Tag: UAE offers

  • متحدہ عرب امارات کی جانب سے غیرملکیوں کیلئے بڑی پیشکش

    متحدہ عرب امارات کی جانب سے غیرملکیوں کیلئے بڑی پیشکش

    متحدہ عرب امارات نے دنیا کے باصلاحیت افراد کو راغب کرنے کے لیے شہریت اور گولڈن ویزا کی پیشکش کی ہے، اس فیصلے کا مقصد یو اے ای کی معاشی ترقی کو مزید تقویت دینا ہے۔

    اس حوالے سے گلف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایگزبیشن (جی ٹیکس گلوبل ) کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں باصلاحیت لوگوں کو راغب کرنا پہلے کے مقابلے میں کافی آسان ہوگیا ہے کیونکہ ہم نے اس ضمن میں طویل مدتی رہائش کیلئے گولڈن ویزا اور ہنرمند افراد کو شہریت دینے جیسے اہم اقدامات کیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاروں، طلباء، پیشہ ور افراد اور کاروباری شخصیات کے لیے 10سالہ ویزے اور 5 سالہ ویزوں جیسے کئی طویل مدتی رہائش کے اقدامات متعارف کروائے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر اور ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر (اے آر ٹی سی) کے سیکرٹری جنرل فیصل البنائی نے کہا کہ کئی باصلاحیت افراد کو گولڈن ویزا دیا گیا ہے اور ان میں سے کچھ کو امارات کی شہریت بھی دی گئی ہے۔

    فیصل البنائی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات بہترین اور باصلاحیت افراد کے ساتھ تعاون کرنے اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کیلئے شراکت داری کر رہا ہے۔ ہم اپنی ٹیکنالوجی بھی بنا رہے ہیں، ہم مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں مزید ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل متحدہ عرب امارت نے کچھ ممالک کیلئے ویزا ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔

    اس حوالے سے پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں غلطی پرکوئی چھُوٹ نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے والے پاکستانیوں کے پاس اصل ڈگری ہونی چاہیے، ڈگری ایچ ای سی اور وزارتِ خارجہ سے تصدیق شدہ ہونی چاہیے کیونکہ جعلی ڈگری پر نہ صرف ویزہ منسوخ ہوگا بلکہ پابندی بھی لگے گی۔ ؎

  • یو اے ای : غیرملکیوں کیلئے ویزا ایمنسٹی اسکیم متعارف

    یو اے ای : غیرملکیوں کیلئے ویزا ایمنسٹی اسکیم متعارف

    دبئی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں غیرملکیوں کیلئے خصوصی ویزا ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جس باقاعدہ کا آغاز ہوگیا ہے۔

     رپورٹ کے مطابق مذکورہ اسکیم ایسے تارکین وطن کے لیے ہے جو قانونی طور پر امارات میں داخل تو ہوئے لیکن انہوں نے مدت ختم ہونے کے بعد ویزے کی تجدید نہیں کروائی اور غیرقانونی طور پر مقیم ہیں۔

    یو اے ای حکومت کی جانب سے اسکیم کے تحت یکم ستمبر سے 30 اکتوبر تک دو ماہ کے ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    اماراتی حکام نے اس اسکیم کے تحت ان غیر قانونی رہائشیوں کو پُرکشش سہولت فراہم کی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے قیام کو قانونی شکل دے سکتے ہیں یا جرمانے کی رقم ادا کیے بغیر اپنے وطن واپس جاسکتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے حکام نے واضح کیا ہے کہ اس اسکیم کا اطلاق ان لوگوں پر نہیں ہوتا جو غیر قانونی طریقے سے متحدہ عرب امارات میں داخل ہوئے۔

    علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایسے پاکستانی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یا تو اپنی حیثیت کو باقاعدہ قانونی بنائیں یا بحفاظت پاکستان واپس جائیں۔

  • یو اے ای کی ویزہ استثنا پالیسی : متعدد ممالک شامل

    یو اے ای کی ویزہ استثنا پالیسی : متعدد ممالک شامل

    دبئی : متحدہ عرب امارات نے ’ویزا آن ارائیول‘ کی سہولت حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست جاری کردی، پیشگی ویزا کے استثنا کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ویزا پالیسی کے سلسلے میں اپنی ترجیحات کو واضح کرتے ہوئے پیشگی ویزا کے استثنا کی فہرست میں مزید ملکوں کو شامل کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی اس ویزا استثنا کی پالیسی سے اب مجموعی طور پر دنیا بھر 87 ممالک کے شہری مستفید ہوسکیں گے۔

    متحدہ عرب امارات کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ جی سی سی کے شہریوں کو یہاں کا دورہ کرنے کے لیے ویزا یا اسپانسر شپ کی ضرورت نہیں ہوگی، وہ یو اے ای پہنچنے پر اپنا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ دکھا کر دبئی میں داخل ہو سکیں گے۔

    Visa Dubai

    مذکورہ تمام 87 ملکوں کے شہری اب امارات پہنچ کر ویزا حاصل کرسکیں گے اور انہیں پیشگی ویزا حاصل کرنے کی شرط پوری کرنا لازم نہیں رہے گا۔

    بتایا گیا ہے کہ اس سہولت کا مقصد امارات میں سیاحوں کے آمد کو ان کے لیے آسان بنانا ہے تاکہ اماراتی سیاحت کے شائق افراد کی راہ میں کوئی مشکل اور انتظار کی صورت باقی نہ رہے۔

    وزارت خارجہ کی طرف سے نظر ثانی شدہ ویزا پالیسی کے بعد اب ایک سو دس ایسے ممالک رہ گئے ہیں جنہیں اماراتی ویزے کا پیشگی حصول ممکن بنانا ضروری ہوگا۔

    پیشگی ویزا کے استثنیٰ کی فہرست میں البانیہ، انڈورا، ارجنٹینا، آسٹریا، آسٹریلیا، آذربائیجان، بحرین، بارباڈوس، برازیل، بیلا روس، بیلجیئم، برونائی، بلغاریہ، کینیڈا، چلی، چین اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ 110 ممالک کے شہریوں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے سے پہلے ویزا حاصل کرنا ضروری ہے جس میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے۔