Tag: TWEET

  • عوامی وزیر اعظم عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکا جارہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    عوامی وزیر اعظم عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکا جارہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کمرشل فلائٹ سے حقیقی عوامی وزیر اعظم کی روانگی مغلیہ طرز حکمرانی کرنے والوں کے لیے ایک مثال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ظل سبحانی، راج کماری درباریوں کا جہاز بھر کر دوروں پر جایا کرتے تھے، وزیر اعظم عمران خان مختصر وفد ساتھ لے کر امریکا جا رہے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ ہوتا ہے دونوں قیادتوں اور ان کی سوچ کا فرق۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے عوام کی امنگوں کا عملی اظہار ہیں۔ عوامی وزیر اعظم عوام کا احساس کرتے ہوئے عوامی انداز میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکا روانہ ہو رہے ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ کمرشل فلائٹ سے حقیقی عوامی وزیر اعظم کی روانگی مغلیہ طرز حکمرانی کرنے والوں کے لیے ایک مثال ہے۔ وہ اس اہم دورے میں پاکستان اور اس کے عوام کے مفاد کی نگہبانی کا فرض ادا کرنے جا رہے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمران بین الاقوامی دوروں میں اپنے ذاتی مالی مفادات کو سامنے رکھتے تھے۔

    اس سے قبل معاون خصوصی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ طاقت ور لوگوں نے قانون اور اداروں کو یرغمال سمجھا ہوا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کسی ادارے کو کام سے نہیں روک رہی، نیب ایک فعال ادارہ بن کر کام کر رہا ہے۔ پوچھے جانے پر مسلسل حقائق چھپانے پر گرفتار کرنا پڑتا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نیب قانون کا سب پر یکساں اطلاق ہوتا ہے، مریم نواز سزا یافتہ اور ضمانت پر ہیں۔ انہیں اسی کیس میں پھر طلب کیا گیا ہے۔ مجرم عدالت میں ایسے آتے ہیں جیسے ورلڈ کپ جیت کر آئے ہوں۔

  • لوٹا مال واپس کرنا ہوگا، یہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    لوٹا مال واپس کرنا ہوگا، یہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چوری کا کھرا برطانیہ جا رہا ہے، ابھی اور ملکوں میں بھی جائے گا۔ لوٹا مال واپس کرنا پڑے گا، یہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا چیلنج قبول ہے۔ چوری کا کھرا برطانیہ جا رہا ہے، ابھی اور ملکوں میں بھی جائے گا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مزید انکشافات ہونے ابھی باقی ہیں۔ پہلی حکومت ہے جو چوروں کو گھر تک پہنچا رہی ہے۔ چوری اور سینہ زوری اب نہیں چلے گی، لوٹا مال واپس کرنا پڑے گا، یہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ ’شاہد خاقان صاحب! شہباز شریف جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں۔ انہوں نے زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنا تھا لیکن گلے لگا لیا‘۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دھیلے کی کرپشن ثابت ہونے پر سیاست چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ چھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے پر نام بدلنے کا وعدہ بھی بھول گئے۔

    گزشتہ روز معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ زلزلہ متاثرین کے لیے آنے والی امداد کا 8 کروڑ روپے کا سرکاری چیک براہ راست شہباز شریف کے داماد علی عمران کے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع ہوا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، لیگی ترجمان جھوٹ کو تحفظ دینے کے لیے جھوٹ بول رہے ہیں، نوکری میں جکڑے ترجمان کب تک کرپشن اور منی لانڈرنگ کا دفاع کریں گے؟

  • احسن اقبال اپنے خلاف جرائم کے ثبوتوں کا جواب کیوں نہیں دیتے؟ فردوس عاشق اعوان

    احسن اقبال اپنے خلاف جرائم کے ثبوتوں کا جواب کیوں نہیں دیتے؟ فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ احسن اقبال کے جرائم کے ثبوت سرکاری دستاویزات سے برآمد ہورہے ہیں، لیگی رہنما ان ثبوتوں کا جواب کیوں نہیں دیتے؟

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔ معاون خصوصی نے ن لیگ کے مرکزی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال صاحب آپ پہلے مراد سعید کے سوالات کا جواب دیں آپ کےجرائم کے ثبوت سرکاری دستاویزات سے برآمد ہورہے ہیں، احسن اقبال صاحب آپ ان ثبوتوں کا جواب کیوں نہیں دیتے؟

    فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ شاہد خاقان صاحب آپ اور ن لیگی ترجمان کس پر اپنا غصہ اتار رہے ہیں، نواز شریف کو عمران خان نے نہیں عدالتوں نے سزا دی ہے، ثبوت کے بجائے قطری خط پیش کرنے کی تجویز عمران خان نے نہیں دی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ آپ جیسے لوگ قوم پر مسلط تھے، عمران خان نے عوامی حمایت سے استحصالی تسلط کا خاتمہ کیا، سابق کٹھ پتلی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے19غیر ملکی دورے کئے، قومی خزانے کو25کروڑ95لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں آپ کی قیادت ذاتی کاروبار میں مصروف تھی، آپ کو ذاتی کاروبار سے فرصت ملتی تو عوام کا کاروبار چلتا، آپ لوگوں نے تو مشیر کی گاڑی کے پہیئے تک اتار کر اس کا انجن بھی بیچ دیا۔

  • امریکی مصنوعات پر مزید ٹیکس ناقابل برداشت ہے، ٹرمپ کی بھارت کو تنبیہ

    امریکی مصنوعات پر مزید ٹیکس ناقابل برداشت ہے، ٹرمپ کی بھارت کو تنبیہ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر نیا ”ٹویٹر حملہ“ کیا ہے اور اس پر امریکا سے آنے والی مصنوعات (درآمدات) کوغیر منصفانہ طور پر روکنے کا الزام عاید کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ بھارت نے امریکی مصنوعات پر محصولات عاید کردیے ہیں لیکن اب یہ اقدام مزید قابل قبول نہیں۔

    صدر ٹرمپ کا بھارت کے ساتھ امریکی مصنوعات پر ٹیرف کا تنازعہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جبکہ ان کی چین کے ساتھ پہلے ہی گذشتہ ایک سال سے تجارتی جنگ جاری ہے اور وہ اس کا حل چاہتے ہیں، انھوں نے اسی سال بھارت کو حاصل بعض تجارتی مراعات سے محروم کردیا تھا، ان کے تحت بھارت اپنی بعض برآمدات کوڈیوٹی فری امریکا بھیج سکتا تھا۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت نے امریکی ساختہ اشیاءکو وسیع تر رسائی دینے سے انکار کردیا تھا،اس لیے اس کو بھی ڈیوٹی فری برآمدات کی دی گئی چھوٹ واپس لی جارہی ہے۔

    بھارت امریکی صدر کی جانب سے گذشتہ سال اسٹیل اور ایلومینیم کی مصنوعات پر عاید کردہ محصولات سے بھی متاثر ہوا تھا اور اس نے دنیا کے تیس دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں امریکا کے خلاف درخواست دائر کررکھی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت نے گذشتہ ماہ امریکا کی دسیوں مصنوعات پر ڈیوٹیاں نافذ کردی تھیں،ان میں ریاست کیلی فورنیا سے آنے والے کروڑوں ڈالر مالیت کے بادام ، پھل اور خشک میوہ جات بھی شامل تھے۔

  • اسمگلنگ کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کاروائی شروع کردی: فردوس عاشق اعوان

    اسمگلنگ کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کاروائی شروع کردی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کاروائی شروع کردی گئی ہے، وزیر اعظم نے کمیٹی قائم کر کے اسمگلنگ کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم اٹھا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان نے اسمگلنگ کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کاروائی شروع کردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس ناسور کے خاتمے سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر کے اسمگلنگ کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم اٹھا دیا ہے۔ کمیٹی موجودہ قوانین میں ترامیم، سرحدوں کی نگرانی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال کو روکنے کے پہلوؤں کا جائزہ لے کر سفارشات مرتب کرے گی۔

    اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا تھا کہ ٹیکس کمشنر بے نامی زون کراچی نے سندھ کے معروف سیاسی خاندان کی بے نامی جائیدادوں اور حصص کی بے نامی قانون کے تحت اٹیچمنٹ کردی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اب کوئی چیز بے نامی نہیں رہے گی، تاریخ میں پہلی بار قانون پر عمل درآمد ہونے جارہا ہے جس سے ملک میں کالے دھن کا دور ختم ہوگا۔

  • اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی: فردوس عاشق اعوان

    اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی۔ اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا صاحب خود کو دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی شاہکار فلم اسکرین پر آنے سے پہلے ہی اتر گئی، مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہے کیونکہ اپوزیشن کے ناتواں کندھے ان کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔ اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچر کا نکلا تھا۔ اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا صاحب آئندہ چار سال کے لیے خود کو صرف دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔

    اس سے قبل معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اے پی سی میں توجہ صرف کھانے پینے پر ہوگی، اپنے دکھ درد سنانے کے لیے فضل الرحمٰن نے اے پی سی رکھی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دو خاندان نسل در نسل پاکستان پر حکمرانی کرتے چلے آرہے ہیں، یہ کہتےہیں کہ یہ دو خاندان نہیں تو کسی کی بھی حکمرانی نہیں ہونی چاہیئے۔

  • افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ

    افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں دونوں ممالک ایک ساتھ ترقی کریں اور خوشحال ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں دونوں ممالک ایک ساتھ ترقی کریں اور خوشحال ہوں۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر برسلز پہنچے ہیں جہاں وہ نیٹو کے جنرل سیکریٹری اسٹولٹن برگ اور یورپی یونین کی عہدیدار فیڈ ریکا موگرینی سے ملاقاتیں کریں گے۔

    برسلز روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ طویل مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط ہوں گے، یہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹجک پلان پر جو معاہدہ طے پایا ہے اس پر 25 جون کو اعلیٰ عہدے دار فیڈریکا موگرینی کے ساتھ دستخط کروں گا، اس معاہدے سے یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہوگا۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون رہا، افغانستان کے معاملات میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد کی، نیٹو کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی معاملات میں تعلق برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

  • نوابشاہ کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے: بلاول بھٹو

    نوابشاہ کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوابشاہ کے عوام کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے، تاریخ میں پہلی بار 4 گرفتار ارکان کو قومی اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال تک تعاون اور بغیر سزا آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا، اقدام بجٹ کو رگ کرنے کے لیے تھا۔

     

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایوان میں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ کیا گیا، جرم ثابت ہونے تک بے قصور ہونا حق ہے مراعت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوابشاہ کے عوام کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے، تاریخ میں پہلی بار 4 گرفتار ارکان کو قومی اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے اعلان کیا تھا کہ بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لیے اپوزیشن کمیٹی بنائے گی۔ حکومت دھاندلی سے بجٹ منظور کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آصف زرداری سمیت دیگر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جا رہے، پروڈکشن آرڈر کے لیے لکھے گئے دوسرے خط میں حکومتی اتحادیوں کے بھی دستخط ہیں۔

  • عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے: فردوس عاشق اعوان

    عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے۔ملک و قوم پر مسلط دو خاندانوں کے استحصالی راج پر کاری ضرب لگا کر حقیقی عوامی تبدیلی لانا ان کا عظیم کارنامہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام کا درد اور احساس وزیر اعظم کی تقریر کا بنیادی جزو تھا، عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خطاب قوم کی آواز ہے، ملک و قوم پر مسلط دو خاندانوں کے استحصالی راج پر کاری ضرب لگا کر حقیقی عوامی تبدیلی لانا ان کا عظیم کارنامہ ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت نے نہایت متوازن بجٹ پیش کیا جو معیشت کے استحکام اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ ٹیکس وصولی کی مجوزہ پالیسی مؤثر ہوگی۔ صحت و تعلیم میں بہتری کا منصوبہ لائق تحسین ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور وزرا کی تنخواہوں میں کمی تاریخی فیصلے ہیں۔

    اس سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بجٹ میں غریب عوام کو ترجیح دی ہے۔ بجٹ میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کا معاشی استحکام اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افواج پاکستان نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں مانگا، وہ پیسہ بلوچستان اور قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے بجٹ میں مختص کیا جائے گا۔

  • لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں: فردوس عاشق اعوان

    لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملک و قوم کا تیل نکالنے والی کرپشن الیون کے کھلاڑی عوامی جذبات سے کھیل کر اپنے گناہ بخشوانا چاہتے ہیں، لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن کے صحت افزا مقام سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت اب تک عوام کو پیٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دینے اور ان کی زائد قیمتوں کے بوجھ کے اثرات سے بچانے کے لیے 60 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دے چکی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قومی خزانہ بے رحمی سے لوٹنے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ لاکرز، لانچیں، گھر، پاپڑ، ریڑھی اور فالودے والوں کے اکاؤنٹس نہ بھرے جاتے تو آج ملکی معیشت مستحکم ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا تیل نکالنے والی کرپشن الیون کے کھلاڑی عوامی جذبات سے کھیل کر اپنے گناہ بخشوانا چاہتے ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن کے صحت افزا مقام سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں۔ انہوں نے مال کمایا، قوم اور معیشت نے ان سے صرف نقصان اٹھایا۔

    اس سے قبل ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کا ناشائستہ لب و لہجہ ان کی بڑھتی ہوئی فرسٹریشن کا اظہار ہے، وہ خوفزدہ ہیں کہ عمران خان کی کامیابی سے ملک منافع بخش ہوگا۔