Tag: two children

  • مضر صحت کھانے سے جاں بحق بچوں کا کیس، عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    مضر صحت کھانے سے جاں بحق بچوں کا کیس، عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    کراچی : کلفٹن میں مضر صحت کھانے سے بچوں کی اموات کے کیس میں عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں گزشتہ ماہ 10 نومبر کو ایریزونا گرل نامی ریسٹورنٹ میں مضر صحت کھانا کھانے کرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے جس کے الزام میں گرفتار مینجر عدنان اور عامر شیخ کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ریسٹورنٹ کا مالک ندیم ممتاز راجہ ضمانت قبل از گرفتاری پر ہے، ملزمان سے تفتیش کرکے دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔

    تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے تاہم عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایریزونا ریسٹورنٹ کے مینجر اور سسٹر کمپنی اسٹریم ٹریڈنگ کے جنرل مینجر ملزمان ہیں۔

    مضر صحت کھانا کھانے سے 4 سالہ محمد اور ڈیڑھ سالہ احمد کی موت ہوئی تھی۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کا بیان قلم بند کرنے کے بعد آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ بچوں کی موت گردے فیل ہونے سے ہوئی تھی، مضر صحت کھانے میں خطرناک بیکٹریا پائے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی: کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، ریسٹورنٹ سیل. 4 افراد زیر حراست

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن کی زمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں 2 بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ نے کہا تھا کہ ریسٹورنٹ میں بچا ہوا کھانا فریزر میں رکھا ہوا تھا، ریسٹورنٹ کا کچن بدبو دار نکلا، سندھ فوڈ اتھارٹی نے 2 لیبارٹریز سے ٹیسٹنگ کنٹریکٹ کیا ہوا ہے۔

    ابرار شیخ کے مطابق ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ کو سیل کرکے کھانے اور ٹافیوں کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے بھجوا دئیے تھے۔

  • مانچسٹر میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، دو بچوں سمیت 10 افراد زخمی

    مانچسٹر میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، دو بچوں سمیت 10 افراد زخمی

    لندن : برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں نامعلوم شخص نے کیریبئین کارنیول کی تقریب کے لیے جمع ہونے ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے علاقے موس سائیڈ پر واقع کلئیر ماؤنٹ روڈ پر نامعلوم شخص کی جانب سے سڑک پر موجود ہجوم پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک ہجوم پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہ برطانوی سماجی کارکن ایرینا بیل کا کہنا ہے کہ شہریوں پر فائرنگ کرنے والا شخص لوگوں پر پیلٹ بندوق سے گولیاں برسا رہا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہجوم کیریبئین کارنیول کی مناسبت سے جمع ہوئے تھے جن پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ صورت حال کے پیش نظر جائے وقوقہ پر  اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی جگہ پر درجنوں افراد موجود تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ کے علاقے سیلسبری میں قائم عسکری ساز وسامان تیار کرنے والی فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں موسکو 17 میوزیکل گروپ کے ایک اور گلوکار کو تشدد کے بعد اسی مقام پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا، جہاں اس کے دوست کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے جرائم کی شرح میں امریکی شہر نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق نوجوان گینگ کلچر کا شکار ہورہے ہیں جس کے باعث لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں اب تک 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔