Tag: two man

  • برطانیہ : کار سوار نے شہریوں کو روند دیا، دو افراد زخمی

    برطانیہ : کار سوار نے شہریوں کو روند دیا، دو افراد زخمی

    لندن : برطانیہ میں تیز رفتار گاڑی نے سڑک کنارے کھڑے شخص کو روند دیا، گاڑی کی زد میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے علاقے بریڈ فوڈ میں تیز رفتار گاڑی نے سڑک کنارے کھڑے شخص پر جان بوجھ کر گاڑی چڑھا دی، اس ہولناک حادثے کے نتیجے میں دو افراد گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہونے والے شہریوں کی ٹانگ کی ہڈیاں ٹوٹی ہیں جبکہ جسم کے دیگر حصّوں میں بھی شدید زخم آئے ہیں، چوٹیں اتنی شدید ہیں جو باقی کی زندگی پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہیں۔

    واقعے کے عینی شاہد کا کہنا ہے کہ کار سوا شہری کو کچلنے کے بعد تیز رفتاری سے فرار ہوگئی، تاہم جائے حادثہ پر موجود ایک شخص نے گاڑی میں ملزم کا پیچھا کیا لیکن ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    برطانوی پولیس حادثے کے کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھ پر موجود شخص کو کچلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، جس میں سرخ رنگ کی تیز رفتار گاڑی کو مجمے پر چڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے کار سوار نامعلوم وجوہات کی بنا پر فٹ پاتھ پر کھڑے شخص کو جان بوجھ کر کچلنے کی کوشش کرتا ہے اور ناکامی کی صورت میں دوسری مرتبہ پھر مذکورہ شخص پر گاڑی چڑھاتا ہے جس کی زد میں آکر ایک اور راہ گیر بھی زخمی ہوا۔

    ذرائع کے مطابق جائے حادثہ پر موجود دیگر افراد نے متاثرین کو زخمی افراد کو اٹھا کر فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ: کار سوار نے عوام پر گاڑی چڑھادی، چار افراد زخمی

    یاد رہے کہ رواں برس برطانیہ میں تیز رفتار گاڑی نے نیو پورٹ کلب کے باہر کھڑے سیکڑوں لوگوں روند دیا تھا، گاڑی کی زد میں آکر چار افراد شدید زخمی ہوئے تھے، کار سوار کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔

  • کینیڈا: عدالت نے متعدد شادیاں کرنے پر دو شہریوں کو نظر بند کردیا

    کینیڈا: عدالت نے متعدد شادیاں کرنے پر دو شہریوں کو نظر بند کردیا

    اوٹاوا : کینیڈین کی عدالت نے کینیڈین شہریوں ونسٹن بلیک مور اور جیمز اولڈر کو ایک سے زائد شادیاں کرنے کے جرم میں 6 ماہ کے لیے گھر میں نظر بند کرنے کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا کی عدالت عالیہ نے کینیڈین شہری ونسٹن بلیک مور کو ایک سے زائد شادیاں کرنے پر سزا سناتے ہوئے 6 مہینوں کے لیے گھر میں نظر بند کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کولمبیا کی عدالت نے متعدد بیویاں رکھنے پر 2 شہریوں کو گھر میں نظر بند کرنے کی سزا سنائی ہے، جس میں کینیڈا کے شہری ونسٹن بلیک مور کو 24 بیویاں رکھنے کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔

    سپریم کورٹ آف کولمبیا کا کہنا تھا کہ ونسٹن نے 24 خواتین سے وقتاً فوقتاً شادیاں کیں جن سے ونسٹن کے 149 بچے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں 6 ماہ جبکہ جیمز اولڈر کو 5 خواتین سے عقد کرنے کے جرم میں تین مہینے گھر میں نظر بند رہنے کی سزا سنائی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت کے جج شیری ڈونگن نے سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دونوں مجرمان کو قوانین پر عمل پیرا ہونے اور سخت محنت کرنے کے بعد ہی رہائی مسیر آئے گی۔

    کینیڈین خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شیری ڈونگن نے ونسٹن اور جیمز اولڈر کو ابتدائی مرحلے میں 12 مہینے تک نگرانی کرنے کا بھی حکم سنایا ہے، کیوں کہ عقد کے وقت کچھ لڑکیوں کی عمریں 15 برس سے کم تھی۔

    سپریم کورٹ کے جج کا کہنا تھا جیمز اولڈر نے اپنے دینی عقائد کے مطابق ایک سے زائد شادیاں کی ہیں، جبکہ ونسٹن نے مذہبی عقائد کو بنیاد بنانے کے بجائے ذاتی طور پر 24 شادیاں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے دونوں شہریوں کے متعدد شادیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ملزمان کو صرف ملازمت اور طبی ایمرجنسی کے سلسلے میں گھر سے باہر جانے کی اجازت دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا عدالت نے ونسٹن اور اولڈر کو گھر میں نظر بندی کے ساتھ ساتھ 150 اور 75 گھنٹے کمیونٹی کے لیے بھی امور انجام دینے ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • دو فرانسیسی نوجوانوں کو داعش میں شمولیت کےالزام میں15 برس قید کی سزا

    دو فرانسیسی نوجوانوں کو داعش میں شمولیت کےالزام میں15 برس قید کی سزا

    پیرس : فرانس کی  عدالت عالیہ نے اپنے دو شہریوں کو دولت اسلامیہ میں شامل ہو کر انسانی حقوق کی پامالی کے جرم میں 15 برس قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کی فوجی عدالت نے 2013 میں شام جا کر دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ میں شامل ہونے اور مسلح جدوجہد پر دو فرانسیسی شہریوں کو سزا سنائی ہے۔ دونوں نوجوانوں کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی سپریم کورٹ نے فوجداری دفعات کے تحت 23 سالہ منیر دیوارہ اور 22 سالہ روڈریگ کنرم کو یہ سزا سنائی۔ دونوں پرشام جا کر جبہتہ النصرہ اور دولت اسلامیہ کی مسلح کارروائیوں میں حصہ لینے کا الزام تھا۔


    پیرس: دہشتگردی کاخدشہ،97ہزارسیکیورٹی اہلکار اہم مقامات پرتعینات


    فرانسیسی سپریم کورٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں نوجوانوں نے عالمی دہشت گرد تنظیموں کی بے گناہ انسانوں کے خلاف مسلح کارروایئوں میں حصہ لیا، جو ایک سنگین جرم ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل روڈریگ کنوم کی ایک تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی، جس میں ملزم ایک کٹے ہوئے سر کے ساتھ دکھائی دے رہا تھا۔ عدالتی کاررائی میں بھی یہ خبر زیر بحث آئی۔

    واضح رہے کہ اس قبل بھی فرانس اور دیگر یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والےنوجوانوں کو شام جاکر دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرکے مسلح کارروائیوں میں حصّہ لینے کے جرم میں قید کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں