Tag: TWEET

  • پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں: فردوس عاشق اعوان

    پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں۔ حکومت ملک کو پولیو سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو پولیو سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک صحت مند پاکستان کے لیے یکجان اور پرعزم ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ انسداد پولیو مہم کے ذریعےاس موذی مرض پر قابو پانے میں کردار ادا کریں اور معاشرے کو صحت مند بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا اشد ضروری ہے۔ اس ضمن میں عوام میں مزید آگاہی اور شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ان پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں جو شدت پسندوں کے ہاتھوں نشانہ بننے کے باوجود اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا تھا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انسداد پولیو مہم میں جان دینے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں، پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی وجہ سے ورکر آپ کی دہلیز تک نہ پہنچیں تو مائیں خود اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے لے کر جائیں، ہم سب کو پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہیئے۔

    مجموعی طور پر رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 98 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔ 14 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔

  • بھارتی مصنوعات پاکستان لانے کا سلسلہ بند کرکے رہیں گے، شبر زیدی

    بھارتی مصنوعات پاکستان لانے کا سلسلہ بند کرکے رہیں گے، شبر زیدی

    اسلا م آباد : چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ جعل سازی کے ذریعے بھارتی مصنوعات پاکستان لانے کا سلسلہ بند کرکے رہیں گے، اس سلسلے میں انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ بھارتی مصنوعات کی جعل سازی سے پاکستان آمد روکنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

    غلط معلومات دے کر بھارتی مصنوعات کی درآمد کا سلسلہ سامنے آیا، کسی اور ملک کے ڈکلیئریشن پر بھارتی مصنوعات درآمد کی جارہی ہیں۔

    شبر زیدی نے کہا کہ بھارتی مصنوعات کی درآمد بند کرنے کے انتظامات کرلیے، جعل سازی سے مصنوعات لانے کا سلسلہ بند کرکے رہیں گے۔

  • بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے، مودی کے ہندو بالا دستی کے ایجنڈے سے جنگ اور خون خرابے کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی الحاق اور محاصرہ کر رکھا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے آسام کے 2 ملین مسلمانوں کو شہریت سے محروم کیا اور اب مودی سرکار نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کرلیا۔ بھارت میں مسلمان غیر مسلم ہجوم کا نشانہ بھی بن رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا چاہیئے نازی جرمنی میں نسل کشی کا ایجنڈا جنگ عظیم دوئم کا سبب بنا، مودی کا بھی ہندو بالا دستی کا ایجنڈا ہے، پاکستان کو دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔ اس سب کا نتیجہ خون خرابہ اور طویل مدت اثرات کی شکل میں ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نازی جرمنی کی طرح مودی کے بھارت میں بھی مخالفین کو دبایا جا رہا ہے۔ مودی کے ہندو بالا دستی کے ایجنڈے سے جنگ اور خون خرابے کا خطرہ ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے دنیا کو مودی کے ایجنڈے پر ایکشن لینا چاہیئے۔

     

    خیال رہے کہ دو روز قبل بھارتی لوک سبھا میں شہریت کا متنازعہ بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا۔

    اس قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی، بل کے حق میں 293 ووٹ آئے جبکہ 82 اراکین اسمبلی نے اسے مسترد کردیا۔

    ترمیمی شہریت بل سے آسام میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیر لاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔

  • عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، عوام کی اصل دلچسپی اس میں ہے کہ ان دونوں سے لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت سے ملکی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرح آصف زرداری کیس میں فیصلہ اپلائی ہوا۔ سوال یہ ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والوں سے پیسہ کیسے لایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، دونوں کا پاکستان کے سیاسی مستقبل میں کردار ختم ہوچکا ہے۔ عوام کی اصل دلچسپی یہ ہے کہ ان سے ریکوری کی کیا صورت بنے گی۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عوام کی دلچسپی اس میں ہے کہ لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    خیال رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

    عدالت نے طبی بنیادوں پر ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 1، 1 کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

  • متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے: فردوس عاشق اعوان

    متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے: فردوس عاشق اعوان

    ‏اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے۔ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازعہ قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جس دن پوری دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی تھی تو دوسری طرف بھارت متنازعہ شہریت بل سے انسانی حقوق کے قوانین کی سر عام دھجیاں اڑا رہا تھا۔

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ یہ اقدام فاشسٹ مودی کی اقلیتوں کے حقوق پر کاری ضرب اور مسلم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مودی سرکار کی جانب سے بھارت کو انتہا پسند ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کا عمل گاندھی کے نظریے کو دفن اور قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متنازعہ شہریت بل نام نہاد جمہوریت اور بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے۔ یہ قانون سازی نہیں بلکہ انتہا پسند ہندو توا سوچ پورے خطے پر مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش اور ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔

    معاون خصوصی نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازعہ قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی لوک سبھا میں شہریت کا متنازعہ بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا۔

    اس قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی، بل کے حق میں 293 ووٹ آئے جبکہ 82 اراکین اسمبلی نے اسے مسترد کردیا۔

    ترمیمی شہریت بل سے آسام میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیر لاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔

  • کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر کا ایک اور اقدام

    کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر کا ایک اور اقدام

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر دستیاب نان کسٹم پیڈ اشیا کی تیز سیٹلمنٹ پر کام کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایف بی آر دستیاب نان کسٹم پیڈ اشیا کی تیز سیٹلمنٹ پر کام کر رہا ہے۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ تفصیلات آئندہ ہفتے جاری کی جائیں گی، اقدام کا مقصد کاروبار کو متاثر کیے بغیر کاروباری آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

    اس سے قبل شفافیت اور کاروباری آسانی مزید بہتر بنانے کے لیے ایف بی آر نے کسٹمز رولنگز اپنی ویب سائٹ پر دستیاب کردی تھیں۔

    اس سے قبل شبر زیدی نے کہا تھا کہ ریفنڈ کی صورت حال بہتر ہوئی ہے، خود کار نظام کے تحت ریفنڈ کے 25 ارب کے کلیمز 5 ماہ میں آئے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ متعدد ریفنڈ کلیئر ہو گئے ہیں جو خود کار طریقے سے ہوئے، مجموعی 1800 میں سے 1604 کلیمز کلیئر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ فارم ایچ کمپیوٹر سے فائل ہوتا ہے اور خود کار نظام سے آگے جاتا ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے: فردوس عاشق اعوان

    کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قرضوں کی فراہمی کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں سے کیے گئے عہد کی پاسداری کی جانب عملی قدم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد ہے۔ تمام قرض میرٹ پر دیے جائیں گے۔ عمران خان کا یقین ہے کہ قوم اور معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر فلاح اور ترقی پائے گا۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اور کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔

  • مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، لیکن فیصلے کوئی اور کرتا ہے: فردوس عاشق اعوان

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، لیکن فیصلے کوئی اور کرتا ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے ان کی جگہ کوئی اور کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں پھر پارلیمان میں تبدیلی کی بات کریں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے ان کی جگہ کوئی اور کرتا ہے۔ کٹھ پتلی صدر ہونے سے بہتر ہے کہ پہلے اپنی پارٹی کے حقیقی صدر تو بن جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی کا بیان بلی کے خواب میں چھیچھڑے کے مترادف ہے۔ ان حسرتوں کے لیے ان سے ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے۔ ان ہاؤس تبدیلی کی شو بازی نہ کریں، پارلیمان میں آ کر قانون سازی کی ذمہ داری پوری کریں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین سینٹ تبدیل کرنے کے معاملے میں اپوزیشن کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا وہ شاید شہباز شریف بھول گئے ہیں۔ بلاول اور مولانا بھی پارلیمان کی بالا دستی کے اپنے دعوؤں پر عمل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق اپنی جماعتوں کو یرغمال نہ بنائیں۔

  • شہباز شریف کی سیکیورٹی پر قومی خزانے سے 830 کروڑ روپے خرچ ہوئے: مراد سعید

    شہباز شریف کی سیکیورٹی پر قومی خزانے سے 830 کروڑ روپے خرچ ہوئے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی سیکیورٹی پر قومی خزانے سے 830 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ اب انکشاف ہوا کہ کرپشن کا پیسہ بلٹ پروف لینڈ کروزر میں بھرا جاتا اور پروٹوکول میں منتقل ہوتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی سیکیورٹی پر قومی خزانے سے 830 کروڑ اور جاتی عمرہ پر پچھلے 5 سال میں عوام کے 214 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے علاوہ ذاتی 5 گھروں کو بھی کیمپ آفس قرار دیا گیا۔ ذاتی دوروں، خصوصی جہازوں، اور گھروں کے خرچے اس کے علاوہ ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اب انکشاف ہوا کہ کرپشن کا پیسہ بلٹ پروف لینڈ کروزر میں بھرا جاتا اور پروٹوکول میں منتقل ہوتا رہا۔

    اس سے قبل مراد سعید نے کہا تھا کہ کرپٹ ٹولہ بیماری کی آڑ میں رعایت اور پاکستان سے فرار ہونا چاہتا ہے، پوری قوم تمام کرپٹ کرداروں کا بے لاگ احتساب چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بلاول بھٹو اپنے ابو اور ابو کی کرپشن بچانے کے لیے دوڑ دھوپ میں مصروف ہیں، ملک کو آگے بڑھانا ہے تو لوٹ مار کرنے والوں سے چوری شدہ مال نکلوانا ہوگا۔

  • الیکشن کمیشن کی تشکیل پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنا بدقسمتی ہوگی: فواد چوہدری

    الیکشن کمیشن کی تشکیل پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنا بدقسمتی ہوگی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنا بدقسمتی ہوگی، سیاست دان ایک شخص پر اتفاق نہیں کر سکتے تو بڑے مسائل پر کیا اتفاق کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنا بدقسمتی ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاست دان ایک شخص پر اتفاق نہیں کر سکتے تو بڑے مسائل پر کیا اتفاق کریں گے۔ فریقین اپنی پوزیشن میں نرمی لائیں اور فیصلہ کریں۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہٹانے کی کوشش پر مولانا فضل الرحمٰن نے منہ کی کھائی، پاکستان میں لیڈر صرف وزیراعظم عمران خان ہی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہم آپس میں لڑتے رہیں گے اور اختیارات چھیننے کی کوشش کریں گے تو معاملات خراب ہوں گے، جمہوریت میں حکومت اور اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ امید ہے الیکشن کمیشن ممبران اور چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اتفاق ہوجائے گا، پہلے ایسے موضوعات کو اٹھایا جا رہا ہے جن میں فاصلے کم ہیں۔