Tag: TWEET

  • فواد چوہدری نے انجینیئرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو خوشخبری سنادی

    فواد چوہدری نے انجینیئرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو خوشخبری سنادی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ملازمت پیشہ پاکستانیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستانی انجینیئرز اور تکنیکی ورکرز کو نوکریاں دینے کی پابند ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیاں جو پاکستان میں کاروبار کرنا چاہتی ہیں ان کو پاکستانی انجینیئرز اور تکنیکی ورکرز کو نوکریاں دینا ہوں گی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اگر مخصوص مہارت پاکستان میں دستیاب نہیں اور باہر سے لوگ لانا ضروری ہیں تو انجینیئرنگ کونسل سے عارضی رجسٹریشن لینی ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ پابندی پاکستان کی جاب مارکیٹ کا مفاد ہے۔

    اس سے قبل فواد چوہدری سے جاپان کے سفیر نے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    فواد چوہدری نے جاپانی سفیر کو ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ جاپان کے سفیر نے فواد چوہدری کے وژن کی تعریف کی۔

    انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

  • آرچی کے خلاف نسل پرستانہ ٹویٹ ریڈیو میزبان کو مہنگا پڑگیا

    آرچی کے خلاف نسل پرستانہ ٹویٹ ریڈیو میزبان کو مہنگا پڑگیا

    لندن : پرنس ہیری اور میگھن مرکل کے نومولود بچے کی نسل پرستانہ بنیاد پر توہین کرنے والے نجی چینل کے ملازم کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے نواب شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کے  نومولود بچے کے خلاف نسلی بنیادوں پر ٹویٹ برطانوی نشریاتی ادارے کے ملازم کو مہنگا پڑگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے ریڈیو بی بی سی 5 کے براڈکاسٹر ڈینی بیکر نامی ملازم نے نسل پرستانہ بنیادوں پر توہین آمیز ٹویٹ کیا تھا، ڈینی نے ٹویٹ میں ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ایک چیمپنزی کپڑوں میں ملبوس تھا اور ساتھ لکھا تھا ’شاہی بچّہ اسپتال سے گھر جارہا ہے‘۔

    ڈینی بیکر نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں ٹویٹر صارفین کو آگاہ کیا کہ انہیں توہین آمیز ٹویٹ کرنے کے جرم میں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔

    نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ آر جے کا ٹویٹ فیصلے کی سنگین غلطی تھا‘ اور یہ پوسٹ ہماری اقدار کے منافی تھی‘۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینل انتظامیہ نے کہا کہ ’مذکورہ پیش کار ایک ذہین اور قابل شخص تھا‘۔

    خیال رہے کہ آرچی شاہی خاندان کا پہلا بچّہ ہے جس کے والدین علیحدہ علیحدہ نسل سے تعلق رکھتے ہیں یعنی والدہ امریکی اور والد برطانوی ہیں، میگھن مرکل کو اسی وجہ سے نسل پرستانہ رویوں کا سامنا کرنا پڑا کیوں ان کے والد سفید فام امریکی اور والدہ سیاہ فام افریقی نژاد امریکی ہیں۔

  • شادی کی عمر 18 سال رکھنے والے انڈونیشیا اور ترکی کیا مسلمان نہیں؟ بلاول بھٹو

    شادی کی عمر 18 سال رکھنے والے انڈونیشیا اور ترکی کیا مسلمان نہیں؟ بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ میں قانون نے بالغ شخص کو 10 سال کی لڑکی سے شادی سے روک دیا۔ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکی میں بھی شادی کی عمر 18 سال ہے۔ کیا یہ مسلمان ممالک نہیں؟

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکی میں شادی کی عمر 18 سال ہے۔ کیا یہ مسلمان ممالک نہیں؟

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں جہاں شادی کی عمر کی کم سے کم حد 18 سال ہے، ہم نے دیکھا کہ کس طرح سندھ میں قانون نے بالغ شخص کو 10 سال کی لڑکی سے شادی سے روک دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر 20 منٹ میں کم عمری میں حاملہ ہونے والی ایک لڑکی موت کا شکار ہوجاتی ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل قومی اسمبلی میں کم عمری کی شادی کا ترمیمی بل پیش کیا گیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کے وفاقی وزرا بل کی حمایت اور مخالفت میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے تھے۔

    وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان اور وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بل کی مخالفت کی جب کہ شیریں مزاری نے حمایت کی۔

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے حمایت اور مخالفت کا ملا جلا رجحان دیکھ کر بل پر ووٹنگ کروا دی جس پر بل کے حق میں 72 اور مخالفت میں 50 ارکان نے ووٹ دیے۔

    وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فرد واحد کو اسلام کے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں، اس سلسلے میں قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ سپریم ہے، وہ فیصلہ کر سکتی ہے۔ شادی کے لیے 18 سال کی عمر کا تعین ترکی اور بنگلہ دیش میں بھی ہے، ایسا ہی فتویٰ جامع الازہر نے بھی دیا، کیا وہ خلاف اسلام تھا؟

    قومی اسمبلی کی جانب سے ترمیمی بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھیج دیا گیا تھا۔

  • جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے: وزیر اعظم

    جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سورۃ البقرہ کی آیت ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سورۃ البقرہ کی آیت ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے۔

    وزیر اعظم کی ٹویٹ کردہ مذکورہ آیت میں کہا گیا، ’اور سچ کو جھوٹ سے نہ ملاؤ، اس سچ کو نہ چھپاؤ جس کا تمہیں علم ہو: سورة البقرہ آیت 42‘۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ قبائلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ سنہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، کیا وجہ ہے برصغیر کے دیگر ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے۔ چین کی ترقی مثال ہے، وہاں کی قیادت الیکشن کا نہیں سوچتی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پر ترقیاتی فنڈز سے متعلق مثال دیکھ لیں، لاہور میں اوسط فی کس 70 ہزار روپے خرچ ہوتے تھے، دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی لاہور کا رخ کرلیا۔ اس وجہ سے لاہور کی آبادی بڑھی اور پانی جیسے مسائل پیدا ہوئے۔

  • ہراسگی تنازع، سپر اسٹار علی ظفر کا بڑا انکشاف

    ہراسگی تنازع، سپر اسٹار علی ظفر کا بڑا انکشاف

    لاہور: سپر اسٹار علی ظفر نے ہراسگی کیس سے متعلق اہم انکشاف کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق میشا شفیع اور علی ظفر تنازعے میں انکشافات کا سلسلہ جاری ہے، سپر اسٹار کے حالیہ ٹویٹ سے صورت حال میں نیا موڑ آگیا.

    علی ظفر نے اپنے حالیہ ٹویٹ میں مختلف اسکرین شاٹس استعمال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس طریقے سے جعلی اکاؤنٹس استعمال کرکے میرے خلاف بیانیہ بنایا گیا.

    ان کا کہنا تھا اس پروپیگنڈے میں ایسی خواتین کی تصاویر استعمال کی گئیں، جنھیں کو اس کا قطعی کوئی علم نہیں تھا.

    مزید پڑھیں: عدالت نے میشا شفیع پر دس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا، قانونی ٹیم علی ظفر

    علی ظفر نے کہا کہ اس قسم کی پوسٹز  میں‌ جس طرح مختلف افراد کو ٹیگ کیا گیا، وہ قابل غور ہے.

    سپر اسٹار نے کہا کہ ایف آئی اے میں معاملہ اٹھانے کے بعد اکاؤنٹس اب بند ہو رہے ہیں.

    یاد رہے کہ 30 اپریل 2019 کو علی ظفر کی قانونی ٹیم نے میشا شفیع کے کے الزامات رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ محتسب نے میشا شفیع کی درخواست مسترد کردی تھی، گواہوں سے جرح نہ کرنے پر میشا پر دس ہزار روپے کا جرمانہ عائد ہوا ہے۔

  • پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے: محبوبہ مفتی

    پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے: محبوبہ مفتی

    سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔ سمجھ نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کرتے ہوئے پستی میں کیوں جا گرتے ہیں۔

    مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کے نیوکلیئر بم دیوالی کے لیے نہیں ہیں تو پاکستان نے بھی اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔

    محبوبہ مفتی نے یہ ٹویٹ مودی کی اس تقریر کے جواب میں کیا جو مودی نے بھارتی ریاست راجستھان میں ایک جلسے میں کی، مودی نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے نیوکلیئر ہتھیاروں سے خوفزدہ نہیں، بھارت کے نیوکلیئر ہتھیار دیوالی کے لیے نہیں ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں محبوبہ نے مزید کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کیوں تھڑے کی سطح پر لے آتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک انٹرویو میں محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ مودی کو الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست نظر آرہی ہے۔ مودی پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور بالا کوٹ جیسا ایک اور حملہ کرنا چاہتا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملے کا مقصد مودی کا ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنا ہے۔ مودی اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے حربے استعمال کر رہے ہیں، وہ لوک سبھا میں اکثریت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں نریندر مودی کے حلقے سمیت 117 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ تیسرے مرحلے میں 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقے اور بھارتی ریاست کیرالہ میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے حلقے میں بھی ووٹنگ جاری ہے۔

    11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارتی انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہیں جو 6 ہفتوں تک جاری رہنے کے بعد 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی۔

  • پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے: فواد چوہدری

    پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن زرداری اور نواز سے باہر نکلے اور اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے۔ کرپشن کیسز سے گھبرائی لیڈر شپ دونوں پارٹیوں کا مستقبل تاریک کر چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن زرداری اور نواز سے باہر نکلے اور اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کیسز سے گھبرائی لیڈر شپ دونوں پارٹیوں کا مستقبل تاریک کر چکی ہے، کبھی 18 ویں ترمیم میں تبدیلی اور کبھی صدارتی نظام جیسی غیر سنجیدہ بحث تاکہ کسی طرح توجہ مقدموں سے ہٹ جائے، یہ نہیں ہوگا۔

    اس سے قبل بھی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملک کی بدترین اقتصادی صورت حال کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کو قرار دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پاس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کا کوئی جواز نہیں ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے سے کرپشن کے طریقے سیکھے۔ بدعنوان عناصر سے رقم واپس حاصل کرنے کے لیے پلی بارگین ایک آپشن ہوسکتا ہے۔

  • جوہری پروگرام پر تنقید کرنے پر ایران کا احتجاج، فرانسیسی سفیر دفترخارجہ طلب

    جوہری پروگرام پر تنقید کرنے پر ایران کا احتجاج، فرانسیسی سفیر دفترخارجہ طلب

    تہران : ایران نے واشنگٹن میں تعینات فرانسیسی سفیر کی جانب سے تہران کے متنازع جوہری پروگرام پر بات کرنے پر پیرس کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں متعین فرانسیسی سفیر جیراڈ اراوڈ کا مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے پُر امن ہونے کی یقین دہانی کرانا ہوگی اور اسے سنہ 2025 کو جوہری معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی اپنا جوہری پروگرام پرامن رکھنا ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فرانسیسی سفیر کے اس بیان پر ایران نے فرانس کے خلاف سخت غم وغصے کا اظہار کیا اور وزارت خارجہ نے تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج بھی کیا۔

    امریکا میں تعینات فرانسیسی سفیر نے مزید کہا تھا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ایران کو سنہ 2025 کے بعد جوہری اسلحہ کی تیاری کا حق مل جائے گا اور وہ آزادانہ یورنیم افزودہ کر سکے گا۔

    جیراڈ اراوڈ نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے اور اس کے اضافی پروٹوکول کے مطابق ایران کو اپنی تمام جوہری سرگرمیوں کی مسلسل معائنہ کاری کی اجازت دینا ہوگی۔

    فرانسیسی سفیر نے روس پر ایران کے بو شہر جوہری پلانٹ میں یورینیم افزودہ کرنے میں مدد فراہم کرنے کا الزام بھی عاید کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران کو عالمی طاقتوں سے طے پائے سمجھوتے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی اپنا جوہری پروگرام پرامن رکھنے کے اصول کی پابندی کرنا ہوگی۔

    جیراڈ کے اس بیان پر ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں متعین سفیر فیلپ ٹیپو کو طلب کرکے فرانس کے امریکا میں متعین سفیر کے بیان پر شدید احتجاج کیا۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے عہدیدار حسین سادات میدانی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں فرانسیسی سفیر کے ایران کے جوہری پروگرام کے متعلق ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔

    حسین سادات کا کہنا تھا کہ فرانس کو اپنے سفیر کے بیان کی وضاحت کرنا ہو گی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس ملک پر ماضی میں لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں دوبارہ بحال کردی تھی۔

  • پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، ماضی میں کرپشن اور غیر شفافیت سے بے تحاشہ دولت کھونی پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کے بڑے پلاٹ کی نیلامی 11.28 بلین روپے کی ہوئی، اس کی دو اہم وجوہات ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک تو پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا بڑھتا ہوا اعتماد ہے اور دوسرا یہ بتاتا ہے کہ ماضی میں کرپشن اور غیر شفافیت سے کتنی دولت کھونی پڑی۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سیاحت کے فروغ اور ترقی پر اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر اعظم کو سیاحت کے فروغ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرے، سیاحتی زونز کے قیام میں ماحول اور قدرتی حسن کو مد نظر رکھا جائے۔ ویب سائٹ پر مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے تفصیل دی جائے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

  • بھارتی اور اسرائیلی لیڈر الیکشن جیتنے کے لیے ہر حد تک جا سکتے ہیں: وزیر اعظم

    بھارتی اور اسرائیلی لیڈر الیکشن جیتنے کے لیے ہر حد تک جا سکتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی اور اسرائیلی لیڈر اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کرتے ہیں، ان کے لوگ حیران نہیں ہوتے کہ یہ لیڈر الیکشن جیتنے کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی اور اسرائیلی لیڈر اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے عالمی قوانین اور اپنے آئین توڑتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ کیا ان کے لوگوں کو غصہ نہیں آتا؟ حیران نہیں ہوتے کہ یہ لیڈر الیکشن کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی، پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان نے امن پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہایت دانشمندی سے بھارت کے جنگی جنون کا جواب دیا، اس کے باوجود بھارت کے سر پر جنگ سوار ہے۔

    مودی سرکار صرف الیکشن جیتنے کے لیے نہ صرف بھارت میں فرقہ واریت کو فروغ دے رہی ہے بلکہ پاکستان سے بھی جنگ کرنے پر تلی بیٹھی ہے۔

    گزشتہ روز مودی کی جماعت نے اپنے منشور کا بھی اعلان کیا ہے جس میں دوبارہ اقتدار ملنے پر بابری مسجد کی جگہ جلد سے جلد رام مندر بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    منشور میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقلیت بنانے کی سازش کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 35 کو ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے، آرٹیکل 35 کے تحت مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل ہے اور کوئی غیر کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جائیداد خریدنے کا اہل نہیں ہے۔