Tag: UK

  • پاک فضائیہ کےJF-17 تھنڈر طیارے کی پہلی بار ورچوئل رائل ائیرٹیٹو شو میں شرکت

    پاک فضائیہ کےJF-17 تھنڈر طیارے کی پہلی بار ورچوئل رائل ائیرٹیٹو شو میں شرکت

    لندن : پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر طیارے کی ور چوئل رائل ائیرٹیٹو شومیں شرکت نے وطن عزیز کا نام سر بلند کردیا، اس شو میں شرکت بین ا لاقوامی سطح پر JF-17 تھنڈر کی تشہیر کا باعث بنے گی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں منعقد ہونے والے ورچوئل رائل انٹر نیشنل ائیر ٹیٹو شو میں ملکی سطح پر تیار کردہ پاک فضائیہ کا JF-17تھنڈر طیارہ پہلی مرتبہ شریک ہوا، نمبر 16اسکواڈرن کے اس ملٹی رول لڑاکا طیارے کے علاوہ نمبر21 اسکواڈرن کے C-130 ہرکولیس طیارے نے بھی اس یادگار ایونٹ میں شرکت کی۔

    اس سال COVID-19 کی وجہ سے اس ائیر شو میں دنیا بھر کی فضائی افواج کو شرکت کرنے والے طیاروں اور عملے کی مختصر دورانیے کے ویڈیو کلِپ بھجوانے کا کہا گیا تھا۔

    منتظمین کی جانب سے وضع کردہ قواعدو ضوابط کے تحت پاک فضائیہ نے ائیر شو میں شرکت کرنے والے طیاروں کے عملے کے پیغامات کی ویڈیوز ارسال کیں ، جنہیں اس ائیر شو کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔

    ایوی ایشن کے دلدادہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان ویڈیوز کو بہت سراہا، اس شو میں شرکت نہ صرف بین ا لاقوامی سطح پر JF-17 تھنڈر کی تشہیر کا باعث بنے گی بلکہ پاکستان کے مثبت پہلوکو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

    سوشل میڈیا صارفین کی ایک کثیر تعداد ورچوئل فلائنگ ڈسپلے، انٹر ویوز اور جدید طیاروں کی ورطہ حیرت میں ڈالنے والی ائیریل فوٹیجز سے لطف اندوز ہوئی، اس میگا شو میں ہر سال دنیا بھر کی مختلف فضائی افواج، جہاز سازی اور ائیرو سپیس ٹیکنالوجی کی صنعتیں اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوتی ہیں۔

  • جنوبی برطانیہ میں چیونٹیوں کی بارش ہو گئی

    جنوبی برطانیہ میں چیونٹیوں کی بارش ہو گئی

    لندن: جنوبی برطانیہ میں اڑنے والی چیونٹیوں کی بارش ہو گئی، محکمہ موسمیات بھی پریشان ہو گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے جنوب مشرقی ساحل پر گزشتہ روز چیونٹیوں کا بادل چھا گیا تھا، محکمہ موسمیات نے پہلے اسے بارش سمجھا، تاہم معلوم ہوا کہ وہ اڑنے والی چیونٹیوں کا جھنڈ ہے جس نے علاقے کو ڈھانپ لیا ہے۔

    میٹ آفس کا کہنا تھا کہ جنوبی انگلینڈ کے ساحل کے قریب اڑنے والی چیونٹیوں کا بڑا جھنڈ موجود ہے، 50 میل چوڑا چیونٹیوں کا یہ جھنڈ خلا سے بھی دیکھا جا سکتا ہے، ابتدا میں خلا سے دیکھنے پر یہ بادل دکھائی دیے، تاہم یہ اڑنے والی چیونٹیوں کا جھنڈ نکلا۔

    ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چیونٹیوں کا پتا میٹ آفس کے ریڈار سے چلا، چیونٹیوں کا یہ جھنڈ کینٹ اور سسکس کے پچاس میل علاقے پر پھیلا ہوا تھا، لندن کے اوپر بھی چھوٹے جھنڈ دیکھے گئے۔

    میٹ آفس نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ میں لکھا کہ لندن، کینٹ اور سسکس پر بارش نہیں ہو رہی ہے اگرچہ ہمارے ریڈار نے یہی کہا تھا، تاہم ریڈار پر جو چیز نظر آئی ہے وہ اڑنے والی چیونٹیوں کا جھنڈ ہے۔

    ٹویٹ میں میٹ آفس نے کہا کہ موسم گرما کے دوران چیونٹیاں عام طور پر گرم، مرطوب اور بے ہوا دنوں میں آسمانوں میں اڑان بھر سکتی ہیں۔ محکمے کے ترجمان نے بتایا کہ جھنڈ میں لاکھوں چیونٹیاں تھیں۔

  • روس کرونا ویکسین ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے: برطانیہ

    روس کرونا ویکسین ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے: برطانیہ

    لندن: برطانیہ کا کہنا ہے کہ روس COVID-19 ویکسین کا ڈیٹا ہیک کرنے اور چوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکورٹی سینٹر (این سی ایس سی) نے جمعرات کو کہا کہ روسی ریاست کے حمایت یافتہ ہیکرز دنیا بھر کے تعلیمی اور دوا ساز اداروں سے کرونا وائرس ویکسینز اور علاج معالجے کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے ایک مشترکہ بیان میں ان سائبر حملوں کی ذمہ داری APT29 گروپ ڈالی گئی ہے، جسو ’کوزی بیئر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ روسی انٹیلی جنس سروسز کے ایک حصے کے طور پر آپریٹ ہوتا ہے۔

    این سی ایس سی کے آپریشن ڈائریکٹر پال چِچسٹر کا کہنا تھا کہ ہم کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے اس اہم کام پر ہونے والے حقیر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ روسی انٹیلی جنس سروسز کا وبا پر ہونے والے کام کو ہدف بنانا کلی طور پر ناقابل قبول ہے، جہاں باقی مفاد پرستی میں مبتلا نظر آتے ہیں وہاں برطانیہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ عالمی صحت کے تحفظ کے لیے ایک ویکسین کی تلاش میں جُتا ہوا ہے۔

    این سی ایس سی کا کہنا تھا کہ مذکورہ ہیکرز گروپ نے حملوں کے لیے متعدد تیکنیکس اور اوزار اختیار کیے، ان میں اسپیئر پِشنگ اور کسٹم میلویئر بھی شامل ہیں۔

    ادھر برطانوی وزارت خارجہ نے الزام لگایا ہے کہ 2019 میں روس نے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی دستاویزات کے ذریعے برطانوی انتخابات میں مداخلت کی، برطانوی انتخابات میں روس کی مداخلت کی کوشش ناقابل قبول ہے۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ برطانیہ میں مداخلت کرنے کی کوششیں مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، برطانوی حکومت نے وثوق کے ساتھ روس کی جانب سے برطانوی جمہوری نظام میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔

  • وہ خوف ناک لمحہ جب برطانوی جوہری آب دوز اور مسافر کشتی میں ٹکراؤ ہوتے ہوتے بچا

    وہ خوف ناک لمحہ جب برطانوی جوہری آب دوز اور مسافر کشتی میں ٹکراؤ ہوتے ہوتے بچا

    لندن: ایٹمی طاقت سے چلنے والی ایک برطانوی آب دوز شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان مسافروں کی ایک کشتی سے ٹکراتے ٹکراتے بچی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق جوہری طاقت سے چلنے والی برطانوی آب دوزیں مسافر کشتیوں کے لیے خطرہ بن گئیں، جمعرات کو ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے مابین مسافروں کی ایک فیری آب دوز کی زد میں آ گئی تھی، یہ تباہی اس لیے ٹل گئی کہ ایک کشتی کے افسر نے عین موقع پر آب دوز کے پیری اسکوپ کو دیکھ لیا۔

    حکومت کی میرین ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ نے 6 نومبر 2018 کو رونما ہونے والے اس واقعے کا آزادانہ جائزہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ گزشتہ 4 برسوں میں رائل نیوی آب دوز کا تیسرا واقعہ ہے، جس میں وہ کسی کشتی کے نہایت قریب سے گزرا اور حادثہ ہوتے ہوتے بچا۔

    اسٹینا سپر فاسٹ VII نامی کشتی پر 215 مسافر اور 67 عملے کے افراد سوار تھے، کشتی اسکاٹ لینڈ کے مغربی ساحل پر بلفاسٹ اور کینرائن کے درمیان سفر کر رہی تھی، جب ایک نگران نے قریب ہی آب دوز کا پیری اسکوپ (آب دوز کا اطراف بین، جو پانی سے ابھرا ہوتا ہے) دیکھ لیا۔

    محکمہ میرین ایکسیڈنٹس کے چیف انسپکٹر اینڈریو مول نے کہا کہ کشتی کے نگران افسر نے فوری طور پر مؤثر ایکشن لیتے ہوئے کشتی کا رخ موڑا اور پانی سے تھوڑی ابھری ہوئی آب دوز کے ساتھ خوف ناک تصادم کو ٹال دیا۔

    بتایا گیا کہ گلاسگو کے مغرب میں موجود فاسلین نیول بیس سے مذکورہ آب دوز اس وقت حفاظتی اقدامات کی تربیت پر تھی، اس نے قریب موجود کشتی کو دیکھ لیا تھا لیکن اس کے عملہ یہ اندازہ لگانے میں ناکام رہا کہ وہ کتنی قریب ہے، اور بجائے دور جانے کے وہ کشتی کے اور پاس چلی گئی، ایک موقع پر یہ کشتی سے محض 250 میٹر دوری پر گزری۔

    چیف انسپکٹر نے کہا کہ واقعہ اس لیے پیش آیا کیوں کہ سب میرین کی کنٹرول روم ٹیم نے کشتی کی رفتار کا اندازہ کم لگایا اور اس کے فاصلے کا اندازہ زیادہ لگایا، نتیجہ یہ نکلا کہ غلط معلومات کی بنیاد پر خطرناک فیصلہ لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ حادثہ نہ ہوا تاہم یہ رائل نیوی سب میرین اور کسی کشتی میں ٹکراؤ کے خطرے کا چار سال میں تیسرا واقعہ ہے، جو قابل تشویش ہے۔

  • برطانیہ میں ماسک پہننے کے حوالے سے نیا حکم جاری

    برطانیہ میں ماسک پہننے کے حوالے سے نیا حکم جاری

    لندن: برطانیہ میں کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کی روک تھام کے سلسلے میں ماسک پہننے کے حوالے سے نیا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے دکانوں کے اندر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے، دکانوں میں ماسک پہننے کی پابندی کا اطلاق 24 جولائی سے ہوگا۔

    خلاف ورزی پر جرمانہ بھی مقرر کیا گیا ہے، حکم نامے کے مطابق دکانوں میں ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 100 پاؤنڈز جرمانہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن تقریباً ختم کیا جا چکا ہے، اور اب حکومتی سطح پر ماسک کے حوالے سے شہریوں پر زور دیا جا رہا ہے کیوں کہ ملک میں کو وِڈ 19 انفیکشن کی دوسری لہر کا خطرہ موجود ہے۔

    فیس ماسک کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    چند دن قبل برطانیہ کی رائل سوسائٹی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فیس ماسک کا استعمال نا گزیر ہے لہٰذا شہری پابندی کے ساتھ اسے پہنیں۔ رائل سوسائٹی نے اس بات پر زور دیا کہ بالخصوص گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں، اور عوامی ٹرانسپورٹ میں اپنا چہرہ ضرور ڈھانپیں۔

    رائل سوسائٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد لوگوں کا باہمی میل ملاپ بڑھ گیا ہے، عام طور پر لوگوں کو ماسک پہننے کی عادت نہیں مگر کرونا کا پھیلاؤ روکنے اور خود کو محفوظ رہنے کے لیے فیس ماسک لازمی استعمال کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ برطانیہ ہلاکتوں میں تیسرا سر فہرست ملک ہے، برطانیہ میں مجموعی اموات 44,830 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 90 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

  • برطانوی ویزے کا حصول،  خواہش مند افراد کیلئے بڑی خبر

    برطانوی ویزے کا حصول، خواہش مند افراد کیلئے بڑی خبر

    لندن : برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل نے پوائنٹس بیسڈ سسٹم متعارف کرا دیا، جس کے تحت یکم جنوری کے بعد ویزا حصول کے لیے 70 پوائنٹس پورے کرنا ہوں گے جبکہ طلبہ تعلیم کی تکمیل کے بعد 2سال کا ورک ویزا حاصل کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل نے پوائنٹس بیسڈ سسٹم متعارف کرا دیا، جس کے تحت یکم جنوری کے بعد خواہشمند پوائنٹ پورے کرکےبرطانیہ منتقل ہو سکیں گے۔

    برطانوی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ ویزا حصول کے لیے 70 پوائنٹس پورے کرنا ہوں گے، میڈیکل اور سوشل کیئرورکرز کو ترجیح دی جائے گی، میڈیکل ورکر فاسٹ ٹریک سسٹم بھی استعمال کر سکیں گے۔

    وزیرداخلہ نے مزید کہا یورپی شہری بھی پوائنٹس بیسڈ سسٹم سےمستفید ہو سکیں گے، ایک سال سےزیادہ جیل کی سزاملنےوالوں کوڈی پورٹ کیا جائے گا جبکہ طلبہ تعلیم کی تکمیل کے بعد 2سال کا ورک ویزا حاصل کر سکیں گے۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ کی نئی ویزا پالیسی، ہنر مند افراد کے لیے اہم فیصلہ

    یاد رہے رواں سال فروری میں بریگزٹ کے بعد برطانیہ میں امیگریشن کیلئے نئے پوائنٹس بیسڈ سسٹم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ویزوں کے لیے دنیا بھر سے ہنرمند افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

    اس نئے سسٹم کا اطلاق یکم جنوری 2021 سے ہوگا اور اس سے دنیا کی باصلاحیت ورک فورس کیلئے برطانیہ کے دروازے کھل جائیں گے، نئے ’پوائنٹس بیسڈ سسٹم‘ میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ برطانیہ آنے کے لیے ویزا ان افراد کو ملے جن کے پاس برطانوی معیشت کو درکار مہارت ہو

    برطانوی محکمہ داخلہ نے کہا تھا کہ کم سے کم تنخواہ کے مشورے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ مائیگریشن ایڈوائزری کمیٹی ( ایم اے سی) نے ہنر مند تارکین وطن کی کم سے کم تنخواہ 30 ہزار پاؤنڈز سے کم کر کے 26 ہزار 600 پاؤنڈز کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

    کہا جا رہا ہے کہ نئی برطانوی پالیسی میں ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری اور آٹومیشن پر توجہ مرکوز کی گئی ، کیونکہ برطانیہ چاہتا ہے کہ تارکین وطن کی تعداد کو زیادہ سے زیادہ کم کیا جائے، اس لیے برطانوی ویزے کے حصول کے لیے مقرر کردہ معیار کی شرط برقرار رکھی گئی ہے، جس میں انگریزی بولنے کی صلاحیت اور آفر لیٹر شامل ہیں۔

  • 3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں ایک اور رکاوٹ آ گئی

    3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں ایک اور رکاوٹ آ گئی

    ساؤتھمپٹن: 3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی دوبارہ مشکل میں پڑ گئی، ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز (آج) محکمہ موسمیات نے بارش ہونے کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے دی روز باؤل، ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا، تاہم بارش کے امکان کے باعث میچ کا آغاز کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے برطانوی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے لے کر شام 4 بجے تک بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ میچ برطانوی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شیڈول ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث یہ میچز بند دروازوں کے پیچھے بغیر شائقین کے کھیلے جائیں گے تاہم کھلاڑیوں کو شائقین والا ماحول دینے کے لیے شائقین کے مصنوعی شور کی آڈیو اور میوزک چلایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کا مورال بلند رہے۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ 117 دنوں سے معطل ہے۔ تاریخ میں پہلی بار میچ بند اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، گیند کو تھوک لگانے پر پابندی ہوگی، ایمپائر کو کیپ یا سوئٹر سنبھالنے کو نہیں دیا جائے گا اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے لاؤڈ اسپیکر سے کراؤڈ کا شور پلے کیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس: ویکسی نیشن پروگرام کے لیے برطانیہ کا کروڑوں انجکشنز کا آرڈر

    کرونا وائرس: ویکسی نیشن پروگرام کے لیے برطانیہ کا کروڑوں انجکشنز کا آرڈر

    واشنگٹن: امریکا کی میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی بیکٹن ڈکنسن اینڈ کو کا کہنا ہے کہ انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی ویکسی نیشن پروگرام کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ انجیکشنز کا آرڈر موصول ہوا ہے۔

    کمپنی کے مطابق برطانوی حکومت نے ویکسی نیشن پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے 65 ملین سوئیوں اور سرنجوں کا آرڈر دیا ہے جو ماہ ستمبر تک ڈیلیور کیا جانا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے ساتھ تشخیصی ٹیسٹ کو وسعت دینے کے لیے بھی اشتراک کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل کمپنی نے کہا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اپنی مینو فیکچرنگ میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل کمپنی ایسی کٹ تیار کر چکی ہے جو 2 سے 3 گھنٹوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ بتا سکتی ہے۔

    کمپنی کی ایک اور کٹ اینٹی باڈیز ٹیسٹ کے نتائج بھی 15 منٹ میں دے سکتی ہے جو کرونا وائرس کے خلاف ان اینٹی باڈیز کی اثر انگیزی جاننے کے لیے کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 276 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • برطانیہ میں پولیس اہلکاروں کا سیاہ فام شخص پر بہیمانہ تشدد

    برطانیہ میں پولیس اہلکاروں کا سیاہ فام شخص پر بہیمانہ تشدد

    لندن: برطانیہ میں پولیس اہلکاروں نے ایک سڑک پر سیاہ فام شخص کو گھیرے میں لے کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے شہر ساؤتھ لندن اسٹریٹ میں 8 پولیس اہلکاروں نے سیاہ فام شخص کو گھیرے میں لے کر اس پر لاتوں اور مکوں کی برسات کردی، میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کی تصدیق کردی۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ 26 جون کو لندن کے کروڈن کے علاقے ویلسلی روڈ پر سیاہ فام شخص کو فرش پر باندھ دیا گیا تھا اور قریب آٹھ پولیس اہلکار اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات درج کرلی گئی ہیں اور فوٹیج میں موجود ہر افسر کے اس اقدام کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔

    برطانوی پولیس اہلکاروں کے اس رویے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین کی جانب سے اسے ہیش ٹیگ بلیک لائیو میٹر (بی ایل ایم) کے تحت شیئر کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا میں پولیس اہلکار کی جانب سے سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں مظاہرے کیے گئے تھے، 46 سالہ افریقی نژاد امریکی شہری جارج فلائیڈ کے گلے پر پولیس اہلکار 9 منٹ تک گھٹنا رکھ کر بیٹھا رہا تھا جس کے سبب وہ ہلاک ہوگیا تھا۔

    مذکورہ واقعے کے خلاف برطانوی شہریوں نے بھی احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اب برطانوی پولیس کے اس اقدام پر شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

  • پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر

    پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر

    اسلام آباد :پی آئی اے نے بر طا نیہ جانےوالی پروازوں کے کرایوں میں20فیصد کمی کردی ،ترجمان نے کہا ہے کہ رعایتی ٹکٹوں کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد کو فائدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر آگئی ، پی آئی اے نے برطانیہ جانے والی پروازوں کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کردی۔

    پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ کرائے میں20فیصد کمی پاکستان سے برطانیہ جانیوالے مسافروں کیلئے کی گئی ہے ، رعایتی ٹکٹوں کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد کو فائدہ حاصل ہوگا۔

    خیال رہے بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔

    پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔