Tag: TWEET

  • مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان قابل تعریف ہے: فردوس عاشق اعوان

    مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان قابل تعریف ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے گلوبل ریفیوجی فورم سے خطاب اور بے بس اور بے وسیلہ مہاجرین کے مسائل پر روشنی سے مہاجرین کی مشکلات کا پوری دنیا کو ادراک ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں عمران خان کے ریفیوجی فورم پر خطاب کے حوالے سے بات کی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے گلوبل ریفیوجی فورم سے خطاب اور بے بس اور بے وسیلہ مہاجرین کے مسائل پر روشنی سے مہاجرین کی مشکلات کا پوری دنیا کو ادراک ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان غریب ملک ہونے کے باوجود 30 لاکھ مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ تمام تر مشکلات کے باوجود 40 سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان قابل تعریف ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمیں دنیا میں ان حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس کے باعث لوگ مہاجر بننے پر مجبور ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہر بین الاقوامی فورم کی طرح اس فورم پر بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وحشیانہ اور غیر انسانی قبضے سے متعلق پوری دنیا کو آگاہ کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو غیر قانونی غیر انسانی اقدامات سے باز رکھ کر مہاجرین کے ایک بڑے بحران سے بچا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ریفیوجی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو خود بے روزگاری کے مسائل کا سامنا ہے، پاکستان کو افغان پناہ گزینوں کی 40 سال سے زیادہ میزبانی پر فخر ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست کو کشمیری عوام کا محاصرہ کیا۔ 80 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا گیا۔ انٹرنیٹ اور مواصلات معطل کردی گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔

  • بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کردیا

    بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کردیا

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک بار پھر بھارت کو متنبہ کردیا ہے کہ مسلح افواج بھارت کے ہر جارحانہ عزائم کا منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج بھارت کے ہر جارحانہ عزائم کا جواب دینے کو تیار ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گی، بھارتی آرمی چیف کا اشتعال انگیز بیان لائن آف کنٹرول کی صورتحال بگاڑنے کی کوشش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز بیان بھارت میں احتجاج سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت ہمیشہ اپنے داخلی معاملات اور انتخابات میں ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر صورتحال کسی وقت بھی سنگین ہو سکتی ہے۔

    بعد ازاں بھارت کی جانب سے سرحدوں پر غیر معمولی نقل و حرکت بھی بڑھا دی گئی۔ بھارت نے پاک انڈیا سرحد پر براہموس اور اسپائک میزائل بھی نصب کر دیے ہیں۔

  • خوشونت سنگھ نے بھارت میں نسلی تفاخر کے نظریے کی پیش گوئی کی تھی: وزیر اعظم

    خوشونت سنگھ نے بھارت میں نسلی تفاخر کے نظریے کی پیش گوئی کی تھی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خوشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی، پیشگوئی میں متعصبانہ بالا دستی کے نظریے کے ساتھ بھارت کی سمت بتائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بھارتی دانشور خوشونت سنگھ کا آرٹیکل شیئر کر دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خوشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی، پیشگوئی میں متعصبانہ بالا دستی کے نظریے کے ساتھ بھارت کی سمت بتائی گئی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی الحاق اور محاصرہ کر رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی سرکار نے آسام کے 2 ملین مسلمانوں کو شہریت سے محروم کیا اور اب مودی سرکار نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کرلیا۔ بھارت میں مسلمان غیر مسلم ہجوم کا نشانہ بھی بن رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو سمجھنا چاہیئے نازی جرمنی میں نسل کشی کا ایجنڈا جنگ عظیم دوئم کا سبب بنا، مودی کا بھی ہندو بالا دستی کا ایجنڈا ہے، پاکستان کو دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔ اس سب کا نتیجہ خون خرابہ اور طویل مدت اثرات کی شکل میں ہوگا۔

  • کسان کو فصل کی جائز قیمت اور منڈی تک رسائی دلائیں گے: وزیر اعظم

    کسان کو فصل کی جائز قیمت اور منڈی تک رسائی دلائیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کسان کو فصل کی جائز قیمت اور منڈی تک رسائی دلائیں گے، احساس پروگرام کے تحت کسانوں کے لیے صحت کارڈ کی سہولت اور تعلیمی وظائف یقینی بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یوم کسان پر کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کا عزم دہراتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسان کو فصل کی جائز قیمت اور منڈی تک رسائی دلائیں گے۔ احساس پروگرام کے تحت صحت کارڈ کی سہولت اور تعلیمی وظائف یقینی بنائیں گے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کا فروغ، چھوٹے کسانوں کو ریلیف دینا پہلی ترجیح ہے۔ زرعی اور صنعتی شعبے کی ترقی کو مساوی طور پر یقینی بنانے پر بھی توجہ ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صوبائی حکومتیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کریں، گنے کی قیمت ایسی مقرر کریں جس سے کسانوں کی حوصلہ افزائی ہو، چینی کی قیمت میں استحکام کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

  • کاش ن لیگ نے ملکی معیشت کی فکر اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی: فردوس عاشق اعوان

    کاش ن لیگ نے ملکی معیشت کی فکر اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 3 دہائیاں برسر اقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگی قیادت خود اپنی جان، مال اور آل کے ساتھ بیرون ملک جا چکی ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ سیاسی سانسیں جاری رکھنے کے لیے پارٹی کے دوسرے درجے کے رہنماؤں کو سیمینار کروانے کی نوکری پر لگا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت پر کانفرنس کرنے کے بجائے اسحٰق ڈار کو واپس بلائیں جس نے پاکستان کی عمارتیں اور شاہراہیں بھی گروی رکھ دیں۔ ارسطو بن کر لیکچر دینے والوں نے معیشت کی ناؤ ڈبوئی، اب مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں؟

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احسن اقبال صاحب کاش ملکی معیشت کی فکر آپ نے اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی؟ 3 دہائیاں برسر اقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آل شریف نے عوام کا کاروبار بند کر کے اپنی آل اولاد کے کاروبار کے تسلسل کو تقویت دی۔

  • مشرف کو سزائے موت: بلاول نے اپنی والدہ کی قتل سے قبل آخری لمحے کی تصویر کیوں پوسٹ کی؟

    مشرف کو سزائے موت: بلاول نے اپنی والدہ کی قتل سے قبل آخری لمحے کی تصویر کیوں پوسٹ کی؟

    اسلام آباد: سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی قتل سے چند لمحے قبل ان کے آخری جلسے کی تصویر پوسٹ کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پرویز مشرف سے متعلق فیصلے پر ٹویٹ کیا، ’جمہوریت بہترین انتقام ہے، جئے بھٹو‘۔

    بلاول نے اپنے ٹویٹ میں اپنی والدہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی تصویر بھی پوسٹ کی، جو سنہ 2007 میں ان کے قتل سے چند لمحے قبل ان کے آخری جلسے کی ہے۔

    اس جلسے کے بعد بے نظیر بھٹو کے قافلے پر خودکش دھماکہ ہوا تھا جبکہ بے نظیر بھٹو کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، اس وقت اقتدار پر براجمان سابق صدر پرویز مشرف کو بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں بھی نامزد کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ آج خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔

    سابق صدر پرویز مشرف اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور شدید علیل ہیں۔ وہ اپنے کیس کی پیروی کے لیے ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

  • مودی کی انتہا پسندانہ سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    مودی کی انتہا پسندانہ سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی انتہا پسندی کی آگ نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایسی سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امتیازی اور متعصبانہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا پر بہیمانہ اور وحشیانہ تشدد انسانیت کی تذلیل اور بھارتی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ طلبا پر تشدد نے مودی کے بھارت کو تقسیم کرنے کے حوالے سے عالمی جریدوں کی پیش گوئی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔

  • بڑا سوال یہ ہے کہ سپریم کون ہے پارلیمان یا سپریم کورٹ؟  فواد چوہدری

    بڑا سوال یہ ہے کہ سپریم کون ہے پارلیمان یا سپریم کورٹ؟ فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں سپریم کون ہے ؟ پارلیمان یا سپریم کورٹ؟ سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو کوئی مخصوص قانون بنانے کا کہہ سکتی ہے تو پھر پارلیمان مقتدر اعلیٰ نہیں۔

    یہ بات انہوں نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑا سوال یہ ہے کہ ملک میں سپریم کون ہے پارلیمان یا سپریم کورٹ؟ کیاسپریم کورٹ پارلیمنٹ کو مخصوص قانون بنانے کا کہہ سکتی ہے؟ اگر سپریم کورٹ کہہ سکتی ہے تو پھر پارلیمان مقتدر اعلیٰ نہیں ہے۔

    فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ کہنا کہ روایات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں درست تشریح نہیں، ایگزیکٹو اختیارات کو پارلیمان کیسے استعمال کرسکتی ہے جبکہ یہ انتظامی ادارہ نہیں۔

    اپنے پیغام میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کیسے یہ حکم دے سکتی ہے کہ مدت کا تعین پارلیمان لازماً کرے ؟ فیصلے میں1956اور1962کے آئین پر سیرحاصل گفتگو نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی تقاریر کو نہیں دیکھا گیا جو کےآرٹیکل243کی تشریح کرتی ہیں، بہرحال سپریم کورٹ سپریم ہے حتمی فیصلے کا اختیار تو سپریم کورٹ کہے۔

  • وزیر اعظم کا دورہ بحرین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم کا دورہ بحرین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کے آغاز کا غماز ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بحرین کے قومی دن کے موقع پر گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت اور اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کا اعزاز دنیا اور خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار اور تشخص کا آئینہ دار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بحرین کے ساتھ مشترکہ ثقافت، مذہب اور باہمی اعتماد پر رشتے قائم ہیں۔ دونوں ممالک، اپنے ملک کےعوام کے باہمی مفاد میں وسیع البنیاد اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بحرین کی اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اضافے کا باعث بنے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان خطے میں رنجشیں اور غربت کے خاتمے کا مشن لیے مسلسل عرب ریاستوں کے اہم دورے کر رہے ہیں، سعودی عرب سے واپسی کے بعد آج بحرین کا دورہ کریں گے۔

    وزیر اعظم بحرین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کریں گے اور امیر بحرین حماد بن الخلیفہ سے ان کی ون آن ون ملاقات ہوگی۔ امیر بحرین کے ساتھ ملاقات میں خطے کی صورت حال پر بات کی جائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کا سب سے بڑا سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

  • آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ ہمارا عزم ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے سانحے نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جو بھلایا نہیں جائے گا، اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ آنسو اور دعائیں رہ گئی ہیں، اس عزم کے ساتھ کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    خیال رہے کہ آج سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی ہے۔ 5 برس قبل بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کردی اور 132 ننھے طلبہ اور 16 اساتذہ اور پرنسپل کو بے رحمی سے شہید کردیا۔

    اس سانحے پر قوم کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہدا کے لواحقین آج بھی غم سے نڈھال ہیں، مگر حوصلے جوان ہیں۔ سانحے کی پورے ملک میں پانچویں برسی منائی جا رہی ہے، شہدا کی یاد میں جگہ جگہ فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کراچی اور لاہور میں شمعیں روشن کی گئیں۔