Tag: Twitter

  • ٹوئٹر نے بھارتی حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا

    ٹوئٹر نے بھارتی حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا

    نئی دہلی: ٹوئٹر نے بھارت میں اپنے عملے کے تحفظ سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے آزادئ اظہار رائے کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مقبول ترین سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے بھارت میں اپنے عملے کے تحفظ سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے، ٹوئٹر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بھارتی حکومت آزادئ اظہار رائے کا احترام کرے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے کہا ہے کہ پیر کو انھوں نے ٹوئٹر کے دفاتر کا دورہ کیا تھا، جس کا مقصد پولیس کو موصول ہونے والی بی جے پی ترجمان سمبت پترا کی ٹوئٹ کی درجہ بندی کیے جانے کی شکایت پر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو نوٹس دینا تھا۔

    جمعرات کو سرکار کی جانب سے ٹوئٹر پر الزام لگایا گیا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت سے اپنی شرائط منوانے، اور ملک کے قانونی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ٹوئٹر کو واویلا بند کر کے بھارت کے قوانین کی پاس داری کرنی چاہیے۔

    دوسری طرف ٹوئٹر کے نمائندے نے میڈیا کو بتایا کہ بھارت میں حال میں ہمارے ملازمین کے ساتھ جو واقعات پیش آئے ان پر ہمیں بے حد تشویش ہے، ہم جن لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں ان کے لیے اظہار رائے کی آزادی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

    واضح رہے کہ ان دنوں میڈیا کمپنیوں اور بھارتی حکومت کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں، اور انتظامیہ کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف تنقید سمیت کرونا وائرس کے بحران سے متعلق کچھ مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

    بھارت میں ڈیجیٹل میڈیا کے لیے نئے قوانین پر بھی حکومت اور میڈیا کے درمیان تناؤ پایا جا رہا ہے۔

  • بھارت: مودی سرکار بدحواس، ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے

    بھارت: مودی سرکار بدحواس، ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے

    نئی دہلی: مودی سرکار سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے خلاف چلنے والی مہمات سے گھبرا گئی، بھارت میں ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور ملازمین سے تفتیش کی گئی۔

    ٹوئٹر پر چلنے والی مہمات سے گھبرا کر مودی سرکار نے نئی دلی اور گروگرام میں قائم ٹوئٹر کے دفاتر پر پولیس کی خصوصی ٹیموں نے چھاپے مارے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابقپ ولیس نے کانگریس ٹول کٹ سے متعلق چھان بین کے لیے ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے مارے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ نریندر مودی کو بدنام کرنے کے لیے کانگریس نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا مہم کانگریس ٹول کٹ کا استعمال کیا ہے اور انہوں نے اس کے سربراہ کا نام بھی بتایا۔

    بعد ازاں ٹوئٹر کی جانب سے اس ٹویٹ کو میڈیا کے ساتھ ساز باز کرنے کی کوشش قرار دیا گیا۔

    تاہم اب پولیس نے نئی دہلی اور گروگرام میں ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے مارے اور وہاں چھان بین کی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کے اسپیشل سیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹویٹر سے اس حوالے سے جواب طلب کیا تھا، تاہم جواب مبہم ہونے کی وجہ سے دفاتر پر چھاپے مارے گئے۔

  • اب ٹویٹر سے بھی پیسے کمائے جاسکیں گے

    اب ٹویٹر سے بھی پیسے کمائے جاسکیں گے

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر بھی اب آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے اور ہر شخص اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، صارفین کو اس فیچر کی دستیابی کا علم ایک پروموٹ کے ذریعے ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کی جانب سے ایک نیا فیچر ٹپ جار متعارف کروایا گیا ہے جو صارفین کو اکاؤنٹ بائیو میں مختلف ڈیجیٹل پیمنٹ اکاؤنٹس کے اضافے کی سہولت فراہم کرے گا۔

    اس کی مدد سے ٹویٹر صارفین چند ڈالر اس فرد کو دے سکیں گے جس کا ٹویٹ ان کے دل میں جگہ بنالے گا۔

    ہوسکتا ہے کہ یہ وہ روزانہ کی خبروں کا تجزیہ ہو جو آپ اپنے فالوورز کو فراہم کرتے ہوں یا ایسی میک اپ ٹپس جو دیگر کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہوں، یا کسی کو مشکل میں دیکھ کر آپ اس کی مدد کرنا چاہتے ہوں تو یہ فیچر مددگار ثابت ہوگا۔

    ٹویٹر کی جانب سے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس فیچر کا اعلان کیا گیا اور اس میں ایک اینی میٹڈ تصویر کے ذریعے اس کا طریقہ کار بھی سمجھایا گیا۔ فی الحال یہ فیچر ہر ایک کو دستیاب نہیں بلکہ کمپنی کا کہنا تھا کہ اسے ابھی محدود تعداد میں صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

    صارفین کو اس فیچر کی دستیابی کا علم ایک پروموٹ کے ذریعے ہوگا۔

    جب کوئی صارف ٹپ جار کو ایکٹیویٹ کردے گا تو وہ اپنے اکاؤنٹ میں مختلف پیمنٹ پلیٹ فارمز جیسے کیش ایپ، پے پال وینمو اور دیگر سے منسلک کرسکے گا۔ ٹویٹر کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کی جانب سے بھیجے جانے والی رقم میں کوئی کٹوتی نہیں کرے گا۔

  • مودی سرکار کو تنقید برداشت نہ ہوئی : سوشل میڈیا کیخلاف بڑا حکم جاری کردیا

    مودی سرکار کو تنقید برداشت نہ ہوئی : سوشل میڈیا کیخلاف بڑا حکم جاری کردیا

    نئی دہلی : بھارت میں کورونا وائرس کی جان لیوا وبا کی تباہیوں کے پیش نظر اب عوام بھی حکمرانوں سے سوالات کرتے ہوئے مودی حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کررہے ہیں جسے برداشت نہیں کیا جارہا۔

    کورونا بحران سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا تو بھارتی حکومت نے ٹوئٹر کو تنقیدی ٹویٹس ہٹانے کا حکم دے ڈالا۔

    احکامات ملنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی انتظامیہ نے بھارتی حکومت پر کی جانے والی تنقیدی ٹویٹس ویب سائٹ سے ہٹا دی ہیں۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے  نے بھارت کے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی ٹویٹس جن میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے بھارتی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کی گئی ہے، انہیں سنسر کیا یا پھر ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے گزشتہ ہفتے ٹوئٹر کو ہنگامی بنیاد پر احکامات جاری کیے تھے کہ حکومت پر تنقید کرنے والی ٹویٹس فوری طور پر ہٹائی جائیں۔

    مقامی میڈیا نے کہا ہے کہ حکومت کے ٹوئٹر کو یہ احکامات لیومن ڈیٹا بیس ویب سائٹ پر موجود ہیں جو آن لائن شکایات سے متعلق مواد کا جائزہ لیتی ہے۔

    حکومت کے احکامات کے بعد اب تک 50 سے زیادہ تنقیدی ٹویٹس ہٹائی گئی ہیں جن میں بھارتی رکن پارلیمان، اداکار، وزراء، فلم میکرز اور صحافیوں کی ٹویٹس بھی شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں ایسی ٹویٹس بھی ہٹائی گئی ہیں جن میں وزیراعظم نریندر مودی کو براہ راست تنقید کا نشانہ بنایا گیا یا پھر جن میں شمشان گھاٹوں اور اسپتالوں کے باہر کورونا مریضوں کی لمبی قطاروں کی تصاویر دکھائی گئی تھیں۔

    بھارت میں روزانہ سامنے آنے والے کورونا کیسز میں اب ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔ اتوار کو 3 لاکھ 49 ہزار 691 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2ہزار 767 افراد ہلاک ہوئے۔

    وزیراعظم نریندر مودی نے ریڈیو کے ذریعے قوم سے خطاب میں ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران روزانہ لاکھوں کی تعداد میں نئے کیسز آنے پر کہا ہے کہ اس طوفان نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

  • اوباما اور بل گیٹس کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو سزا سنا دی گئی

    اوباما اور بل گیٹس کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو سزا سنا دی گئی

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر بارک اوباما، بل گیٹس اور ایلن مسک سمیت متعدد معروف افراد کے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی، ملزم نے ایک فراڈ کے لیے ان شخصیات کے اکاؤنٹس ہیک کیے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک امریکی نوجوان نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک بڑے بٹ کوائن فراڈ کے لیے کئی مشہور شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک کیے۔

    گراہم آئیوان کلارک 17 سال کے تھے جب انہوں نے اس فراڈ کی منصوبہ بندی کی جس میں کئی معروف شخصیات بشمول کم کاردیشن ویسٹ، کین ویسٹ، ایلن مسک، بل گیٹس اور بارک اوباما کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہائی جیک کیے گئے۔

    فلوریڈا کی عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم اب اقبال جرم کے معاہدے کے تحت 3 سال جیل میں گزارے گا۔

    ملزم اپنی 3 سالہ سزا کے 229 دن پہلے ہی جیل میں گزار چکا ہے، وہ اب 18 سال کا ہوچکا ہے مگر اسے کمسن مجرم کے طور پر سزا دی گئی ہے۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اجازت اور نگرانی کے بغیر کلارک کمپیوٹرز استعمال نہیں کر سکیں گے۔

  • ٹویٹر پر نئے فیچرز کی آزمائش

    ٹویٹر پر نئے فیچرز کی آزمائش

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے جو جلد ہی صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے چند نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے جس سے تصاویر کو دیکھنے کا طریقہ بہتر ہوجائے گا۔

    ٹویٹر سپورٹ کی جانب سے مختلف ٹویٹس میں بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے بڑی تصاویر اور 4 کے اپ لوڈ کو آئندہ چند ہفتوں میں ٹیسٹ کیا جائے گا۔ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ میں ایک ٹیسٹ میں جب صارفین ایک تصویر ٹویٹ کرے گا تو کمپوزر میں نظر آئے گا کہ ٹائم لائن میں وہ فوٹو کیسے نظر آئے گی۔

    یعنی اب پوری تصویر ٹویٹ میں نظر آئے گی اور کلک کر کے اسے اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    فی الحال یہ فیچرز آزمائشی مراحل سے گزر رہے ہیں اور کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے، یہ کہنا مشکل ہے۔

    اس سے قبل فروری کے اختتام پر بھی کمپنی نے متعدد نئے فیچرز متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا تھا، کمپنی کی جانب سے بہت جلد متعدد نئے فیچرز بشمول کمیونٹیز، ٹپنگ اور اکاؤنٹ سبسکرپشن فیچر سپر فالوز کے بارے میں بتایا گیا۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ایکسپلورنگ فیچرز ایسے انفلوائنسرز اور کریٹیئرز کے لیے مددگار ہوگا جو ٹویٹر فالوونگ سے آمدنی حاصل کرنا چاہتے ہیں، جس کے لیے ٹپنگ اور سپر فالوز جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

  • روسی حکومت نے ٹوئٹر کیخلاف بڑا فیصلہ کرلیا، لیکن کیوں؟

    روسی حکومت نے ٹوئٹر کیخلاف بڑا فیصلہ کرلیا، لیکن کیوں؟

    ماسکو : روس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مشروط پباندی لگانے کا فیصلہ کرلیا، حکام کی جانب سے دھمکی دی گئی ہے کہ متنازع مواد نہ ہٹایا گیا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام نے کہا ہے کہ وہ ٹوئٹر کی رفتار کو کم کررہے ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر انتطامیہ پابندی کے شکار مواد کو ہٹانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے وہ اس کیخلاف جوابی اقدام اٹھایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی حکومت نے ٹوئٹر کو واضح الفاظ میں دھمکی بھی دی ہے کہ اگر اس نے ان کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو وہ اسے مکمل طور پر بھی بند کرسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے روسی سرکاری کمیونیکیشن ریگولیٹری کا کہنا ہے ممنوعہ مواد ویب سائٹ سے نہ ہٹانے پر ٹوئٹر کا استعمال محدود کرنے کیلئے اس کی رفتار کم کررہے ہیں۔

    ریگولیٹری حکام کا کہنا ہے کہ ممنوعہ اور غیرقانونی مواد کی موجودگی تک ٹوئٹر کی رفتار کم رہے گی، ٹوئٹر پر  ممنوعہ مواد پر مشتمل 3ہزارسے زائد پوسٹس موجود ہیں، ٹوئٹر ممنوعہ مواد پرمشتمل پوسٹس ہٹانے میں ناکام رہا تو مکمل پابندی عائد کردی جائے گی۔

    دوسری جانب روسی صدارتی محل کریملن نے ردعمل میں کہا ہے کہ روس سوشل میڈیا پر پابندی نہیں چاہتا، تاہم سوشل میڈیا کی کمپنیاں بھی روسی قوانین پر عمل کریں۔

    واضح رہے کہ امریکی کمپنی ٹوئٹر اور روسی حکومت کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب ٹوئٹر نے مظاہروں  سے متعلق پوسٹ نہیں ہٹائی جس میں بچوں کو حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کرنے کی ترغیب دی گئی تھی۔

  • کرونا ویکسین کی مخالفت، ٹویٹر کا بڑا قدم

    کرونا ویکسین کی مخالفت، ٹویٹر کا بڑا قدم

    سان فرانسسکو: کرونا ویکسین کی غلط معلومات دینے پر ٹویٹر نے اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بلاک کرنے کا اسٹرائیک سسٹم متعارف کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر نے کہا ہے کہ اب ان ٹویٹس کو لیبل کیا جائے گا جو کو وِڈ 19 ویکسینز کے بارے میں غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، تاکہ ایسے صارفین کو نکال باہر کیا جائے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ’اسٹرائیک سسٹم‘ نامی نظام متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت ان صارفین کو مستقل طور پر ٹویٹر سے نکال دیا جائے گا جو پانچویں بار ایسی ٹویٹ کریں گے۔

    ٹویٹر کمپنی نے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ اس سسٹم سے عوام کو ہماری پالیسیوں کے بارے میں بتانے میں مدد ملے گی اور ممکنہ طور پر نقصان دہ اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے گا۔

    کمپنی کا کہنا ہے جب کسی ٹویٹ کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر لیبل کیا جائے گا تو اس صارف کو ایک اسٹرائیک دیا جائے گا اور اطلاع دی جائے گی، دوسرا اور تیسرا اسٹرائیک ملنے کے بعد اس صارف کے اکاؤنٹ کو 12 گھنٹوں کے لیے بلاک کر دیا جائے گا۔

    ٹویٹر کے مطابق چوتھی بار خلاف ورزی کے بعد اکاؤنٹ کو 7 دنوں کے لیے بند کر دیا جائے گا اور پانچویں اسٹرائیک سے اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا جائے گا۔

  • علی ظفر "گڑوی” بجانے والی خواتین کے فن سے متاثر، ویڈیو دیکھیں

    علی ظفر "گڑوی” بجانے والی خواتین کے فن سے متاثر، ویڈیو دیکھیں

    لاہور : معروف گلوکار علی ظفر پنجاب کی گڑوی بجانے والی خواتین کے فن سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ ویڈیو شیئر کردی۔

    اندرون لاہور کی ثقافت کا ہررنگ ہر انداز دیکھنے اور سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے، یہاں پر موسیقی اور گائیکی کے بھی کئی انداز اور روایات ہیں ان میں سے ایک روایت گڑوی بجانے کی بھی ہے۔

    اس روایت میں ایک مخصوص گھرانے کی خواتین چھوٹی سی گڑوی اٹھائے اور اسے بہت مہارت سے بجاتے ہوئے مختلف گیت گاتی ہیں اور سننے والے ان سے خوش ہوکر انہیں اپنی خوشی سے کچھ پیسے دے دیتے ہیں جس سے ان کے گھر کا خرچہ چلتا ہے۔

    پاکستان کے نامور اسٹار گلوکار علی ظفر بھی اندرون لاہور میں گڑوی بجانے والی خواتین سے متاثر ہوئے نہ رہ سکے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کچھ خواتین ملکہ ترنم نورجہاں کا مشہور گیت "تیرے نال میں لائیاں اکھیاں” گا کر سنا رہی ہیں۔

    مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکارعلی ظفر ان کے فن سے متاثر ہوئے اور ان کے گانے کی تعریف بھی کی، اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان خواتین کا فن واقعی لاجواب ہے، اس کے علاوہ لاہور میں ہونے والے تزئین آرائش کا کام بھی بہت زبردست ہے اسے ضرور دیکھیں۔

  • بھارتی حکومت کی بدمعاشیوں سے عالمی نظام کو خطرہ ہے، عمران خان

    بھارتی حکومت کی بدمعاشیوں سے عالمی نظام کو خطرہ ہے، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی بدمعاشیوں سے عالمی نظام کو خطرہ ہے، بھارت کا گمراہ کن نیٹ ورک بے نقاب ہونے سے پاکستان کا موقف درست ثابت ہوگیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ گمراہ کن خبروں کے بھارتی نیٹ ورک بےنقاب ہوا، ڈس انفو کے انکشافات سے پاکستان کا موقف درست ثابت ہوا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بدمعاش بھارت کی تخریبی سرگرمیوں کا نوٹس لے، بھارتی حکومت کی بدمعاشیوں سے عالمی نظام کو خطرہ ہے، پاکستان خطے میں جمہوریت کے خلاف بھارتی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی خبروں کے نیٹ ورک سے انتہاء پسندی کو ہوا دے رہا ہے، ہم بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا ڈوزیئر پہلے ہی اقوام متحدہ کو دے چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : گمراہ کن خبروں کا بھارتی نیٹ ورک بےنقاب، عالمی ادارے کے تہلکہ خیز انکشافات

    واضح رہے کہ یورپی یونین کے تحقیقاتی ادارے ڈس انفولیب نے اپنی رپورٹ میں جھوٹے پروپیگنڈے اور گمراہ کن خبروں کے لیے بنائے جانے والے بھارتی نیٹ ورک سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کیے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی نیٹ ورک گزشتہ پندرہ سالوں سے اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین کو جھانسہ دے رہا ہے جبکہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں بھی مصروف ہے۔