Tag: UK

  • بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم آج برسلز کا دورہ کریں گی

    بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم آج برسلز کا دورہ کریں گی

    لندن: بریگزٹ ڈیل کو بچانے کے لیے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے کوششیں تیز کردیں، آج برسلز کا دورہ کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں برطانوی وزیراعظم یورپی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گی اور بریگزٹ ڈیل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تھریسامے اس دوران یورپی یونین کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں بریگزٹ ڈیل پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔

    برطانوی وزیراعظم بریگزٹ پر یکے بعد دیگرے شکست کے باوجود اپنی نظر ثانی شدہ بریگزٹ ڈیل کو منظور کرانے کیلئے کوشاں ہیں، برسلز کا دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    آج تھریسامے کی یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر سے بھی ملاقات ہوگی، برطانوی پارلیمان نے ابھی تک مے کی یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ ڈیل کی منظوری نہیں دی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانیہ کے سابق چانسلر اوسبورن نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے۔

    بریگزٹ کے منفی اثرات سے برطانیہ کی فلائی بی ایم آئی ایئرلائن بندش کا شکار

    خیال رہے کہ نومبر 2018 میں وزیر اعظم تھریسامے اور یورپی یونین کے سربراہوں کے درمیان بریگزٹ معاہدے پر اتفاق ہوا تھا لیکن ایم پیز نے 230 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے معاہدے کو مسترد کردیا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر برطانوی پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے نکلنے کےلیے بریگزٹ معاہدے کو منظور نہیں کیا تو 29 مارچ کو برطانیہ، یورپی یونین سے بغیر کسی ڈیل کے ہی نکلنے پر مجبور ہوگا۔

  • لندن: نامعلوم چاقو بردار شخص کا حملہ، شہری زخمی

    لندن: نامعلوم چاقو بردار شخص کا حملہ، شہری زخمی

    لندن: برطانوی دارالحکومت میں نامعلوم چاقو بردار شخص نے حملہ کردیا جس کے باعث ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے علاقے پیکھم میں رات کے پہر نامعلوم شخص نے مقامی شہری پر چھرے سے اچانک حملہ کردیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 20 سالہ زخمی شخص کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت ڈاکٹرز نے خطرے سے باہر بتائی ہے۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم ایک خاص قسم کی ڈیوائس تیار کی جارہی ہے جس کی مدد سے ملزمان کو پکڑنے میں آسانی ہوگی۔

    برطانیہ میں چاقو سے حملے کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تک درجنوں لوگ مارے جاچکے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں لندن کے شمال میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے شدید کردیا تھا۔

    برطانیہ میں چاقو زنی کی واردات، 4 پولیس اہلکار زخمی

    بعد ازاں سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے کہ اقدام قتل اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ہونے کے شبے میں دو 19 سالہ نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں برطانوی دارالحکومت میں 22 سالہ رنیم اودیہہ اور ان کی 49 سالہ والدہ کو سولی ہل کے علاقے میں چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کیا گیا تھا، تاہم دونوں خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئی تھیں۔

  • برطانیہ 2019 کے اختتام تک ’ڈرون اسکاڈرن‘ تیار کرلے گا، وزیر دفاع

    برطانیہ 2019 کے اختتام تک ’ڈرون اسکاڈرن‘ تیار کرلے گا، وزیر دفاع

    لندن : برطانوی وزیر دفاع نے رائل یونائٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’برطانیہ کو بین الااقوامی قوانین پامال کرنے کے والوں کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے وزیر دفاع گیون ولیم سن نے رائل یونائٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ مضبوط اور پہلے سے زیادہ جارحانہ صلاحتیوں کی حامل مسلح افواج کی ضرورت ہے تاکہ وہ ایک بڑی فوجی طاقت بن سکے۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ برطانیہ دشمن کے دفاعی نظام سے نمٹنے کےلیے 70 لاکھ پاؤنڈ کی لاگت سے ڈرون کا فضائی تیار کررہا ہے جو 2019 کے اختتام تک تیار ہوجائے گا۔

    گیون ولیم سن نے بتایا کہ برطانوی افواج کوئین الزبتھ کے نام سے منسوب نئے بحری بیڑے کو بحر الکاحل میں تعینات کررہا ہے جہاں چین اپنا اثر رسوخ بڑھا رہا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق گیون ولیم سن کا کہنا تھا کہ روس اور چین مسلسل اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کر رہے ہیں۔

    برطانوی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور اس اتحادیوں کو چاہیے کہ اپنے مفادات کی حفاظت اور بقاء کےلیے اپنی جنگی طاقت کو استعمال کرنے کےلیے آمادہ رہیں۔

    یورپی یونین سے انخلاء کے بعد برطانوی عوام اور حکومت کے پاس اپنے وجود کو تسلیم کروانے کا ایک موقع ہوگا۔

    دوسری جانب برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے وزیر دفاع کے 180 ارب روپے کے دفاعی منصوبے کو معیشت پر اضافی بوجھ قرار دیا ہے اس کے باوجود گیون ولیم سن نے دفاعی سازو سامان کے اخراجات بڑھانے پر تیار ہیں۔

  • برطانیہ: عمارت میں دھماکا، 5 افراد زخمی

    برطانیہ: عمارت میں دھماکا، 5 افراد زخمی

    لندن: برطانوی شہر بریڈفورڈ میں دو منزلہ عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکا بریڈفورڈ کے علاقے باٹلے میں دو منزلہ عمارت میں ہوا، دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق دھماکا ممکنہ طور پر گیس کے اخراج کے باعث ہوا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے اور فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔

    اس واقعے کے فوری بعد عمارت میں موجود زخمی شہری خون میں لت پت باہر بھاگے، اسپتال ذرایع کے مطابق ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔

    پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    برطانیہ کی اسلحہ ساز فیکٹری میں دھماکا، ایک شخص ہلاک، ایک زخمی

    دوسری جانب حکام نے زخمیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے متعلق مکمل تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں برطانیہ علاقے سالسبری میں قائم عسکری سازو سامان تیار کرنے والی ایک فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی دارالحکومت میں مجسٹریٹ کورٹ کے باہر کھڑی گاڑی بم دھماکے سے تباہ ہوئی تھی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

  • بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم کل یورپی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گی

    بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم کل یورپی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گی

    لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسا مے بریگزٹ ڈیل سے متعلق یورپی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کل کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق تھریسا مے سے یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اور دیگر رہنماؤں کی ملاقات کل ہوگی، اس دوران برطانوی وزیراعظم ڈیل پر تفصیلی گفتگو کریں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تھریسامے سیاسی دباؤ کا شکار ہیں، ملاقات کے دوران وہ برطانیہ اور پورپی یونین کے مابین ڈیل کو بچانے کی کوشش پر تبادلہ خیال کریں گی۔

    برطانیہ کو انتیس مارچ کو یورپی یونین سے نکل جانا ہے اور ابھی تک طے شدہ بریگزٹ معاہدے کی برطانوی پارلیمان نے منظوری نہیں دی۔

    برطانیہ کی پارلیمنٹ میں وزیراعظم تھریسامے کے یورپی یونین سے انخلاء کے لیے کیے گئے بریگزٹ منصوبے پر گذشتہ ہفتے دوبارہ ووٹنگ ہوئی تھی، تاہم اراکین پارلیمنٹ نے ایک کے بعد ایک، پانچ بریگزٹ ترمیمی بل مسترد کردیے تھے۔

    بریگزٹ ڈیل: پانچ ترمیمی بل برطانوی پارلیمنٹ میں مسترد

    قبل ازیں جنوری میں بریگزٹ معاہدے پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوئی تھی جس میں برطانوی حکومت کوشکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔حکومت کی شکست کے بعد اپوزیشن نے وزیراعظم تھریسا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی گئی تھی جوناکام رہی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل برطانیہ کے سابق چانسلر اوسبورن نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے۔

  • ایران سے تجارت کیلئے برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے نیا میکانزم تیار کرلیا

    ایران سے تجارت کیلئے برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے نیا میکانزم تیار کرلیا

    برلن : جرمنی، فرانس اور برطانیہ جدید میکانزم تیار کررہے ہیں جس کے ذریعے یورپی ممالک امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ تجارت کرسکیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک نے سنہ 2015 میں طے ہونے والے جوہری معاہدے سے علیحدگی پر امریکا کی مخالفت کی تھی، جس کے ذریعے ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم کی گئیں تھی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث یورپی بینکوں کو برائے راست ایران کو ادائیگی کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے، امریکا کا کہنا ہے کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو خطرناک نتائج کا سامنا کرے پڑے گا۔

    مقامی خبر رساں ادارے ادائیگی کرنے کا نیا میکانزم پیرس سے کام کرے گا جس کا نظام جرمن بینکر سنبھالیں گے، برطانیہ، فرانس اور جرمنی اس میکانزم کے ذریعے اپنی کمپنیوں کو ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھنے کی سہولت دیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کے دیگر اداروں کا تعلق امریکا سے ہے، جس کے باعث ایران کو ادائیگی کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔

    برطانیہ وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کا کہنا ہے کہ ادائیگی کا نئے میکانزم صرف خوراک، دوائیں اور طبی ساز و سامان کی ادائیگیوں پر لاگو ہوگا جبکہ ایران کی اہم تجارتی صعنت تیل کی ہے لیکن یہ میکانزم اس کی لاگو نہیں ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ میکانزم کا مقصد ایران کے ساتھ تجارتی لین ڈالر کے بجائے یورو وغیرہ میں ہوگا تا کہ امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں سے بچا جا سکے۔

    جرمنی میں قائم امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ جو ادارے اور ممالک ایران کے ساتھ پابندی کے زمرے میں آنے والی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے انہیں خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم یہ توقع نہیں رکھتے کہ مذکورہ میکانزم کا ہماری اس مہم پر کوئی اثر پڑے گا جو ایران کے خلاف انتہائی دباؤ کے واسطے جاری رہے”۔

  • مستقبل سے آنے کا دعویٰ کرنے والے نوجوان کی بریگزٹ کے بارے میں پیشگوئی

    مستقبل سے آنے کا دعویٰ کرنے والے نوجوان کی بریگزٹ کے بارے میں پیشگوئی

    لندن : برطانیہ میں 2030 سے آنے والے نوجوان نے دعویٰ کیا ہے کہ بریگزٹ کا مطالبہ کرنے والے 52 فیصد برطانوی شہریوں کے بری خبر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مستقبل یا ماضی سے حال میں آنے کے مناظر کو عموماً فلموں میں دکھیں ہی ہوں گے لیکن برطانیہ میں ایک نوجوان نے حقیقت میں سنہ 2030 سے آج کے زمانے میں آنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا مستقبل سے آنے والے نوح نامی نوجوان نے دعویٰ کیا ہے کہ بریگزٹ کے باوجود برطانیہ 2030 سے قبل ہی دوبارہ یورپی یونین میں شامل ہوجائے گا۔

    ٹائم ٹریولر نوح کا کہنا ہے کہ ’میں ماضی میں واپس آیا ہوں تاکہ لوگوں کو مستقبل کے حوالے حقیقت بیان کرسکوں۔

    اے پیکس ٹی وی‘ کی جانب سے یو ٹیوب پر اس نوجوان کی ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں وہ بتارہا ہے کہ مستقبل میں یورپی یونین کے تمام ممالک ایک بڑے ملک میں شامل ہوجائیں اور برطانیہ اس ملک کا ایک ضلع ہوگا۔

    نوح کا دعویٰ ہے کہ جرمنی، اسپین، فرانس اور ڈنمارک کی پیروی کرتے ہوئے دیگر ریاستیں بھی اپنی سرحدیں ختم کرکے ایک بڑا ملک بنالیں گی اور بریگزٹ جیسا مطالبہ کرنے والے افراد کو ہرجگہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    مستقبل سے ماضی میں آنے والے نوجوان کا کہنا تھا کہ برطانوی عوام اپنے سر میں ایسی ڈیوائس نصب کروائیں گے جو ان کی دماغی صلاحیت میں چھ گناہ اضافہ کرے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یوٹیوب پر جاری ہونے والی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید اور طنز و مزاح سے بھرپور تبصرے کیے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’2030 سے آنے والے شخص ہمارے جیسے کپڑے کیوں پہنے ہوئے ہیں‘۔

  • برطانیہ نے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنا شروع کردیا

    برطانیہ نے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنا شروع کردیا

    لندن : برطانیہ نے انگلیش چینل کراس کرکے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو واپس روانہ کرنا شروع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت نے جمعرات کے روز برطانیہ میں سیاسی پناہ کے متلاشی مہاجرین کو واپس فرانس روانہ کیا ہے جو گزشتہ برس اکتوبر میں غیر قانونی طور پر فرانس سے برطانیہ پہنچے تھے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت اس خطرناک کراسنگ کے خلاف ایک مضبوط رکاوٹ بنانا چاہتی ہے، جو برطانیہ اور فرانس کے درمیان مشترکا طور پر منظور ہونے والے نئے منصوبے کا حصّہ ہے، جس کےلیے برطانیہ سیکیورٹی کی مد میں 30 لاکھ پاؤنڈ اضافی خرچ کرے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح 5 مہاجرین کو واپس فرانس بھیجا گیا تاہم دفتر خارجہ کو ملک بدر کیے گئے افراد سے متعلق کوئی علم نہیں تھا کہ وہ کہاں سے آئے تھے۔

    فرانسیسی سے ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے برطانیہ وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا تھا کہ ’آج ہماری مشترکا کارروائی نے پہلے سے مضبوط تعلقات کو مزید بہتر کیا ہے اور دونوں ممالک اس خطرناک کراسنگ کوبند کرنے کےلیے سرحدوں کو مزید محفوظ بنائے گے۔

    اس سے قبل برطانیہ نے چینیل سرحد کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کےلیے 44 کروڑ 45 لاکھ پاؤنڈ اضافی خرچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کل 539 افراد نے چھوٹی کشتیوں میں سوار ہوکر انگلش چینل کو کراس کیا تھا، دفتر داخلہ کے مطابق 434 تارکین وطن نے گزشتہ تین ماہ میں انگلش سرحد پار کرنے کی کوشش کی تھی۔

  • امریکا اور برطانیہ میں برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا

    امریکا اور برطانیہ میں برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا

    لندن/واشنگٹن: امریکا اور برطانیہ میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ بھی ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، مختلف یوپین ممالک میں برفباری سے سیاح خوشی سے جھوم اٹھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپ، امریکا، کینیڈا سمیت چین بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، کینیڈا میں کڑاکے کی سردی تو ہے ہی لیکن درجہ حرارت منفی سترہ تک گرا تو ایک سو چھہتر فٹ بلند نیاگرا آبشار جم گئی۔

    برطانیہ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، لندن اور مانچیسٹر میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، یورپ میں بھی سردی کا راج ہے۔

    فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں برفباری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بیلجئیم نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی۔ جبکہ امریکا کی متعدد ریاستوں میں برفباری زوروں پر ہونے کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی بیس تک گر گیا۔

    یورپ اور امریکا میں شدید برفباری، ٹریفک کا نظام درہم برہم، پروازیں منسوخ

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی امریکا اور پورپی ممالک میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا جبکہ پروازیں بھی منسوخ کردی گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری سے موسم سرد ہوگیا تھا، جبکہ برفباری سے ہونے والے حادثات میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • بریگزٹ کو ملتوی کرنا ہی سب سے بہتر آپشن ہے: سابق چانسلر

    بریگزٹ کو ملتوی کرنا ہی سب سے بہتر آپشن ہے: سابق چانسلر

    لندن: برطانیہ کے سابق چانسلر جارج اوسبورن کا کہنا ہے کہ یورپین یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے جارج اوس بورن کا کہنا تھا کہ اس وقت برطانیہ کو ’نوبریگزٹ‘ اور ’نو ڈیل‘ میں سے ایک کو چننا ہے، اورنوڈیل کو چننا ایسا ہی ہے جیسے آپ رشین رولٹ کھیل رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے ۔ یاد رہے کہ رشین رولٹ ایک ایسا کھیل ہے جو کبھی بھی نہیں کھیلنا چاہیے، اس مین ریوالور کے چھ میں سے پانچ خانے خالی رکھے جاتے ہیں اور ایک میں گولی ہوتی ہے۔ ریوالور بند کرکے گھمایا جاتا ہے اور بندوق چلانے والے کے پاس زیادہ سے زیادہ پانچ اور کم سے کم ایک موقع بھی ہوتا ہے ،لیکن بھیانک موت بالاخر مقدر ہوتی ہے۔

    بریگزٹ: کیا برطانوی عوام اپنے فیصلے پرقائم رہیں گے؟

    جارج اوس بورن کا مزید کہنا تھا کہ نو ڈیل کی صورت میں بندوق برطانیہ کی کنپٹی پر ہوگی لہذا ایسی کسی صورتحال سے دور رہنا ہی بہتر ہے۔

    ممبران پارلیمنٹ اس وقت برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کی بریگزٹ ڈیل کے مدمقابل منصوبوں پر کام کررہے ہیں جن میں سے ایک بریگزٹ کو ملتوی کرنا بھی ہے ، جو کہ رواں سال 29 مارچ کو طے ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا ہے نو بریگزٹ کے نقصانات کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ کی گئی مجوزہ بریگزٹ ڈیل کو منظور کرلیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بغیر ڈیل کے یورپین یونین سے انخلا ناممکن ہے۔

     یاد رہے کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کو بریگزٹ معاہدے کی منظوری کےلیے 15 جنوری کو ہونے والی ووٹنگ میں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    خیال رہے کہ نومبر 2018 میں وزیر اعظم تھریسامے اور یورپی یونین کے سربراہوں کے درمیان بریگزٹ معاہدے پر اتفاق ہوا تھا لیکن ایم پیز نے 230 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے معاہدے کو مسترد کردیا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر برطانوی پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے نکلنے کےلیے بریگزٹ معاہدے کو منظور نہیں کیا تو 29 مارچ کو برطانیہ، یورپی یونین سے بغیر کسی ڈیل کے ہی نکلنے پر مجبور ہوگا۔