کراچی: گارڈن کے علاقے میں شادی ہال کے قریب زیر تعمیر عمارت میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 مزدور زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزمان نے ٹانگ پر گولی مار کر 2 مزدوروں کو زخمی کردیا، عمارت کے مالک سے ایک سال پہلے بھی بھتہ مانگا گیا تھا۔
زخمی مزدوروں کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ملزمان آئے اور پرچہ دیکرکہا اس نمبر پر فون کرو۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے سپروائزر کو گولی ماری جو اس کو لگ کر دوسرے مزدور کو جا لگی، واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے بن قاسم میں فائرنگ سے اے ایس آئی محمد خان ابڑو جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو اسٹیل ٹاؤن میں گھر کے باہر گولیاں ماری گئیں۔ پولیس کے مطابق مقتول اے ایس آئی اسٹیل ٹاؤن تھانے میں تعینات تھے۔
پولیس حکام کے مطابق محمد خان ابڑو کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
تفتیشی حکام کے مطابق محمد خان ابڑو، پولیس افسر جاوید ابڑو کے بھائی ہیں۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کی جانب سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
کراچی میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید، دو زخمی
بعدازاں لواحقین نے بتایا کہ شہید اے ایس آئی کے خلاف گزشتہ روز اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا، وہ عدالت سے بھائی کے ہمراہ گھر واپس آیا تھا۔
لواحقین کے مطابق اے ایس آئی بڑے بھائی جاوید کو گھر چھوڑ کر اپنے گھر کی جانب گیا تھا، وہ جیسے ہی گاڑی سے اترا ملزمان نے فائرنگ کردی، شہید اے ایس آئی چار بچوں کا باپ تھا۔