Tag: uk referendum

  • وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا مستعفی ہونے کا اعلان

    وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا مستعفی ہونے کا اعلان

    برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ریفرنڈم پر ناکامی پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    برطانوی عوام کی جانب سے یورپی یونین چھوڑنے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

    ڈیوڈ کیمرون کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ برطانوی عوام کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، تین ماہ بعد عہدہ چھوڑ دوں گا، عوام اکتوبر تک اپنے نئے وزیراعظم کا انتخاب کرلیں۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ ملک کو اب ایک نئے وزیراعظم کی ضرورت ہے، جو یورپی یونین سے مزاکرات کرے گا اُسے پایہ تکمیل تک پہنچائے۔

    ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یورپی باشندے برطانیہ میں رہ سکتے ہیں ، ریفرنڈم کا انعقاد پارلیمانی نظام کا حصہ ہے، چھ سال تک برطانیہ کا وزیر اعظم بنے رہنے پر فخر ہے، برطانیہ کی معیشت مضبوط اور مستحکم ہے اور سرمایہ کاروں کو یقین دلاتا ہوں کہ برطانوی معیشت کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

    انکا کہنا تھا کہ ہمیں اب یورپی یونین سے بات چیت کے لیے تیار ہونا ہوگا، جس کے لیے سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی ایئر لینڈ کی حکومتوں کو مکمل ساتھ دینا ہو گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ برطانیہ کے تمام حصوں کے مفادات کا تحفظ ہو۔

    مزید پڑھیں :  برطانوی عوام کا یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ

    یاد رہے کہ 43سال بعد تاریخی ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق 52 فیصد عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی ہونے کے حق میں جبکہ 48 فیصد نے یونین کا حصہ رہنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

  • برطانوی پاؤنڈ 31سال کی کم ترین سطح پر، عالمی،ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

    برطانوی پاؤنڈ 31سال کی کم ترین سطح پر، عالمی،ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

    عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ اکتیس سال کی کم ترین سطح پرآگیا جبکہ یورو بھی گرگیا۔

    برطانیہ میں ریفرنڈم کے مکمل نتائج آنے سے قبل ہی دوسری کرنسیوں کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر تیزی سے کم ہوئی جبکہ عالمی،ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں سمیت پاکستانی اسٹاک ایکسچینج پربھی منفی اثرات پڑے۔

    برطانیہ کے یورپی یونین کا انخلا کا فیصلے آتے ہی عالمی مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ اپنی قدر کھو گیا، پاؤنڈ کی قدر میں دس فیصد تک کمی ہوئی اور ڈالر کے مقابلے میں پاؤنڈ ایک اشاریہ چونتیس سینٹس پر آ گیا، جو انیس پچاسی کے بعد سے پاؤنڈ کی کم ترین سطح ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے فیصلے سے عالمی اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی دیکھی گئی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی کارجحان رہا۔

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، سونے کی قیمت سو ڈالر اضافے کے بعد تیرہ سو ساٹھ ڈالر فی اونس تک جاپہنچی اور عالمی سطح پرخام تیل کی قیمت 5 فیصد کمی سے 47 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔