے سے بات کی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع میسر ہیں، آئین پاکستان ان کے حقوق کا ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں امتیازی اور متعصبانہ شہریت کے قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ بھارتی شہر میدان جنگ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مودی اپنی بدنیتی، بد فطرتی اور چالاکی سے بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و جبر سے دنیا کی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں مہینوں سے کرفیو نافذ ہے۔ کشمیری مسلمانوں کی زندگیوں پر موت کے پہرے ہیں۔ امتیازی شہریت کے متنازع قانون نے مودی کی مسلمانوں کے خلاف نفرت کی تصدیق کردی ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ مودی فسطائی ذہنیت کے ساتھ بھارت میں ہندتوا کے نظریے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔

  • ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا: فواد چوہدری

    ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا، واقعات کا تسلسل عدالتی اور قانونی معاملہ نہیں رہا اس سے بڑھ کر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی سیب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ پرویز مشرف کی ذات کا ہے ہی نہیں ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے لبیک دھرنا کیس میں فوج اور آئی ایس آئی کو ملوث کیا گیا، پھر آرمی چیف کے عہدے میں توسیع کو متنازعہ بنایا گیا اور اب ایک فوج کے مقبول سابق سربراہ کو بے عزت کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ واقعات کا تسلسل عدالتی اور قانونی معاملہ نہیں رہا اس سے بڑھ کر ہے۔ اگر ملک میں فوج کے ادارے کو تقسیم یا کمزور کر دیا گیا تو پھر انارکی سے نہیں بچا جا سکتا۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جنرل باجوہ اور موجودہ فوجی سیٹ اپ نے جمہوری اداروں کا ساتھ دیا ہے، لیکن اس حمایت کو نادانی میں کمزوری نہیں سمجھنا چاہیئے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اداروں کو ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، فوج کی مداخلت کے بغیر ملک نہیں چل سکتے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی میں جی ایچ کیو کا اہم کردار ہے اس لیے اداروں کو ایک دوسرے کی اہمیت اور عزت کا خیال رکھنا چاہیئے۔ مشرف کی سزا کو کوئی بھی اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہا۔