Tag: UK ASYLUM SEEKERS

  • برطانیہ پناہ کے متلاشیوں کو 3 ہزار پاؤنڈ دے گا

    برطانیہ پناہ کے متلاشیوں کو 3 ہزار پاؤنڈ دے گا

    لندن: مشرقی افریقی ملک روانڈا سے سیاسی پناہ کی تلاش میں آنے والے تارکین وطن کو زبردستی ملک بدر کرنے کا منصوبہ رکنے کے بعد اب برطانوی حکومت نے انھیں واپس اپنے ملک بھیجنے کے لیے مالی امداد کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق برطانیہ سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو ایک رضاکارانہ منصوبے کے تحت روانڈا واپس جانے کے لیے 3000 ($3,836) پاؤنڈز کی پیشکش کرے گا، یہ منصوبہ ان تارکین وطن کے لیے ہے جن کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔

    اس سے قبل رشی سونک کی سربراہی میں برطانوی حکومت نے روانڈا کے پناہ کے متلاشیوں کو زبردستی ملک بدر کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا، جسے گزشتہ سال برطانیہ کی سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔ اب حکومت نے پناہ کے متلاشیوں کو آبائی ملک بھیجنے کے لیے مالی مدد کی پیشکش کا منصوبہ بنا لیا ہے، یعنی پناہ گزین روانڈا واپس جانے کے لیے اگر راضی ہوں تو انھیں رقم ملے گی، جس سے ان کی پسماندگی دور ہوگی۔

    ایک جونیئر بزنس منسٹر کیون ہولن ریک نے بدھ کے روز اس نئی پالیسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے پیسے کا اچھا استعمال ہے، کیوں کہ یہ ایک سستا منصوبہ ہے، جنھیں پناہ دینے سے انکار کیا گیا ہے اور انھیں ابھی تک ملک سے نکالا نہیں گیا، ان کی دیکھ بھال پر زیادہ اخراجات ہوں گے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں ایسے دسیوں ہزار پناہ کے متلاشی ہیں جنھیں پناہ دینے سے انکار کر دیا گیا ہے، لیکن انھیں ملک سے نکالا نہیں جا سکتا، کیوں کہ برطانوی حکومت کو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ لوگوں کو ان کے جنگ زدہ ملک واپس بھیجے جہاں انسانی حقوق کی کوئی ضمانت نہیں۔

    کیون ہولن ریک نے کہا کہ 3 ہزار پاؤنڈ کی رقم اچھی خاصی ہے تاہم پناہ گزینوں کو برطانیہ میں رکھنے کے لیے اس سے بہت زیادہ رقم خرچ ہوتی ہے۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ روانڈا فی الحال برطانیہ سے ہر سال چند سو پناہ گزینوں کو قبول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اس صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک بدری کی پہلی پروازیں اگلے چند مہینوں میں روانہ ہوں۔

  • برطانوی حکومت تارکین وطن کے بچوں کو بھی روانڈا بھیجے گی

    برطانوی حکومت تارکین وطن کے بچوں کو بھی روانڈا بھیجے گی

    کیگالی : برطانیہ میں غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے ساتھ ان کے بچوں کو بھی روانڈا بھیجا جائے گا جس کیلئے روانڈا حکومت نے اقدامات کرلیے ہیں۔

    روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں قائم ہاسٹل میں برطانیہ سے بھیجے جانے والے تارکین وطن قیام کریں گے جس کے ساتھ ان کے بچے بھی ہوں گے۔

    اس حوالے سے کیگالی کے ہوپ ہاسٹل میں بچوں کی دلچسپی کیلیے کھیل کود کے مواقع اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ ہاسٹل میں فٹ بال گراؤنڈ، باسکٹ بال کورٹ اور ان بچوں کے لیے کھلونے بھی رکھے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم اور سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کو افریقی ملک روانڈا بھیجا جائے گا، جنہیں درخواست منظور ہونے تک وہیں رکھا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ کی تارکین کو افریقہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام

    اس حوالے سے بورس جانسن کا کہنا ہے کہ روانڈا جانے والوں کو وہاں کی مستقل رہائش دی جائے گی اور انہیں وہاں سے اپنے ملک واپس جانے کی سہولیات بھی حاصل ہوں گی، ان کے اس منصوبے کا مقصد برطانیہ کو درپیش غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل غیر قانونی تارکین کو افریقہ منتقل کرنے کیلئے برطانوی طیارے کی پرواز کو یورپی عدالت کے فیصلے کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا تھا۔