Tag: Twitter

  • عمران خان ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے ساتویں بڑے عالمی رہنما بن گئے

    عمران خان ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے ساتویں بڑے عالمی رہنما بن گئے

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے ساتویں بڑے عالمی رہنما بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جدید ڈیجیٹل دور میں عالمی رہنماؤں کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ اب سوشل ویب سائٹس پر مقبولیت سے لگایا جاتا ہے، اس لحاظ سے پاکستان کے سیاسی رہنما اور اگلے متوقع وزیرِ اعظم عمران خان دنیا کے ساتویں بڑے رہنما بن گئے ہیں۔

    عوام میں مقبول رہنماؤں کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹویٹر، انسٹا گرام اور فیس بک وغیرہ پر فالوورز کی تعداد کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے، عمران خان بھی عالمی رہنماؤں کے اس کلب میں شامل ہو چکے ہیں جن کی فالوور شپ ٹویٹر پر سب سے زیادہ ہے۔

    ٹویٹر پر پی ٹی آئی رہنما کے فالوورز کی تعداد 8 ملین (80 لاکھ) تک پہنچ گئی ہے، یوں وہ عالمی رہنماؤں میں ساتویں نمبر پر براجمان ہو گئے ہیں، عمران خان کے ٹوٹل فالوورز کی تعداد اس وقت 18.7 ملین ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان اپنی بڑھتی ہوئی آن لائن سرگرمیوں کے ساتھ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں میں بے حد مقبول ہیں، جس کی وجہ ان کے فی البدیہہ ٹویٹس ہیں۔

    پاکستان کے انتخابات 2018 میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد عمران خان نے Top 10 Most Followed World Leaders on Twitter میں بھی ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

    ٹویٹر پر فالوورز کی تعداد کی ٹاپ ٹین فہرست میں عمران خان نے کینیڈا کی مشہور اور ہر دل عزیز شخصیت جسٹن ٹروڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، کینڈین وزیرِ اعظم کے فالوورز کی تعداد 4.26 ملین ہے۔

    چائے والے کے بعد پاکستانی تربوز والا سوشل میڈیا اسٹار بن گیا

    عمران خان کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک رہنے کی وجہ سے ’فیس بک خان‘ بھی کہا جاتا ہے، امید ہے کہ جب وہ 14 اگست کو وزراتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے تو ان کے فالوورز کی تعداد میں یک لخت بڑا اضافہ ہو جائے گا، اور وہ ٹویٹر پر مزید کئی عالمی رہنماؤں کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔

    واضح رہے کہ اس وقت ٹویٹر کی فہرست میں سب سے اوپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ براجمان ہیں، ٹرمپ کے فالوورز کی تعداد 53.4 ملین ہے۔ 43.3 ملین فالوورز کے ساتھ بھارت کے نریندر مودی دوسرے نمبر پر اور 17.7 ملین فالوورز کے ساتھ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس تیسرے نمبر ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • یہ ہے ہماری قوم اقربا پروری کو فروغ دینے والی: سہانا کی ماڈلنگ پر شدید تنقید

    یہ ہے ہماری قوم اقربا پروری کو فروغ دینے والی: سہانا کی ماڈلنگ پر شدید تنقید

    بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے بھی ماڈلنگ سے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کردیا۔ ان کی تصاویر ووگ انڈیا میگزین کے سرورق کی زینت بنی ہیں۔

    تاہم ووگ کے اس اقدام پر اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ووگ کی جانب سے تصاویر جاری کیے جانے کے بعد طنز اور تنقید کا طوفان امڈ آیا۔

    صارفین نے بالی ووڈ میں پنجے پھیلائی اقربا پروری کو برا بھلا کہتے ہوئے کہا کہ سہانا کا یہ ڈیبیو صرف ان کے سپر اسٹار والد کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔

    ایک صارف نے لکھا، ’یہ ہماری قوم ہے جہاں اسٹارز کے بچے آسانی سے آگے بڑھ جاتے ہیں جب کہ با صلاحیت افراد اپنی ساری زندگی جدوجہد کرتے ہوئے گزار دیتے ہیں‘۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ ووگ بالکل بھارتی بننے کی کوشش کر رہا ہے اور اقربا پروری کو فروغ دے رہا ہے۔ سہانا کے پاس کچھ نہیں سوائے ان کے سپر اسٹار والد کے۔

    ایک اور خاتون نے کہا کہ سہانا ایک طالب علم اور مستقبل کی سپر اسٹار ہیں کیوں کہ ان کے والد اس وقت تک ان کی فلموں پر پیسہ لگاتے رہیں گے جب تک وہ کامیاب نہیں ہوجاتیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ ووگ نے کیا سوچ کر سہانا کی تصویر اپنے سرورق پر شائع کی۔ وہ کچھ بھی نہیں ہیں۔’آپ نے اپنے برانڈ کی اہمیت گھٹا دی ہے‘۔

    اسی دوران ایک بھارتی ویب سائٹ نے سہانا کا ایک انٹرویو بھی شائع کیا جس میں سہانا نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے ایک اسٹار کی اولاد ہونے کی حیثیت سے جدوجہد کی۔

    ایک صارف نے اس ویب سائٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ شاہ رخ اور ان کی اہلیہ کو بیٹی کے لیے کسی اچھے پی آر شخص کا انتخاب کرنا چاہیئے جو اسے یہ سکھائے کہ وہ اپنی گفتگو میں سے ’جدوجہد‘ کا لفظ نکال دے۔

    خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب بالی ووڈ میں اقربا پروری کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل اداکارہ کنگنا رناوٹ بھی معروف ہدایت کار کرن جوہر کے بارے میں کہہ چکی ہیں کہ وہ صرف اسٹارز کے بچوں کو لے کر نئی فلمز بناتے ہیں۔

    کنگنا کے مذکورہ بیان کے بعد دونوں شخصیات کے درمیان کافی عرصے تک لفظی جنگ جاری رہی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے: عمران خان

    میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے: عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے، گرم موسم اور دہشت گردی کے منڈلاتے بادلوں کے سائے میں ہم نے مہم چلائی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی انتخابی مہم سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ دیانتداری سے سمجھتا ہوں میں نے تعمیر وطن کے لیے صلاحیتیں اور توانائیاں صرف کیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے رب سے اس محنت کے ثمر کا خواستگار ہوں، ملک بھر سے نکلنے والے پاکستانیوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، الیکشن مہم کے دوران ہم نے بڑی محنت کی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دوران مہم پیر کی رات تک مختلف علاقوں میں 60 جلسے مکمل کیے، ان اجتماعات کی زینت بڑھانے کے لیے لاکھوں پاکستانی نکلے، میں ان کا مشکور ہوں۔


    الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم


    خیال رہے کہ آج 24 جولائی سے الیکشن 2018 کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، ایک دن بعد قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    واضح رہے کہ رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کا وقت ختم ہو گیا، سیاسی شخصیات نے انتخابی مہم روک لی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں جاری الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی جمہوری تاریخ کا ایک اور سنگ میل عبور ہونے میں ایک دن رہ گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ٹویٹر کریک ڈاؤن سے معروف شخصیات متاثر

    ٹویٹر کریک ڈاؤن سے معروف شخصیات متاثر

    کیلی فورنیا: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تو دنیا کی نامور بشمول بالی ووڈ انڈسٹری کی شخصیات کے جعلی مداح فالورز نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر نے چار روز قبل یعنی 11 جولائی کو اپنے پلیٹ فارم پر مثبت بات چیت اور شیئرنگ کو یقینی بناتے ہوئے جعلی اکاؤنٹس کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    کمپنی کی جانب سے کریک ڈاؤن کا آغاز ہونے کے بعد سے اب تک تقریباً 10 کروڑ سے زائد جعلی اکاؤنٹس معطل کیے گئے، ٹویٹر ترجمان کا کہنا ہے کہ مکمل مانیٹرنگ کے بعد مذکورہ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    ٹویٹر پر کریک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد سے اب تک دنیا کی نامور سیاسی شخصیات و شوبز ستاروں کو فالو کرنے والے جعلی اکاؤنٹس بھی سامنے آئے۔

    مزید پڑھیں: ٹویٹر کا اہم اقدام، 7 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس معطل

    امریکا کے سابق اور موجودہ صدور بارک اوباما ، ٹرمپ کے بھی لاکھوں فالورز جعلی نکلے جبکہ دیگر ممالک بشمول پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کے بھی کئی صارفین جعلی نکلے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے 25 لاکھ جبکہ گلوکار جسٹن بیبر ، ٹیلر سوئفٹ اور ٹی وی اسٹار کم کارڈیشن کے بھی لاکھوں فالورز کم ہوئے۔

    بھارتی وزیر اعظم نریند مودی کے دو دن میں پونے تین لاکھ فالورز کی کمی ہوئی،  اُن کے 11 جولائی تک 4کروڑ 33 لاکھ صارفین تھے جو اب کم ہوکر 43.1 ملین رہ گئے۔

    بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف شخصیات

    علاوہ ازیں بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف نام بھی ٹویٹر کریک ڈاؤن سے متاثر ہوتے نظر آئے، امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان، دپیکا پڈوکون، پریانکا اور ہریتھک کے فالوررز بھی کم ہونے کا اندیشہ ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کے 11 جولائی سے اب تک 4لاکھ 24 ہزار جبکہ کنگ خان کے 3لاکھ 62ہزار اور دبنگ خان کے 3لاکھ 41 ہزار کے قریب جعلی مداح نکلے۔

    رپورٹ کے مطابق مسٹر پرفیکٹ نے دو روز میں 3لاکھ 16ہزار 9سو جعلی فالوررز کھوئے اس کے علاوہ پریانکا چوپڑا کے 3لاکھ 54ہزار 8 سو 30 جبکہ دپیکا کے 2لاکھ 90 ہزار کے قریب جعلی فالوررز کم ہوئے۔

    ٹویٹر پر نظر رکھنے والے نشریاتی ادارے نے رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 6 فیصد آئی ڈیز جعلی ہیں جو مختلف نامور شخصیات کو فالو کرتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بلور فیملی اور دیگر متاثرین کے لیے دل خون کے آنسو رو رہا ہے: شاہد آفریدی

    بلور فیملی اور دیگر متاثرین کے لیے دل خون کے آنسو رو رہا ہے: شاہد آفریدی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بلور فیملی اور دیگر متاثرین کے لیے دن خون کے آنسو رو رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہارون بلور بہادر والد کے بہادر بیٹے تھے، شہید والد کا بیٹا شہید ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلور فیملی کے لیے یہ بڑا سانحہ ہے، دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اللہ تعالیٰ بلور فیملی اور متاثرین کو ہمت عطا کرے۔


    پشاور دھماکا، نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس


    خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر مٹینگ کے دوران خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

    نمائندہ اے آر وائی عدنان طارق کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 78 میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار یکہ توت کے علاقے میں منعقدہ کارنر مٹینگ میں جیسے ہی پہنچے تو مرکزی دروازے پر زور دار دھماکا ہوا۔


    پشاور سانحے پر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت، لواحقین کیلئے صبر کی دعا


    افسوس ناک سانحے پر مختلف سیاسی ومذہبی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی اور شہیدوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

    بعد ازاں نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس بھی ہوا جس میں پشاور دھماکے کی باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ٹویٹر کا اہم اقدام، 7 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس معطل

    ٹویٹر کا اہم اقدام، 7 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس معطل

    کیلی فورنیا: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر نے غلط معلومات پھیلانے والے صارفین کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے 7 کروڑ اکاؤنٹس معطل کردیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے مختلف ممالک سے چلائے جانے والے 70 ملین (7 کروڑ) سے زائد اکاؤنٹس کو غلط معلومات اور خبریں پھیلانے کی بنیاد پر بند کیا۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی نے رواں برس مئی اور جون سے اکاؤنٹس معطل کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہو جو آئندہ بھی جاری رہے گا، چند ماہ کے دوران ایک دن میں 10 لاکھ سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: ٹویٹر نے الیکشن مہم کی پالیسی کا اعلان کردیا

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی صارف ہمارے پلیٹ فارم سے ایسا مواد پوسٹ نہ کرے جس کی وجہ سے دوسروں کے جذبات مجروح ہوں یا پھر  ان کی معلومات کا غلط استعمال کیا جائے‘۔

    واضح رہے کہ فیس بک ڈیٹا لیکس اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ٹویٹر نے دو ماہ قبل انتخابات پر اثر انداز نہ ہونے کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد الیکشن مہم پر خاص نظر رکھنا تھا۔

    ٹویٹر نے اپنے پلیٹ فارم پر بڑھتے ہوئے سیاسی اثر رسوخ اور انتخابی مہم کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے لیے مخصوص دائرہ کار پر مبنی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹویٹر صارفین کے بارے میں حیران کُن تحقیق

    پالیسی کے مطابق الیکشن میں انتخابی مہم کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی قسم کی منفی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ’سیاسی مہمات پالیسی‘ وضع کی گئی جس پر تمام ہی ممالک کی سیاسی جماعتوں کو عمل کرنا ضروری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ریحام خان کی کتاب میں لگائے گئے الزامات پر جمائما کا غضب ناک ٹوئٹ

    ریحام خان کی کتاب میں لگائے گئے الزامات پر جمائما کا غضب ناک ٹوئٹ

    لندن: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی پہلی اہلیہ جمائما خان کا ریحام خان کی کتاب میں لگائے گئے الزامات سے متعلق ایک اور ٹوئٹ سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جمائما نے محاورے کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اس عورت سے زیادہ کوئی غضب ناک نہیں کہ جس کے بچوں کی توہین ہو‘‘۔

    خیال رہے کہ جمائما خان بھی ریحام کی کتاب کے خلاف میدان میں آگئیں ہیں اور انہوں نے ریحام خان کی کتاب کے مسودے میں چند باتوں کی خلاف ورزی کی صورت میں عدالت جانے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔


    ریحام کی کتاب کے خلاف جمائما بھی میدان میں آگئیں، ہتک عزت کے دعویٰ کا اعلان


    گذشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں اُن کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی کتاب برطانیہ میں شائع نہیں ہوسکتی اس بات کی یقین دہانی بھی کروائی گئی تاہم اگر اس کی خلاف ورزی ہوئی تو ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گی۔

    واضح رہے کہ عمران خان سے علیحدگی کے بعد ریحام خان نے اعلان کیا تھاکہ وہ اپنی نجی زندگی سے متعلق کتاب لکھیں گی جو اب مکمل ہوچکی اور آئندہ چند دنوں میں اس کی رونمائی متوقع ہے۔

    تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کتاب کی اشاعت کے پیچھے مسلم لیگ ن ملوث ہے اس لیے اسے الیکشن سے دو ماہ قبل سامنے لایا جارہا ہے تاکہ تحریک انصاف کی ساکھ کو متاثر کیا جاسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوجوانوں کے نزدیک فیس بک قابل بھروسہ نہیں رہا، رپورٹ

    نوجوانوں کے نزدیک فیس بک قابل بھروسہ نہیں رہا، رپورٹ

    سانسس فرانسسکو: امریکی تحقیقاتی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک سے اکتا گئی  جس کی وجہ سے وہ اب دیگر سوشل سائٹس استعمال کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کی گئی حالیہ تحقیق میں حیران کُن انکشاف اُس وقت سامنے آیا کہ جب سوشل میڈیا استعمال کرنے کے حوالے سے اعداد و شمار کی رپورٹ مرتب کی گئی۔

    تحقیق میں انکشاف ہوا کہ سن 2015 کے مقابلے میں نوجوان فیس بک استعمال کرنے میں عدم دلچپسی ظاہر کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب اُن کی تعداد میں 20 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی۔

    نجی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ سروے رپورٹ کے مطابق تین سال کے تقابلی جائزے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فیس بک پر نوجوان صارفین کی تعداد 71 فیصد سے کم ہوکر 51 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ سوشل میڈیا کی دیگر ایپس انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کی مقبولیت میں بالترتیب 72 اور 69 فیصد اضافہ ہوا۔

    مزید پڑھیں: فیس بک اور واٹس ایپ کے استعمال پر ٹیکس عائد

    رپورٹ کے مطابق 12 سال سے 17 برس کی عمر کے صارفین جن میں لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں انہوں نے فیس بک کا استعمال ڈیٹا لیک ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر چھوڑا جبکہ یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے میں اُن کی دلچسپی خاصی حد تک بڑھ گئی۔

    تحقیقاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر نوجوانوں کی بڑی تعداد اتنی ہی تیزی کے ساتھ فیس بک کو خیرباد کہتی رہی تو ایک برس بعد سوشل میڈیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ کے 20 لاکھ سے زائد صارفین کم ہونے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ تحقیقاتی رپورٹ صرف امریکا کے نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے، ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے بعد فیس بک کو جن الزامات کا سامنا کرنا پڑا اور اُس کے بانی نے خود بھی صارفین کے ڈیٹا کے استعمال کا انکشاف کی اُس کے بعد لوگوں نے اس فارم پر اعتبار کرنا چھوڑ دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: فیس بک نے ٹرینڈنگ فیچر ختم کرنے کا اعلان کردیا

    دوسری جانب حیران کُن طور پر ان دو سالوں کے درمیان یوٹیوب، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور ٹویٹر کے صارفین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی بنیاد پر ماہرین کہتے ہیں کہ اب صارف فیس بک کے علاوہ دوسرے پلیٹ فارم کے استعمال کو فوقیت دیتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹویٹر نے الیکشن مہم کی پالیسی کا اعلان کردیا

    ٹویٹر نے الیکشن مہم کی پالیسی کا اعلان کردیا

    واشنگٹن: مائیکرو بلاگنگ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے انتخابات پر اثر انداز  نہ ہونے کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کردیا جس کے تحت ہر الیکشن مہم پر خاص نظر رکھی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر نے اپنے پلیٹ فارم پر بڑھتے ہوئے سیاسی اثر رسوخ اور انتخابی مہم کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے لیے مخصوص دائرہ کار کی پالیسی کا اعلان کیا۔

    ٹویٹر کے مطابق انتخابات میں انتخابی مہم کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی قسم کی منفی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ’سیاسی مہمات پالیسی‘ وضع کردی گئی جس پر تمام ہی ممالک کی سیاسی جماعتوں کو عمل کرنا ضروری ہوگا۔

    مائیکربلاگنگ ویب سائٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم چلانے والی سیاسی جماعتوں کے اشہارات بنائے جائیں گے جو شناخت اور مقصد کی جانچ پڑتال کریں گے نیز یہ اگر کسی فریق نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی تو اُس کی مہم کمپنی کی  طرف سے متاثر بھی کی جاسکے گی۔

    ٹویٹر کا مزید کہنا ہے کہ اس نئی پالیسی کا مقصد کسی بھی ملک میں ہونے والے انتخابات میں دیگر ممالک کی جانب سے اثر انداز ہونے کے امکانات کو بالکل ختم کرنا ہے کیونکہ اس سے قبل امریکا کے صدارتی الیکشن میں روس پر مبینہ مداخلت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جس ملک میں انتخابات ہوں گے وہی کے مقامی افراد آسانی کے ساتھ اپنی سیاسی مہم چلانے کے مجاز ہوں گے بصورت دیگر دوسرے ملک میں بیٹھے کسی امیدوار نے اگر حمایت میں ٹویٹ کیا تو اُس کا نوٹس لیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بدلتے موسموں کے ساتھ سیاسی وابستگیاں بدلنے والے بے وفا ہوتے ہیں: سعد رفیق

    بدلتے موسموں کے ساتھ سیاسی وابستگیاں بدلنے والے بے وفا ہوتے ہیں: سعد رفیق

    لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بدلتے موسموں کے ساتھ سیاسی وابستگیاں بدلنے والے بے وفا ہوتے ہیں، سیاسی جماعتوں نے دغا بازوں کو سبق سکھانے کی کبھی منظم کوشش نہیں کی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اقتدار میں مزے سے ساتھ رہے اور کبھی اختلاف کیا نہ ٹوکنے کی جرأت کی، ‏ذرا سی آندھی آتی دیکھی تو اصولی اختلاف کے بہانے سائیڈ بدل لی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مڈل کلاس کارکنان بری طرح شکست سے دوچار کریں گے، یہ لوگ سیاسی بے وفا کہلاتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ اور بدلتے موسموں کے ساتھ اپنی پارٹی بدلتے ہیں۔


    پی ٹی آئی نے ن لیگ کی مزید وکٹیں گرا دیں


    خیال رہے کہ آج بھکر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے ایم این اے افضل ڈھانڈلا اور نارووال سے میاں رشید پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں، دونوں رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    علاوہ ازیں بھکر سے ہی اراکین صوبائی اسمبلی غضنفر چھینہ اور عامر شاہانی بھی پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے ہیں، نارووال سے رکن صوبائی اسمبلی اویس قاسم بھی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کے کپتان سے آ ملے ہیں۔


    پاکستان تحریک انصاف نے ن لیگ کی مزید 3 وکٹیں گرا دیں


    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور پی ٹی آئی ایک معاہدے کے تحت تحریک انصاف میں‌ضم ہوگئے تھے، تجزیہ کاروں‌ کے مطابق آنے والے دونوں‌ میں دیگر جماعتوں کے مزید ارکان کی پی ٹی آئی میں‌ شمولیت ممکن ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔