Tag: Twitter msg

  • کاش ماں ہوتی !! پی ایس ایل سے نکلنے والے نسیم شاہ کا جذباتی پیغام

    کاش ماں ہوتی !! پی ایس ایل سے نکلنے والے نسیم شاہ کا جذباتی پیغام

    پشاور : پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)6 سے باہر ہونے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو والدہ کی یاد ستانے لگی، ان کا کہنا ہے کہ کاش ماں ہوتی، میں اپنے غم اسے بتاتا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ دل برداشتہ ہوگئے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی والدہ کی یاد میں ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

    ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کاش ماں ہوتی، میں اپنے غم اسے بتاتا، وہ کہتی تو کیوں پریشان ہوتا ہے، میں ہوں ناں۔

    نسیم شاہ نے مزید کہا کہ میں نے بہت محنت کی اور پی ایس ایل کے لئے پرجوش تھا میں گروپ کے تمام میسجز دیکھ کر ہدایات پوری کرتا ہوں۔ پتہ نہیں کہ اس میسج کو کیسے مس کر گیا۔

    میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں کرکٹ میری زندگی ہے اور میں بیان نہیں کر سکتا کہ کیسا محسوس کر رہا ہوں۔ اللہ مجھے مضبوط بنائے گا اور میں واپس آؤں گا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر پی ایس ایل سے باہر ہوگئے

    واضح رہے کہ  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر کو پاکستان سے روانگی کے لیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔

    ناقابل قبول پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سے نسیم شاہ اب 26 مئی کو ابو ظہبی روانہ نہیں ہو سکیں گے لٰہذا وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔

  • شہباز شریف اپنا اور ہمارا وقت ضائع نہ کریں، شہزاد اکبر

    شہباز شریف اپنا اور ہمارا وقت ضائع نہ کریں، شہزاد اکبر

    اسلام آباد : مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہبازشریف بھونڈے طریقے سے نکلنے کی بجائے پیشہ ورقانونی ٹیم کی خدمات حاصل کریں اور تب تک اپنا اور ہمارا وقت ضائع نہ کریں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق شہبازشریف کو ایک بار بلیک لسٹ سے نکالنے کا کہا گیا تھا، یہ الگ بحث ہے کہ لاک ڈاؤن میں سروس کب ہوتی ہے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا نام پی این آئی ایل میں ہے جو بلیک لسٹ سے الگ ہوتی ہے، ان کا نام پی این آئی ایل میں ہو تو عدالتی فیصلے کا اطلاق کیسے ہوگا۔

    مزید پڑھیں : کمر میں درد ، شہزاد اکبر کا شہباز شریف کو مشورہ

    مشیر داخلہ نے کہا کہ یہ ایک قانونی نقطہ ہے مناسب ہوتا کہ تمام فریقین اور حقائق سامنے ہوتے، شہبازشریف بھونڈے طریقے سے نکلنے کی بجائے پیشہ ورقانونی ٹیم ہائیر کریں اور تب تک شہباز شریف اپنا اور ہمارے وقت کا زیاں نہ کریں۔

  • قائد اعظمؒ کے وژن پرعمل درآمد کرنا ہوگا، وزیر اعظم

    قائد اعظمؒ کے وژن پرعمل درآمد کرنا ہوگا، وزیر اعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم قائد اعظم کے وژن پر عمل نہ کرنے کے باعث اپنی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں ناکام رہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اب تک ہم زبردست صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں ناکام رہے، اس کی بنیادی وجہ قائد کے وژن پرعمل درآمد نہ کرنا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے، عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ طاقتور کو قانون کی حکمرانی کے تابع لایا گیا۔ فلاحی ریاست کیلئے پناہ گاہوں، ہیلتھ کارڈز سے غریب طبقے کا احساس کیا گیا۔

    علامہ اقبال کا تصور ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی تھا،15صدی پہلے نبی کریم نے مدینہ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی، ریاست مدینہ قانون کی حکمرانی،جمہوریت اور رواداری پر مبنی تھی، ریاست مدینہ میں علم کی تلاش مقدس فریضہ تھی۔

    چند دہائیوں میں مسلمان اگلی چند صدیوں کی سب سے بڑی تہذیب بنے، مسلمان رہنما اصولوں سے دور ہوئے تو ان کی تہذیب زوال پذیر ہوگئی، 81سال پہلے قائداعظم نے ہمیں پاکستان کا خواب دکھایا جس کا تصور عظیم فلسفی اور شاعر علامہ اقبال نے پیش کیا تھا۔

  • "مودی حکومت نے کیا بڑھایا؟ بے روزگاری، غریبی اور مہنگائی”

    "مودی حکومت نے کیا بڑھایا؟ بے روزگاری، غریبی اور مہنگائی”

    نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ مودی حکومت میں بے روزگاری بڑھتی ہی جا رہی ہے، اور وزیر اعظم بڑی بڑی تقریریں کرتے پھررہے ہیں۔

    کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بے روزگاری اور مہنگائی کے حوالے سے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "اس حکومت نے کیا بڑھایا؟ بے روزگاری، مہنگائی، غریبی اور صرف اپنے متروں (دوستوں) کی کمائی۔”

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوویڈ19سے پہلے 9.9 کروڑ لوگ متوسط آمدنی والے گروپ کا حصہ تھے لیکن اب یہ تعداد 6.6 کروڑ تک رہ گئی ہے۔

    اپنے اس ٹوئٹ کے ساتھ راہول گاندھی نے ایک رپورٹ بھی شیئر کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ متوسط آمدنی والے طبقہ سے ایک تہائی لوگ نکل گئے ہیں۔

    اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال2011 سے 2019 کے درمیان7 سے 5 کروڑ لوگ ذیلی آمدنی والے طبقہ سے نکل کر متوسط آمدنی والے طبقہ کا حصہ بنے تھے۔ روزانہ ڈیڑھ سو روپے یا اس سے کم کمانے والوں کی تعداد 7.5 کروڑ جا پہنچی ہے۔

    راہول گاندھی جو ان دنوں آسام کے دورہ پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے بڑی بڑی تقریریں کی ہیں، میک اِن انڈیا، اسٹارٹ اَپ انڈیا اور الگ الگ نعرے دیئے ہیں لیکن آج ملک میں روزگار نہیں ہے اور بے روزگاری بڑھتی ہی چلی جارہی ہے۔

  • علی سدپارہ کا مشن : ابرار الحق نے بڑا اعلان کردیا

    علی سدپارہ کا مشن : ابرار الحق نے بڑا اعلان کردیا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور گلوکار ابرار الحق نے کوہ پیما علی سدپارہ کا خواب پورا کرنے کا اعلان کردیا۔

    ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق جو کہ سماجی کاموں کے باعث خاصی شہرت رکھتے ہیں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کوہ پیما علی سدپارہ کے مشن کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں گلوکار  ابرار الحق نے علی سدپارہ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ تحریر کیا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اپنے گاؤں میں اسکول بنوانا چاہتے تھے۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ علی سدپارہ کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ہم نے ان کے گاؤں میں اسکول بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انشااللہ جلد ہی ہم اپنے ہیرو کی یاد میں ان کے گاؤں میں اسکول بنائیں گے۔

    خیال رہے کہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والے علی سدپارہ اور دو ساتھی کوہ پیماؤں کا نو روز بعد بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

    علی سدپارہ اور ساتھی کوہ پیماؤں کی تلاش میں ناصرف جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے بلکہ پاک فوج نے ہیلی کاپٹرز کے علاوہ ایف 16 طیاروں سے بھی کے ٹو کے علاقے کی سرچنگ میں مدد فراہم کی ہے۔

    ان کی تلاش میں آئس لینڈ کی خلائی ایجنسی نے سٹیلائٹ کی جدید ٹیکنالوجی سے علاقے کی تصاویر بنائیں اور زمینی سرچ آپریشن بھی کیا گیا لیکن علی سدپارہ اور ساتھیوں کا سراغ نہیں مل سکا۔

  • ن لیگی دانشوروں نے معیشت کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا تھا، حماد اظہر

    ن لیگی دانشوروں نے معیشت کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا تھا، حماد اظہر

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دانشوروں نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونےکے قریب پہنچا دیا تھا، کچھ لوگ ملک کو  اداروں سے جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ ریکارڈ مالی خسارے، خالی زرمبادلہ، مہنگی بجلی اور گیس کا بحران ان ہی ن لیگی دانشوروں کے کارنامے تھے۔

    حماد اظہر نے کہا کہ ایسے لوگوں کی پالیسیوں کے سبب ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب تھی، ایف اے ٹی کی ایف گرے لسٹ بھی ان کے چند کارناموں میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت کے اقدامات کے باعث آج عالمی ادارے ہماری معیشت کو اپ گریڈ کرچکے ہیں، دنیا کی معیشت کورونا کی وبا کے باعث سکڑرہی ہے، اس کے باوجود پاکستان میں معیشت کی مثبت گروتھ ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور وڑلڈ اکنامک فورم پاکستانی اقدامات کی تعریف کررہے ہیں، خارجی معاملات میں پاکستان کا مقام پہلے سے نمایاں اور بہترہوا ہے۔

    حماداظہر نے مزید کہا کہ کچھ لوگ ملک کو واپس اداروں سے جنگ اور کرپشن کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، انہیں حسب روایت اپنے ارادوں میں مایوسی ہوگی۔

  • "وزیراعظم ہنستے ہوئے گر نہ پڑیں” اسد عمر کا مولانا کے بیان پر مزاحیہ تبصرہ

    "وزیراعظم ہنستے ہوئے گر نہ پڑیں” اسد عمر کا مولانا کے بیان پر مزاحیہ تبصرہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیراسد عمر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے استعفوں کے بیان پر مجھے ڈر تھا کہ وزیر اعظم ہنستے ہنستے کرسی سے نہ گر جائیں۔

    سماجی رابطے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جب مولانا فضل الرحمان نے انتہائی سنجیدہ چہرے کے ساتھ مطالبہ کیا کہ 31 جنوری تک حکومت مستعفی ہو جائے تو مجھے ڈر لگا کے اگر وزیر اعظم ٹیلی ویژن دیکھ رہے ہوں گے تو کہیں ہنستے ہنستے کرسی سے نا گر جائیں۔

    اس حوالے سے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا اعلان غیرسنجیدہ ہے، اگر وہ استعفے دینا ہی چاہتے ہیں تو وہ براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کروائیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا مینار پاکستان جلسہ بری طرح ناکام ہوا تو یہ لوگ پریشان ہوگئے، پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک اور قوم کے لیے نقصان دہ ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے وہ اس نظام کا حصہ ہے، مریم کی سوچ میں فرق ہے، اسی لیے بلاول شہباز شریف سے ملنے جارہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کےخلاف طاقت کا استعمال کرنا نہیں چاہتے، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا بیانیہ ملکی سلامتی اور پوری قوم کے لیے نقصان کا باعث ہے۔

  • شہباز گل کا خواتین صحافیوں کی پٹیشن کے حق میں ٹوئٹ

    شہباز گل کا خواتین صحافیوں کی پٹیشن کے حق میں ٹوئٹ

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے خواتین صحافیوں کی پٹیشن کی حمایت کردی ان کا کہنا ہے کہ گالم گلوچ کرنے والوں کیخلاف آواز اٹھانے پر آپ کا مشکور ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاونِ خصوصی شہبازگل نے 150خواتین صحافیوں کی پٹیشن کے حق میں بیان دے دیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ میں اس مہم میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔

    انہوں نے خواتین صحافیوں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکا شکریہ کہ آپ نے گالم گلوچ کرنے والوں کیخلاف آواز اٹھائی، پہلے چند لفافہ بردار لوگوں نے پی ٹی آئی کیخلاف مہم کو استعمال کیا۔

    شہبازگل کا مزید کہنا تھا کہ گالم گلوچ کے نام پر سرگرم چند لفافہ بردار پی ایم ایل این اور پی پی کے تھے، پی ٹی آئی کو ہدف بنانے کیلئے مہم استعمال کی گئی جس سے اصل ایشو نظرانداز ہوا تھا۔

    ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے کلین چاٹ لینے کے لیے کب درخواست دی ہے ؟ یہ ایک سماجی مسئلہ ہے اور ہر جماعت ہر طبقے کے لوگ گالی گلوچ کرتے ہیں جو کہ بری بات ہے اور اس کی مذمت ہونی چائیے۔

    ایسے لوگ جن کہ دستخط تھے آپ کے ساتھ وہ بھی گالی گلوچ کرتے ہیں۔ بار بار پی ٹی آئی پر اٹیک نہ کریں بلکہ اصل ایشو پر رہیں۔

  • کپتان اظہرعلی سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے

    کپتان اظہرعلی سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے

    مانچسٹر : قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہرعلی نے سوشل میڈیا پر سابق کپتان سرفراز احمد کے شاعرانہ انداز کے ٹوئٹ کا جواب دے دیا۔

    اظہرعلی نے کہا کہ بھیا مجھ سمیت آپ کے بہت سارے مداح ہیں، اور انشاءاللہ آپ تنقید کرنے والے چھوٹے سے طبقے کو آپ اپنی شاندار کارکردگی سے جواب دیں گے۔

    اپنے پیغام میں قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ آپ نے ماضی میں پاکستان کے لئے بہت کچھ کیا ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کیلئے اچھا ہی کریں گے۔ مظبوط رہیں۔

    اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خود پر تنقید کرنے والوں کو شاعرانہ انداز میں جواب دیا تھا۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ اتنا چبھنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں، جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں۔

    قبل ازیں سابق کپتان سرفراز احمد نے ٹوئٹر پر اظہر علی کے ساتھ اپنی ایک خوشگواد موڈ میں لی گئی تصویر شئیر کی تھی اور کپتان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا کہ بھیا مضبوط رہیں،ہم باؤنس بیک کریں گے’۔ اب اس کے جواب میں اظہر علی نے لکھا ہے کہ بھیا انشاء اللہ آپ ایک عظیم آدمی ہیں۔

    سرفراز احمد دورہ انگلینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے، انہیں ٹی ٹوینٹی سیریز کے آخری میچ میں کھیلنے کا موقع ملا تھا۔ سرفراز احمد نے میچ میں ایک اسٹمپ آؤٹ کا موقع ضائع کیا، مگر سوشل میڈیا صارفین نے سرفراز کو تنقید کا نشانہ بنانے میں کوئی موقع ضائع نہ کیا۔

    کیا میں اتنا برا ہوں؟ سرفراز جذباتی ہوگئے

    اس سے قبل سرفراز احمد کی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچ کے دوران گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر جمائیاں لینے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا کی زینت بنیں۔

  • جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ہمارے وجود کا مسئلہ ہے، محبوبہ مفتی

    جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ہمارے وجود کا مسئلہ ہے، محبوبہ مفتی

    سری نگر : جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ 5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا، اپنے حقوق کی جنگ خود مل کر لڑنا ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا، محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک 5 اگست یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہماری شناخت اور وجود کا مسئلہ ہے ،یہ ہم سب کی لڑائی ہے جو ہمیں اجتماعی طور پر لڑنا ہوگی۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج سخت کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، گزشتہ برس پانچ اگست کو ہی کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کے زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا تھا۔

    بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں چار اور پانچ اگست کو سخت ترین کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پیر دو اگست کی شام کو سرینگر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اپنے ایک حکم نامے میں کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چار اور پانچ اگست کو مکمل طور پر کرفیو نافذ رہے گا اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    وادی کشمیر کے دیگر اضلاع کی انتظامیہ نے بھی کرفیو کے نفاذ کے سلسلے میں اسی طرح کا نوٹس جاری کیا ہے اور اس طرح وادی کشمیر کے تمام دس اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔