Tag: TWEET

  • بلوچستان میں روزگار کی فراہمی کے لیے اہم منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

    بلوچستان میں روزگار کی فراہمی کے لیے اہم منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

    کوئٹہ: حکومت بلوچستان اور وزارت دفاعی پیداوار میں شپ یارڈ منصوبے پر اتفاق ہوا ہے، مشترکہ شپ یارڈ منصوبہ گوادر میں لگایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور وزارت دفاعی پیداوار میں شپ یارڈ منصوبے پر اتفاق ہوا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور بلوچستان کی معیشت بہتر ہوگی، بلوچستان کے نوجوانوں اور انجینئروں کو کراچی میں تربیت دلائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مشترکہ شپ یارڈ منصوبہ گوادر میں لگایا جائے گا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے چار بڑے سیکٹرز سمندری نمک، بلوچستان کی طویل ساحلی پٹی، معدنیات اور ری نیوایبل انرجی میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صوبے کا وسیع رقبہ اسے زراعت اور لائیو اسٹاک کے لیے بھی موزونیت فراہم کرتاہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے اچھا ماحول بن رہا ہے اور ہم بہتر ہیومن ریسورس کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے محاصل میں اضافے سے عوام میں مجموعی طور پر خوشحالی اور آسودگی آئے گی۔

  • انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے درآمدات کے یونٹس میں تبدیلیاں

    انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے درآمدات کے یونٹس میں تبدیلیاں

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ انڈر انوائسنگ کو روکنے اور درآمد کنندگان کی آسانی کے لیے درآمدات پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ درآمدات پر درآمد کنندگان کی آسانی کے لیے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    شبر زیدی کا کہنا ہے کہ تبدیلیاں یونٹ آف میرمنٹ سسٹم اور ویلیو ایشن یونٹ میں کی گئی ہیں، درآمد کنندگان اس بارے میں مزید تجاویز دیں۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ عمل انڈر انوائسنگ کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی کے بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ 960 ارب روپے محصولات میں 15 ارب کے ٹیکس ری فنڈ شامل نہیں ہیں، مقامی ٹیکس محصولات میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا تھا کہ حوصلہ شکنی کے اقدامات سے درآمدات کی مالیت 3 ارب ڈالر کم رہی ہے، تین ارب ڈالر کم درآمدات سے 125 ارب روپے کا ٹیکس نہیں ملا ہے۔ کم درآمدات کے سبب ٹیکس کا ہدف حاصل ہوا۔

  • انتخابات میں کامیابی پر عوام کا شکر گزار ہوں: جسٹن ٹروڈو

    انتخابات میں کامیابی پر عوام کا شکر گزار ہوں: جسٹن ٹروڈو

    اٹاوا: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے عوام کی جانب سے بھرپور اعتماد اور الیکشن میں بھاری اکثریت میں ووٹ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں جسٹن ٹروڈو نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قوم کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھروسہ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہماری ٹیم کینیڈا کے عوام کی بہتری کے لیے مزید محنت کرے گی۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو عام انتخابات میں جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں دونوں ملکوں کی بہتری کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

    کینیڈا میں انتخابات، جسٹن ٹروڈو کو برتری حاصل

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے ایوان زیریں ہاؤس آف کامنز کی تین سواڑتیس نشستوں کے لیے پولنگ ہوئی اور اب ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے۔

    امریکی صدر کی جسٹن ٹروڈو کوعام انتخابات میں جیت پر مبارکباد

    ابتدائی نتائج کے مطابق جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کو برتری حاصل ہے، 338 میں سے 41 سیٹیں حاصل کرلی ہیں جبکہ کنزرویٹوپارٹی صرف 31 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

    یاد رہے کہ اکتوبر2015 میں کینیڈا کے پارلیمانی انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی نے حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی۔

  • اپوزیشن کا مارچ کشمیریوں کی نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن کا مارچ کشمیریوں کی نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ محمد نواز شریف کی گفتگو کے بعد فضل الرحمٰن کے مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ ان کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے۔ وہ مظلوموں اور بے کسوں کے لیے نہیں بلکہ کرپشن کنگز کے سیاسی و معاشی روزگار کو تحفظ دینے کے لیے باہر نکل رہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ کبھی بال شہباز شریف کے پاس ہوتی ہے تو کبھی نواز شریف کے پاس، تاہم دونوں گول کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ دونوں کے گول پوسٹ الگ الگ ہیں۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ آج ماڈل ٹاؤن میں ہونے والا اجلاس بھی اسی کھیل کا حصہ ہے۔ جانتے ہیں کہ فضل الرحمٰن سیاسی حلوے کے شیدائی ہیں جس کے حصول کے لیے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے دن کو سیاست کے لیے چنا گیا۔

  • پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادیں: معلومات کے تبادلے پر دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ سے معاملات طے

    پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادیں: معلومات کے تبادلے پر دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ سے معاملات طے

    اسلام آباد: ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق معلومات کے تبادلے پر دبئی میں میٹنگ ہوئی ہے، دبئی کا لینڈ ڈپارٹمنٹ فوری معلومات فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق معلومات کے تبادلے پر دبئی میں میٹنگ ہوئی ہے۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ملاقات 9 اور 10 اکتوبر کو ہوئی، دبئی کا لینڈ ڈپارٹمنٹ فوری معلومات فراہم کرے گا۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اقامے کے غلط استعمال کا بھی سدباب کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق متعدد پاکستانی سیاسی شخصیات اور سرکاری افسران دبئی میں جائیدادوں کے مالک ہیں۔

    گزشتہ برس جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر مخدوم امین فہیم کی اہلیہ رضوانہ کی 4 اور عدنان سمیع خان کی والدہ نورین سمیع خان کی 3 جائیدادیں سامنے آئی تھیں۔

    سابق لیگی سینیٹر انور بیگ کی اہلیہ بھی دبئی میں فلیٹ، سینیٹر تاج محمد آفریدی، میر حسن تالپور اور سابق سینیٹر عمار احمد خان بھی دبئی میں جائیدادوں کے مالک ہیں۔

    دبئی میں لاہور کے ایک شہری کی 22 جائیدادوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ تحریک انصاف رہنما ممتاز احمد مسلم کی دبئی میں 16 جائیدادیں سامنے آئی تھیں۔

  • پاک چین دوستی امن و ترقی کی علامت ہے: فردوس عاشق اعوان

    پاک چین دوستی امن و ترقی کی علامت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات دو طرفہ تعاون میں مزید وسعت کا باعث بنے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ اور وزیر اعظم عمران خان کا گرمجوشی کا انداز آئرن برادرز کی عظیم دوستی کا مظہر ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیر اعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال دونوں سدا بہار دوستوں کے لازوال اور گہرے رشتے کا درخشاں باب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں مزید وسعت کا باعث بنے گی۔ چینی وزیر اعظم نے عمران خان کے سی پیک منصوبوں پر تیز رفتاری سے تکمیل کے عزم اور پیشرفت پر شکریہ ادا کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت سی پیک منصوبوں پر تیز تر اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا ملاقات میں مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور انسانی بحران پر گفتگو آئینہ دار ہے کہ عمران خان ہر محاذ پر کشمیریوں کے حق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

  • ترکی: حکومت مخالف ٹویٹ لائیک کرنے پر امریکی سفیر طلب، معافی مانگنا پڑی

    ترکی: حکومت مخالف ٹویٹ لائیک کرنے پر امریکی سفیر طلب، معافی مانگنا پڑی

    انقرہ: ترکی نے حکومت مخالف ایک ٹویٹ کو لائیک کرنے پر امریکی سفیر جیفری پوونیئر کو طلب کرلیا جس پر انہیں معافی بھی مانگنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کو مطلوب جلاوطن ترک صحافی ارگن باباہن کی 5 اکتوبر کو کی گئی ایک متنازع ٹویٹ کو امریکی سفارت خانے کے آفیشل ٹویٹر اکاﺅنٹ سے لائیک کیا گیا تھا جس پر ترکی وزارت خارجہ نے انقرہ میں تعینات امریکی سفیر جیفری پوونیئر کو طلب کرلیا اور وضاحت مانگی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارت خانے کے آفیشل ٹویٹر اکاﺅنٹ سے غلطی تسلیم کرنے اور معذرت کرنے کے باوجود امریکی سفیر کی ترک وزارتِ خارجہ میں طلبی کے بعد امریکی سفارت خانے کو دوبارہ معافی نامہ بھی جاری کرنا پڑا تھا۔

    امریکی وضاحت میں کہا گیا کہ ارگن باباہن سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ان کی ٹویٹ کے مواد سے متفق ہیں، اپنی غلطی پر افسوس ہے۔

    ترک صحافی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ترکی کے لوگ ایک ایسے سیاسی دور کے لیے تیار ہو جائیں جو ترک نیشنل پارٹی کے رہنما کے بغیر ہوگا، اس ٹویٹ کو ترک نیشنل پارٹی کے علیل رہنما باہچلے کی ممکنہ موت کی خواہش سے تعبیر کیا گیا۔

    ترک نیشنل پارٹی صدر اردگان کی جماعت کے ساتھ اقتدار میں شریک بھی ہے۔ واضح رہے کہ ترک حکومت کو مطلوب متنازع ٹویٹ کرنے والے صحافی ارگن باباہن پر 2016 میں ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں سازش کرنے والوں کے ساتھ رابطوں کا الزام ہے اور گرفتاری کے ڈر کی وجہ سے ہی صحافی نے جلاوطنی اختیار کی ہے۔

  • طالبان وفد کے ساتھ مذاکرات نیک شگون ہے: فردوس عاشق اعوان

    طالبان وفد کے ساتھ مذاکرات نیک شگون ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ طالبان وفد کے ساتھ مذاکرات نیک شگون ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے وفد کے ساتھ گزشتہ روز دفتر خارجہ میں مذاکرات کا انعقاد مفاہمتی عمل کے لیے نیک شگون ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ عمل اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے مثبت ماحول پیدا کرنے میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز طالبان وفد کی وزیر خارجہ سے ملاقات اسی سلسلے کی کڑی تھی۔ پر امید ہیں کہ اس سے عنقریب مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، اس ضمن میں نشر اور شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

    خیال رہے کہ افغان طالبان کا وفد دو روز قبل پاکستان پہنچا تھا، گزشتہ روز افغان طالبان اور وزارت خارجہ حکام کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ اور افغان طالبان وفد کا افغان امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان افغان امن کے عمل کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ بہتر ماحول میں مذاکرات کے لیے تشدد کے سلسلے کو بند ہونا چاہیئے، بہتر ماحول میں افغان امن عمل کی جلد بحالی ممکن ہوسکے گی۔

  • ای کامرس پالیسی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی: فردوس عاشق اعوان

    ای کامرس پالیسی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ای کامرس پالیسی پاکستان کی معیشت کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ای کامرس وزیر اعظم کے وژن کے تحت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے، نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کی جانب اہم حکومتی قدم ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ای کامرس پالیسی پاکستان کی معیشت کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے کاروباری آسانیوں کے نئے افق روشن ہوں گے۔ مالی معاملات کو ڈیجیٹلائز کرنے سے سرمایہ کاری اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ پالیسی کے تحت سالانہ 10 لاکھ تک کاروبار کرنے والی کمپنیوں کی ایس ای سی پی سے رجسٹریشن ضروری ہوگی، تاجروں کو ڈیجیٹل آن بورڈنگ پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان گائیڈ لائنز فراہم کرے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دوہرے ٹیکس سے بچنے کے لیے آسان سنگل ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کروایا جائے گا اور لاجسٹک کے شعبے کو مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے ای کامرس پر منتقل کیا جائے گا۔

  • بھارتی حکومت مہاتما گاندھی کے قاتل کی پیروکار ہے: فواد چوہدری

    بھارتی حکومت مہاتما گاندھی کے قاتل کی پیروکار ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج بھارتی حکومت مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کی پیروکار ہے، مہاتما گاندھی یہ دیکھ کر دکھی ہوں گے کہ بھارت میں انتہا پسند حکومت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج برصغیر کے عظیم لیڈر مہاتما گاندھی کی سالگرہ ہے، مہاتما گاندھی یہ دیکھ کر دکھی ہوں گے کہ بھارت میں انتہا پسند حکومت ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج بھارتی حکومت مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کی پیروکار ہے، وزیر اعظم مودی اور ان کے ساتھی آر ایس ایس فلسفے کی توسیع ہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے، کشمیر کے معاملے پر دنیا پر انحصار نہیں کر سکتے، کشمیر کی جنگ خود لڑنا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چین اور ترکی کے شکر گزار ہیں، انہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں تمام لیڈر شپ کو بند کر دیا گیا ہے، پوری کشمیری قوم نے مودی کے جارحانہ اقدام کو مسترد کردیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا تھا کہ پاکستان عراق یا افغانستان نہیں، بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے، دنیا کی بڑی فوج پاکستان کے پاس ہے، کرتار پور پر بھی بھارت کے ساتھ معاملات بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔