مانچسٹر : بچوں کی قاتل برطانوی نرس کے خلاف مقدمہ کی دوبارہ کارروائی کا آغاز کیا جائے گا، مجرمہ کو پہلے ہی عمر قید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی عدالت نے گزشتہ روز اعلان کیا ہے کہ بچوں کے قتل میں ملوث33 سالہ نرس لوسی لیٹبی جسے اگست میں سات نوزائیدہ بچوں کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی پر ایک اور بچی کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں دوبارہ مقدمہ چلایا جائے گا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی برطانیہ میں مانچسٹر کی عدالت نے اگست کے وسط میں 33 سالہ نرس کو 2015 اور 2016کے دوران سات نوزائیدہ بچوں کو قتل کرنے اور ہسپتال میں جہاں وہ کام کرتی تھی چھ دیگر افراد کو قتل کرنے کی کوشش کا مجرم قرار دیا تھا۔
لوسی لیٹبی نے مقدمے کی کارروائی کے 10 ماہ کے دوران مسلسل بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا تاہم شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیوری ملزمہ لوسی لیٹبی کی جانب سے قتل کی دیگر چھ کوششوں کے بارے میں کسی فیصلے تک پہنچنے میں ابھی تک ناکام رہی۔
گزشتہ روز برطانوی پبلک پراسیکیوشن نے فروری 2016 میں ایک بچے کے خلاف قتل کی ان کوششوں میں سے ایک کے سلسلے میں ایک نئے مقدمے کی سماعت کا اعلان کیا۔ یہ مقدمہ 10 جون 2024 کو شروع ہونے والا ہے اور یہ دو سے تین ہفتوں تک چلے گا۔
پراسیکیوٹر جوناتھن اسٹورر نے وضاحت کی کہ ممکنہ نئے ٹرائلز کے حوالے سے یہ فیصلہ انتہائی پیچیدہ اور کرنا مشکل تھا۔ تمام متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی تاکہ انہیں سمجھایا جاسکے کہ ہم نے اپنا فیصلہ کیسے کیا۔