Tag: Twitter msg

  • بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کاوعدہ پورا کردیا، عمران خان

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کاوعدہ پورا کردیا، عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کاوعدہ پورا کیا، سمندر پار پاکستانیوں کی ہرممکن مدد کرتے رہیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، وزیر اعظم نے کہا کہ ڈھائی لاکھ پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے وطن واپس لایا گیا۔

     وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی طور  پر  ہوائی سفر میں شدید مشکلات درپیش  رہیں لیکن  حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستانیوں کو وطن  واپس لانے کاوعدہ پورا کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے ہرممکن تعاون کرے گی اور آئندہ بھی سمندر پار پاکستانیوں سے تعاون جاری رہے گا۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب سے 15 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

    واضح رہے کہ یکم مئی سے اب تک سعودی عرب کے مختلف شہروں سے چلائی جانے والی 74 خصوصی پروازوں کے ذریعے 15ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپس آچکے ہیں۔

     

  • فوزیہ وہاب کی برسی، مرتضی وہاب کا والدہ کی یاد میں جذباتی پیغام

    فوزیہ وہاب کی برسی، مرتضی وہاب کا والدہ کی یاد میں جذباتی پیغام

    پاکستان پیپلز پارٹی کی اہم کارکن اور ہر موقع پر پارٹی کا دفاع کرنے والی نڈر خاتون فوزیہ وہاب کی آج آٹھویں برسی ہے، والدہ کی برسی پر مرتضی وہاب نے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی نڈر، باہمت اور وفادار کارکن فوزیہ وہاب کے انتقال کو آج آٹھ برس بیت گئے، اپنی والدہ کی برسی پر مرتضی وہاب نے ٹویٹ کیا کہ ہمیشہ مسکرانے والی خوبصورت ماں آپ کو بچھڑے ہوئے آٹھ سال بیت گئے لیکن کوئی لمحہ ایسا نہیں گزرا۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جب آپ کی موجودگی کا احساس نہ ہوا ہو ، آپ کی رہنمائی اور آپ کی دی ہوئی طاقت ہر وقت ہمارے ساتھ رہتی ہے۔

    پی پی رہنما فوزیہ وہاب کی شخصیت کے کئی پہلو تھے، جن میں سیاست کے علاوہ سماجی اور انسانی حقوق بھی نمایاں ہے۔ فوزیہ وہاب انیس سو چھپن میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔

    صحافی وہاب صدیقی سے شادی کے بعد وہ ایک گھریلو خاتون کی طرح زندگی گزارتی رہیں، حسینہ معین کے ایک ڈرامہ میں بھی کام کیا۔ وہاب صدیقی کے انتقال کے بعد انہوں نے ڈاکٹر اطہر حسین سے شادی کی۔

    اس دوران سیاست کا رخ کیا اور پیپلز پارٹی ان کا انتخاب ٹھہری ۔ بینظیر بھٹو فوزیہ وہاب سے خاصی متاثر تھیں۔ انہوں نے فوزیہ کو شعبۂ خواتین کا سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا اس کے علاوہ فوزیہ وہاب انسانی حقوق سیل کی کوآرڈینیٹر بھی رہیں۔

    سال دو ہزار دو اور دو ہزار آٹھ کے انتخابات میں فوزیہ وہاب کو خواتین کی مخصوص نشست پر کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے شیری رحمان کی جگہ شعبہ اطلاعات کی سیکرٹری کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔

    چھپن سالہ فوزیہ وہاب نے اپنے سیاسی کیریئر میں وفاداری تبدیل نہ کی لیکن زندگی نے ان سے وفا نہ کی، دوہزار بارہ میں پتے کے مرض میں مبتلا فوزیہ وہاب کی حالات سرجری کے بعد بگڑ گئی اور وہ کومہ میں چلی گئیں جس کے بعد سترہ جون دوہزار بارہ کو وہ وفات پاگئیں۔

  • سندھ حکومت اومنی گروپ کو دی گئی سبسڈی کا جواب دے، شہباز گل

    سندھ حکومت اومنی گروپ کو دی گئی سبسڈی کا جواب دے، شہباز گل

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اومنی گروپ کو دی گئی سبسڈی کا جواب دے، وزیراعلیٰ سندھ شوگر انکوائری کمیشن کے روبرو حاضرنہیں ہوئے اور نہ ہی کوئی جواب دیا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتائی، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اومنی گروپ کو901.02ملین کی سبسڈی دی، سندھ حکومت نے جو سبسڈی دی وہ تقریباً9ارب سے زائد رقم بنتی ہے۔

    اومنی گروپ کی8شوگرملز نے سبسڈی2015سے2018کے دوران لی، اس کے علاوہ 2015میں476.47 ملین روپے،2017 میں424.56 ملین کی سبسڈی دی، سندھ حکومت اس کا جواب دے۔

    ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 13مئی کو شوگرانکوائری کمیشن نے وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو بلایا تھا، وزیراعلیٰ سندھ نہ تو کمیشن کے سامنے حاضرنہیں ہوئے اورنہ ہی کوئی جواب دیا۔ انکوائری کمیشن نے وزیراعلیٰ سندھ سے4ارب کی سبسڈی سے متعلق سوالات کرنے تھے

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس فارمولے پر عمل پیرا ہے کہ عوام کو لوٹ کر شوگر ملز بناؤ، چلاؤ اور پھرمہنگائی کی صورت میں ان کو مزید لوٹو۔

    مزید پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ کی شوگرانکوائری کمیشن میں طلبی، ڈی جی ایف آئی اے کوایک اورخط

    یاد رہے کہ چینی کی ایکسپورٹ اور سبسڈی دینے کے معاملے پر شوگرانکوائری کمیشن کے روبرو وزیراعلیٰ سندھ کی طلبی کے نوٹس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے ڈی جی ایف آئی اے کو ایک اور خط لکھ دیا۔

    خط میں ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین نے وزیراعلیٰ سندھ کی طلبی سےمتعلق نوٹس فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اس معاملے میں سندھ حکومت کو کیوں گھسیٹا جارہاہے، سبسڈی ہو یاچینی کی قیمت بڑھنے کامعاملہ، سندھ حکومت کا اس سے تعلق ہی نہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں دکانیں بند جبکہ بھارت میں شراب خانے کھلے ہیں، عمرعبداللہ

    مقبوضہ کشمیر میں دکانیں بند جبکہ بھارت میں شراب خانے کھلے ہیں، عمرعبداللہ

    سری نگر : نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کشمیر میں لوگوں کو ضروریات زندگی کی اشیاء ملنا مشکل ہے لیکن بعض ریاستوں میں شراب کی دکانیں کھلی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ وادی میں گزشتہ چار ہفتوں سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے ۔

    جس کے باعث یہاں بازاروں میں میڈیکل اسٹوروں کے علاوہ کسی بھی دکان کو کھلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جبکہ ملک کی بعض ریاستوں میں شراب کی دکانوں کو لازمی خدمات میں شامل کیا جارہا ہے۔

    عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ قومی لاک ڈاؤن جہنم میں جائے، شراب نوشی جاری رہنی چاہئے، کشمیر میں گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ بعض ریاستوں میں شراب کی فیکٹریوں تک کو زندہ رہنے کے لئے ضروری قرار دیا جارہا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ہندوستان ٹائمز اور ایک خبر رساں ایجنسی کے دو ٹوئٹس پوسٹ کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ میگھالیہ اور آسام حکومتوں نے شراب کی دکانوں کو پیر سے کھلے رہنے کی اجازت دی ہے۔

  • محنت کر حسد نہ کر، اداکار شان نے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا

    محنت کر حسد نہ کر، اداکار شان نے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا

    لاہور : پاکستانی فلموں کے نامور اداکار شان شاھد نے ناقدین کو اپنے اوپر کی جانے والی تنقید کا کرارا جواب دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ میں نے محنت کی ہے آپ بھی کریں تو اپنی خواہشات پا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اداکار شان شاھد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ایک بڑے سے لان میں موجود ہیں اور اور ان کے پیچھے ایک بیش قیمت کار نظر آرہی ہے۔

    اس تصویر پر کچھ صارفین نے پسند کا اظہار کیا تو کسی نے اس کو تنقید کا نشانہ بنایا، ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ آپ نے فلموں میں گجروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور انداز زندگی سے لگتا ہے کہ آپ یورپی ہیں۔

    جس کے جواب میں شان نے کہا کہ سپر مین فلموں میں اڑتا ہے لیکن حقیقی زندگی میں نہیں، اسی طرح ایک اداکار ایسے کردار کرتا ہے جو ان سے کرنے کو کہا جاتا ہے جبکہ  اصل زندگی میں ہم اپنے ہی کردار کے ہدایت کار ہوتے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ کاش میرے پاس بھی ایسا بڑا گھر ہوتا جس میں ایک بہت بڑا لان اور گاڑی ہے تو میں بھی اسے سوشل میڈیا پر ڈال دیتا۔

    شان نے جواب دیا کہ اپنے خوابوں کو حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کریں۔ سال 1990 میں میرے پاس ایک سوزوکی ایف ایکس تھی۔

    ایک صارف نے اداکار  شان شاھد سے اپنی محبت اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شان بھائی پاکستان کی شان ہیں آپ ، ہم سب کا مان ہیں آپ، سدا خوش رہیں آباد رہیں۔

  • گوتم گمبھیر اب دھونی کی مقبولیت سے بھی چڑنے لگے؟

    گوتم گمبھیر اب دھونی کی مقبولیت سے بھی چڑنے لگے؟

    ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی تعریف پر برہم ہوگئے، کرکٹ ویب سائٹ پر تاریخی چھکے کے ذکر پر جوابی ٹوئٹ کیا کہ ورلڈ کپ2011پوری ٹیم کے تعاون سے جیتا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابقکرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این نے گزشتہ روز ایک ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ آج ہی کے دن ایک زور دار شاٹ نے بھارت کے لوگوں کو جشن منانے کا موقع فراہم کیا تھا۔

    اس ٹئوٹ کے جواب میں گوتم گمبھیر نے تلخ انداز میں ٹوئٹ کرکے کہا کہ آپ کو یاد دلا دوں کہ 2011 ورلڈ کپ کا خطاب ہندوستان، ہندوستانی ٹیم اور مددگار عملہ نے مل کر جیتا تھا۔ وقت آ گیا ہے کہ آپ ایک چھکے سے اپنا لگاؤ کم کرلیں۔

    یاد رہے کہ بھارت نے نو سال قبل آج ہی کے دن ممبئی میں ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر28 سال ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

    اس میچ میں مہندر سنگھ دھونی نے نوان کلاشیکھرا کی گیند پرہیلی کاپٹر چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی تھی اور اس تاریخی فاتح چھکے کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔

  • پوری دنیا بھارت اور کشمیر میں فاشسٹ نظریے کو تسلیم کررہی ہے، وزیر اعظم عمران خان

    پوری دنیا بھارت اور کشمیر میں فاشسٹ نظریے کو تسلیم کررہی ہے، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ نظریے کو تسلیم کررہی ہے، یہ خطے کے امن اور استحکام کیلئے بڑا خطرہ ہے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، عالمی جریدے دی اکانومسٹ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا کہ دنیا یہ بات اب برملا تسلیم کررہی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں غیرجمہوری اور فاشسٹ نظریہ مسلط کیا جارہا ہے۔

    یہ خطے کی سلامتی اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ80 لاکھ کشمیری اور بھارت میں بسنے والے مسلمان پہلے ہی نریندرمودی کی سفاک پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی جریدے دی اکانومسٹ کے تازہ ایڈیشن میں مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، عالمی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نریندر مودی سیکولر بھارتی آئین کی کھلم کھلاخلاف ورزی کررہے ہیں اور سب سے بڑی جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے۔

    جریدے کے مطابق مودی سرکار کی پالیسیاں بھارت میں عدم استحکام کا باعث ہیں، بی جے پی سرکار ہندوتوا کا پرچار کررہی ہے جو بھارت کے لئے زہر قاتل ثابت ہورہی ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی کو بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریول ایڈوئزری میں تبدیلی سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔

    مزید پڑھیں : بی جے پی سرکار بھارت کے لئے زہرقاتل ثابت ہورہی ہے، دی اکانومسٹ

    برطانیہ کی مثبت ٹریول ایڈوائزری سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش معاشی مسائل، روزگار کی فراہمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل میں مدد ملے گی۔

  • مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی ایک سیٹ کیلئے سیاسی رسوائی اٹھائی، فردوس عاشق

    مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی ایک سیٹ کیلئے سیاسی رسوائی اٹھائی، فردوس عاشق

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی ایک سیٹ کیلئے سیاسی رسوائی اٹھائی، ان کے نئے پلان سیاسی بدحواسی کے پلان ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ عہدوں کی پیشکش کا بیان ناکامی کے بعد خفت مٹانے کے سوا کچھ نہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وہ استعفیٰ لینے آئے تھے اور گزارا صرف تسلیوں پر کرنا پڑا، مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی ایک سیٹ کیلئے سیاسی رسوائی اٹھائی، مولانا کے نئے پلان سیاسی بدحواسی کے پلان ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے آپ کو مسترد کردیا، عوام لشکر کشی اور انتشاری سیاست کے خلاف ہیں۔

    واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں حکومت کی جانب سے اہم عہدوں کی پیشکش کی گئیں جنہیں انہوں نے مسترد کردیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا کہ انہیں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت دے دیتے ہیں، خیبرپختونخوا کے گورنر اور سینیٹ کی چیئرمین شپ کی پیشکش تھی کی، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، ان پیشکشوں کو حقیر سمجھا اور تمام آفرز مسترد کردیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کا حکومت کی معاشی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر میں17فیصد اضافہ ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کمی اور غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی معاشی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اقتصادی ٹیم کی کارکردگی ٹوئٹر پر شیئر کردی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال میں معاشی صورتحال میں تبدیلی معاشی ٹیم کی کامیابی ہے، ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اور بیرون ملک سے ترسیلات زر میں بھی17فیصد اضافہ ہوا۔

    مزید پڑھیں : حکومت معیشت مستحکم کرنے کے لیے دل جمعی سے کام کر رہی ہے: وزارت خزانہ

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات میں5اعشاریہ9فیصد اضافہ ہوا ہے، ملکی درآمدات میں18اعشاریہ چھ فیصد کمی لائی گئی، ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں111فیصد جبکہ غیر ملکی نجی سرمایہ کاری میں194 فیصد اضافہ ہوا۔

  • افغان طالبان سے مذاکرات کرنے کے دیگر بہت سے بہتر طریقے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    افغان طالبان سے مذاکرات کرنے کے دیگر بہت سے بہتر طریقے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم افغان طالبان کو ایسے نشانہ بنا رہے ہیں کہ اس سے پہلے کبھی نہیں بنایا، مذاکرات کرنے کے دیگر بہت سے بہتر طریقے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے 12 لوگوں کو مارنا جن میں ایک عظیم امریکی شہری بھی شامل تھا، اچھا آئیڈیا نہیں تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی بحالی کیلئے بہت سے بہترین راستے موجود ہیں۔ طالبان جانتے ہیں کہ انہوں نے بہت بڑی غلطی کی ہے، افغان طالبان کوعلم نہیں کہ غلطی کا ازالہ کیسے کیا جائے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے تھے، انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا تھا۔

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں: افغان طالبان سے بات چیت مکمل طورپر ختم ہوچکی، ڈونلڈ ٹرمپ

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ طالبان دوران مذاکرات غیرضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کرسکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

    امريکی صدر نے اپنی ٹوئٹس ميں لکھا تھا کہ اتنے اہم موقع پر کابل ميں بارہ بے گناہ افراد کو قتل کرديا گيا جس کا طالبان نے اعتراف بھی کيا اس لیے اس صورتحال ميں بامقصد معاہدے کے ليے طالبان نے مذاکرات کا اختيار کھو ديا ہے۔