Tag: UK

  • برطانیہ میں اوباش نوجوانوں کا معذور خاتون پر مبینہ تشدد

    برطانیہ میں اوباش نوجوانوں کا معذور خاتون پر مبینہ تشدد

    لندن : برطانیہ میں تصاویر بنانے کے لیے معذور خاتون پر آٹا ڈالنے اور انڈوں سے مبینہ تشدد کرنے والے اوباش نوجوانوں کو عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی پولیس نے گذشتہ روز معذور خاتون پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے جرم میں 4 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے، جنہوں نے متاثرہ خاتون پر آٹا ڈال کر انڈے مارے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اوباش نوجوانوں کی جانب سے پارک میں بیھٹی بزرگ خاتون پر مبینہ تشدد کرنے کی تصاویر بناکر سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر شائع کردی گئی تھی، جس میں 4 نوجوانوں کو خاتون کے پیچھے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون پر حملہ کرنے والے 2 نوجوانوں کی عمر 17 برس جبکہ دیگر دو نوجوانوں کی عمر 15 برس ہے، جنہیں مبینہ حملہ کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی مذکورہ حملہ آور ضمانت پر رہا ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں نے چالیس سالہ خاتون کو جمعے کی شام ساڑھے 5 بجے زبانی تشدد کرنے کے بعد آٹا ڈال کر انڈوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے تنیجے میں خاتون کو شدید ذہنی صدمہ پہنچا ہے تاہم کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اوباش نوجوانوں کا بزرگ شہری کے ساتھ ناروا سلوک کرنے اور واقعے کی تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر شیئر کرنے کے بعد لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • برطانیہ: کتا گاڑی میں چھوڑنے پر خاتون پر تنقید

    برطانیہ: کتا گاڑی میں چھوڑنے پر خاتون پر تنقید

    لندن : برطانیہ میں سخت گرمی کے دوران کتے کو گاڑی میں چھوڑنے پر خاتون کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں گرمی کی لہر پیھل رہی ہے اور گذشتہ روز سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا تھا، اس دوران ایک برطانوی خاتون نے شاپنگ کی غرض سے مال جاتے ہوئے اپنے پالتو کتے کو گاڑی میں چھوڑ گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاتون بیس منٹ تک شاپنگ مال میں رہی اور اس کا کتا 20 منٹ تک سخت گرمی میں گاڑی میں بند رہا، تاہم کار کی کھڑکی تھوڑی سے کھلی ہوئی تھی جس سے راہ گیر بوتل کے ذریعے کتے کو پانی پلاتے رہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بے زبان جانور کو سال کے گرم ترین دن گاڑی میں بیس منٹ تک بند کرنے کے باعث کتے کی مالکن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ ’کتے کو گاڑی میں کیوں چھوڑا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک راہ گیر نے پورے واقعے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی نوجوان خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    برطانیہ کے میٹ آفس کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے تمام حصوں میں سال کا گرم ترین دن گذشتہ روز تھا۔

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • تھریسامے بریگزٹ منصوبے پرحمایت حاصل کرنے آسٹریا پہنچ گئیں

    تھریسامے بریگزٹ منصوبے پرحمایت حاصل کرنے آسٹریا پہنچ گئیں

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے بریگزٹ ڈیل سے متعلق معاملات طے کرنے کےلیے آسٹریا پہنچ گئیں جہاں آسٹرین چانسلر اور  وزیر اعظم چیک ریپبلک سے ملاقات بھی کریں گییں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مے اپنی سرکاری چھٹیوں پر جانے سے قبل آج یورپی یونین کے رکن ملک آسٹریا کے شہر سالسبرگ میں آسٹرین چانسلر سے ملاقات کریں گی جس میں بریگزٹ ڈیل سے متعلق گفتگو کی جائے گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے آسٹرین چانسلر کی مہمان کے طور پر سالسبرگ میں منعقد ہونے والے میوزیکل فیسٹول میں شرکت بھی کریں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے آسٹریا میں چانسلر کرز اور چیک ری پبلک کے وزیر اعظم اینڈریج بابس سے بھی بریگزٹ ڈیل کے حوالے سے بات چیت کریں گی،

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے کا خیال ہے کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے بنائے گئے منصوبے پر آسٹریا اور چیک ریپبلک کی حمایت حاصل کرلیں گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے چیف جین کلاؤڈ جنکر نے تھریسا مے کے بریگزٹ منصوبے کو مسترد کردیا ہے۔

    برطانوی حکام اور یورپی یونین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ رواں برس اکتوبر تک بریگزٹ سے متعلق حتمی معاہدہ طے کرلیا جائے، کیوں کہ مارچ 2019 میں برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بریگزٹ ڈیل کے حوالے یورپی یونین اور برطانوی حکام کی تیاری مذاکرات کے اختتام جاری رہے گی چاہیے معاہدہ نہ بھی ہوسکے۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل برطانیہ کی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے مذاکرات خود کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیر برائے بریگزٹ کو بریگزٹ کے حوالے سے ملک کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بریگزٹ مذاکرات خود کرنے کا اعلان ایسے وقت میں کیا تھا، جب وفاقی کابینہ میں بیشتر وزراء استعفے دے رہے ہیں اور بریگزٹ ڈیل میں مسلسل تاخیر کے باعث عوام میں بھی بے چینی پائی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • برطانیہ میں بچے خفیہ کارروائیوں کے لیے بطور ایجنٹ استعمال ہونے لگے

    برطانیہ میں بچے خفیہ کارروائیوں کے لیے بطور ایجنٹ استعمال ہونے لگے

    لندن: برطانیہ میں پولیس کی جانب سے خفیہ کارروائیوں کے لیے بچوں کو بطور ایجنٹ استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس چائلڈ مافیا اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف خفیہ کارروائیوں کے لیے بچوں کو بطور ایجنٹ استعمال کرتی رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس بعض خفیہ کارروائیوں کے لیے 16 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو استعمال کرتی رہی ہے، جبکہ بچوں سے ایک ماہ سے چار ماہ تک خفیہ کارروائیوں کے لیے معاونت لی گئی۔

    رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا برطانوی پولیس اور انٹیلی جنس ادارے جاسوسی کے لیے کتنی بار اور کہاں کہاں دہشت گردوں کے خلاف بچوں کو استعمال کرتے رہے ہیں۔

    دوسری جانب برطانوی وزارت داخلہ کی جانب سے بچوں کو خفیہ کارروائیوں میں استعمال کرنے کے اقدامات کا دفاع کیا گیا ہے، ایک بیان کے مطابق اس عمل سے برطانوی پولیس کو خاطر خواہ فوائد ملے ہیں۔


    برمنگھم میں وین کی ٹکر سے 19 ماہ کا بچہ ہلاک


    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ بچوں کے ذریعے مختلف مافیاؤں سے متعلق ’بے مثل‘ معلومات جمع کی گئی ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ بچوں کو اس قسم کی کارروائیوں میں استعمال کیا گیا ہے لیکن ایسے واقعات زیادہ نہیں ہیں، جبکہ اس سے ہمیں کافی کامیابی ملی ہے۔

    خیال رہے کہ بعض طبقوں کی جانب سے اس اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور برطانوی پولیس پر تنقید بھی کی گئ ہے، ان کے مطابق اس اقدام سے بچوں کے ذہن پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے نکل آئے

    ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے نکل آئے

    اسکاٹ لینڈ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے ایڈن برگ کے ریزوٹ کمپلیکس کے باہر جمع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر اپنے دورۂ برطانیہ کے دوران ٹرن بیری ریزوٹ پہنچ گئے جہاں انھوں نے گالف کھیلی، اس دوران ہزاروں مظاہرین ایڈن برگ کی گلیوں میں جمع ہوگئے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج تیسرے دن میں داخل ہوگیا ہے، امریکی صدر نے اپنی اہلیہ میلانیہ اور خاندان کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کا نجی دورہ کیا، وہ پیر کے روز فِن لینڈ کے مرکزی شہر ہیلسنکی میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔

    ہزاروں افراد نے ریزوٹ کمپلیکس کے باہر جمع ہو کر امریکی صدر کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سیکورٹی کے انتہائی کڑے پہرے میں اسکاٹ لینڈ کا دورہ کر رہے ہیں۔

    قبل ازیں پولیس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ کس طرح ایک پیرا گلائیڈر نے ٹرن بیری پر اڑان بھرتے ہوئے ٹرمپ کے خلاف بینر ہوا میں لہرایا۔

    ٹرمپ کے گالف کورس میں کھیلنے کے دوران پولیس کے اسنائپرز نے پوزیشنیں سنبھال لی تھیں، جب کہ بڑی تعداد میں دیگر افسران نے بھی آس پاس علاقے اور گراؤنڈ پر کڑی نظر رکھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شب جیسے ہی ٹرمپ ریزوٹ میں داخل ہوئے، مظاہرہ کرنے والے ایک پیرا گلائیڈر نے ”نو فلائی زون“ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اڑان بھری اور ایڈن برگ کے اس ہوٹل تک پہنچا جو ٹرمپ کی ملکیت ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا دورہ برطانیہ، عوام کا شدید احتجاج


    جمعے کو امریکی صدر کے خلاف لندن میں ہونے والے احتجاج کے بارے میں آرگنائزرز کا دعویٰ تھا کہ مظاہرین کی تعداد ڈھائی لاکھ تھی، تاہم برطانوی حکومت کے انٹرنیشنل ٹریڈ سیکریٹری نے کہا کہ لندن کے شہریوں نے اچھی مہمان نوازی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ کے مابین بریگزٹ ڈیل پر اختلافات پائے جاتے ہیں، گزشتہ روز ”دی سن“ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ تھیریسا مے کا بریگزٹ پلان معاہدے کو ختم کر دے گا، تاہم چند ہی گھنٹے بعد انھوں نے برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ بالکل ممکن ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بریگزٹ کے بعد برطانیہ کی نئی پالیسی پر مشتمل دستاویز جاری

    بریگزٹ کے بعد برطانیہ کی نئی پالیسی پر مشتمل دستاویز جاری

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کی جانب سے بریگزٹ کے بعد یورپی یونین سے تعلقات کے حوالے سے تحریری دستاویز جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات کے بارے میں اپنی حکومتی ترجیحات پر مشتمل ایک تحریری دستاویز شائع کی ہے جس میں مکمل تفصیلات موجود ہیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق اس دستاویز کو برطانیہ کی خارجہ اور تجارتی پالیسی میں گذشتہ کئی عشروں کے دوران آنے والی سب سے بڑی تبدیلی بھی قرار دیا جا رہا ہے۔


    جیریمی ہنٹ برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ منتخب


    مذکورہ پالیسی دستاویز اٹھانوے صفحات پر مشتمل ہے اور اسی بارے میں وزیر اعظم سے اختلافات کی وجہ سے گزشتہ دنوں دو برطانوی وزراء مستعفی بھی ہو گئے تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سابق وزیر خارجہ بورس جانسن بریگزٹ کے معاملے پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد سے ہی برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کی حکومت بحران کی زد میں ہے۔


    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کی حکومت گرنے کا خطرہ بڑھ گیا


    واضح رہے کہ بورس جانسن کے مستعفی ہونے پر جیریمی ہنٹ کا بطور وزیر خارجہ تقرر کیا گیا ہے، بورس جانسن بریگزٹ معاملے پر اختلافات کے باعث وزارت سے مستعفی ہوئے تھے وہ یورپی اتحاد سے برطانیہ کے اخراج کی تحریک کے پُرزور حامی تھے۔

    قبل ازیں بریگزٹ امور کے نگراں وزیر ڈیوڈ ڈیوس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، ڈیوس نے اپنے استعفے کا اعلان لندن میں ملکی کابینہ کے اس فیصلے کے دو روز بعد کیا کہ برطانیہ یورپی یونین سے اپنے اخراج کے بعد بھی اس بلاک کے ساتھ اپنے قریبی اقتصادی روابط قائم رکھے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جیریمی ہنٹ برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ منتخب

    جیریمی ہنٹ برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ منتخب

    لندن: بورس جانسن کے اپنے منصب سے مستعفی ہونے کے بعد جیریمی ہنٹ برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جیریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ بنایا گیا ہے، وزیر اعظم تھریسامے کی جانب سے جیریمی ہنٹ کی تعیناتی کی منظوری بھی دے دی گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق بورس جانسن کے مستعفی ہونے پر جیریمی ہنٹ کا بطور وزیر خارجہ تقرر کیا گیا ہے، بورس جانسن بریگزٹ معاملے پر اختلافات کے باعث وزارت سے مستعفی ہوئے تھے وہ یورپی اتحاد سے برطانیہ کے اخراج کی تحریک کے پُرزور حامی تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیر خارجہ بورس جانسن اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد سے برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کی حکومت بحران کی زد میں ہے۔


    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کی حکومت گرنے کا خطرہ بڑھ گیا


    قبل ازیں بریگزٹ امور کے نگراں وزیر ڈیوڈ ڈیوس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، ڈیوس نے اپنے استعفے کا اعلان لندن میں ملکی کابینہ کے اس فیصلے کے دو روز بعد کیا کہ برطانیہ یورپی یونین سے اپنے اخراج کے بعد بھی اس بلاک کے ساتھ اپنے قریبی اقتصادی روابط قائم رکھے گا۔

    ڈیوڈ ڈیوس کو بریگزٹ کے حوالے سے ایک سخت گیر سوچ کا حامل سیاست دان تصور کیا جاتا ہے اور وہ اس بارے میں وزیر اعظم تھریسامے کے موقف کی مخالف کرتے ہوئے ماضی قریب میں کئی بار اپنی ذمے داریوں سے مستعی ہوجانے کی دھمکی دے چکے تھے۔

    واضح رہے کہ تھریسا مے اور ان کی کابینہ چاہتی ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین بریگزٹ کے بعد بھی آزاد تجارتی معاہدوں پر عمل پیرا رہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • برطانیہ: آٹھ نومولود بچوں کے قتل کے شبہے میں نرس گرفتار

    برطانیہ: آٹھ نومولود بچوں کے قتل کے شبہے میں نرس گرفتار

    لندن: برطانیہ کی کاؤنٹی چیشائر کے اسپتال میں ایک نرس کو اس شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے کہ اس نے آٹھ نومولود بچوں کی جان لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ اٹھائیس سالہ نرس لوسی لٹبائے نے آٹھ بچوں کے قتل کے علاوہ چھ مزید بچوں کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سترہ بچوں کی اموات اور پندرہ بچوں کی غیر مہلک بے ہوشی کے حوالے سے 2017 سے تفتیش کر رہے تھے، یہ واقعات مارچ 2015 اور جولائی 2016 میں پیش آئے تھے۔

    چیشائر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والی نرس کاؤنٹس آف چیسٹر اسپتال میں کام کر رہی تھی، اور نومولود بچوں کی دیکھ بھال پر مامور تھی، اسے گزشتہ روز اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق تفتیش کار دو ہزار پندرہ اور دو ہزار سولہ میں بچوں کی ہونے والی اموات کی تحقیقات کر رہے تھے، وہ اس بات پر شبہے میں مبتلا تھے کہ اسی اسپتال میں بچوں کی اتنی اموات کیوں واقع ہو رہی ہیں۔

    تفتیش کاروں کی تحقیقات نے انھیں لوسی لٹبائے کے گھر تک پہنچایا، لوسی کی گرفتاری کی خبر نے اسپتال میں اس کے ساتھیوں کو حیران کر دیا کیوں کہ وہ بچوں کو سنبھالنے کی چیمپئن سمجھی جاتی تھی۔

    معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ نرس نے اسپتال کا بے بی یونٹ تعمیر کرنے کے لیے فنڈ جمع کرنے والی مہم میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

    لندن میں چاقو زنی واردات میں‌ ملوث کم عمر ملزمان گرفتار


    دو ہزار پندرہ اور سولہ کے درمیان ایک سال کے عرصے میں بڑی تعداد میں بچوں کی اموات نے اسپتال کے ٹرسٹ کو بھی پریشان کر دیا تھا، ڈاکٹروں نے اندرونی انکوائری بھی کی کہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کے دل اور پھپھڑے کیوں فیل ہو جاتے ہیں۔

    ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرنے والے بچوں کے بازوؤں اور ٹانگوں پر موت کے بعد عجیب نشان ظاہر ہوئے تھے، ماہرین اس وجہ معلوم نہ کرسکے تو پولیس کو اطلاع دی گئی، جس پر گزشتہ سال کیس کی تحقیقات شروع کی گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وِنٹر ہل میں گھاس میں لگی آگ قابو سے باہر ہوگئی، برطانیہ بھر سے فائر فائٹرز طلب

    وِنٹر ہل میں گھاس میں لگی آگ قابو سے باہر ہوگئی، برطانیہ بھر سے فائر فائٹرز طلب

    لنکا شائر: برطانوی کاؤنٹی لنکا شائر کے علاقے ونٹر ہل میں گھاس کے وسیع قطعے میں لگی آگ قابو سے باہر ہوگئی ہے، برطانیہ بھر سے فائر فائٹرز طلب کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ونٹر ہل، مور لینڈ میں لگی آگ جمعرات سے لگی ہوئی ہے، لنکا شائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ منگل تک اس غضب ناک اور مسلسل پھیلنے والی آگ پر قابو پانے کی امید ہے۔

    لنکا شائر کے حکام نے بولٹن سے ایک بائیس سالہ نوجوان کو بھی گرفتار کر لیا ہے جس کے بارے میں شک ہے کہ اس نے قصداً یہ آگ لگائی ہے۔

    فائر سروس کا کہنا ہے کہ تیزی سے پھیلتی آگ کو قابو کرنے کے لیے برطانیہ بھر سے سو فائر فائٹرز آکر آگ بجھا رہے ہیں، آگ پر ہیلی کاپٹر سے بھی پانی پھینکا جا رہا ہے۔

    پولیس نے راہ گیروں اور موٹر سواروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ وِنٹر ہل کے آس پاس علاقے سے دور رہیں، قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو بھی گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی آج 57ویں سالگرہ منائی جارہی ہے


    یہ آگ تین اسکوائر میل کے علاقے میں پھیلی ہوئی ہے، اور تیزی سے پھیلتی چلی جا رہی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے، آگ نے ایک وسیع رقبے پر دھوئیں اور راکھ کی چادر تان دی ہے۔

    مقامی فائر سروس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقے کے اوپر اپنے ڈرون نہ اڑائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یوٹیوب نے برطانیہ سمیت کئی ممالک میں سبسکرپشن سروس کا آغازکردیا

    یوٹیوب نے برطانیہ سمیت کئی ممالک میں سبسکرپشن سروس کا آغازکردیا

    یوٹیوب نےبرطانیہ سمیت دنیا کے ۱۱ ممالک میں سبسکرپشن پر مبنی میوز ک اور ویڈیو سروس کا آغا زکردیا ہے، قیمت نیٹ فلکس سے بھی زیادہ رکھی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی آن لائن ویڈیو ویب سائٹ کی اس پریمئم سروس میں اشتہارات نہیں ہوں گے اور اسٹریمنگ کے بجائے انہیں ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میوزک سروس کی قیمت مارکیٹ میں پہلے سے موجود اسپاٹ فائی، ایپل میوزک اور ٹائیڈل کی بنیادی سروس کے برابر ہوگی اور اس کے ساتھ ہی یو ٹیوب کا وسیع ویڈیو مواد محض تھوڑی سی اضافی قیمت کے ساتھ دستیاب ہوگا۔

    اس پیکج میں 65 سیریز شامل ہوں گی جبکہ متعدد نامور یوٹیوب کانٹنٹ کری ایٹر بھی اس پیکج کا حصہ ہوں گے، ساتھ ہی ساتھ اس میں ہر ہفتے نئے اضافے بھی کیے جائیں گے۔

    بتایا جارہا ہے کہ اس قیمت 11.99 پاؤنڈ فردِ واحد کے لیے اور پورے گھرانے کے لیے پلان کی قیمت 17.99 پاؤنڈ ہوگی جو کہ نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم ویڈیو سے بھی زیادہ ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ کمپنی کس طرح سے صارفین کو مارکیٹ سے زیادہ قیمتوں پر اپنی جانب متوجہ کرپائے گی ، یوٹیوب کے لیے سب سے بڑا چیلنج وہ صارفین ثابت ہوں گے جوکہ پہلے ہی اس نوعیت کی کسی سروس سے مطمئن ہیں اور اپنی سبسکرپشن تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔

    جن 11 ممالک میں فی الحال یہ سروس مہیا کی جارہی ہے ان میں کینیڈا ، آئر لینڈ ، فرانس، روس اور جرمنی شامل ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ اس سروس کا دائرہ کار مزید ممالک تک بڑھایا جائے گا اور کمپنی کا ارادہ ہے کہ اسے گوگل پلے میوزک ایپ سے تبدیل کردیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں