Tag: Two months

  • بڑی کامیابی، پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے بجٹ تخمینے کا 18 فیصد2 ماہ میں ہی حاصل کر لیا

    بڑی کامیابی، پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے بجٹ تخمینے کا 18 فیصد2 ماہ میں ہی حاصل کر لیا

    اسلام آباد : پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے بجٹ تخمینے کا اٹھارہ فیصد رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ہی حاصل کر لیا، جولائی اگست میں 2ارب24 کروڑ ڈالر سے زائد غیرملکی فنانسنگ ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اکنامک افیئرز ڈویژن کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران غیرملکی بینکوں سمیت دیگر فنانسنگ ذرائع سے پاکستان میں دو ارب چوبیس کروڑ ڈالر سے زائد غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، جو بجٹ میں مجموعی سالانہ تخمینے کا اٹھارہ فیصد ہے۔
    .
    اعدادو شمار کے مطابق مجموعی فارن انفلوز میں سے چھیانوے کروڑ دس لاکھ ڈالر بجٹ سپورٹ کے لئے، غیرملکی کمرشل بینکوں سے چودہ کروڑ نوے لاکھ ڈالر اور تیرہ کروڑ اسی لاکھ ڈالر ترقیاتی منصوبوں میں فنڈنگ کی مد میں حاصل ہوئے۔

    رواں مالی سال کے لئے حکومت نے بجٹ میں مجموعی غیر ملکی فنانسنگ کا تخمینہ بارہ ارب تئیس کروڑ روپے لگایا ہے، جس میں سے غیر ملکی کمرشل بینکوں  سے تین ارب بانوے کروڑ ڈالر اور ایک ارب ڈالر سعودی آئل فیسیلٹی کی مد میں رہنے کا تخمینہ ہے۔

    یاد رہے  اکنامک افیئرز ڈویژن  کا کہنا تھا  کہ  کورونا وبا کے دوران بین الاقوامی ڈونرز اور دوست ممالک نے پاکستان کو تین ارب اناسی کروڑچالیس لاکھ ڈالرز فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ، جس میں سے اب تک تین ارب ڈالرز موصول ہوچکے ہیں ۔

    تین ارب ڈالرز میں سے بجٹ سپورٹ کے لئے دو ارب تریسٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالرز آئی ایم ایف ، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے موصول ہوئے اور ساتھ ہی پراجیکٹ فنانسنگ کی مد میں اڑتیس کروڑ روپے ڈالرز حاصل ہوئے ۔

  • بھارت: حکومتی عدم توجہ، 2 ماہ میں 69 کسانوں کی خود کشی

    بھارت: حکومتی عدم توجہ، 2 ماہ میں 69 کسانوں کی خود کشی

    نئی دہلی: بھارتی وزیر برائے زراعت این ایچ شیوا سنگر ریڈی نے اعتراف کیا ہے کہ دو ماہ کے دوران 69 سے زائد کسانوں نے خودکشی کر کے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا۔

    بھارتی میڈیا سے جمعرات کے روز بات کرتے ہوئے بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال 2019-2018 کے دوران کسانوں نے حکومتی عدم توجہ اور ناقص پالیسوں سے تنگ آکر خود سوزی کی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر تمام ضلعوں میں تحقیقات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو کسانوں کے مسائل کو  بغور سنے گی جبکہ متاثرہ خاندانوں کی کفالت کے حوالے سے بھی حکومت کوئی پالیسی متعارف کرائے گی۔

    بھارتی وزیر کا کہنا تھاکہ 49 کسانوں نے گزشتہ ماہ قرضوں کی وجہ سے خوکشی کی جبکہ 20 کسانوں کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی کام کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں کیڑے مار اسپرے کرنے والے 20 کسان ہلاک

    ریڈی کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت نے اب تک جو تحقیقات کیں اُس میں یہ بات سامنے آئی کہ دھرواد سے تعلق رکھنے والے 19 کسانوں نے حکومتی پالیسی کی وجہ سے اپنی جانوں کا خاتمہ کیا جبکہ دیگر ضلعوں میں بھی گزشتہ دو ماہ کے دوران خود کشی کے رجحان میں نمایاں حد تک اضافہ ہوا جو تشویشناک ہے۔

    وزیرزراعت کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کے قرضے معاف کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں تاکہ بحران پر قابو پایا جاسکے اور کسانوں کو بھی بہتر سہولت دی جائے۔

    این ایچ شیوا سنگر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کو ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے جلد سہولیات دینے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ وہ اپنے مال کو اچھے داموں مارکیٹ میں فروخت کرسکیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں تقریباََ 26 کروڑ افراد زراعت کے پیشے سے وابستہ ہیں جبکہ گزشتہ سال مہاراشٹرا میں 1 ہزار سے زائد کسانوں نے غربت سے تنگ آکر خودکشی کرلی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت جانے سے 6 دن پہلے وفاقی ملازمین کے لیے 3 ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان

    حکومت جانے سے 6 دن پہلے وفاقی ملازمین کے لیے 3 ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت جانے سے 6 دن پہلے وفاقی ملازمین کے لیے 3 ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کردیا، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے وفاقی ملازمین کے لیے 3 تنخواہوں کے بونس کا اعلان کیا گیا ہے، تمام وفاقی ملازمین کے لیے 3 تنخواہوں کا اعلان خصوصی کارکردگی کے نام پر کیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    بونس کا نوٹیفکیشن وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نے جاری کیا، بونس بنیادی تنخواہ کے مساوی ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق بونس کا اطلاق صرف وفاق کے سرکاری ملازمین پر ہوگا۔

    حکومت کی جانب سے سیاسی چال چلی گئی ہے، شاہ محمود قریشی

    بونس کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیاسی چال چلی گئی ہے، لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے لالی پاپ دیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو بتانا پڑے گا کیا یہ رقم بجٹ میں رکھی گئی تھی، سیاسی طریقے سے وفاقی ملازمین میں تنخواہیں تقسیم کی جارہی ہیں، الیکشن کمیشن کو حکومت کی سیاسی چال کا نوٹس لینا چاہئے، لوگ مستحق ہیں تو تنخواہوں میں اضافے پر ہمیں اعتراض نہیں ہے۔

    کس قانون کے مطابق ایسے تنخواہیں دی جارہی ہیں، شیری رحمان

    پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کس قانون اور ضابطے کے مطابق ایسے تنخواہیں دی جارہی ہیں، ذہن سے بالا ہے کون سے قانون میں میں ایسے اعزازیے لکھے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس قسم کے نوٹیفکیشن کا جواب دینا ہوگا، امید اہے الیکشن کمیشن حکومت کے اقدام کا نوٹس لے گا، ویسے بھی قومی خزانہ خالی ہے اوپر سے اور بوجھ ڈالا جارہا ہے، کس کی ہدایت پر اس قسم کے نوٹیفکیشن جاری کرائے جارہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔