Tag: Twitter msg

  • دیا میربھاشا اورمہمند ڈیمزکی تعمیر کی نگرانی خود کروں گا، وزیر اعظم عمران خان

    دیا میربھاشا اورمہمند ڈیمزکی تعمیر کی نگرانی خود کروں گا، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا سے دیا میربھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر بنانے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی ہے، ڈیمز کی تعمیر کی بذات خود نگرانی کروں گا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی، تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر بنانے پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے عمران خان کو واپڈا کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    ملاقات میں وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کو ڈیمز کی جلد تکمیل پرزور دیا، اس حوالے سے ٹوئٹر پر اپنے ایک تازہ پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر پانی کے صرف 185ذخائرہیں جن میں دو ڈیم شامل ہیں۔

    اس کے مقابلے میں بھارت کے پاس 5000 آبی ذخائر ہیں جبکہ چین میں چار ہزار بڑے ڈیمز سمیت مجموعی84ہزار آبی ذخائر موجود ہیں، پاکستان کے حصے میں سالانہ 45 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کا 80 فیصد 3 ماہ جبکہ بقیہ 20 فیصد باقی 9 ماہ میں آتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو بڑھتے ہوئے آبی بحران سے محفوظ ملک بنانا ہے، ڈیمز کی تعمیر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افادیت کے پیش نظر منصوبے کی نگرانی میں اپنے ذمہ لے سکتا ہوں۔

  • فرسٹ کلاس کرکٹرز کو دی گئی سہولیات انتہائی ناقص ہیں، مصباح الحق کا اظہار برہمی

    فرسٹ کلاس کرکٹرز کو دی گئی سہولیات انتہائی ناقص ہیں، مصباح الحق کا اظہار برہمی

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز بہتر سہولیات کے مستحق ہیں، کھلاڑیوں کو ناقص سہولیات دی جا رہی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ایک پیغام میں کہی، مصباح الحق نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے ویڈیو میں لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے گراؤنڈ کا ڈریسنگ روم  دکھایا گیا گیا ہے جس کی حالت انتہائی خستہ ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی اسٹور روم نہیں بلکہ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے گراؤنڈ کا ڈریسنگ روم ہے۔ صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مصباح الحق نے بتایا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا گراؤنڈ لاہور وائٹس اور سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹیڈ کے درمیان فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی کررہا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچوں میں چھ ٹیسٹ کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

    مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو فراہم کردہ ڈریسنگ روم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈریسنگ روم کے ساتھ واش روم گندے ہیں اور دیواروں سے رنگ بھی جھڑ رہا ہے جب کہ اس کا فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ذرا تصور کریں کہ اس گرمی میں ایک کمرے میں تقریباً 20 لوگ ہوں جہاں صرف ایک ہی پنکھا ہو۔

    مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار کی بہتری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مذکورہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور یہی نہیں پچ اور آؤٹ فیلڈ بھی ہماری کرکٹ کے لیے حوصلہ افزا نہیں ہے۔

  • جشن آزادی پر قومی کرکٹرز کے قوم کے نام پیغامات، نیک خواہشات کا اظہار

    جشن آزادی پر قومی کرکٹرز کے قوم کے نام پیغامات، نیک خواہشات کا اظہار

    کراچی/ مردان : قومی کھلاڑیوں نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغامات میں انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے آزادی جیسی عظیم نعمت کی قدر کرنے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستا کے71ویں جشن آزادی کے موقع پر کرکٹرز اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے71ویں جشن آزادی پر تمام پاکستانیوں مداحوں اور دوستوں کو بھارتی بھابھی کی جانب سے نیک تمنائیں اور جشن آزادی مبارک ہو۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اپنی رہائش گاہ پر اہل خانہ کے ہمراہ آزادی کا جشن منایا اور کیک کاٹا۔

    سابق کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں قوم کے نام اپنی پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم صرف تاریخ کو ہی عزت نہیں بخش رہے بلکہ بحیثیت قوم ہم اپنے مستقبل کا جشن بھی منارہے ہیں۔

    بوم بوم شاہد آفریدی کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ اس جشن آزادی پر آئیں اور عہد کریں کہ ہم سب مل کر اس ملک کو سنوارنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ تبدیلی خود سے کیونکہ ہم اس ملک سے ہیں اور یہ ملک ہم سے ہے۔ آزادی ایک نعمت ہے اس کی قدر کیجئے۔ پاکستان زندہ باد۔

    قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ تمام دوستوں، ہم وطنوں کو چودہ اگست کی آزادی اور 2018 کی تبدیلی بہت بہت مبارک ہو۔

    اس کے علاوہ سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر اپنے بچوں کے ساتھ تصویر شیئر کی ہے اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستانی قوم کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

    علاوہ ازیں مردان میں قومی کرکٹر فخرزمان نے بھی جشن آزادی کا کیک کاٹا اور قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

  • عمران خان کی خواتین سے متعلق ن لیگی رہنماؤں کے نازیبا بیان کی مذمت

    عمران خان کی خواتین سے متعلق ن لیگی رہنماؤں کے نازیبا بیان کی مذمت

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے خواتین کیخلاف نازیبا زبان کے استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک خواتین کے لئے رانا ثناءاللہ اور عابد شیرعلی کی جانب سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ اور اس کے گروہ کے افراد شریف خاندان کی ذہنیت کا عکاس ہے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ، عابد شیرعلی نے خواتین کیلئے گندی زبان استعمال کی، ان لوگوں نے گزشتہ30سال میں ہمیشہ خواتین کی بے عزتی کی۔

    خواتین کاعدم احترام ہمارے مذہب اور ثقافت کےخلاف ہے، عمران خان نے جلسے میں بڑی تعدادمیں شرکت پرپی ٹی آئی کی خواتین کاشکریہ بھی ادا کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتاہوں، چھوٹی سی کمیونٹی کے تحفظ میں ناکامی قوم کیلئے باعث شرم ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے مینار پاکستان میں تحریک انصاف کے میگا پاور شو پر رد عمل دیتے ہوئے اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کپتان کے جلسے پر رانا ثناءاللہ کا تضحیک آمیز رویہ، پی ٹی آئی اور پی پی کا رد عمل

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک خواتین گھریلو نہیں تھیں، ناچ گانا بتارہا تھا کہ وہ کہاں سے آئی ہیں، رانا ثناءاللہ کے اس بیان ہر پیپلزپارٹی رہنما شیری رحمان اور شہلا رضا نے بھی شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • شاہد آفریدی کا کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ، بھارتی میڈیا بھنا اٹھا

    شاہد آفریدی کا کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ، بھارتی میڈیا بھنا اٹھا

    کراچی : شاہد آفریدی کے کشمیر میں جاری مظالم سے متعلق ٹوئٹ پر بھارتی میڈیا میں آگ لگ گئی، بے خبر میڈیا نے  پاک فوج کے ترجمان کو آئی ایس آئی باس کہہ کر پکارا ، گوتم گمبھیر بھی آفریدی کے خلاف زہر اگلتے رہے۔

    پاکستان ٹیم کے سابق شاہد خان آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت پریشان کن ہے، ظالم حکومت حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنے والوں کو شہید کررہی ہے، عالمی ادارے کہاں ہیں؟

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی،کشمیر میں جاری حالیہ بھارتی بربریت پر آفریدی خاموش نہ رہ سکے۔

    بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کی اور قتل عام پر اقوام متحدہ کے سامنے سوال بھی اٹھا دیا، انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیمیں کہاں ہیں، حیرت ہے کہ یہ خونریزی کو بند کروانے کے لئے کردار کیوں ادا نہیں کر رہیں؟

    لیکن یہ سب بھارتیوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اس ٹوئٹ سے بھارتی بھنا اٹھے، بھارتی میڈیا نے شاہد آفریدی کو کشمیریوں کے قتل عام پر آواز اٹھانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

    بھارتی میڈیا کے ساتھ ساتھ اس کے ایک کرکٹر کو بھی اس ٹوئٹ پر مرچیں لگ گئیں، گوتم گمبھیر نے جوابی ٹوئٹ میں انتہائی سستا مذاق کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اس پر دھیان نہ دے، آفریدی صرف لفظ یو این پر زور دے رہے ہیں، جس کا آفریدی کی ڈکشنری میں مطلب انڈر نائنٹین ہے۔

    دوسری جانب جلا بھنا بھارتی میڈیا بھی آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ آفریدی نے کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ کرکے بھارت کی بے عزتی کی ہے، اب بھارتیوں کو کون سمجھائے آفریدی نے تو آئینہ دکھایا ہے۔

    اسٹار کرکٹر کے خلاف زہر اگلتے ہوئے کہا گیا کہ آئی ایس آئی کی ہدایت پر آفریدی نے بیان دیا، گوتم گمبھیر بھی آفریدی کے خلاف زہر اگلتے رہے،

    بعد ازاں  بھارتی میڈیا اور دیگر ناقدین کے جواب میں شاہد آفریدی نے مؤثر جواب دیتے ہوئے ایک اور ٹوئٹ میں اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کی عزت کرتا ہوں اور ایک اسپورٹس مین بھی ہوں اور یہ تصویر اس بات کا ثبوت ہے، لیکن جب انسانی حقوق کی بات آتی ہے تو ہم معصوم کشمیریوں کے حوالے سے بھی یہ ہی توقع رکھتے ہیں۔

    بھارتی میڈیا اور متعصب کرکٹر یہ نہیں جانتے کہ شاہد آفریدی تو پھر پاکستان کے اسٹار ہیں، کسی بھی عام پاکستانی کو بھی کشمیری بھائیوں کےحق میں آواز اٹھانے کے لیے کسی ہدایت کی ضروت نہیں، جب اُس پار خون بہتا ہے تو اِس پار خون کھول اٹھتا ہے۔

     

  • ’’واہ لیڈر شپ واہ ‘‘ غلطی اورگناہ کسی کا سزا کسی اور کو، ماروی میمن کا ٹوئیٹ

    ’’واہ لیڈر شپ واہ ‘‘ غلطی اورگناہ کسی کا سزا کسی اور کو، ماروی میمن کا ٹوئیٹ

    کراچی : نواز لیگ سندھ کی رہنما ماروی میمن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ  واہ لیڈر شپ واہ  غلطی اور گناہ کسی اور کا سزا کسی اور کو ، جرم پر اکسانے والوں کابھی حساب ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار پھر اسحاق ڈار اور اب مسلم لیگ ن کی ایک اور رہنما ماروی میمن اپنی قیادت پر برس پڑیں، ماروی میمن نے کہا ہے کہ غلطی اور گناہ کسی اور کا سزا کسی اور کو،  واہ لیڈرشپ واہ ، یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔

    ماروی میمن نے مزید کہا کہ ہرجرم میں جرم کرنے والا بھی ساتھ ہوتا ہے اور جرم پر اکسانے والے بھی، ان کا حساب پہلے ہونا چاہیے، انہیں پہلے بےنقاب کرنا چاہیے۔

    ایک اور ٹوئیٹ میں ماروی میمن نے یہ بھی کہا کہ سیاست انسان عزت کے لیے کرتا ہے، کوئی اس بات کو پسند نہیں کرتا کہ پہلےاسے ساتھ لیا جائے،پھر بے عزتی کی جائے،
    مزید ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے داتا دربار کی تصویرشیئرکرتے ہوئے لکھاکہ ” جو بھی اس نگری پر آیا اللہ سائیں اس سے اپنے انداز میں حساب لیتا ہے “۔

    علاوہ ازیں گزشتہ دنوں ڈالر کی قدرمیں اچانک ہوشربا اضافہ کے بعد موجودہ مشیر خزانہ نے اقرار کیا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر ڈالر کو اپنی قیمت تک پہنچایا، ماضی میں ڈالر کی قیمت کو مصنوعی طریقے سے روک کر زیادتی کی گئی۔

    جس پر اسحاق ڈار نے چیلنج کیا تھا کہ ان لوگوں کو معیشت کا اندازہ ہی نہیں ، بیٹھے بٹھائے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا ، اگر ان کے پاس کوئی منتر ہے تو ڈالر کو اب بھی روک کر دکھائیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی ن لیگ حکومت پر برس چکے ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی الٹی میٹم دیا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کی باتوں پر بہت چپ رہ لیے، اب چپ نہیں رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ویسٹ انڈیزبورڈ آمادہ، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی میں ہوں گے، نجم سیٹھی

    ویسٹ انڈیزبورڈ آمادہ، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی میں ہوں گے، نجم سیٹھی

    لاہور : چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے قومی ٹیم کے ساتھ ہونے والے تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، ویسٹ انڈیز بورڈ نے کراچی میں کھیلنے پرآمادگی ظاہر کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کراچی والوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز نے کراچی میں کھیلنے پرآمادگی کا اظہار کردیا ہے۔

    پاکستان آنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور کے بجائے کراچی میں منعقد ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی۔

    انہوں نے کہا کہ مذکورہ میچز یکم، 2 اور4اپریل کوکراچی کھیلیں جائیں گے، ویسٹ انڈیزٹیم کی سیکیورٹی ہماری ذمےداری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کے اس اقدام کی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مکمل حمایت کی ہے۔

    چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اگلی بار پی ایس ایل پاکستان لے جائیں، ملتان کے اسٹیڈیم تیار ہیں، کراچی اور راولپنڈی کو تیارکرنا ہے، کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں بہت کام کیا جارہا ہے۔

    کراچی کا اسٹیڈیم تیارہے، فائنل وہیں ہوگا، پی ایس ایل کی ٹرافی 24مارچ کوکراچی پہنچےگی، مخالفین تنقید کا سلسلہ بند کرکے ہمیں سپورٹ کریں، انہوں نے بتایا کہ پاکستان ویسٹ انڈیز اور ممکن ہے کہ بنگلا دیش بھی امریکا میں سہ ملکی سیریز کھیلیں۔

    یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا، جو پنجاب میں شدید دھند اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی بنگلہ دیش پریمیئر (بی پی ایل) سے معاہدے کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔


    ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا نام تبدیل کر کے ونڈیز رکھ دیا 


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔